Tag: naveed qamar

  • ڈالر کے بحران پر قابو پانے کے لئے حکومت کا اہم فیصلہ

    ڈالر کے بحران پر قابو پانے کے لئے حکومت کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد : علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے بارٹر تجارت کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کا کہنا ہے کہ اس قدام سے اربوں ڈالر کی تجارت ممکن ہوسکتی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرتجارت نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بارٹر ٹریڈ فریم ورک منظور کرلیا ہے۔ جس کی مدد سے ڈالر بحران پر قابو پانے اور معیشت کو سہارا اور تجارتی خسارے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ سے ملک کی مجموعی ایکسپورٹ کو فروغ ملے گا۔ ایران اور افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک اور افریقہ کے ساتھ بار ٹرٹریڈ بڑھائی جائے گی۔ اس کے علاوہ چین کو بھی بارٹر ٹریڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

    نوید قمر نے کہا کہ امپورٹ میں ہونے والی رکاوٹ کو بارٹر ٹریڈ سے پورا کیا جاسکتا ہے، بارٹر ٹریڈ کے ذریعے اربوں ڈالر کی تجارت ممکن ہوسکتی ہے، یورپی یونین ، امریکا، برطانیہ اورمڈل ایسٹ بارٹر ٹریڈ میں شامل نہیں ہوں گے، بارٹرٹریڈ ان کے لئے رکھا ہے جہاں پر بینکنگ سسٹم میں مشکلات درپیش ہیں، جہاں نارمل ٹرید سرپلس میں ہے وہاں پر یہ بارٹرٹریڈ نہیں کریں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ افریقہ اور سینٹرل ایشیاء میں تجارت کی بہت صلاحیت ہے، ڈالر کے بحران کا حل بارٹر ٹریڈ کے ذریعے پیش کررہے ہیں، بینکنگ چینل نہ ہونا نئے فریم ورک کا سبب ہے، افغانستان اور ایران سے اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت ہوسکے گی۔

  • ’’سندھ کے کسان اس سال گندم کاشت نہیں کرسکیں گے‘‘

    ’’سندھ کے کسان اس سال گندم کاشت نہیں کرسکیں گے‘‘

    کراچی : وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے کہا ہے کہ سندھ نے گندم کی امدادی قیمت کی سمری واپس کردی ہے، کسان خوشحال ہوگا تو یہ ملک خوشحال ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ شیریں رحمان بھی موجود تھیں۔

    نوید قمر نے کہا کہ آج صبح وفاقی حکومت کی جانب سے ایک سمری جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ گندم کی امدادی قیمت 3ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کہا ماننا ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو یہ ملک بھی خوشحال ہوگا، سال2008میں پیپلزپارٹی نے گندم کی امدادی قیمت950روپے مقرر کی تھی، ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے گندم امپورٹ کرتے آرہے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ گندم کی امدادی قیمت کی سمری واپس کردی گئی ہے، پیپلزپارٹی کے احتجاج کے باعث سمری واپس لی گئی، اب کابینہ گندم کی امدادی قیمت پھر سے طے کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت وہ مقرر کرنی چاہیے جس سے کسانوں کو فائدہ ہو، سندھ نے گندم کی امدادی قیمت4ہزار روپے کی فی من مقرر کی ہے۔ اس وقت سندھ میں کسان بڑے حصے پر سیلابی پانی نہ نکلنے پر گندم کاشت نہیں کر سکیں گے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہمارےاحتجاج پر یقین دلایا گیا کہ وفاق بھی مناسب قیمت طے کرے گا، عمران خان جب سے اقتدار سے باہر ہوئے ہیں ان کی تلاش کرسی کی ہے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود خونی مارچ کی دھمکی دی، ہر اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈالتی ہے لیکن دباؤ میں الیکشن نہیں ہوتے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے80فیصد کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، سیلاب کے بعد کسانوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے854ارب روپے کی ضرورت ہے، متاثرین سندھ اور بلوچستان میں سب سے زیادہ ہیں۔

    شیری رحمان نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں21فیصد حصہ متاثر ہوا ہے، شارٹ کٹ مارچ صرف ملازمت کے لیے ہورہا ہے، کے پی میں بھی بہت سیلاب متاثرین موجود ہیں، وفاقی حکومت ان کی بحالی کے لیے معاونت کررہی ہے۔

  • ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو اپنے درمیان دیکھا تو ان پر برس پڑے اور سخت باز پرس کی، متاثرین کا کہنا تھا کہ جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، انتظامیہ نے اب تک کیا کیا؟

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان پہنچے تو سیلاب متاثرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، متاثرین نے نوید قمر سے سخت سوالات کیے اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ آپ ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، نکاسی آب کی مشینیں اپنے ساتھ لائے ہیں؟ متاثرین نے سخت غصے میں ان سے سوال کیا کہ مویا شہر زیر آب ہے، انتظامیہ نے کیا کیا؟

    نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بجر خان تالپور کا دورہ کیا جہاں بارش کا جمع شدہ پانی دریا بن گیا، گاؤں کے قبرستان زیر آب آچکے ہیں جس سے میتوں کی تدفین میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    نوید قمر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور ان کے بیٹے قاسم نوید بھی ان کے ساتھ تھے۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ سندھ میں تباہی مچادی ہے اور متعدد شہر و دیہات زیر آب آچکے ہیں، بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

  • صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے خورشید شاہ اور نوید قمر کی ملاقات

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے خورشید شاہ اور نوید قمر کی ملاقات

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور سید نوید قمر نے ملاقات کی جس میں کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور سید نوید قمر نے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران صدر مملکت نے ارکان قومی اسمبلی میں افہام و تفہیم کا ماحول قائم رکھنے سے متعلق بات چیت کی۔ ملاقات میں کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بھی بات چیت کی گئی جبکہ قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

    مزید پڑھیں: صدرِمملکت عارف علوی کی غلاف کعبہ تیار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

  • بجٹ میں مالی خسارہ کم نہیں کیا، نوید قمر، ریونیو کا ذکر نہیں، احسن اقبال

    بجٹ میں مالی خسارہ کم نہیں کیا، نوید قمر، ریونیو کا ذکر نہیں، احسن اقبال

    اسلام آباد : نون لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ منی بجٹ تقریر کی کسی تجویز میں ریونیو کا ذکر نہیں، جبکہ پی پی کے نوید قمر نے کہا کہ بجٹ میں مالی خسارہ کم کرنے کے لئے کوئی اقدمات نہیں کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے منی بجٹ پیش کرنے پر اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بجٹ کو مجموعی طور پر حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج ملکی بجٹ اور پارلیمان کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے، موجودہ حکومت کو اقتصادی صورتحال کا ادراک نہیں، حکومت کی کسی تجویز میں ریونیو کا ذکر تک نہیں۔

    ہمیں اس بات کا ڈر ہے کہ حکومت جلد مزید منی بجٹ کے اقدامات کرے گی، احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ اپنا گھر اسکیم کے لئے صرف 5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

    اپوزیشن قومی اسمبلی میں منی بجٹ پر اپنی رائے کا اظہار کرے گی، موجودہ حکومت نے گروتھ ریٹ کو تبادہ کردیا ہے، ڈالر کی قدر میں1روپے اضافے سے کھربوں روپے قرضہ چڑھ گیا۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات درست نہیں ہیں، آمدنی اور اخراجات کا فرق سے افراط زر پیدا ہوتا ہے اور بجٹ کا مقصد اس فرق کو ختم کرنا ہوتا ہے لیکن بجٹ میں مالی خسارہ کم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدمات نہیں گئے۔

    نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کا اگلا قدم آئی ایم ایف کی طرف جانا ہوگا اگر ادھار پر معیشت چلانی ہے تو ماضی میں سابقہ حکومتوں پر تنقید کیوں ہوتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اب حکومت قلیل مدتی قرضے لے رہی ہے، حکمرانوں کو عوام سے سچ بولنا چاہئے تھا، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ملک میں استحکام رہے اورحکومت قائم رہے لیکن اگر حکومت اپنے بوجھ سے خود ہی گرجائے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔

  • کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم کامعاملہ پارلیمان ہی میں حل ہوجائے: نوید قمر

    کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم کامعاملہ پارلیمان ہی میں حل ہوجائے: نوید قمر

    اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ نگراں وزیراعظم کامعاملہ پارلیمان میں ہی حل ہوجائے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نگراں وزیراعظم کےمعاملے پر بھی مشاورت کی گئی.

