Tag: nawaz sharif health

  • نواز شریف ملک کا اثاثہ ہیں، اللہ انہیں صحت دے، شہباز شریف

    نواز شریف ملک کا اثاثہ ہیں، اللہ انہیں صحت دے، شہباز شریف

    لندن: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف ملک کا اثاثہ ہیں اللہ انہیں جلد صحت یاب کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں دعا کریں اللہ انہیں جلد صحت یاب کرے۔

    شہباز شریف کے مطابق نواز شریف کے آئندہ دنوں میں مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے، ٹیسٹ رپورٹس آنے کے بعد مرض تشخیص ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ڈاکٹرز نواز شریف کی پلیٹس کی کمی کی وجوہات کا پتا چلائیں گے، مرض تشخیص ہوجائے پھر نواز ششریف کا باقاعدہ علاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہے وہ ملک کا اثاثہ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یاب کرے۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کے باہر جانے کا ملکی استحکام سے تعلق نہیں ، احسن اقبال

    واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے نائب صدر احسن اقبال نے کہا تھا کہ نوازشریف کے باہر جانے کا ملکی استحکام سے تعلق نہیں، بدقسمتی سے وزیراعظم کی توجہ معاشی مسائل پرنہیں اور اتحادی بھی عوامی رائے کے دباؤ کا شکار ہیں۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومت کی معیشت پر توجہ نہیں ہے، وزیراعظم کہتے تھے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، انھوں نے آدھی اپوزیشن تو اندر کردی ہے اب کارکردگی دکھائیں۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر افسوسناک تھی، حکومت کے اتحادی بھی عوام کا دباؤ محسوس کررہےہیں، اقتصادی شعبوں میں ناکامی حکومت کے زوال کا باعث بنےگی۔

  • لاہور: نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل، ادویات میں ردو بدل کیا گیا

    لاہور: نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل، ادویات میں ردو بدل کیا گیا

    لاہور : سابق وزیراعظم نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا، جسم پر سوجن اور دیگراثرات کے پیش نظر دواؤں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے، کل بروز ہفتہ دوبارہ ان کا معائنہ اور ٹیسٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت تاحال مکمل طور پر بہتر نہیں ہوسکی ہے، اس حوالے سے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ان طبی معائنے سے متعلق بیان جاری کیا ہے.

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سربراہ نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی پروفیسر طاہر شمسی نے نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے، پروفیسر شمسی نے نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا عمل پھر دہرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    ڈاکٹر عدنان کے مطابق نوازشریف کے جسم پر سوجن اور دیگر اثرات کے پیش نظر دواؤں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے، پروفیسر شمسی کل صبح دوبارہ نوازشریف کا طبی معائنہ کریں گے اور ٹیسٹ کا جائزہ بھی لیں گے۔

    علاج میں تاخیر نوازشریف کی صحت اور زندگی کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے، ڈاکٹرعدنان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے علاج کے لیے بیرون ملک کی سفارش کی ہے۔

    ٹویٹر پیغام میں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے، علاج میں تاخیر میاں نوازشریف کی صحت اور زندگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

  • نواز شریف چاہیں تو آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں، ہمایوں اختر

    نواز شریف چاہیں تو آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں، ہمایوں اختر

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ نواز شریف چاہیں تو آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں، مشرف کو مجرم ثابت ہونے سے پہلے جانے کی اجازت ملی تھی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بہت فکر مند ہیں، جونہی نواز شریف کی طبیعت خرابی ہوئی تو پاکستان بھر کے بہترین ڈاکٹرز ان کے پاس پہنچائے گئے اور اس وقت وہ اپنے گھر میں موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے قانون دان بول رہے ہیں لیکن حکومت میں بھی بہت سے قانون دان بیٹھے ہیں اور ان کی جانب سے مشاورت کرکے حکومت کو سکیورٹی بانڈ لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں ہمایوں اختر نے کہا کہ ایئر ایمبو لینس موجود ہے اورنواز شریف آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں، جتنے سیکورٹی بانڈز بھرنے کا کہا گیا ہے وہ تو اس رقم کا معمولی سا حصہ بھی نہیں ہے جس کے نواز شریف پر مقدمات چل رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر جرم ثابت نہیں ہوا تھا اوران کو مجرم ثابت ہونے سے پہلے باہر جانے کی اجازت ملی تھی۔

    انہوں نے تجویز دی کہ شریف خاندان کیلئے بہتری اس میں ہے کہ سکیورٹی بانڈز پر دستخط کردیں اور بعد میں اس کو عدالت میں چیلنج کردیں۔

