Tag: nawaz sharif rally

  • الیکشن 2024 پاکستان : ن لیگ کے کارکنان ریلی میں اصلی شیر لے آئے، نواز شریف سخت برہم

    الیکشن 2024 پاکستان : ن لیگ کے کارکنان ریلی میں اصلی شیر لے آئے، نواز شریف سخت برہم

    لاہور : مسلم لیگ ن کے کارکنان قائد نواز شریف کی ریلی میں اصلی شیر لے آئے، نواز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے شیر واپس بھجوانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف نےمونی روڈپرریلی میں شیرلانےکاسخت نوٹس لیتے ہوئے شیرواپس بھجوانےکی ہدایت کردی، جس کےبعد شیر واپس بھجوا دیا گیا۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نےہدایت کی کسی بھی ریلی میں شیریاکوئی اورجانور نہ لایاجائے، دین اسلام اورجانوروں سےمتعلق قوانین نے جانوروں کے حقوق کے احترام کی تلقین کی ہے۔

    خیال رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آج اپنے حلقے این اے 130 میں انتخابی ریلی نکالیں گے، ریلی کاآغاز موہنی روڈسے ہوگا، مریم نوازبھی شریک ہوں گی۔

    ریلی کالے دی پلی،حسن شاہ آرا سے امیر روڑ ملک پارک جائے گی ، نواز شریف کی انتخابی ریلی سنت نگراورسلام پورہ بھی جائے گی۔

    این اے 130 میں جگہ جگہ ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔

  • ن لیگ کی سیاست ختم ہوچکی، فواد چوہدری

    ن لیگ کی سیاست ختم ہوچکی، فواد چوہدری

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاست ختم ہوچکی، 4 ستمبر کے بعد نوازشریف اپنے اہل خانہ سمیت ضمانتیں کروائیں گے یا پھر جیل جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست ختم ہوگئی، چار ستمبر کے بعد نوازشریف ریلی نہیں نکال سکتے ، نوازشریف کو اہلخانہ سمیت ضمانت کرانی پڑسکتی ہے، ضمانت نہ ہوئی تو نوازشریف جیل جائیں گے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس اب تک نیب میں فائل کیوں نہیں کیا گیا، فواد حسن فواد کے قریبی کو راولپنڈی میں نیب کا ڈائریکٹر کیوں لگایا گیا،اس طرح چورن بکنے والا نہیں، کوئی سینئر رہنما ریلی میں نہیں،مریم، حسن اورحسین آئندہ ہفتے ضمانتیں کراتے دکھائی دیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خیبرپختونخو اور پنجاب میں پی ٹی آئی نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا ہے، پرویزخٹک کو عمران خان کا سیاسی مشیر مقرر کردیا گیا ہے، پرویزخٹک پورے ملک میں عمران خان کے سیاسی مشیر ہونگے جبکہ انتخابات کیلئے مرحلہ وار ٹکٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ریلی نکالنے پر99فیصد قیادت نواز شریف کے ہمراہ نہیں ہے۔ ریلی میں ان کے ساتھ صرف طلال چوہدری اورماروی میمن جیسے شامل باجے چل رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بے وجہ ریلی میں بچے کی شہادت پر افسوس ہے، یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ نواز شریف یہ ریلی کیوں نکال رہے ہیں،  جے آئی ٹی کے تیرہ سوالات کو سامنے رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو اور کسی نے نہیں بلکہ ان کے بچوں نے سستے اکاﺅنٹنٹس اور وکیل بھرتی کر کے پھنسوایا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نوازشریف کا قافلہ: مزید 6 افراد کو کچل دیا گیا، بچی بھی شامل

    نوازشریف کا قافلہ: مزید 6 افراد کو کچل دیا گیا، بچی بھی شامل

    لالہ موسیٰ: نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑیوں نے دو افراد کی زندگی کے چراغ گل کرنے کے بعد مزید چھ افراد کو کچل دیا، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جس میں نو سال کی بچی بھی شامل ہے، پولیس اہلکاروں نے میڈیا نمائندوں کو کوریج سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نااہل وزیر اعظم کی ریلی اپنی آب و تاب کے ساتھ لاہور کی جانب رواں دواں ہے، اس دوران قافلے میں موجود گاڑیوں کے ڈرائیورز راستے میں آنے والی کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لارہے۔

