Tag: Nawaz Sharif

  • نواز شریف نیب کے قیدی ہیں پلی بارگین بھی ان ہی سے ہوگی حکومت سے نہیں، اعجاز شاہ

    نواز شریف نیب کے قیدی ہیں پلی بارگین بھی ان ہی سے ہوگی حکومت سے نہیں، اعجاز شاہ

    سرگودھا : وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نیب کے قیدی ہیں پلی بارگین بھی ان ہی سے ہوگی، میرا یا حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، اب کشمیر کا کوئی سودا نہیں کرسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف یا آصف زرداری سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کر رہی۔

    پلی بارگین نیب کے قوانین میں شامل ہے اور وہ ہی کسی بھی قسم کی ڈیل کر سکتے ہیں۔نوازشریف نیب کے قیدی ہیں پلی بارگین بھی ان ہی سے ہوگی، ہماری حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

    کشمیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو موجودہ حکومت نے سفارتی سطح پر تاریخی طور پر اٹھایا، جتنا وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے لیے کام کیا اتنا آج تک کسی رہنما نے نہیں کیا، اگرہم اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جاتا۔

    اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے پر ہی نریندر مودی کا اصل امتحان شروع ہوگا، جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر کا سودا جو کرسکتے تھے اللہ نے انہیں جیل بھیج دیا ہے، حکومت اور قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اب کشمیر کا کوئی سودا نہیں کرسکتا،

  • نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس بھی گرفتار

    نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس بھی گرفتار

    لاہور: مسلم لیگ ن کے سابق سربراہ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی قومی احتساب بیورو نے حراست میں لے لیا ہے ، حراست کے وقت وہ مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کےچچا زاد بھائی یوسف عباس کو حراست میں لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور یوسف عباس کی گرفتاری چوہدری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی ہے ، نیب کے پاس دونوں کو گرفتار کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔

    مریم نواز کو نیب نے حراست میں لے لیا

    یوسف عباس کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ مریم نواز کے ہمراہ اپنے تایا نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کرکے واپس لوٹ رہے تھے ، اسی موقع پر مریم نواز کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

    یوسف عباس کی حیثیت چوہدری شوگر ملز میں مریم نواز کے فرنٹ مین کی سی ہے اور و ہ بتا چکے ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں آنے والی رقم وہ مریم نواز کے حوالے کردیا کرتے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ چوہدری شوگر ملز کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

    مریم نوا ز اور عباس یوسف کو نیب ہیڈکوارٹر لاہور منتقل کیا جارہا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کل دونوں کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جولائی کو چوہدری شوگرملزکیس میں طلبی پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نیب دفتر میں پیش ہوئی تھیں، حسن اورحسین نواز بیرون ملک ہونےکےباعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

    نیب کی مشترکہ ٹیم نے 45 منٹ تک مریم نواز سے تحقیقات کی تھیں اور سوالنامہ بھی دیا تھا، سوالنامہ میں چوہدری شوگرملزسےمتعلق جواب مانگےگئے تھے۔

    نیب نے مریم نوازکو8 اگست کودوبارہ طلب کیا تھا اور ریکارڈبھی ساتھ لانےکی ہدایت کردی ہے جبکہ حسن اورحسین نواز کو دوبارہ طلبی کے لیے نوٹس جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

  • نواز شریف کے سیل سے اے سی اور ٹی وی نہیں ہٹایا گیا: وزیر اطلاعات پنجاب

    نواز شریف کے سیل سے اے سی اور ٹی وی نہیں ہٹایا گیا: وزیر اطلاعات پنجاب

    لاہور: وزیر  اطلاعات پنجاب میاں‌ اسلم اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کے سیل سے اے سی اور ٹی وی نہیں ہٹایا گیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انھوں‌ نے پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا.

    میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مریم نواز نے جلدی میں اپنے دور حکومت کی رپورٹ شیئر کر دی، نواز شریف جیل میں شہزادوں کی طرح رہ رہے ہیں، کھانا بھی گھرسے ہی آرہا ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اندر جا کر  بھی ٹیکس منی کونہیں چھوڑ رہے، نواز شریف کے لئے 20 ڈاکٹرز جیل میں ہوتے ہیں، ملک کاپیسہ لوٹنے والے شریفوں سےعوام کی جان چھوٹ گئی، ن لیگ اب لوگ اکٹھے نہیں کرسکتی.