    ہمایوں اختر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بہت پریشان ہیں۔ حکومتی سطح پر اس وقت کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہورہی۔

  • نوازشریف کے باہر جانے کیلئے انڈیمنٹی شرط کیوں عائد کی گئی؟ کمیٹی کا فیصلہ جاری

    نوازشریف کے باہر جانے کیلئے انڈیمنٹی شرط کیوں عائد کی گئی؟ کمیٹی کا فیصلہ جاری

    اسلام آباد : نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی سب کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ زیرسماعت کیسز کی وجہ سے نواز شریف کو مشروط اجازت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ملک سے باہر جانے کیلئے انڈیمنٹی شرط کیوں عائد کی گئی؟ کابینہ کی سب کمیٹی کا فیصلہ جاری کردیا گیا، اےآروائی نیوز نے کابینہ سب کمیٹی کے فیصلے کی کاپی حاصل کرلی۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا کیونکہ اس سے قبل حکومت کی اجازت پر کسی بھی مجرم کے بیرون ملک جانے کی نظیر نہیں ملتی، نوازشریف کو بیرون ملک کیلئے ایک بارچار ہفتے کی اجازت دی گئی لیکن نوازشریف کا نام بدستور ای سی ایل میں موجود رہے گا۔

    فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنا پر نواز شریف کو چار ہفتے کیلئے بیرون ملک علاج کی اجازت دی گئی ہے، ملکی تاریخ میں صرف ایک مجرم عدالتی فیصلے پر ملک سے باہر گیا، سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر مجرم آر بی قادری کو عمرہ کی اجازت ملی تھی۔

    فیصلے کے مطابق بانڈ کی شرط حکومت یا وزارت داخلہ نے پہلی مرتبہ نہیں لگائی، اس سے قبل پرویز مشرف کیس میں بھی سپریم کورٹ حکومت کو اختیار دے چکی ہے، اب زیرسماعت کیسز کی وجہ سے نواز شریف کو مشروط اجازت دی گئی۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی شخصی آزادی پر قدغن کی مخالفت کی تھی، ڈاکٹر جوزف ولسن کیس میں ہائی کورٹ نے ای سی ایل کو قدغن قرار دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ای سی ایل سے متعلق کیس میں حکومت کو فیصلے کا کہا تھا۔

    اس کے علاوہ جہانگیر بدر ای سی ایل کیخلاف عدالت گئے تو ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، عدالت نے جہانگیر بدرسے کہا تھا کہ وہ پہلے وفاقی حکومت کو درخواست دیں۔

  • مسلم لیگ ن خود نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے، علی نواز اعوان

    مسلم لیگ ن خود نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے، علی نواز اعوان

    اسللام آباد : پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دے دی لیکن ن لیگ خود اپنے قائد کی صحت پر سیاست کررہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، علی نواز اعوان نے کہا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں کہ سزا یافتہ مجرم کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔

     ایک سوال کے جواب میں علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشروط طور پر نوازشریف کو جانے کی اجازت دی ہے، سیکیورٹی بانڈ جمع کرائیں اور نوازشریف بیرون ملک چلے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ خود اپنے قائد کی صحت پر سیاست کررہی ہے اگر نوازشریف کی صحت سب سے پہلے ہے تو سیکیورٹی بانڈ جمع کیوں نہیں کرائے جارہے؟ سیکیورٹی بانڈ اور اس قسم کی چیزیں بعد میں عدالت میں چیلنج کرتے رہیں۔

    واضح رہے کہ واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو علاج کے غرض سے4ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

    نوازشریف کو4 ہفتےکے لیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جب کہ نوازشریف یا شہبازشریف7ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈز جمع کرائیں گے۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کی صحت عزیز ہے تو بانڈ کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے، شیخ رشید

    فروغ نسیم نے واضح کہا تھا کہ ہم بیل بانڈزنہیں انڈیمنٹی بانڈ مانگ رہے ہیں۔ دوسری جانب ن لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو بغیر سیکیورٹی بانڈز کے غیر مشروط طور پر جانے کی اجازت دی جائے۔

  • نیب کی سفارش پر ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا، عمران خان

    نیب کی سفارش پر ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کا کیس نیب کے پاس ہے، نیب کی سفارش پر ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا، نوازشریف کی صحت سے متعلق کوئی بیان بازی نہ کی جائے۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اس موقع پر ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کے علاوہ دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  نوازشریف کے ای سی ایل کا معاملہ نیب کے پاس ہے، نیب کی سفارش پر نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا، نیب کی سفارش پر ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو نوازشریف کی صحت کے حوالے سے بیان بازی نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ہمارا مؤقف ہے کہ سیاست کو صحت سے الگ رکھا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کی آزادی اور ان کی خود مختاری پریقین رکھتے ہیں، اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی معیشت میں بھی استحکام آچکا ہے۔