    حتیٰ کہ راستے میں کھڑے لوگ بھی تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آگئے، نواز شریف کا قافلہ گوجرانوالہ سے نکل کر جب لالہ موسیٰ کے قریب پہنچا تو قافلے میں شامل گاڑیوں نے مزید چھ افراد کو کچل دیا۔

    اس موقع پر بھی پہلے کی طرح قافلہ رکا نہیں اور گاڑیاں برق رفتاری سے گزرتی رہیں، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    زخمیوں میں رمضان، مختیاراحمد، علی حمزہ، راول، علی،فراز اور نو سال کی ایک بچی بھی شامل ہے، زخمیوں کے اسپتال پہنچنے پر پولیس بھی حرکت میں آگئی اور پولیس اہلکاروں نے واقعے کی کوریج کیلئے آنے والے میڈیا کے نمائندوں کا ٹراما سینٹر میں داخلہ بند کردیا۔

  • وزرائے اعظم کے ساتھ 70 برس سے ہونے والا تماشہ بند کیا جائے، نواز شریف

    وزرائے اعظم کے ساتھ 70 برس سے ہونے والا تماشہ بند کیا جائے، نواز شریف

    گوجرنوالہ: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 18 وزرائے اعظم کو ڈیڑھ ڈیڑھ سال ملے جب کہ تین ڈکٹیٹر ملک کے 30 سال کھا گئے، میں دوبارہ خود کو بحال کرانے نہیں بلکہ اصلی پاکستان کو بحال کرانے کے لیے جدوجہد کررہا ہوں، 70 سال سے منتخب وزرائے اعظم کے ساتھ ہونے والا تماشہ اب بند ہونا چاہیے

    یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں مسلم لیگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    نواز شریف نے کہا کہ نے کہا کہ مجھے جو پیار آج ملا ہے اس کی کوئی مثال نہیں،  نواز شریف یہ پیار زندگی بھر نہیں بھولے گا، میں خوش نصیب ہوں کہ لوگ مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں لاہور جارہا تھا کہ گوجرانوالہ نے مجھے روک لیا، ججوں کی بحالی کے لیے جب ہم نے مارچ کیا اور جیسے ہی ہم گوجرانوالہ پہنچے تھے تو اعلان ہوا تھا کہ ججز بحال ہوگئے، یہ میرے لیے مبارک شہر ہے۔

    گوجرانوالہ میں تقریر کی مکمل ویڈیو

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر اعظم آپ لوگوں نے بنایا تھا، آج نواز شریف کو انہوں نے نکال دیا، کاغذوں سے نکال دیا لیکن آپ کے دلوں سے نہیں نکال سکے، یہ بھی کوئی نکلنا ہے؟ کل یہ مجھے دوبارہ وزیر اعظم بنا دیں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ میرا مقصد دوبارہ وزیراعظم بننا نہیں، میرا مقدمہ اس شہر کی عدالت میں یہ ہے کہ پاکستان کے مالک یہ 20 کروڑ عوام ہیں کہ نہیں؟ تو مجھے کس بات پر نکالا؟اس لیے کہ ہم روشنیاں واپس لارہے تھے؟ بجلی واپس اور سستے داموں واپس لارہے تھے؟ ملک ترقی کررہا تھا؟ اور بے روزگاری کا خاتمہ ہورہا تھا۔

