Tag: Nationwide

  • بجلی سستی ہونے والی ہے! پاکستانیوں‌ کیلیے بڑی خوشخبری

    بجلی سستی ہونے والی ہے! پاکستانیوں‌ کیلیے بڑی خوشخبری

    عوام کیلیے خوشخبری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کو 52 ارب 12 کروڑ روپے کے ریلیف کے لیے درخواست نیپرا میں دائر کر دی گئی، درخواست رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے۔

    تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی تقریباً 2 روپے فی یونٹ سستی کرنے کیلئے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے، نیپرا کا کہنا ہے کہ اکتوبر تا دسمبر 2024  کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہوگا۔

    نیپرا کے مطابق ڈسکوز کی درخواست پر سماعت 12 فروری کو ہو گی، کیپیسٹی چارجز کی مد میں 50 ارب 66 کروڑ روپے کی کمی مانگی گئی ہے۔

    ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن نقصانات میں 2 ارب 66 کروڑ روپے کی کمی کی درخواست کی گئی ہے، نیپرا کا کہنا ہے کہ آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں 2 ارب 69 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔

  • کل سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کل سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: ملک میں رواں برس کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کل سے شروع کی جائے گی، مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 کروڑ 4 لاکھ 28 ہزار 957 بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سنہ 2023 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم 2 مراحل میں چلائی جائے گی۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 16 تا 20 جنوری منعقد ہوگا جبکہ دوسرا فیز 23 تا 29 جنوری منعقد ہوگا۔

    پہلے فیز میں انسداد پولیو مہم کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ ملک بھر میں منعقد ہوگی، انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 کروڑ 4 لاکھ 28 ہزار 957 بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جس میں سے 3 کروڑ 81 لاکھ 37 ہزار 654 بچوں کی ویکسی نیشن پہلے مرحلے میں ہوگی۔

    مہم کا دوسرا فیز کراچی اور حیدر آباد کے 16 اضلاع میں ہوگا۔

    3 روزہ پولیو مہم کے بعد 2 روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے جس میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ مہم میں 6 تا 59 ماہ کے بچوں کی وٹامن اے کی ویکسی نیشن بھی ہوگی، وٹامن اے کی ویکسی نیشن کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت بہتر بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز شریک ہوں گے۔