    آزادی مارچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی اور رہبر کمیٹی آزادی مارچ سے متعلق اپنا کام کررہی ہے، دھرنے والوں کا کوئی غیرآئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے رہنماؤں کو مذاکرات کے دوران سخت بیانات دینے سے گریز کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو اجاگر کیا جائے۔

  • نوازشریف کی صحت کےلئے دعاہی کی جا سکتی ہے، اعتزاز احسن

    نوازشریف کی صحت کےلئے دعاہی کی جا سکتی ہے، اعتزاز احسن

    لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت کےلئےدعاہی کی جا سکتی ہے، ان کا ملک سے باہر جانا عدالت پر منحصر ہے۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ابھی شروع ہوا،دیکھیں گے کہ آزادی ملتی بھی ہےکہ نہیں ۔

    نواز شریف سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کےلئےدعاہی کی جا سکتی ہے، ان کی خرابی صحت کی تشویش پوری قوم کوہے۔

    انہوں نے کہا کہ علاج کیلئے نوازشریف کا ملک سےباہرجانا عدالت کے فیصلے پرمنحصرہے، میڈیکل بورڈکی حتمی رپورٹ پرتجزیہ کرکےیہ فیصلہ عدالت کریگی، اس سے پہلے6ہفتےموقع ملاتھالیکن نوازشریف نےاس کا فائدہ نہیں اٹھایا۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف کو ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھائیں گے، اعتزاز احسن

    قبل ازیں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نےکہا تھاکہ نوازشریف کو اگر ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھائیں گے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں میزبان کاشف عباسی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ میرا خیال ہے ، اگر نوازشریف کو ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھا لیں گے۔

    سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ماضی کےعلاوہ کوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’عمران خان نےمحنت بہت کی ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے، لوگ سمجھتےتھےعمران خان وزیراعظم بن گئے اب انہیں کوئی پرواہ نہیں ہے‘‘۔

  • نواز شریف کی بیماری خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکی ہے، عظمیٰ بخاری

    نواز شریف کی بیماری خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکی ہے، عظمیٰ بخاری

    لاہور : مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا نواز شریف کی بیماری خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکی ہے، اپنے لیڈر کی صحت پر سیاست کی اجازت نہیں دیں گے، آئندہ چند دن میں قوم کو نئے سرپرائزملنے والے ہیں‌۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ زاہد بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پارٹی میں تشویش پائی جارہی ہے،نواز شریف کی بیماری خطرناک سٹیج پر پہنچ چکی ہے، ہم کسی کو اپنے لیڈر کی صحت پر مزید سیاست کی اجازت نہیں دیں گے۔

    عظمیٰ زاہد بخاری کا کہنا تھا نواز شریف کی کارکاردگی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے،موجودہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے آج ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچی ہے،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 147کا ہوا ہے۔

    حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے،آئندہ چند روز میں قوم کو نئے سرپرائز ملنے والے ہیں

    حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ زیادہ دیر تک نواز شریف پر نہیں ڈال سکتی،مانگے تانگے کی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے،آئندہ چند روز میں قوم کو نئے سرپرائز ملنے والے ہیں۔

    عید کے بعد اپوزیشن جماعتیں حکومت کےخلاف سڑکوں پر ہو گی، انشااللہ نواز شریف عدالت سے سرخرو ہوں گے۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا تھا حکومتی ترجمانو ! آج دیکھناعوام کی اپنے قائد سے محبت کیا ہوتی ہے، مریم نواز کی خبرسن کرلوگوں کی نیندیں اڑگئی ہیں، شاہ سےزیادہ شاہ کےوفادار بننے والوں کو عوام جانتے ہیں۔

  • نوازشریف کےدل کی دھڑکن نارمل نہیں،  مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا ،ڈاکٹرعدنان

    نوازشریف کےدل کی دھڑکن نارمل نہیں، مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا ،ڈاکٹرعدنان

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کے ڈاکٹرعدنان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کےدل کی دھڑکن نارمل نہیں ، پیس میکرلگانےکی ضرورت ہے، ہوسکتاہےنوازشریف کوایک آپریشن سےگزرناپڑے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سٹی میڈیکل کمپلیس کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا
    نواز شریف کی صحت کے معاملات کے پیچیدہ ہیں، ان کی گردن اور دماغ کو خون کی فراہمی مکمل نہیں مل رہی، دو شریانیں بند ہیں۔

    ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا نوازشریف کاعلاج ہورہاہے ، ان کے مختلف نوعیت کےٹیسٹ کیےگئے ہیں، ان کے دل کی دھڑکن نارمل نہیں ہے، مستقل پیس میکر لگانے کی ضرورت ہے۔

    ہوسکتا ہے نوازشریف کوایک آپریشن سےگزرناپڑے

    انھوں نے کہا ہوسکتا ہے نوازشریف کوایک آپریشن سےگزرناپڑے، ایسے مریضوں کے علاج کےوقت سے متعلق نہیں کہا جاسکتا، نواز شریف اسپتال میں تو داخل نہیں البتہ گھر پر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہی رہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا نوازشریف کاایم آرآئی کیاگیاہے، انھیں شریانوں کی ایک اوربیماری تشخیص کی ہے اور دل کے مرض کیلئے ادویات تجویزکی ہیں، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مزید علاج کا فیصلہ ہوگا۔

    نواز شریف میں شریانوں کی ایک اوربیماری کی تشخیص

    نوازشریف کے ذاتی معالج کا مزید کہنا تھا آج میڈیکل بورڈ نے تمام پرانی ٹیسٹ رپورٹس، میڈیکل ریکارڈ اور سفارشات کا جائزہ لیا ہے اور نواز شریف کا معائنہ بھی کیا ہے،ان کی دو شریانیں بند ہیں جو تشویشناک ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان شریانیوں کو سرجری سے کھولا جا سکتا ہے کہ علاج کے ذریعے۔

    نوازشریف کے ذاتی معالج کا مزید کہنا تھا علاج کا روڈ میپ ابھی طے نہیں کیا نہ ہی یہ بتا سکتے ہیں کہ علاج کب تک چلے گا؟ علاج پاکستان میں ہو گا یا بیرون ملک ہو گا، یہ ابھی فیصلہ نہیں کر پائے، شریانوں کی بیماری سےمتعلق آئندہ ہفتےتفصیلات دیں گے۔

  • ڈاکٹروں نے نواز شریف کے لئے  لائف سیونگ ڈیوائس تجویز کی ہے ،مریم نواز

    ڈاکٹروں نے نواز شریف کے لئے لائف سیونگ ڈیوائس تجویز کی ہے ،مریم نواز

    لاہور : سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کے لئے لائف سیوانگ ڈیوائس تجویز کی ہے، متعلقہ ماہرین سے رجوع کیا ہے، نوازشریف کو کس علاج کی ضرورت ہے، اس پرواضح معلومات ہونی چاہییں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ڈاکٹرزنے میاں صاحب کیلئےبیک اپ پیس میکر اورآئی سی ڈی تجویزکیاہے، ڈاکٹروں کی تجویزان کیلئےلائف سیونگ ڈیوائس ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزنوازشریف کاگردوں کاایکواورالٹراساؤنڈہوا، آج نوازشریف کےگردوں کاسی ٹی اسکین ہوگا۔

    ایک اور ٹوئٹ میں انھوں نے کہا نواز شریف کی لیب،سکین سمیت دیگرٹیسٹ رپورٹ مرتب کرلی جائیں گی اور ان کے ٹیسٹ رواں یا آئندہ ہفتے سے ہوں گے، ان کی صحت کے بارے میں متعلقہ ماہرین سے رجوع کیا ہے، نوازشریف کو کس علاج کی ضرورت ہے، اس پرواضح معلومات ہونی چاہییں۔

    گذشتہ روز نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا تھا ، طبی معائنہ میں نواز شریف کےدل کے جائزے کیلئے ایکوکارڈیو گرام کیاگیا، جس میں ان کے جسم میں خون کے بہاؤمیں رکاوٹ پائی گئی۔

    بعد ازاں ڈاکٹرز نے نوازشریف کادل اور گردوں کا ایم آر آئی کرانے کا فیصلہ کیاتھا، ان کی ایم آرآئی،دیگرٹیسٹ ہوں گے جبکہ گردوں میں پتھری کی تشخیص کیلئےسی ٹی اسکین کیا جائے گا۔

    اس سے قبل نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 6 ہفتےمیں نوازشریف کا علاج ہوسکتا ہے یا نہیں، یہ کہنا قبل ازوقت ہے، علاج اور ٹیسٹوں کے لیے سینئر پروفیسرز پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، لندن میں مقیم نواز شریف کے معالج ڈاکٹر لارنس سے مشاورت جاری ہے۔