    نااہل وزیراعظم نے کہا کہ دنیا تسلیم کررہی تھی کہ پاکستان ترقی کررہا ہے، تجارت بڑھ رہی تھی، بے روزگاری ختم ہورہی تھی،پاکستان میں موٹر وے،ہائی وے سب بن رہے تھے، امن قائم ہورہا تھا اور دنیا مان رہی تھی کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان پرامن ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ترقی ان لوگوں کو برداشت نہیں ہوئی اور حملے شروع ہوگئے، کہا گیا کہ نواز شریف کامیاب ہوگیا تو اگلے سال پھر ن لیگ کی حکومت آجائے گی اور ہماری پاکستان میں کوئی سیاست نہیں رہے گی۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے میرے خلاف ساڑھے تین سال سے سازشیں ہورہی ہیں، ہم نے ان کا مقابلہ کیا اس کے باوجود ترقی کی رفتار اور تیز کی، ساتھ ساتھ سازشیں بھی تیز ہوئیں اور نواز شریف کو بڑی رسوائی کے ساتھ وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ کیا کرپشن  کی میں نے؟ کون سا روپیہ خورد برد کیا؟ یہ تو وہ بھی مانتے ہیں کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی جنہوں نے مجھے نکالا؟ یہ پوچھنا میرا اور عوام دونوں کا حق بنتا ہے کہ کیوں نااہل کیا؟

    انہوں نے کہا کہ جب سے پیدا ہوا ہوں پاکستان کا وفادار ہوں؟ کوئی کرپشن تو ثابت کرو، کون سا کمیشن لیا؟ کیا رشوت لی؟ کون سے حرام کی کمائی کی؟ ایٹمی طاقت بنانے والے وزیر اعظم سے ایسا سلوک کیا جاتا ہے؟

    انہوں نے عوام کو مخاطب کیا کہ کیا انصاف کرو گے میرے ساتھ؟ تیسری بار بھی حکومت کی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، میں پوچھتا ہوں کہ 20 کروڑ عوام کے ووٹوں کی کوئی عزت ہے کہ بھی نہیں؟ کیا آپ کو قبول ہے؟

    نواز شریف نے کہا کہ 70 برس سے پاکستان کی یہی تاریخ رہی ہے کہ جو بھی وزیر اعظم آیا اسے ذلیل و رسوا کرکے نکالا گیا، کسی کو پھانسی دی گئی اور کسی کو ہتھکڑی لگادی گئی اور کسی کو جیلوں میں ڈالا گیا، کیا منتخب وزیر اعظم کے ساتھ ایسا ہی ہوتا رہے گا؟

    انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں ایسا ہورہا ہے، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا جہاں 70 برس سے ایسا تماشہ ہورہا ہو، یہ بدنصیبی پاکستان کے حصے میں آئی ہے، کتنا بدنصیب ہے پاکستان جو اپنی راہ متعین نہیں کرسکا، کبھی یہاں مارشل لا ہوتا ہے کبھی یہاں لولی لنگڑی جمہوریت، 18 وزیراعظم ڈیڑھ ڈیڑھ سال کے لیے آئے اور 3 ڈکٹیٹر 30 سال کھا گئے۔

    انہوں نے کہا کہ جب کوئی بہانہ نہیں ملا تو یہ کہہ کر مجھے برطرف کردیا گیا کہ بیٹے کی کمپنی سے کوئی رقم لی، کیا یہ وجہ سمجھ میں آتی ہے؟ کیا یہ صحیح فیصلہ ہے؟ وہ اُس عدالت کا فیصلہ تھا اور آج یہ اس عدالت کا فیصلہ ہے، یہ اس شہر کا فیصلہ نہیں بلکہ پوری قوم کا فیصلہ ہے کہ انہوں نے فیصلہ تسلیم نہیں کیا۔

    نواز شریف نے عوام سے کہا کہ وہ دل سے عہد کریں کہ وہ اپنے ووٹوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونے دیں گے، یہاں کے لوگ جب عہد کرتے ہیں تو پورا کرتے ہیں، اس موقع پر نواز شریف نے لوگوں کے ہاتھ کھڑے کرائے کہ جنہوں نے فیصلہ تسلیم نہیں کیا وہ لوگ ہاتھ کھڑے کریں جواب میں مجمع نے ہاتھ کھڑے کردیے۔

    انہوں نے کہا کہ ووٹوں کو روندتے کی ہزیمت برداشت کریں گے؟ اس طرح پاکستان دنیا میں باعزت قوم نہیں بن سکتا، پاکستان کو اس طرح 50 برس پیچھے کیا جارہا ہے۔