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی کافی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، البتہ ڈیڈلاک برقرار ہے، معاملہ پارلیمان میں حل کرنے کی آخری دن تک کوشش کریں گے.

    نویدقمرنے کہا کہ کوشش ہوگی کہ معاملہ جلد حل ہو، نگراں وزیراعظم کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے پاس نہ جائے. ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں  تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا.

    نوید قمر نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں مختلف معاملات پر بات ہوئی، فاٹا بل کی منظوری پر عوام کو مبارکباد دی گئی، نگران وزیراعظم کا معاملہ بھی زیر بحث آیا.

    واضح رہے کہ آج اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا کہ اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے میں ملاقات نہیں ہوگی، ہوسکتا ہے، پارلیمانی کمیٹی کے لیے دو نام اسپیکر کو بجھوا دوں، نوید قمر اور شیری رحمان پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے.


    اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ملاقات نہیں ہو گی: خورشید شاہ


  • جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، ملک آج بھی چل رہا ہے، نوید قمر

    جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، ملک آج بھی چل رہا ہے، نوید قمر

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار نوید قمر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ تاثر دیا گیا کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، لیکن آج ملک بھی چل رہا ہے اور جمہوریت بھی، ملک کے تمام ادارے بہترین اور بھرپور کام کر رہے ہیں، پاکستان کو اور جمہوریت کو کسی قسم کاخطرہ نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے انتخاب کے بعد اپنے تاثرات دیتے ہوئے کیا، نوید قمر نے کہا کہ کل نوازشریف یہاں بیٹھے تھے اور آج شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کی کرسی پر براجمان ہیں، ان کو منتخب ہونے پرمبارکباد دیتا ہوں۔

    نوید قمر نے کہا کہ میں اور شاہد خاقان عباسی ایک ہی یونیورسٹی میں پڑھتےتھے، یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کا میں صدراور شاہدخاقان سیکریٹری تھے،اس وقت بھی ہماری سیاسی سوچ مختلف تھی وہ ضیاءالحق کے حامی تھے اورمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جیالا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اور جمہوریت کو کسی قسم کاخطرہ نہیں ہے، لوگ آتے جاتے رہتےہیں جمہوری نظام چلتےرہنا چاہئیے۔

    مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی نئے وزیر اعظم منتخب

    نوید قمر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے پاس دس ماہ ہیں دیکھتےہیں آپ کتنی تبدیلی لاسکتےہیں، آئین کے تحت کام ہو تو جمہوریت کو کسی قسم کاخطرہ نہیں ہوتا۔

  • وزیراعظم کا انتخاب، پی پی پی کے امیدوار خورشید شاہ نے اپنے کاغذات واپس لے لئے، نوید قمر نامزد

    وزیراعظم کا انتخاب، پی پی پی کے امیدوار خورشید شاہ نے اپنے کاغذات واپس لے لئے، نوید قمر نامزد

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے نوید قمر کے حق میں کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، پیپلز پارٹی نے نوید قمر کو وزارت عظمی ٰکے لئے نامزدکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کا آصف زرداری کیخلاف بیان اور شیخ رشید کی نامزدگی متحدہ اپوزیشن کو پسند نہیں آئی؟خورشید شاہ کے چیمبر میں شاہ محمود قریشی، سراج الحق سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی نشستیں بے نتیجہ رہیں اور اجلاس میں آج بھی متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

    اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور نوید قمر کو وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں 47نشستیں ہیں۔

    دوسری جانب حکومت سے حمایت کےاعلان کے بعد ایم کیو ایم کی کشور زہراوزارت عظمی کی دوڑمیں حصہ نہیں لیں گے، عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی عمل سے لاتعلق رہنے کا اعلان کیا جبکہ پانچ نشستوں والی مسلم لیگ فنکشنل نے کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔


    مزید پڑھیں :  وزارت عظمی کا منصب، سیاسی جماعتوں کے6 امیدوار سامنےآگئے


    یاد رہے گذشتہ روز اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت عظمیٰ کے لیے متفقہ امیدوار لانے پراتفاق نہ ہوسکا تھا، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتارے تھے۔

    پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق نے شیخ رشید کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا تھا، پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ اور نوید قمر کا نام فائنل کیا جبکہ جماعت اسلامی نے صاحبزادہ طارق اللہ کو میدان میں اتارا تھا۔

    واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