Tag: Nawaz Sharif

  • حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا

    حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا

    اسلام آباد: حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروادی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر حکومت نے عدالت سے رجوع کرلیا، وفاق کی جانب سے دائر 2 متفرق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی، کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ کرے گا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے 7 اکتوبر کے حکم میں دو ملکی اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا حکم دیا تھا، نواز شریف برطانیہ میں ہیں، لہٰذا طلبی کے لیے برطانوی اخبتارات میں اشتہارت دئیے جائیں۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کی طلبی کا اشتہار تیار ، 24 نومبر کو عدالت میں طلب

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ برطانوی اخبارات میں اشتہار شائع کروانے کی اجازت دی جائے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاق نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار کے لیے رقم عدالت میں جمع کروادی، رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی طلبہ کے لیے کاز لسٹ جاری کردی۔

    یاد رہے عدالت نے 2 اخبارات میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا تھا اور ڈپٹی اٹارنی جنرل آفس سے اشتہارات کی مد میں 60 ہزار روپے ہائی کورٹ رجسٹرارآفس کو مل گئے تھے۔

    خیال رہے اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔

  • نواز شریف کا اداروں سے ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنا ٹھیک نہیں، جلیل شرقپوری

    نواز شریف کا اداروں سے ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنا ٹھیک نہیں، جلیل شرقپوری

    لاہور : ن لیگ کے باغی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اداروں سے ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنا ٹھیک نہیں، کل اسمبلی میں ہونے والا واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں دو پیغام واضح طور پر دینا چاہتا ہوں، پہلا یہ کہ نواز شریف کا اداروں سے ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنا کسی طرح بھی مناسب نہیں اور کل اسمبلی میں جو واقعہ ہوا وہ نہایت افسوسناک ہے۔

    جلیل شرقپوری نے کہا کہ اداروں سے جو موجودہ ماحول پیدا کیا گیا ہے وہ بہت غیر مناسب ہے اگر میں اس بارے میں غلط ہوں تو میری اصلاح کی جائے، میاں نواز شریف سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ایسا نہ کریں۔

    باغی رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کل اسمبلی میں جو واقعہ ہوا وہ نہایت افسوسناک ہے، میاں عبدالرؤف پی پی 138سے مسلم لیگ ن کا ایم پی اے ہے، میاں عبدالرؤف نے اسمبلی کے باہر مجھ سے جو بدتميزی کی وہ انتہائی غلط حرکت ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے باہر مجھے غیر قانونی طور پر زبردستی روکا گیا، اس حرکت پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کا ایک فیصد بھی ساتھ نہیں دیا، رانا تنویر صاحب کو پیغام دیناچاہتا ہوں کہ یہ آدمی دوبارہ ان کے ساتھ نظر آیا تو پارٹی کے ساتھ نہیں چلوں گا۔

    جلیل شرقپوری نے کہا کہ سیاست کو اکھاڑہ نہیں بنانا چاہیے، سیاست کرنی ہے تو ملک کے لیے کریں، اقتدار میں کوئی بھی پارٹی آئے تو ہمیں اس کا احترام کرنا چاہیے، اختلاف رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے، ملک میں دنگا فساد کا ماحول نہیں ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کے باغی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے گزشتہ روز اپنے ساتھ پیش آنے والے تضحیک آمیز سلوک کے خلاف اسپیکر کو درخواست جمع کروادی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لیگی رکن میاں رؤف اوردیگر نے میرے ساتھ بدتمیزی کی، یہ معاملہ جماعت کا نہیں بلکہ چند افراد کا ہے، وزیراعلیٰ سے ملنا کوئی غلط بات نہیں اگر مجھے ملاقات سے روکنا ہے تو وزیراعلیٰ روکیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ن لیگی ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور پارٹی سے بغاوت کرنے والے ارکان کا گھیراؤ کرتے ہوئے ایوان میں داخلے سے روک دیا۔

    باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کی پنجاب اسمبلی آمد پر ن لیگ اراکین اور کارکنوں نے احتجاجاً میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا تھا۔

  • نواز شریف کے اشتہارات  پیر کے روز اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ

    نواز شریف کے اشتہارات پیر کے روز اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : اسلام آباد رجسٹرارآفس نے سابق نوازشریف کے اشتہارات پیر کے روز اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا اشتہارشائع ہونے کے بعد عدالتی حکم کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اشتہار کے ذریعے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر رجسٹرارآفس نے نوازشریف کے اشتہارات پیر کے روز اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    رجسٹرارآفس کا کہنا ہے کہ نوازشریف کیخلاف کرمنل پروسیجر87کےتحت کارروائی کریں گے جبکہ عدالت نے اخبارات میں تشہیر کے بعد کاپی نواز شریف کوارسال کرنے کا حکم دیا۔

