Tag: Naushahro Feroze

  • نوشہرو فیروز : خاتون مبینہ اجتماعی زیادتی کے بعد قتل

    نوشہرو فیروز : خاتون مبینہ اجتماعی زیادتی کے بعد قتل

    سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں خاتون کی لاش ملنے کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے، خاتون کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوشہرو فیروز میں محبت ڈیرو کے قریب ایک خاتون کو قتل کردیا گیا، لاش پوسٹ مارٹم کے لئے کنڈیارو اسپتال منتقل کردی گئی۔

    مقتولہ کے ورثاء کا کہنا ہے کہ 2 ہفتے قبل قریبی رشتہ داروں نے خاتون سے اجتماعی زیادتی کی تھی، اس سلسلے میں مقامی وڈیرے کے پاس جرگہ منعقد ہونا تھا۔

    ورثا کے مطابق متاثرہ خاتون کو جرگہ ہونے تک مقامی وڈیرے کے پاس بطور امانت رکھا گیا تھا، اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان نے وڈیرے کے گھر کے قریب سے خاتون کو اغوا کیا۔

    ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان خاتون کو اغوا کرکے اپنے گھر لےگئے اور قتل کردیا، ملزمان قتل کے بعد اس کی لاش گھر کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے، ابتدائی تفتیش مکمل کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ڈی ایس پی کنڈیارو مقتولہ کے رشتہ داروں کے بیانات قلمبند کررہے ہیں۔

  • نوشہرو فیروز : قوم پرست کارکنان کا قومی شاہراہ پر دھرنا ختم

    نوشہرو فیروز : قوم پرست کارکنان کا قومی شاہراہ پر دھرنا ختم

    نوشہرو فیروز : قوم پرست کارکنان نے مورو قومی شاہراہ پر 2 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ جس کے بعد ٹریفک کی آمدورفت بحال کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متوفی زاہد لغاری کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے نوابشاہ اسپتال منتقل کردی گئی، ورثاء کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی، ہمارا مقدمہ درج نہیں کیا۔

    ورثاء نے کہا کہ وکلاء کی مشاورت کے بعد خود ہی دھرنا ختم کررہے ہیں، زاہد لغاری کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔

    ورثا نے بتایا کہ لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد رات یا صبح تدفین کریں گے، ورثا نے کہا کہ عدالتوں پر یقین ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا اور قتل کا مقدمہ پولیس و دیگر ملزمان کیخلاف درج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 1شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

    واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزیرداخلہ سندھ ضیاء لنجار کے گھر پر دھاوا بول دیا تھا، توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں گھر کو آگ لگا دی تھی۔

  • باپ نے بھائی کے ساتھ ملکر بیٹی کو قتل کردیا

    باپ نے بھائی کے ساتھ ملکر بیٹی کو قتل کردیا

    نوشہروفیروز میں باپ نے بھائی کے ساتھ ملکر بیٹی کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہروفیروز کے نواحی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ نے بھائی کے ساتھ ملکر بیٹی کو قتل کردیا۔

    مقتولہ کی والدہ نے بتایا کہ بیٹی چند روز قبل شوہر کے ساتھ گھومنےگئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا شوہر کراچی میں سیکیورٹی گارڈ ہے، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔

     اس سے قبل کراچی کے علاقے ملیر رفاہ عام میں باپ نے فائرنگ کرکے بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی تاہم مرنے والے نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    پولیس کا بتانا تھا کہ فائرنگ لڑکی کے باپ اظہر نے کی، ملزم نے دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا، واردات کے بعد ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-girl-kidnapping-drama/

  • ٹرالر اور وین میں تصادم، 6 افراد جاں بحق

    ٹرالر اور وین میں تصادم، 6 افراد جاں بحق

    سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں ٹرالر اور وین میں خوفناک تصادم کے باعث 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہروفیروز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ٹریفک حادثے نے 6 افراد کی جان لے لی جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ قومی شاہراہ پر چار میل کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو مورو اور نوابشاہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، وین سوار حیدر آباد سے شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔

    دوسری جانب، پنجاب کے ضلع جھنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ہائی روف اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ ہائی روف کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، تمام زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    پولیس کے مطابق ہائی روف فیصل آباد سے فتح پور جارہی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل لونی کوٹ کے مقام پر رات درمیانی شب ٹرالر اور مسافر وین میں تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 مسافرجاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مزید کہا تھا کہ تمام زخمیوں کو جامشورو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بعد ازاں، پولیس نے بتایا  تھا کہ مقام ٹریفک حادثے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔

  • زندہ دفن ہونے والی معصوم بچی کی ماں گجر خاتون پہلی بار میڈیا کے سامنے آ گئی

    زندہ دفن ہونے والی معصوم بچی کی ماں گجر خاتون پہلی بار میڈیا کے سامنے آ گئی

    نوشہرو فیروز: زندہ دفن ہونے والی 15 دن کی معصوم بچی کی ماں گجر خاتون پہلی بار میڈیا کے سامنے آ گئی.

