Tag: National T20 Cup

  • نیشنل ٹی 20 کا فاتح کون ہوگا؟ حتمی فیصلہ آج ہوگا

    نیشنل ٹی 20 کا فاتح کون ہوگا؟ حتمی فیصلہ آج ہوگا

    لاہور: نیشنل ٹی 20 کپ کون سی ٹیم لے کر جائے گی اس بات کا فیصلہ آج ہوجائے گا، دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب نے فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2021 کا فائنل دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان آج شام ساڑھے سات بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    گزشتہ روز سینٹرل پنجاب نے سندھ کو شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ خیبر پختونخوا نے ناردرن کو 5 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

    واضح رہے کہ قومی ٹی 20 کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں نے 10،دس میچز کھیلے تھے،  جن میں سے 6، 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4،4 میچز میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

    سندھ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 141 رنز بنائے تھے۔سندھ کی جانب سے خرم منطور 34 اور شرجیل خان 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

    سینٹرل پنجاب کی جانب سے قاسم اکرام نے تین جبکہ وہاب ریاض اور ظفر گوہر نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

  • نیشنل ٹی 20، وہاب ریاض کا لا ٹھی چارج، بلوچستان آؤٹ

    نیشنل ٹی 20، وہاب ریاض کا لا ٹھی چارج، بلوچستان آؤٹ

    لاہور: آل راؤنڈر وہاب ریاض نے بازی پلٹ دی، سینٹرل پنجاب کے ہاتھوں شکست کے بعد بلوچستان کا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سفر اختتام پزیر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے جاری ہے،آج ہونے والے اہم ترین میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان سے یقینی فتح چھین لی۔

    میچ کے ہیرو سینٹرل پنجاب کے آل راؤنڈر وہاب ریاض رہے، جنہوں نے میچ کا نقشہ پلٹا اور 9 گیندوں پر برق رفتار 28 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلائی، سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کی جانب سے دیا گیا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سدرن پنجاب نے کے پی کو 11 رنز سے شکست دے دی

    اس سے قبل بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے تھے، عبداللہ شفیق نے60،عمادبٹ نے43رنزاسکورکیے تھے، سینٹرل پنجاب کے ثمین گل نے3،محمدفیضان نے2کھلاڑیوں کوپویلین روانہ کیا۔

    بلوچستان کی شکست کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، سدرن پنجاب اور بلوچستان سیمی فائنل کی دوڑ سےباہر ہوگئے ہیں۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1447264099625209856?s=20

  • فخر اور رضوان کا لاٹھی چارج، خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی

    فخر اور رضوان کا لاٹھی چارج، خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی

    راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں خیبرپختونخوا نے سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، محمد رضوان کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 142 رنز اسکور کیے، خیبرپختونخوا کی ٹیم ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان اور محمد رضوان نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 113 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت کی بنیاد رکھی، فخر زمان نے 57 اور کپتان محمد رضوان نے67 رنز کی اننگز کھیلی۔

    محمد حفیظ 12 اور شعیب ملک 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سندھ کی جانب سے دانش عزیز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل سندھ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 142 رنز بنائے تھے، سندھ کی ابتدائی 5 وکٹیں 47 رنز پر گرنے کے بعد دانش عزیز اور خرم منظور کے درمیان پارٹنر شپ قائم ہوئی، خرم منظور 74 اور دانش عزیز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    سندھ کے صرف دو کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، کپتان سرفراز احمد 4، اعظم خان صفر، شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

    اسد شفیق بھی ایک رن بنا کر عمران خان سینئر کا نشانہ بنے، سہیل خان 9 اور انور علی 3 رنز بناسکے۔

    خیبرپختونخوا کی جانب سے عمران خان سینئر اور عثمان شنواری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
    واضح رہے کہ راولپنڈی میں کل شام ساڑھے سات بجے سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں فائنل میں ٹکرائیں گی، سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔

  • نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں فکسنگ کی پیشکش کرنیوالا سٹے باز گرفتار

    نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں فکسنگ کی پیشکش کرنیوالا سٹے باز گرفتار

    راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں میچ فکسنگ کی پیشکش کرنے والے مبینہ سٹے باز کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کھلاڑی کو فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی کو گرفتار کرلیا گیا، اسے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ بکی کے فون کا فرانزک کیا جارہا ہے اور اس کا موقف ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اس کا دوست ہے اور اس نے مذاق میں اپنے دوست سے فکسنگ کی بات کی تھی۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے کھلاڑی نے بکی کے رابطے کا فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو بتایا تھا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