    مزید پڑھیں: پاکپتن اراضی کیس: اینٹی کرپشن ٹیم کو نوازشریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی

    اب یہ جتنا رولیں، انھیں این آراو نہیں ملے گا، جس نے قوم کا پیسہ کھایا انھیں وہ پیسہ واپس کرنا ہوگا، ہمیں اب سیاست دانوں اور مافیا میں فرق سمجھنا ہوگا. پاکستان اب بدل گیا ہے، چو مچائے شوراب نہیں چلے گا.

    میاں اسلم کا کہنا تھا کہ ن لیگ بتائےجلسہ کہاں کرنا ہے،میں جگہ کابندوبست کر کے دوں گا.

  • کیا نوازشریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیات واپس لے لی گئیں؟

    کیا نوازشریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیات واپس لے لی گئیں؟

    لاہور: اب مجرم کو جیل میں نہ تو اے سی ملے گا، نہ ٹی وی کی سہولت میسر ہوگی، منی لانڈرنگ کے مجرمان سے بی کلاس کی سہولت واپس لے لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے  وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد کا فیصلہ کر لیا، اس ضمن میں  جیل حکام کو لکھا گیا خط سامنے آگیا۔

    اس کا اطلاق کوٹ لکھپت میں قید سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پر بھی ہوگا، جنھیں بی کلاس کی سہولت میسر ہیں۔ 

    معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی آج کراچی میں اپنے بیان میں کہا کہ جیل میں ٹی وی اور اے سی کی سہولت قانون کے ساتھ مذاق ہے۔قیدی قیدی ہوتا ہے ، ہماری حکومت جیل میں اے یا بی کلاس کی تفریق کا خاتمہ کرنے آئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ماضی میں امیر اورغریب کےلئے علیحدہ قانون بناکر رکھا تھا ۔جیل میں کوئی امامت کے لئے نہیں سزا بھگتنے جاتا ہے۔ 

    مزید پڑھیں: شریف پر قومی خزانے سے کتنے پیسے خرچ ہوئے؟ مراد سعید کے اہم انکشافات

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورے امریکا کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ وطن واپس جا کر  جیل سے اسے سی نکلوائیں گے.


    شہباز گل کی تردید

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے حالیہ بیان میں اس بات کی تردید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جیل میں نوازشریف سے خصوصی مراعات واپس نہیں لی گئیں۔

    انھوں نے کہا کہ آج اور کل محکمہ داخلہ نےآئی جی جیل خانہ جات کوکوئی ہدایت نہیں دی، نواز شریف کی خصوصی مراعات کےمعاملے پر قانون دیکھاجائے گا،  پی ٹی آئی حکومت سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کانشانہ نہیں بناتی۔

  • زرداری اور نواز شریف پر قومی خزانے سے کتنے پیسے خرچ ہوئے؟ مراد سعید کے اہم انکشافات

    زرداری اور نواز شریف پر قومی خزانے سے کتنے پیسے خرچ ہوئے؟ مراد سعید کے اہم انکشافات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر  برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ خرچوں کے معاملے میں آصف زرداری قوم پر سب سے زیادہ بھاری پڑے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے فردوس عاشق اعوان کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پاس 2016 میں 246 سیکیورٹی گاڑیاں تھیں.

    مراد سعید نے کہا کہ آصف زرداری کے پاس2017 میں 286، 2018 میں 156 سیکیورٹی گاڑیاں تھیں، 556 پولیس اہل کار  تعینات تھے. صاف پانی کے مسئلے سب سے زیادہ سندھ اور پھرپنجاب میں ہیں، سب سےزیادہ غربت سندھ میں ہے.

    انھوں نے کہا کہ آصف زرداری صدر نہیں تھے، پھربھی دو کیمپ آفس رکھےہوئے تھے، 2016 میں اینٹ سے اینٹ بجانے کے چکرمیں زرداری بھاگ گئے تھے.

    وفاقی وزیر نے کہا کہ 2015 میں نوازشریف کا ایک دن کا خرچہ 4 لاکھ 65 ہزار ڈالر تھا، 2016 میں نوازشریف علاج کے لئے باہرگئے،  تو 3 لاکھ 27 ہزار پاؤنڈ خرچ کیے، جاتی امراکے سیکیورٹی کیمروں پر6 کروڑ 66 ہزار خرچ کیے گئے، نوازشریف کی سیکیورٹی پر 431 کروڑ اور43 لاکھ خرچ کیا گیا.