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول نوزائیدہ بچی کی ماں گجر خاتون نے بتایا ’’میں پولیس کے خوف سے فصلوں میں چھپ کر بیٹھی ہوں، شوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا، بھوک سے مرنے سے بہتر ہے ہمیں قانونی حق دیا جائے۔‘‘

    گجر خاتون نے کہا کہ بچی کےعلاج کے لیے پیسے نہیں تھے، بچوں کے تن پرکپڑے نہیں تو علاج کے لیے پیسے کہاں سے لاتے، گاؤں والوں نے مدد کی نہ ہی گاؤں کے چیئرمین علی گل راجپر نے بات سنی۔

    انھوں نے کہا بڑی بیٹی بھی پندرہ سال تک بیماری سے لڑتے ہوئے فوت ہو گئی، میرے 2 بچے اور بھی ہیں، شوہر کو پولیس لے گئی ہے، اب انھیں کون کھلائے گا؟ کیا باقی دو بچوں کو بھی مار دیں؟

    نومولود بچی زندہ دفن کرنے والے شخص کے خاندان پر پولیس نے زمین تنگ کر دی

    دوسری طرف ملزم کے بھائی نے الزام لگایا کہ چیئرمین علی گل راجپر ایم پی اے کا خاص آدمی ہے، اس نے گاؤں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا، چیئرمین گھر بیٹھے پیسے ہڑپ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا یونین کونسل میں کوئی سہولت نہیں، چیئرمین کا بنگلہ بن گیا لیکن اسکول کی مرمت نہ ہو سکی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ ٹھاروشاہ پولیس نے ملزم طیب کے بھائی کو گرفتار کرنے کے بعد پندرہ ہزار لے کر آزاد کیا۔

  • نومولود بچی زندہ دفن کرنے والے شخص کے خاندان پر پولیس نے زمین تنگ کر دی

    نومولود بچی زندہ دفن کرنے والے شخص کے خاندان پر پولیس نے زمین تنگ کر دی

    نوشہرو فیروز: نومولود بچی زندہ دفن کرنے والے شخص کے خاندان پر پولیس نے زمین تنگ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق طیب راجپر نے اپنی 15 دن کی بیٹی زندہ دفن تو کر دی، لیکن اب پولیس نے پورے خاندان پر زمین تنگ کر دی ہے۔

    تحصیل کنڈیارو کے گاؤں میں علاج کے پیسے نہ ہونے پر سگے باپ نے 15 دن کی معصوم بچی کو زندہ دفن کیا تھا، خاندان کے دیگر افراد نے طیب راجپر کے بھائی لونگ راجپر کی قیادت میں ٹھاروشاہ پولیس اور چیئرمین یونین کونسل کندھر کے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس کو چاہیے کہ پورے گاؤں کے مردوں کو گرفتار کر لے، کیوں کہ بھوک ہوگی تو بچوں کو یونہی مارتے رہیں گے اور پھر خود بھی خود کشیاں کر لیں گے۔

    انھوں نے کہا 150 روپے کمانے والا ڈاکٹروں کی بھاری فیسیں کہاں سے ادا کرے، غربت اور بیماری سے تنگ طیب نے اپنی بچی زندہ دفن تو کر دی اب پولیس نے سب کا جینا حرام کر دیا ہے۔

    بتایا گیا کہ ٹھاروشاہ پولیس نے طیب کے بھائی کو گرفتار کرنے کے بعد ان پر بے تحاشا تشدد کیا اور بعد ازاں 15 ہزار روپے رشوت لے کر آزاد کیا، اب اس کا علاج کروایا جا رہا ہے۔

    لونگ راجپر نے کہا غربت کے سبب ہمارے اور دیگر گاؤں والوں کے بچے برہنہ گھوم رہے ہیں، کوئی ہمارا پرسانِ حال نہیں، یونین کونسل کندھر چیئرمین گھر بیٹھے پیسے ہڑپ رہے ہیں، یونین کونسل میں کوئی سہولت نہیں۔ انھوں نے مزید کہا چیئرمین علی گل راجپر ایم پی اے کا خاص آدمی ہے، گاؤں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرواتا، گاؤں کا اسکول تباہ ہے بچے پڑھیں گے نہیں تو شعور کیسے آئے گا، چیئرمین کا اپنا بنگلہ تو بن گیا مگر اسکول کی مرمت نہ ہو سکی۔

