Tag: National T20 Cup

  • بلوچستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کو شکست دے دی

    بلوچستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کو شکست دے دی

    ملتان: بلوچستان نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کو  2 رنز سے شکست دے دی، بسم اللہ خان کو 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، 181 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بناسکی، سندھ کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے، عمید آصف نے آخری اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 8 رنز دئیے۔

    سندھ کے اوپنر شرجیل خان صرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسد شفیق نے 25 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی، اعظم خان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد 21 رنز بنا کر عماد بٹ کا نشانہ بنے۔

    بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ نے 39 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عاکف جاوید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم نے بسم اللہ خان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 180 رنز بنائے، بسم اللہ خان 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان حارث سہیل 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


    اوپنر امام الحق اور اویس ضیا بالترتیب 10 اور 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عمران فرحت 9 اور عماد بٹ 5 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر سعود شکیل کو کیچ دے بیٹھے۔

    سندھ کی جانب سے محمد حسنین نے دو وکٹیں حاصل کیں، انور علی اور سہیل خان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کورونا پروٹوکولز جاری کردئیے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پروٹوکولز کے مطابق فرسٹ، سیکنڈ الیون کے کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ 18 اور 21 ستمبر کو ہوگی۔

    پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں کی تفریح کے لیے ایک کمرہ مختص ہوگا جہاں تمام سہولت ہوگی، بائیو سیکیور ببل توڑنے والے فرد کو 5 روز (میں 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف، میچ ریفریز، امپائرز، ڈیوٹی ڈاکٹرز، سیکورٹی منیجرز اور بس ڈرائیورز بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے، گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگرعہدیداران کو بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی 20 اور قائد اعظم ٹرافی کے لیے میڈیا پروٹوکولز کا بھی اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کھلاڑی کا پہلا کورونا ٹیسٹ منفی آئے گا وہ ٹیم کو جوائن کرسکے گا۔

    یاد رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ 30 ستمبر سے ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور عماد وسیم کاؤنٹی کھیلنے کے سبب پہلے راؤنڈ میں دستیاب نہیں ہوں گے، دونوں کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں دستیاب ہوں گے۔

  • ناردرن نے نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلوچستان کو شکست

    ناردرن نے نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلوچستان کو شکست

    فیصل آباد: ناردرن کی ٹیم نے بلوچستان کو شکست دے کر نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 کپ کے فائنل میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    ناردرن کے عمر امین کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور بلوچستان کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    عمر امین نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد نواز 31 اور شاداب خان 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

    بلوچستان کے عماد بٹ اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بلوچستان کی ٹیم 168 رنز کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بلوچستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، عمران فرحت 32 اور اویس ضیا 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    سہیل تنویر نے تین شکار کیے، شاداب خان اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ کے سیمی فائنلز میں ناردرن نے کے پی اور بلوچستان نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

     

  • نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن ایریاز اور بلوچستان نے فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی

    نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن ایریاز اور بلوچستان نے فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی

    فیصل آباد: نیشنل ٹی 20 کپ کے سیمی فائنلز میں ناردرن ایریاز نے کے پی اور بلوچستان نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نادرن نے کے پی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

    فیصل آباد میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن ایریاز نے کے پی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا، افتخار احمد نے شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب تک پہنچایا لیکن کامیابی نہ دلاسکے۔

    ناردرن ایریاز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آخری اوور میں 8 رنزکا کامیاب دفاع کیا اور تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فائنل میں انٹری دلادی۔

    دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی، سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 173 رنز بنائے اور بلوچستان کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا۔

    محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بالترتیب 65 اور 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عمر صدیق 6، شان مسعود 10 اور عامر یامین 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    علی شفیق نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عاکف جاوید، یاسر شاہ اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    بلوچستان کی ٹیم نے 174 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا، عماد بٹ 14 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    ناردرن ایریاز اور بلوچستان کی ٹیمیں 24 اکتوبر کو نیشنل ٹی 20 کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

  • نیشنل ٹی 20 کپ، سدرن پنجاب نے سندھ کو 34 رنز سے ہرادیا

    نیشنل ٹی 20 کپ، سدرن پنجاب نے سندھ کو 34 رنز سے ہرادیا

    فیصل آباد: نیشنل ٹی 20 کپ میں سدرن پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو 34 رنز سے شکست دے دی، محمد حفیظ کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سدرن پنجاب نے مقررہ اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

    وہاب ریاض نے 41 رنز اور شعیب ملک نے 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ٹیم کے چار کھلاڑی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

    سندھ کے فاسٹ بولر سہیل خان نے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انور علی نے تین اور کاشف بھٹی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    سندھ کی ٹیم 149 رنز کے بظاہر آسان ہدف کو حاصل کرنے کے لیے سندھ کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور صرف 4 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

    کپتان اسد شفیق اور سرفراز احمد نے اسکور میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم دونوں کھلاڑی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے 37 گیندوں پر 45 رنز اور کپتان اسد شفیق نے 25 رنز بنائے۔

    سندھ کی پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سدرن پنجاب کے محمد حفیظ اور زاہد محمود نے 4،4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ایونٹ میں کل (منگل) کے روز بھی دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں 12 میچ کھیلے گئے اور ایک میچ منسوخ ہوا، پوائنٹس ٹیبل پر ناردرن اور بلوچستان کی ٹیمیں 6،6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

    ناردرن اور بلوچستان نے 4،4 میچ کھیلے اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سدرن پنجاب 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، سندھ 4 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    سینٹرل پنجاب 3، خیبرپختونخوا صرف 2 پوائنٹس کے ساتھ سب سے پیچھے ہیں، سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کا میچ بارش کے باعث منسوخ کرنا پڑا تھا۔

  • نیشنل ٹی 20کپ : بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی

    نیشنل ٹی 20کپ : بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی

    فیصل آباد : اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 میچ میں بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو27رنز سے ہرا دیا، بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اویس ضیا مین آف دی میچ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20کپ کے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے سینٹرل پنجاب کو27رنز سے شکست دے دی، 165رنز کے ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم137رنز بناسکی۔

    بسم اللہ خان نے7چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے51رنز بنائے، سینٹرل پنجاب کے فہیم اشرف نے3کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

    سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل، عمراکمل، رضوان پر مشتمل مڈل آرڈر پھر ناکام ہوگیا، بلوچستان کےعماد بٹ نے3، یاسرشاہ اور عمرگل کی2،2وکٹیں حاصل کیں۔

    اویس ضیاء4چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے56رنزبنا کرمین آف دی میچ قرار پائے۔

    مزید پڑھیں: نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والے میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو ہرایا، نیشنل ٹی 20 کے گروپ میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی، فاسٹ بولر انور علی نے تین اور محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