    رجسٹرارآفس نے مزید کہا کہ سارامعاملہ عدالتی احکامات کے عین مطابق کریں گے، نوازشریف کی طلبی کااشتہار2اخباروں کےکوارٹرپیج پرشائع کیاجائےگا اور اشتہار شائع ہونے کے بعدعدالتی حکم کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرارآفس نے نوازشریف کی اشتہارات کے زریعے طلبی کے احکامات پرعملدرآمد کرتے ہوئے کارروائی شروع
    کی تھی۔

    رجسٹرارآفس کے مطابق ڈویژن بینچ کی جانب سےتحریری حکم نامہ آج ملا،نوازشریف کےعدالت طلبی کےاشتہارکل جاری کئے جائیں گے، عدالت عالیہ نے نواز شریف طلبی کا اشتہار 2اخبارات میں جاری کرنے کا حکم دیا تھا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل آفس سے اشتہارات کی مد میں 60ہزارروپے ہائی کورٹ رجسٹرارآفس کو مل گئے ہیں۔

    یاد رہے اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔

  • نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق اہم دستاویزات سامنے آگئیں

    نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق اہم دستاویزات سامنے آگئیں

    اسلام آباد : وفاقی حکومت کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی اہم دستاویزات موصول ہوگئی ہے ، دستاویز میں رائل میل کے ذریعے وارنٹس تعمیل کی آن لائن رسیدیں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق العزیزیہ ، ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنس میں اپیلوں پر سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق دستاویزات سامنے آگئیں، فارن آفس کی جانب سے رپورٹ دستاویزات کے ساتھ جمع کرادی گئی ہے۔

    وفاقی حکومت کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن سےاہم دستاویزات موصول ہوگئی ہے ، دستاویزات اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس میں جمع کرادی گئی ہے، دستاویزمیں رائل میل کے ذریعے وارنٹس تعمیل کی آن لائن رسیدیں شامل ہیں ، برطانوی رائل میل کی رسیدوں کو تصدیق کے بعد رجسٹرار آفس میں جمع کرایا گیا ہے۔

    خیال رہے سماعت اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی کل العزیزیہ ، ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف اور نیب کی اپیلوں پر سماعت کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سماعت میں وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا تھا نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات پر کچھ ہوا یا نہیں۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کی ہرممکن کوشش کی،ہائی کمیشن نےکامن ویلتھ آفس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، کامن ویلتھ آفس نے بتایا ہائیکورٹ حکم پر عملدرآمد ہمارا اختیار نہیں۔

    سلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا نواز شریف حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن روانہ ہوا، نواز شریف لندن بیٹھ کر عوام اور حکومت پر ہنستا ہو گا، انتہائی شرمناک رویہ ہے یہ۔

  • عمران خان ملک لوٹنے والوں سے پورا حساب لیں گے، فیصل جاوید

    عمران خان ملک لوٹنے والوں سے پورا حساب لیں گے، فیصل جاوید

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ قوم نے چوروں اور لٹیروں سے احتساب کیلئے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، وزیر اعظم لٹیروں سے پورا حساب لیں گے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں پرحملے کرنا ن لیگ کاپرانا وتیرہ ہے کہ خرید لو یا دھمکا دو، یہ نیا نہیں ان کا پرانا طریقہ واردات ہے،شریف خاندان نے ریاستی و قومی اداروں کے سربراہان و افسران کو اپنی شرانگیزی کا نشانہ بنایا۔

    تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر مسلح یلغار کے شرمناک مناظر آج بھی قوم کو یاد ہیں، چھانگامانگا میں اراکین اسمبلی کا سجایا گیا جمعہ بازار بھی قوم کے سامنے ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے ادارے خصوصاً فوج ہمارے دفاع کی ضامن اور ہمارا فخر ہے، ہر آرمی چیف کیخلاف محاذ کھولنا اوراس پر حملے کرنا ان کی روایت رہی ہے، نوازشریف دوبارہ اپنی پرانی روش پر چل نکلے ہیں۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ پہلی باران کاواسطہ اس مردِ قلندرسے پڑا ہے جسے خریدنے کا تصوربھی ناممکن ہے، خرید نہ سکے تو وزیراعظم عمران خان سے این آراو کی بھیک مانگنے آپہنچے، این آراو نہ ملا تو ریاست کیخلاف بھارت کے ہم آواز بن گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم نے عمران خان کو چوروں اور لٹیروں کے کڑے احتساب کا بھرپور مینڈیٹ دیا ہے، وزیر اعظم قوم سے کیا گیا ایک ایک وعدہ نبھائیں گے اوران ظالموں سے پورا حساب لیں گے۔

  • اشتعال انگیز تقاریر :  نواز شریف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج

    اشتعال انگیز تقاریر : نواز شریف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف پر بغاوت اور مجرمانہ سازش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ نواز شریف سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریرکر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمہ بغاوت، مجرمانہ سازش اور لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

    سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رہنماؤں پر بھی اجلاس میں شرکت اور نواز شریف کی تقریوں کی تائید پر مقدمہ درج کیا گیا۔

    نوازشریف کے علاوہ جن افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا، ان میں شاہد خاقان عباسی ، راجا ظفرالحق ، احسن اقبال ، سردارایاز صادق، خرم دستگیر ، سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم ،مریم نواز، پرویز رشید، خواجہ آصف ، مریم اورنگزیب ، عظمی بخاری اوردیگر شامل ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کےخلاف ایف آئی آر بدر رشید نامی شہری کی مدعیت میں درج کی گئی، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف اعلی عدلیہ سے سزا یافتہ ہیں، نواز شریف لندن میں علاج کرانے کے بجائے سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں اور پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریرکر رہے ہیں، ان کا مقصد پاکستان کے خلاف نفرت اور اشتعال انگیز تقریر ملکی عوام کو اداروں کے خلاف اکسانہ ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان کیخلاف پاکستان پریونشن آف الیکٹراک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔

  • عظمیٰ بخاری نواز شریف کے بارے میں کیا رائے رکھتی تھیں؟ پرانی ویڈیو وائرل

    عظمیٰ بخاری نواز شریف کے بارے میں کیا رائے رکھتی تھیں؟ پرانی ویڈیو وائرل

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری ماضی میں نواز شریف کے بارے میں کیا رائے رکھتی تھی، پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے ماضی میں نواز شریف کو ’را‘ کا ایجنٹ قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ نوا زشریف جیل سے بھاگے تھے۔

    عظمیٰ بخاری کا ماضی میں کہنا تھا کہ جو زبان پاکستان کے خلاف بھارت اور بھارتی میڈیا استعمال کرتا تھا آج وہ خاموش ہے اور وہی زبان نواز شریف استعمال کررہے ہیں یقیناً یہ پوری قوم کو سمجھ میں آرہا ہے۔

    اب سے کچھ دیر قبل عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس بند نہ ہوتا تو آپ لوگ جیت بھی نہیں سکتے تھے، فواد چوہدری کا تعلق نہ سائنس سے اور نہ ہی ٹیکنالوجی سے ہے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ 169 مسترد حلقوں کی تعداد جیت کے مارجن سے زیادہ تھی، ووٹ مسترد کرانے کے لیے دھڑا دھڑ ٹھپے لگوائے گئے، ہم نے 14 حلقے کھولنے کی درخواست کی تھی، ہماری درخواست پر کہا گیا کہ حلقے کھولنے کی بات سیاسی بیان تھی۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اخلاقیات کے دائرے میں بات کی جائے، ہمیں ایٹمی بم سے متعلق کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ہم نے سیاست میں جو غلطیاں کیں وہ دہرانا نہیں چاہتے۔

  • نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے، مریم نواز

    نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے، مریم نواز

    لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مشکلات کا سفر پہلی مرتبہ طے نہیں کررہے، پہلے بھی ایسا وقت دیکھا ہے، نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک صوبے کی نہیں پورے ملک کی جماعت ہے، نواز شریف نے جو باتیں کی اس کا جواب دیں، باتیں گھمائیں پھرائیں نہیں، نواز شریف کے سوالات کے جوابات دیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کے لیے ہم سب مل کر لڑیں گے، ہم سیاسی حلیف ہیں، ایک دوسرے سے لڑیں گے لیکن لائن کراس نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ راستہ پھولوں کی سیج نہیں ہے، جب یہ راستہ چنا تو معلوم تھا یہ راستہ مشکل ہے، گرفتاری کا خوف نہیں مجھے پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا موازنہ کسی سے نہیں کیا جاسکتا، وہ تین مرتبہ وزیراعظم بنے چوتھی مرتبہ بھی بنیں گے۔

    صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا ردعمل

    وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز والد کی لوٹی ہوئی رقم بچانے کے لیے متحرک ہوگئی ہیں، نیب نے ان لوگوں کی چور بازاری نکال باہر کردی ہے۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے چھینی چلا کر میزائل بنایا ہوتا تو بات کرتے، یہ تو منی لانڈرنگ کا میزائل بناتے ہیں، ایسے لوگوں سے ایٹم بم نہیں کرپشن بم بنتا ہے۔