  • طاقت کا غلط استعمال، مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا

    طاقت کا غلط استعمال، مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا

    نوشہرو فیروز: محکمہ پولیس میں طاقت کے غلط استعمال کے بڑھتے واقعات سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، نوشہرو فیروز میں مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز کے ایک علاقے میں مفت کی چائے پینے کے عادی پولیس اہلکاروں نے پارسل کیے جانے والی چائے کے پیسے طلب کیے جانے پر ہوٹل مالک کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا۔

    یہ واقعہ ٹنڈیارو کے علاقے محبت ڈیرو میں پیش آیا، جہاں چائے مفت میں نہ دینا ہوٹل مالک کے لیے ایک جرم بن گیا، ہوٹل مالک نے بتایا کہ پولیس اہلکار روز ہوٹل آ کر مفت کی چائے پیتے تھے، تاہم آج سپاہی ظہور گوپانگ کی جانب سے پارسل کا مطالبہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے 5 چائے پارسل کروائی، جب ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا گیا تو وہ سیخ پا ہو گئے اور ہمیں گرفتار کر کے تھانے لے گئے۔

    ہوٹل مالک کے مطابق انھوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے واقعے اور پولیس اہلکاروں کے رویے کی شکایت کی تھی، تاہم ان کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    ہوٹل مالک آفتاب گوپانگ نے اپنے ورثا کے ہمراہ پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جب انھیں گرفتار کیا گیا تو پولیس نے رشوت لے کر رہا کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری طرف محبت ڈیرو کے ایس ایچ او محبوب چھاچھر نے رابطے پر بتایا کہ چائے کا کوئی ایشو نہیں ہے بلکہ یہ ان کا آپس کا تنازعہ ہے، تاہم ایس ایس پی نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

  • نوازشریف واحد لیڈر ہیں جوترقی کی بات کرتے ہیں، وزیراعظم خاقان عباسی

    نوازشریف واحد لیڈر ہیں جوترقی کی بات کرتے ہیں، وزیراعظم خاقان عباسی

    نوشہرو فیروز : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نااہل نوازشریف کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور کہا نوازشریف واحد لیڈر ہیں جوترقی کی بات کرتے ہیں، ہم نےصرف باتیں نہیں کیں ،کام کرکےدکھائے، سی پیک کے منصوبوں سےملک ترقی کرے گا،روزگار کے مواقع ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز کے علاقے نیو جتوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف واحد رہنما ہیں جوترقی کی بات کرتےہیں، ہم نےصرف باتیں نہیں کیں ،کام کرکے دکھائے، پاکستان جمہوریت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، 28 جولائی کےعدالتی فیصلے کو تسلیم کیا، نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو اکٹھا کرنے کی بات کی۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت میں انتقامی سیاست کا خاتمہ کیا گیا تھا، 2006 میں بینظیر اور نوازشریف نے میثاق جمہوریت پردستخط کیے، ہمیں اسی میثاق جمہوریت کو لے کر آگے چلنا ہے، انصاف تب ہی ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی۔

    شاہد خاقان عباسی نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کرپشن کی نظر ہونا افسوسناک ہے، وسائل عوام کی فلاح پرخرچ نہ ہوں تو حکومت ناکام ہوجاتی ہے، حکومت سنبھالی تو ملکی ترقی کی شرح 3فیصدتھی،آج 6فیصد ہے، سی پیک کے منصوبوں سےملک ترقی کرے گا،روزگار کے مواقع ملیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں سڑکوں کاجال بچھایا گیا، حکومت نے سندھ میں 15سال سے زیرالتوا منصوبے مکمل کیے، حکومت نے28ارب کی لاگت سے کچھی کینال منصوبہ مکمل کیا گیا، گزشتہ 4سال میں 10ہزارمیگاواٹ کااضافہ کیا گیا، ملک ترقی کرےگا تو ملازمتیں پیدا ہوں گی،روزگاملےگا، ترقیاتی منصوبے ن لیگ کے دورحکومت میں شروع کیےگئے۔

    خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی مفاد اور ملکی مفاد رکھنے والی سیاسی جماعت میں فرق ہوتا ہے، سندھ ملک میں سب سے زیادہ گیس فراہم کرنے والا صوبہ ہے، موجودہ حکومت نےصوبوں کے دیرینہ مسائل حل کیےہیں، 2013 میں دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، پورے ملک میں امن نوازشریف اور مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب نے ملک کردہشت گردی کوشکست دینی ہے، پاک فوج اب بھی دہشت گردی کےخلاف جنگ کررہی ہے، جھل مگسی میں دہشت گردی کاالمناک واقعہ ہوا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ بجلی کی ترسیل میں کوئی کمی نہیں ہوگی،بجلی کامسئلہ حل کردیا گیا ہے، تیل کی فروخت کی قیمت زیادہ تھی،سندھ کو30ارب روپے دیے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