    پی سی بی کی جانب سے فکسنگ کی رپورٹ کرنے والے کھلاڑی کا نام راز میں رکھا ہے۔

    پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران بکی سے رابطے کی اطلاع دینے والے کھلاڑی کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا تاہم اس کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور مزید تفتیش کے لیے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ بکی نے جس کرکٹر سے میچ فکسنگ کے لیے رابطہ کیا وہ ایک ڈومیسٹک کرکٹر ہے اور اس نے پاکستان کے لیے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔

  • محمد اخلاق نے رضوان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، خیبرپختونخوا کو شکست

    محمد اخلاق نے رضوان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، خیبرپختونخوا کو شکست

    راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سنٹرل پنجاب نے اپنے آخری لیگ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو 3 رنز سے ہرادیا۔ محمد اخلاق کو شاندار اننگز کھیلنے پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں سینٹرل پنجاب نے اپنے آخری لیگ میچ میں کامیابی حاصل کرلی، 175 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز ہی بناسکی۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے میچ کے آخری اوور میں احسان عادل کومسلسل 3 باؤنڈریز لگاکر میچ کو دلچسپ بنادیا مگر وہ بدقسمتی سے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔

    خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے میچ کی آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے تاہم محمد رضوان صرف 2 رنز ہی بناسکے، وکٹ کیپر بیٹسمین 68 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 99 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔

    اس میچ میں فتح نے سنٹرل پنجاب کی ایونٹ کے فائنل فور میں پہنچنے کی امید ایک بار پھر جگادی ہے تاہم فاتح ٹیم کو اب بھی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اگر مگر کی صورتحال کا سامنا ہے۔

    دوسری طرف خیبرپختونخوا کی ٹیم میچ میں شکست کے باوجود 10 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ خیبرپختونخوا کا کوئی بھی بیٹسمین بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا، افتخار احمد 21 اور مصدق احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 اور احسان عادل نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا تو سنٹرل پنجاب کے اوپنر کامران اکمل کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین عبداللہ شفیق نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ 80 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

    بابراعظم 39 رنز بناکرکیچ آؤٹ ہوئے تو سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سنٹرل پنجاب کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنانے والے نوجوان بلے باز محمد اخلاق نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

    محمد اخلاق نے 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نےتیسری وکٹ کے لیے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر 70 رنز جوڑے۔

    عبداللہ شفیق 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 358 رنز بناکر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فرہست میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    سنٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، خیبرپختونخوا کے عثمان شنواری اور عمران خان سینئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر نوجوان بیٹسمین محمد اخلاق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

  • خوشدل شاہ آصف علی کے لیے خطرہ بن گئے

    خوشدل شاہ آصف علی کے لیے خطرہ بن گئے

    راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ میں شاندار سنچری اسکور کرکے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے والے خوشدل شاہ ہارڈ ہٹر آصف علی کے لیے خطرہ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کئی بیٹسمین سامنے آئے ہیں جن میں خوشدل شاہ، حیدر علی، ذیشان ملک، عبداللہ شفیق نمایاں ہیں، ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سابق کرکٹرز سمیت مداحوں کی جانب سے بھی بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

    ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ قریب ہے اور قومی ٹیم کو شاہد آفریدی عبدالرزاق کے بعد سے کوئی پاور ہٹر نہیں مل سکا ہے، آصف علی پاور ہٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل دکھائی نہیں دیتا، دوسری جانب ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی نمایاں ہے، اب نیشنل ٹی 20 کپ میں سنچری لگا کر اپنی دھاک بٹھانے والے خوشدل شاہ کو ان کے متبادل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آصف علی کے ساتھ خوشدل شاہ بھی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کررہے ہیں، آصف علی بہترین اسٹروکس کھیلنے کی صلاحیت کے ماہر ہیں، نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں ان کی اوسط بھی بہتر ہے۔

    رواں ماہ سے شروع ہونے والی زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے دونوں کھلاڑیوں کو آزمائے جانے کا قومی امکان ہے، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے کارکردگی دیکھ کر ورلڈ کپ کے لیے پاور ہٹر کو منتخب کیا جائے گا۔

  • ناردرن کی سیمی فائنل میں رسائی، سندھ نے بلوچستان کو شکست دے دی

    ناردرن کی سیمی فائنل میں رسائی، سندھ نے بلوچستان کو شکست دے دی

    راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے کوارٹر فائنل میں ناردرن نے باآسانی سدرن پنجاب کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، سندھ نے بلوچستان کو ہرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 145 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی۔

    ناردرن کی جانب حارث رؤف نے اوپنر شان مسعود اور حسین طلعت کو بالترتیب 4 اور 12 رنز پر پویلین روانہ کیا، ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد سدرن پنجاب کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔

    خوشدل شاہ نے شاداب خان کو دو بلند و بالا چھکے لگا کر ٹیم کو جتوانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ 26 رنز بنا
    کر رن آؤٹ ہوگئے۔

    ذیشان اشرف نے وکٹ پر پیر جمانے کے بعد لمبی ہٹ لگانا شروع کی لیکن وہ 25 رنز پر باؤنڈری پر کھڑے محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے۔

    جب 23 گیندوں پر 52 رنز درکار تھے تو آل راؤنڈر عامر یامین کی دھواں اننگز کی شروعات کی لیکن وہ 19 گیندوں پر 33 رنز بنا کر اسٹمپڈ ہوگئے۔

    اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ناردرن کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز تک محدود رکھا۔

    سدرن پنجاب کی جانب سے اوپنرز ذیشان ملک 6 اور عمر امین نے 4 رنز بنائے، سہیل اختر نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، ہارڈ ہٹر آصف علی 18 گیندں پر 28 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    دوسرے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کرلی، سرفراز احمد اور امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • نیشنل ٹی 20 کپ، کھلاڑیوں کے باہر جانے پر پابندی

    نیشنل ٹی 20 کپ، کھلاڑیوں کے باہر جانے پر پابندی

    راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے مرحلہ راولپنڈی میں جاری ہے، کورونا کے باعث کھلاڑیوں کے میدان سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث نیشنل ٹی 20 میں موجود کھلاڑیوں کے باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی، کرکٹرز کورونا کی صورتحال میں باہر نہیں جاسکیں گے۔

    کھلاڑیوں نے کورونا کے خصوصی ماحول میں بال کٹوائے، باربر کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کے حسین طلعت کا ہیئر کٹ سب سے اچھا ہے۔

    مزید پڑھیں: نوجوان کرکٹر خوشدل شاہ کا بڑا کارنامہ

    واضح رہے کہ ملتان اور راولپنڈی میں نیشنل ٹی 20 کپ کے میچز جاری ہیں، سیکنڈ الیون میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔

    کورونا کی صورت حال میں نیشنل ٹی 20 کپ کی کامیابی کے بعد زمبابوین ٹیم بھی اکتوبر کے آخر میں پاکستان پہنچے گی۔

    قومی ٹیم کی زمبابوے سے سیریز کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم کے بھی آئندہ سال جنوری میں دورہ پاکستان کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

  • ناردرن کی مسلسل پانچویں کامیابی، بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست

    ناردرن کی مسلسل پانچویں کامیابی، بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست

    ملتان: نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے 14ویں میچ میں روحیل نذیر کی جارحانہ اننگز کی بدولت ناردرن نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، ناردرن نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، روحیل نذیر کو 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ناردرن کے آصف علی 41 اور حماد اعظم 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اوپنر عمر امین 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، علی عمران 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    بلوچستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، کپتان حارث سہیل نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

    امام الحق 2 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے، اویس ضیا 14 رنز بنا کر سہیل تنویر کا نشانہ بنے، بسم اللہ خان 12 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    اکبر رحمان نے 38 رنز کی اننگز کھیلی، عماد بٹ 18 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، ناردرن کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد عامر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

  • نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ : خیبر پختونخوا اور سندھ کی شاندار کامیابی

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ : خیبر پختونخوا اور سندھ کی شاندار کامیابی

    ملتان : نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بلوچستان کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ دوسرے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں خیبر پختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر شاندار فتح حاصل کرلی۔

    میچ کی خاص بات شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ تھی، شاہین آفریدی کی بولنگ کے سامنے بلوچستان کے بلے بازوں کی کوئی مہارت کام نہ آئی سب بے بس دکھائی دیئے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے 20 رنز کے عوض شاندار پانچ وکٹیں اپنے نام کیں، بلوچستان کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر بمشکل 152 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

    جواب میں خیبرپختونخوا نے 153رنز کا ہدف باآسانی تین اوورز  پہلے ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان نے ستاون اور افتخار نے انتیس رنز بنائے۔

    محمد حفیظ 45 اور فخر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یہ ایونٹ میں کے پی کی پہلی کامیابی ہے۔ دوسرے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کوشکست دے دی۔

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا

    شرجیل خان اور خرم منظور کی شانداربیٹنگ کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی۔ ایک سو پچپن رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔

    پہلی وکٹ کیلئے ایک سو چونتیس رنزکی شراکت بنائی، شرجیل خان نے ستتر اور خرم نے پچاس رنز کی اننگز کھیلی, سندھ نے ہدف انیسویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایونٹ میں آج بھی دو میچز کا فیصلہ ہوگا۔