Tag: Nawabshah

  • نوابشاہ: پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج

    نوابشاہ: پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج

    نواب شاہ میں سکرنڈ پولیس کی حراست میں ملزم محمد نواز زرداری کی موت کا مقدمہ ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمہ زیر حراست جاں بحق ملزم کے بھائی اسد نواز زرداری کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ایس ایچ او ، ہیڈ کانسٹیبل اور پولیس اہلکار محسن بلوچ، صابر حسین گوپانگ کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس کی زیر حراست ملزم محمد نواز زرداری کو تشدد کرکے مارا گیا، مقدمہ درج ہونے پر اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمے کے بعد ڈی ایس پی سکرنڈ فرار ہیں جب کہ ایس ایچ او، ہیڈ محرر اور ایک پولیس اہلکار گرفتار ہیں۔

  • شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، باراتیوں کی گاڑی کو ہولناک حادثہ

    شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، باراتیوں کی گاڑی کو ہولناک حادثہ

    نواب شاہ: سندھ کے شہر نواب شاہ میں اس وقت شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں جب باراتیوں کی ایک گاڑی کو ہولناک حادثہ پیش آیا اور 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    مقامی پولیس حکام کے مطابق نواب شاہ میں قاضی احمد قومی شاہراہ پر باراتیوں کی ڈاٹسن پک اپ اور ٹرک میں تصادم ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 12 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، 3 شدید زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں پی ایم یو اسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    جاں بحق افراد کی شناخت صدورو سولنگی، غفورا سولنگی، افسانہ سولنگی، عابد سولنگی اور محمد علی کے ناموں سے ہوئی ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال قاضی احمد منتقل کیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں خاتون بھی شامل ہے۔

    ڈاٹسن پک اپ باراتیوں کو لے کر دولت پور سے سکرنڈ جا رہی تھی جب حادثہ پیش آیا، پولیس نے ٹرالر تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • وہ دن دور نہیں جب۔۔۔۔۔۔۔ آصف زرداری نے بڑا دعویٰ کردیا

    وہ دن دور نہیں جب۔۔۔۔۔۔۔ آصف زرداری نے بڑا دعویٰ کردیا

    نواب شاہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ابھی نصف کامیابی ملی ہے، پچاس فیصد کام باقی رہتا ہے، بلوچستان اور کےپی میں کامیابی حاصل کرکے پھر جشن منائینگے۔

    تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد آصف زرداری نے کارکنان سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکبادی، انہوں نے کہا کہ کارکنوں سےملاقات بہت عرصہ بعد ہوئی ہے، اب ملاقاتیں ہوتی رہیں گی۔

    کارکنوں سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ عید کا دن ہے میں کچھ نہیں بولنا چاہتا مگر پچھلےحکمرانوں نے ہر شعبےکو تباہ کیا،اب ملک میں عوام کا راج ہوگا، ہم سب نے مل کر ملک کو آگے بڑھانا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: عمران خان مقدمات سے ڈرنے اور گھبرانے والا نہیں

    اس موقع پر آصف زرداری نے معنی خیز انداز میں کہا کہ ابھی نصف کامیابی حاصل ہوئی ہے، باقی پچاس فیصد کام رہتاہے، بلوچستان اور کےپی میں کامیابی حاصل کرکے پھر جشن منائینگے، پنجاب اور کے پی میں جلد پی پی کی حکومت ہوگی اور وہ دن دور نہیں کہ جب ملک میں پی پی کی حکومت ہوگی، اب ملک میں عوام کا راج ہوگا،اگلی فتح ہماری ہوگی۔

  • نوابشاہ : مظاہرین اور انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم

    نوابشاہ : مظاہرین اور انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم

    نوابشاہ میں زمین کے تنازعے پرایس ایچ او سمیت چھ افراد کی ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہرے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

    نوابشاہ میں 52 گھنٹوں سے زائد دھر نے پر بیٹھے شرکاء اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد بھنڈ برادری نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے مطالبے مان لئے گئے ہیں جس میں زرداری گروپ کے سولہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنمے کے علاوہ دیگر مطالبات شامل تھے۔

    ذرائع کے مطابق نوابشاہ میں ضلعی انتظامیہ اور دھرنے کے شرکاء میں مذاکرات کامیاب ہوگئے اور قاضی احمد قومی شاہراہ پر تین روز سے جاری بھنڈ برادری کا دھرنا ختم ہوگیا ہے ڈاکٹر قادر مگسی، محبوب سہتو مذاکرات میں شریک ہوئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ زرداری گروپ کے سولہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں اے ٹی سی کی دفعات بھی شامل ہیں، متنازع زمین کے کاغذات بھنڈ برادری کے نام کرادیے گئے۔