    نواز شریف نے کہا کہ تمام شہروں میں ایک بات کی اور یہاں بھی کہہ رہا ہوں کہ میں اپنے آپ کو بحال کرانے کے لیے نہیں آیا، پاکستان کی عزت اور وقار بحال کرانے کے لیے آیا ہوں، کیا عوام میرا ساتھ دیں گے؟ عزت پاکستان کی بحال ہوگی تو آپ کی اور بچوں کی عزت اور وقار بھی بحال ہوگا اور لوگوں کو باعزت روزگار بھی ملے گا۔

    انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک آپ کو اس ملک میں باعزت روزگار نہ مل جائے، میں آپ کے لیے آپ کو جگانے آیا ہوں تاکہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کے لیے مذاق بند ہوجائے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام عہد کریں کہ پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، یہ مذاق مزید برداشت نہیں کریں گے، میں عوام کی آنکھوں میں امید کی کرن دیکھ رہا ہوں، گبھرائیں نہیں ہم کہیں نہیں گئے ہم یہاں موجود ہیں، پاکستان چند مخصوص لوگوں کا نہیں بلکہ نواز شریف اور ان تمام کروڑوں لوگوں کا ملک ہے ہم مل کر اسے سجائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جب تک میں اصلی پاکستان نہیں بنادیتا نہ میں چین سے بیٹھوں کا اور نہ آپ کو بیٹھنے دوں گا، میں اپنا وعدہ وفا کروں گا آپ اپنا وعدہ وفا کریں، میں آپ کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔

    انہوں نے بچے کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کے گھر خود جاؤں گا اور اس کی جو مدد ہوسکی ضرور کروں گا، اللہ تعالیٰ بچے کو جنت میں جگہ اور گھر والوں کو صبر جمیل دے۔

    قبل ازیں ان کی ریلی گجرات کراس کرتے ہوئے گوجرانوالہ پہنچی، جہاں ان کے خطاب کے لیے اسٹیج تیار کیا گیا، ساتھ ہی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    نواز شریف آج رات یہیں قیام کریں گے، ان کے قیام کے لیے وفاقی وزیرخرم دستگیر کے بہنوئی کی حویلی کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، حویلی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

    قبل ازیں انہوں نے گزشتہ رات جہلم میں قیام کیا اور آج دوبارہ لاہور کے لیے سفر کا آغاز کردیا۔ نواز شریف کا قافلہ گجرات پہنچا جہاں انہوں نے کارکنان سے مختصر خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر کارکنان نواز شریف کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔

    گجرات پہنچنے پر سابق وزیر اعظم نوازشریف کو ہار بھی پہنائے گئے۔


    گجرات میں خطاب

    قبل ازیں گجرات میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آپ کی عدالت میں حاضر ہے ہم نے عوام کی عدالت میں اپیل بھی دائر کردی ہے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے باہر نہیں نکالا جاتا تو آئندہ 2، 3 سال میں کوئی بے روزگار نہ رہتا، منتخب وزیر اعظم کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، منتخب وزیر اعظم کو ان لوگوں نے کام نہیں کرنے دیا، آج گجرات میں چولہا بھی جلتا ہے، پنکھا بھی اور فیکٹری بھی چلتی ہے، آج ملک میں روشنیاں ہیں اور خوشحالی آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، کیا کوئی باپ اپنے بیٹے سے تنخواہ لیتا ہے؟ مجھے بتایا جائے نواز شریف نے کون سی کرپشن کی ہے۔

    مزید پڑھیں: جلد ایجنڈا دوں گا، نواز شریف

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کے ووٹ کو پاؤں تلے روندا گیا، پرچی پھاڑ کر ہاتھ میں تھما دیا گیا۔ آپ کا ووٹ بیکار گیا۔ کروڑوں لوگوں کے وزیر اعظم کو 5 لوگوں نے رسوا کر کے دفتر سے نکال دیا۔ میں یہ مذاق برداشت نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی فیصلہ نہیں منظور تو بتاؤ کیا ہونا چاہیئے، کیا مجھے آرام سے گھر بیٹھ جانا چاہیئے یا اس ظلم کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کارکنان سے سوال کیا کہ کیا ظلم کے خلاف میرا ساتھ دو گے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں آپ میراساتھ دیں گے۔