  • نواز شریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، وزیراعظم

    نواز شریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، جو خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے اس میں بھارت ان کی پوری مدد کررہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پاس احتجاج کرنے کا حق ہے، قانون توڑا تو ایک ایک کرکے جیلوں میں ڈال دیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے لیے جس ادارے کی ضرورت پڑے گی اسے استعمال کروں گا، گلگت بلتستان سے متعلق ملاقات کا مقصد تھا، جنرل باجوہ نے گلگت بلتستان سے متعلق ملاقات مجھ سے پوچھ کر کی تھی۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف بیان دے رہے ہیں جنرل ظہیر الاسلام نے کہا استعفیٰ دے دیں، آپ وزیراعظم تھے، کس کی جرأت ہے کہ وہ استعفیٰ مانگتا، آپ اسی وقت اسے ٹیک آن کرتے، مجھے ایسے پیغام دیا جاتا تو میں اس کا استعفیٰ مانگتا، کسی کی جرأت ہے جو مجھے آکر کہے کہ استعفیٰ دو۔

    مزید پڑھیں: ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، نوازشریف

    انہوں نے کہا کہ ایک مجرم ملک سے باہر بیٹھ کر سازش کررہا ہے ہم اسے واپس بلوائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے لیے ایک فیصلہ کن وقت آگیا ہے، آج ملک کے سب سے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، میں نے پہلی تقریر میں کہا تھا یہ سب ڈاکو اکٹھے ہوں گے، تقریر میں کہا تھا اپنے پیسے بچانے کے لیے یہ جمہوریت کے نام پر اکٹھے ہوں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں میں کسی صورت انہیں این آر او نہیں دوں گا، آج یہ اداروں پر تنقید کرکے دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے اسی لیے مائنس ون کی بھی باتیں کیں، میں کسی دباؤ میں آکر انہیں این آر او نہیں دوں گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، جلد واپس لے آئیں گے، آپ پاکستان آنے کے بعد عدالت میں یہ تقریر کرنا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ کارکن سڑکوں پر نکلیں اور وہ خود نہ آئیں، انہیں اپنا حلف بھی یاد رکھنا چاہئے، ان کے حلف میں یہ لکھا تھا سازش نہیں کرنی پھر بھی انہوں نے اپنے ادوار میں کئی سازشیں کیں، یہ اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔

  • ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، نوازشریف

    ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، نوازشریف

    لندن  : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں لوگ خوشحال تھے، میں اور میری ٹیم محنت کرکے پاکستان کا نقشہ بدل رہے تھے۔

    یہ بات انہوں نے  لندن سے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ میں آپ سے بہت عرصے کے بعد آپ سے مخاطب ہورہا ہوں، گزشتہ ڈھائی سالوں میں ہم نے کیا کیا مشکل مرحلے نہیں دیکھے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے آپ لوگوں سے ملوایا اور  بات کرنے کا موقع فراہم کیا، جس پر میں  خوش ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میرے دور حکومت میں پاکستان کے لوگ خوشحال تھے،2013سے2018تک ملک میں خوشحالی تھی، میں اور میری ٹیم محنت اور خدمت کرکے پاکستان کا نقشہ بدل رہے تھے۔

    نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں، ان ہی ناکردہ گناہوں کی وجہ سے آج وہ جیل میں ہیں لیکن وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    نوازشریف اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں ،مراد سعید

    وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ سرٹیفائیڈ مفرور کو ایک گھنٹے تقریر کا وقت ملا، نوازشریف اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں،
    وہ ان سے مخاطب تھے جو ان کے ذاتی غلام ہیں۔

    یہ بات انہوں نے نواز شریف کی تقریر کے ردعمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ انہوں نے عوام کو لوٹا اور پیسہ بیرون ملک لے گئے، ان کی وجہ سے ہم دنیا سے مہنگی ترین گیس خرید رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ نوازشریف کو شرم آتی تو ملک کیلئے ایک اسپتال تو بناتے، نوازشریف کو شرم ہونی چاہیے انہوں نے آج بھی عدلیہ پر بات کی۔

    نوازشریف نے کل بیان دے کر وزیراعظم کے عہدے کی خلاف ورزی کی، ان کے بیانیے کے بعد ن لیگ کے کافی لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، آئین کا حلف لینے والے پاکستان دشمن بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتے، ن لیگ کے 4ایم پی ایز نے کل عثمان بزدار سے ملاقات کی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کو یاد ہے جب نوازشریف نے مودی کو گھر جندال کو مری بلایا تھا اور چھپ کر ملاقات کی تھی، نوازشریف سے پوچھا جائے2017کے بعد لندن میں کن ڈپلومیٹس سے ملاقات کی ڈپلومیٹس سے ملاقاتوں میں کیا کیا باتیں ہوئیں؟

    نوازشریف بیماری کا جھوٹ بول کر بیرون ملک بھاگے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، نوازشریف کے بیانات پر خاموش نہیں رہا جاسکتا ان کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