    متنازع تین سو نوےایکڑ اراضی پر زرداری برادری دعویٰ نہیں کریگی،  مقدمے میں محسن زرداری اور عابد زرداری سمیت 17 افراد کو نامزد کيا گيا ہے۔

    پوليس کا کہنا ہے کہ سات ملزمان قانون کے شکنجے ميں آچکے ہيں جبکہ ديگر کو بھی جلد گرفتار کرليا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ انتظاميہ نے 390 ایکڑ زرعی زمین کا قبضہ بھی خالی کروا ليا جبکہ ملکيت کے کاغذات بھنڈ برادری کے نام کر ديے گئے۔

    مذاکرات کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ گاؤں ولی محمد ميں ادا کر دی گئی۔ یاد رہے کہ مقتولین کی لاشیں رکھ کر باون گھنٹے سے دھرنا جاری تھا۔

  • نوابشاہ: رن وے لائٹس خراب، کپتانوں کو خطرے سے آگاہ کر دیا گیا

    نوابشاہ: رن وے لائٹس خراب، کپتانوں کو خطرے سے آگاہ کر دیا گیا

    نوابشاہ: صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ کے ایئرپورٹ پر رن وے لائٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کپتانوں کو خطرے سے آگاہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوابشاہ ایئر پورٹ پر طیارے کو لینڈنگ کے دوران رہنمائی کرنے والی رن وے کی لائٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پائلٹس اور ایئر لائنز کو نوابشاہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔

    سی اے اے نے نوٹم جاری کر کے ایئر لائنز اور کپتانوں کو نوابشاہ ایئر پورٹ کے رن وے نمبر 2 کی لائٹس خراب ہونے سے متعلق آگاہ کیا ہے، رن وے پر پاپی لائٹس جہاز کو لینڈ کرنے کے لیے صحیح راستہ دکھانے کے لیے معاونت کرتی ہیں۔

    جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ نوابشاہ ایئر پورٹ پر پائلٹس کو لینڈنگ کے لیے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہوگی، کیوں کہ رن وے نمبر 2 کی پاپی لائٹس خراب ہیں۔

    واضح رہے کہ خراب موسم کی صورت میں کراچی اسلام آباد اور لاہور کے درمیان پروازوں کا رُخ نوابشاہ ایئر پورٹ کی طرف موڑا جاتا ہے۔

  • نواب شاہ واقعہ: اسد عمر کا وزیراعلیٰ سندھ پر بڑا الزام

    نواب شاہ واقعہ: اسد عمر کا وزیراعلیٰ سندھ پر بڑا الزام

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ زرداری اور حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے، وتیرہ نہ بدلا تو انجام تیز ترہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے نوابشاہ کے نواح میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد کے قتل پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نوابشاہ واقعہ سندھ میں حکومتی عملداری کے بکھرنے کی ایک اور مثال ہے، پولیس گردی سے لشکر کشی تک بربریت کی داستانیں زرداری راج کی پہچان بن چکی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں زرداری کے حواری مسلسل ریاست و حکومت کی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں، زرداری اور ان کے حواریوں نے دہائیوں تک کراچی میں آگ اور خون کا بازار گرم کیے رکھا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ زرداری اور حواریوں کی کرپشن اور قتل و غارت گری کو بچارہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: نواب شاہ فائرنگ: لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے دیا

    اسدعمر نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ڈاکوؤں کی خاموش سرپرستی کی بجائے حکومتی مشینری عوام کےتحفظ پر لگائیں، زرداری اور حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے، وتیرہ نہ بدلا تو انجام تیز ترہوسکتاہے۔

    وفاقی وزیر نے نوابشاہ میں بھنڈ قبیلے کیخلاف مسلح لشکر کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے طول و عرض میں غنڈہ گردی کا راج ہے جبکہ سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، نیشنل ایکشن پلان میں متفقہ فیصلہ ہوا تھا کہ مسلح جتھوں کو پنپنےکی اجازت نہیں دی جائیگی، کراچی کے بعد پیپلز امن کمیٹی کو دیہی سندھ میں بچے جننےکی اجازت نہیں دے سکتے۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    نواب شاہ : ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ایک نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کے شوق نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، صوبہ سندھ کے شہرنواب شاہ میں مین ریلوے لائن کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہوئے ایک شخص ٹرین کی زد میں آگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ وی آئی پی کالونی کےقریب پیش آیا ، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے تھے ، لاہور کے علاقے شاہدرہ کا رہائشی نوجوان آصف ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

    راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جان سے گیا۔

    خیال رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔

  • نوب شاہ: گرین لائن ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    نوب شاہ: گرین لائن ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    نواب شاہ: سندھ سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں چند مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق گرین لائن ٹرین کی آخری 2 بوگیاں بھریا روڈ کے مقام پر پٹری سے اتر گئیں، دونوں بوگیاں پٹری سے اتر کر 3 کلو میٹر تک چلتی رہیں۔

    مذکورہ ٹرین اسلام آباد جارہی تھی جسے حادثہ پیش آیا، متاثرہ بوگیوں میں سوار چند افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔

    ریلوے کے عملے نے ٹرین روک کر متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے الگ کیا، متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو دیگر ڈبوں میں شفٹ کر دیا گیا جس کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔

    حادثے کے بعد اپ ٹریک بلاک ہوگیا ہے، حکام نے ریلیف ٹرین کو طلب کر لیا ہے۔

    اپ ٹریک پر ریلوے ٹریفک معطل ہونے کے بعد خیبر میل ایکسپریس کو پڈ عیدن اسٹیشن پر روک دیا گیا جبکہ سکھر ایکسپریس کو بھی کوٹ لالو اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

  • شادی ہال میں خاتون کا دولہے پر چھری سے حملہ، دولہا زخمی

    شادی ہال میں خاتون کا دولہے پر چھری سے حملہ، دولہا زخمی

    نواب شاہ: سندھ کے ضلع شہید بے نظیر آباد کے شہر نواب شاہ میں ایک خاتون نے شادی ہال کے اندر دولہے کو چھری کے حملے میں زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں مریم روڈ پر واقع ایک شادی ہال میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب شادی کی تقریب کے دوران اچانک ایک خاتون نے دولہے پر چھری سے حملہ کر دیا۔

    خاتون کے حملے میں دولہا زخمی ہو گیا، دولہے کا خون دیکھ کر لوگوں کے اوسان خطا ہو گئے اور ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں خاتون ناہید نے دولہا نیاز مہر پر چھری سے حملہ کیا، جس سے دولہا زخمی ہو گیا، زخمی دولہے کو پی ایم سی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دولہے پر چھری سے حملہ کرنے والی خاتون ناہید

    پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آور خاتون کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، لڑکی کے حملے میں دولہے کو پیٹھ پر زخم آئے۔

    خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ نیاز مہر کی شاگرد ہے، اور اس نے ان کے ساتھ شادی کا وعدہ کیا تھا، اور وہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، اور اب وہ چھپ کر شادی کرنے جا رہا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ تو صرف بات کرنے آئی تھی لیکن شادی ہال میں دولہے کے اہل خانہ نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر اس نے اپنے بچاؤ کے لیے چھری اٹھا لی تھی۔

  • پابندی کے باوجود نواب شاہ میں بھرٹ اور سولنگی برادری کا جرگہ

    پابندی کے باوجود نواب شاہ میں بھرٹ اور سولنگی برادری کا جرگہ

    نواب شاہ: جرگوں پر پابندی کے باوجود سندھ کے شہر نواب شاہ میں بھرٹ اور سولنگی برادری کا جرگہ منعقد ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں جرگوں پر پابندی کے باوجود نوابشاہ میں بھرٹ اور سولنگی برادری کا جرگہ منعقد ہوا جس میں بھرٹ برادری کو قصور وار قرار دیاگیا۔

    اے آر وائی نیوز نے جرگے کی فوٹیج بھی حاصل کی، ذرائع کا دعویٰ ہے بھرٹ برداری پر جرگے میں ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جرگے نے فیصلہ کیا کہ بھرٹ برادری سولنگی برادری کو جرمانہ ادا کرے گی، جرگے نے 50 لاکھ جرمانہ سولنگی برداری پر بھی عائد کیا۔

    واضح رہے کہ سولنگی اور بھرٹ برادری کے درمیان تنازع پسند کی شادی پر شروع ہوا تھا، جس کے بعد دونوں برداریوں میں مسلح تصادم بھی ہوا، جس میں 4 افراد قتل ہوئے تھے۔

    جرگے میں رکن سندھ اسمبلی ممتاز چانڈیو اور مظفر جمالی بھی موجود تھے۔