    خطاب سے قبل

    گجرات پہنچنے سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے فیکٹری ایریا مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔

    نواز شریف کے قافلے کی ہیلی کاپٹرکے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ جی ٹی روڈ پر شدید ٹریفک کا دباؤ ہے اور دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہے۔ نوازشریف کا قافلہ گجرات، وزیر آباد، گکھر منڈی سے گزرتا ہوا گوجرانوالہ پہنچے گا۔ روٹ پر سخت سیکیورٹی انتطامات کیے گئے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم آج گوجرانوالہ میں ہی قیام کریں گے اور کل صبح لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ لاہور میں سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لیے دوسرے شہروں سے بھی پولیس طلب کرلی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری سے بھی اہلکاروں کو بھی لاہور بلا لیا گیا ہے۔ ملتان، ساہیوال اور وہاڑی سے بھی پولیس لاہور پہنچ گئے۔

    آج صبح سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ نواز شریف گجرات میں نماز جمعہ کے بعد خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیر اعظم نااہل قرار دے دیا تھا۔

    نااہلی کے بعد سابق وزیر اعظم نے اسلام آباد سے اپنے آبائی علاقے لاہور کے لیے سیکیورٹی رسک ہونے کے باوجود ریلی کی صورت میں بذریعہ جی ٹی روڈ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی نے بچے کو کچل ڈالا

    نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی نے بچے کو کچل ڈالا

    گجرات : سابق وزیراعظم نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی نے لالہ موسیٰ کے رہائشی بچے کو کچل ڈالا‘ رانا ثناءاللہ نے ویڈیو فوٹیج اور عینی شاہدین کو جھٹلادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ گجرات پہنچا تو وہاں لوگ نواز شریف کو دیکھنے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے، اسی دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جب نواز شریف کے قافلے میں شامل گاڑی کی زد میں آکر رحمت نامی بچہ جو لالہ موسیٰ کا رہائشی تھا‘ کچلا گیا۔

    بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، اسکواڈ میں شامل کوئی گاڑی بچے کو اٹھانے کیلئے نہیں رُکی۔

    ذرائع کے مطابق بچہ قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا،  کالے رنگ کی گاڑی کا نمبر265 ہے۔

    عینی شاہدین کا بیان


     رحمت کے ہمسایوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی عمر 15 سے 16 سال ہے اور اس کا والد ایک غریب مزدور ہے‘ ہمسایوں کے مطابق پہلے گاڑی کا اگلا وہیل بچے پرچڑھا، شور مچانے کے باجود اسکواڈ کے ڈرائیور نے گاڑی نا روکی اور دوسرا وہیل  مذکورہ بچے کے سرپرسے گزاردیا

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے اسکواڈ سے گاڑی روکنے کا کہا گیا لیکن اس نے نظرانداز کرتےہوئے سفر جاری رکھا۔

    بچہ اسکواڈ سے جاں بحق نہیں ہوا‘ راناثناءاللہ


    دوسری جانب وزیر قانون پنجاب ران ثنا اللہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موجود ہے لیکن وہ اسکواڈ کی کسی گاڑی کی زد میں نہیں آیا۔

     اے آروائی نیوز کے اینکر وسیم بادامی کے ویڈیو فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی جانب توجہ دلانے کے باوجود رانا ثنا اللہ  اپنے بیان پر قائم رہے اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ 

     قافلے میں شامل گاڑی سے بچہ جاں بحق، سیاسی رہنماؤں کی مذمت


    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شریفوں کے بچے اربوں کےفلیٹوں میں رہتے ہیں اور یہ غریبوں کے بچے ہیں، یہ لوگ مشتعل ہوگئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اقتدار بچانے کیلئے کسی حد تک بھی جانے والے نوازشریف مجرم ہیں۔

