Tag: Naujot Singh Sidhu

  • نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت

    نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت

    اسلام آباد : بھارتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی، وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فیصل جاوید نے نوجوت سدھو سے رابطہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرتار پور میں دنیا کے بڑے گردوارے کے فقیدالمثال افتتاح کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، اس موقع پر حکومت پاکستان نے سرحدپار سےنوجوت سدھو کوتقریب میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فیصل جاوید نے نوجوت سدھو سے رابطہ کیا اور انہیں نو نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی، نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ اس تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پرعمران خان کا شکر گزار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کےسکھ بابا گرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں، کرتارپور راہداری کی تعمیر اورافتتاح نے سکھوں کو مثبت پیغام دیا ہے۔

    نوجوت سدھو کا مزید کہنا تھا کہ نو نومبرکی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا، حلف برداری پر محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا، کرتار پور راہداری امن و محبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سدھو کرتار پور منصوبے کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں۔

    کرتار پور امن و محبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے، وزیر اعظم 9 نومبر کو کرتار پور کے افتتاح سے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔

  • سدھو بھارتی اسمبلی میں پاکستان کی حمایت میں ڈٹ گئے

    سدھو بھارتی اسمبلی میں پاکستان کی حمایت میں ڈٹ گئے

    چندی گڑھ : بھارتی پنجاب کی ودھان سبھا (صوبائی اسمبلی ) میں معروف بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان مخالف سیاست دانوں کے خلاف ڈٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت ریاست پنجاب کی ودھان سبھا میں نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھیوں نے ان سے پاکستان مخالف نعرے لگانے کا مطالبہ کیا، تاہم سدھو نے ان کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی کے مطالبے کے جواب میں سدھو کا کہنا تھا کہ ان کی لڑائی امن دشمنوں سے ہے بے گناہوں سے نہیں ہے۔

    اجلاس کے دوران تلخ کلامی انتہا پر پہنچ گئی اور پاکستان کی مخالفت کرنے والے ممبران اسمبلی نے انتہائی نازیبا زبان بھی استعمال کی لیکن نوجوت سنگھ ڈٹے رہے اور پاکستان کے خلاف منفی بیان نہیں دیا۔

    اس واقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سدھو کا کہنا تھا کہ ان کی لڑائی ان عناصر سے ہے جومسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹ ہیں۔ان کا مزید کہناتھا کہ لڑائی امن کےدشمنوں سے ہونی چاہیے،بے گناہوں سے نہیں۔

    امن کی حمایت سدھو کو مہنگی پڑی گئی

    یاد رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو ایک معروف بھارتی ٹی وی شو کا بھی حصہ تھے لیکن پلوامہ حملے کے بعد شو کی انتظامیہ نے انہیں پاکستان کے لیے نرم گوشہ رکھنے پر برطرف کردیا تھا۔

    پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنی توپوں کا رخ پاکستان کی جانب کیا لیکن سابق کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دشنام طرازی کی مذمت کی تھی۔

    نوجوت سنگھ سدھو، کرکٹ کے زمانے سے پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں ۔ وہ وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کرنے کے لیے بھارت سے پاکستان تشریف لائے تھے جبکہ کرتار پور بارڈر کے افتتاح کے موقع پر بھی وہ پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں خصوصی طور پر شریک تھے۔