    خرم نوازگنڈاپور نے بھی بچے کی ہلاکت پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچے کے لواحقین میاں نوازشریف کے خلاف ایف آئی آرکٹوائیں، لواحقین شہباز شریف کیخلاف بھی ایف آئی آرکٹوائیں، شہبازشریف نے پنجاب پولیس ایک نااہل شخص کیلئے لگائی ہوئی ہے، ان لوگوں کو جانی یامالی نقصان کا افسوس نہیں،انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے۔

    جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا اگر حادثہ پیش آگیا تھا تب بھی وہاں رک کر صورتحال کا سامنا کرنا چاہیے تھا‘ یہ رویہ ہماری روایات کے خلاف ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • گجرات میں نوازشریف کی تصویرپرسیاہی پھینک دی گئی

    گجرات میں نوازشریف کی تصویرپرسیاہی پھینک دی گئی

    گجرات : سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصاویر پر سیاہی پھینک دی گئی جبکہ نواز شریف کے استقبالیہ سائن بورڈز پر نامعلوم افراد نے چورچور لکھ ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب نواز شریف کے استقبال کیلئے لیگی کارکن شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگا رہے ہیں تو دوسری جانب نواز مخالف افراد بھی متحرک ہیں۔.

    رات گئے یوانہ منڈی سے گجرات شہر تک نواز شریف کی تصویروں پر سیاہی ڈال دی گئی، کھاریاں میں بھی لوگوں نے دلوں کی بھڑاس سابق وزیرِ اعظم کی تصور پر سیاہی لگا کر نکالی۔

    دوسری جانب گوجرانوالہ کے شہری کدو اٹھائے وزیراعظم کے استقبال کے لئے تیار ہیں، مظا ہرین نے کدو اٹھائے اور روٹیاں گلے میں ڈال کر احتجاج کیا، ان روٹیوں اور کدو پر گو نواز گو اور چور نواز چور کے نعرے درج تھے۔

    جی ٹی روڈ پر نواز شریف کے استقبالیہ سائن بورڈز پر نامعلوم افراد نے چورچور لکھ ڈالا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نااہل تیرے جان نثار،کھا پی کے سب فرار ، بابر اعوان

    نااہل تیرے جان نثار،کھا پی کے سب فرار ، بابر اعوان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ آج راولپنڈی کی غیورعوام نے بھی کہہ دیا، نااہل تیرے جان نثار،کھا پی کے سب فرار۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے نواز شریف کی ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج راولپنڈی کی غیورعوام نے بھی کہہ دیا، نااہل تیرے جان نثار،کھا پی کے سب فرار۔

    بابر اعوان نے کہا کہ کہا تھا ،یہ لوہے کے چنے نہیں، چکر چھولے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ شیر آیا، منمنایا، پوٹھوہاریوں نے بھگایا! کہیں نظر نہ آیا! ڈھونڈ سکتے ہو تو ڈھونڈ لو۔۔


    مزید پڑھیں : اب کس منہ سے کنٹینر پر جاؤ گے، شرم تم کو مگر نہیں آتی، بابر اعوان


    گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کے کنٹینر پرطنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تو کہتے تھے عمران خان کی طرح کنٹینر پرنہیں چڑھتے، اب کس منہ سے کنٹینر پر جاؤ گے، شرم تم کو مگر نہیں آتی۔

    بابر اعوان کا کہنا تھا کہ حقائق کا سب کومعلوم ہے، سرکس کا شیر بھاگ گیا ہے، نوازشریف جتنا چاہیں خرچہ کرلیں، ان سے حساب لیا جائیگا، قوم کو گاڈ فادر کے اصل اکاؤنٹ کا پتہ لگ گیا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • کھیل ختم ہوگیا ہے میاں صاحب آپ ہار گئے ہیں،عمران خان کا ٹوئٹ

    کھیل ختم ہوگیا ہے میاں صاحب آپ ہار گئے ہیں،عمران خان کا ٹوئٹ

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن بچاؤ ریلی پر نوازشریف کو مشورہ دینا چاہتا ہوں
    کھیل ختم ہوگیا ہے،  آپ ہار گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر نوازشریف کی ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن بچاؤ ریلی پرنوازشریف کو میرا مشورہ ہے کہ آپ ڈوبنے کے احساس کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔

    عمران خان نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ کھیل ختم ہوگیا، آپ ہار گئے۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ آپ ایمپائرز، پچ، موسم اور اپنے کچھ ساتھیوں کو الزام دے سکتے ہیں، آپ کو اس بات کا بھی احساس ہوگا کہ آپ کی خراب ایمپائرنگ کا بہانہ سننے والوں کی تعداد کم ہورہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • دعا ہے نوازشریف گھر خیریت سے پہنچ جائیں، تہمینہ درانی

    دعا ہے نوازشریف گھر خیریت سے پہنچ جائیں، تہمینہ درانی

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا کہ دعا گو ہوں، نوازشریف گھرخیریت سے پہنچ جائیں اور نوازشریف واپس آتے ہی تمام مشیروں کو فوری فارغ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی اہلیہ تہیمہ درانی نے نواز شریف کی ریلی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا دعا ہے کہ نوازشریف خیریت سے گھر پہنچ جائیں اور انکو مشورہ بھی دیا کہ وہ واپس آتے ہیں اپنے سارے مشیر فارغ کردیں۔

    تہمینہ درانی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ کے مشیر وں میں عقل کی کمی ہے، وہ نہیں جانتے کہ پاکستان ایک پیچیدہ قوم ہیں۔


    مزید پڑھیں : میاں صاحب نے ریلی نکال کروزیراعلیٰ پنجاب کومشکل میں ڈال دیا، اہلیہ شہبازشریف


    گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ نواز شریف نے ریلی نکال کر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے اگر میں نواز شریف کو مشورہ دے سکتی تو میرا مشورہ قوم سے خطاب کرنا ہوتا نا کہ ریلی نکال کر وفادار بھائی کو بہ طور وزیراعلیٰ پنجاب کو مشکل میں ڈال کر دوراہے پہ لا کھڑا کرنا۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پر دہری ذمہ داری آ گئی ہے، انہیں اپنی ہی جماعت کی ریلی کی حفاظت بھی ہے اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے معاونت بھی کرنا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نواز شریف نے سست ترین سفر کا ریکارڈ توڑ دیا

    نواز شریف نے سست ترین سفر کا ریکارڈ توڑ دیا

    اسلام آباد : نواز شریف نے سست ترین سفر کا ریکارڈ توڑ دیا، پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے پنجاب ہاؤس راولپنڈی تک کا سفر پندرہ گھنٹے میں طے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف کو صبح دس بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے لاہور کیلئے روانہ ہونا تھا، جہاں انھیں کارکنوں کے جمع ہونے کیلئے دو گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔

    نواز شریف کی سواری پنجاب ہاؤس سے برآمد ہوئی، جس کو پولیس کمانڈوز نے حفاظتی گھیرے میں لے رکھا تھا، نواز شریف کا کنٹینر پہلے ہی پہنچ چکا تھا۔

    ریلیاں مری روڈ پر جمع ہونا شروع ہوئیں، ریلی شروع ہوئی تو ہرطرف کے راستے بند، لو گ پریشان، پبلک ٹرانسپورٹ ناپید ہوگئی، سڑکوں پر متوالوں کا راج اور جلوس پر ہیلی کاپٹروں سے پمفلٹ بھی گرائے گئے ۔

    جلوس فیض آباد مری روڈ سے ہوتا ہوا کمیٹی چوک پہنچا، جہاں نواز شریف خطاب کے بعد پنجاب ہاؤس راولپنڈی پہنچ گئے ہیں، نواز شریف کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے پنجاب ہاؤس راولپنڈی تک پہنچنے کیلئے پندرہ گھنٹے لگے، جہاں سے آج انھوں نے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

    واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

    جس کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور ریلی کی شکل میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