    مزید پڑھیں: شرم کی بات ہے نواز شریف کے عمرے کا خرچ بھی عوام نے دیا: علی محمد خان

    عمران خان کے گھر کی سڑک اپنے پیسوں سے بنی ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہے، وہ بنی گالہ میں رہتے ہیں اوراپنا خرچہ خود اٹھاتے ہیں، جب کہ نوازشریف کےگھر کی فینسنگ کے لئے 24 کروڑ روپے خرچ کیے گئے. 431 کروڑ 83 لاکھ نااہل ہونے کے بعد نوازشریف پرخرچ ہوئے۔

    مراد سعید نے بتایا کہ  872 کروڑ 69 لاکھ 59 ہزار شہباز شریف نے خرچے کیے. ان کے بھی 5 کیمپ آفسز تھے، چھوٹے میاں نے بڑے میاں کا خرچہ سنبھالا، بڑے میاں نے چھوٹے بھائی کے لئے ہیلی کاپٹر لیا، شہبا زشریف نےہیلی کاپٹر کا 526 مرتبہ ملک کے اندرہی استعمال کیا،   ان لوگوں نے ملک کولوٹااورآج ان پیسوں کےتحفظ کی بات ہورہی ہے.

  • العزیزیہ کیس: نوازشریف کی اپیل 18 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر

    العزیزیہ کیس: نوازشریف کی اپیل 18 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل 18 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل پرسماعت موسم گرما کی تعطیلات کے باعث 18 ستمبر کو ہوگی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی اپیل پرسماعت کریں گے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف نیب اپیل بھی 18 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 19 جون کو سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے موکل کی دائیں جانب کی شریانیں 60 فیصد سے زیادہ بند ہوچکی ہیں، بائیں جانب کی شریانوں میں بندش 30 فیصد سے زیادہ ہے۔

    جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیا تھا کہ یہ بتائیں 6 ہفتوں میں نوازشریف کا کیا علاج ہوا ؟ جس پر خواجہ حارث نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ 6 ہفتوں میں ان کے موکل کا کوئی علاج نہیں ہوسکا۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نوازشریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کیا تھا۔

  • آصف زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے، شفقت محمود

    آصف زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے، شفقت محمود

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے جبکہ نواز شریف نے ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے۔

    آصف زرداری کے دوروں پر ایک ارب بیالیس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔ زرداری بطور صدر دبئی اکیاون بار گئے، اڑتالیس دورے ذاتی نوعیت کے تھے۔ دبئی کے دوروں پردس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ نوازشریف بطور وزیراعظم دو سو باسٹھ دن ملک سے باہر رہے۔ نوازشریف نے چارسال میں ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔

    نوازشریف نے دوروں کے دوران تقریباً تین کروڑ روپے بطور ٹپ دیئے، چھ کروڑ روپے تحائف پر خرچ کئے۔ نوازشریف نے چارسال میں لندن کے چوبیس دوروں پربائیس کروڑ انتالیس لاکھ روپے خرچ کئے۔

    نوازشریف نے سرکاری خرچ پر لندن کے بیس ذاتی دورے کئے۔ سعودی عرب بارہ مرتبہ گئے، سترہ کروڑ روپے خرچ کئے۔ پی آئی اے کے جہاز کو ان دوروں پر کتنا نقصان ہوا وہ ان میں شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے سابق وزیر خواجہ آصف اہم وزارتوں پر براجمان رہنے کے ساتھ ساتھ ایک کمپنی میں بطور ایڈ وائزر بھی کام کرتے تھے اور اس کمپنی سے 15سے 20لاکھ تنخواہ لیتے تھے، خواجہ آصف نے حلف کی پاسداری نہیں کی، کابینہ نے ایف آئی اے کوخواجہ آصف کے معاملے پر تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یوسف گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی کے دوروں کی تفصیلات بھی دینگے۔ عمران خان امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پرامریکا جارہے ہیں۔

    امریکی صدر کی دعوت پرعمران خان امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں رہیں گے، پاکستانی تاریخ میں کبھی کسی نے اتنے کم خرچ میں امریکا کا دورہ نہیں کیا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا سیکیورٹی اسٹاف امریکا میں تھری اسٹار ہوٹل میں رہے گا۔

  • نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو جیل میں  معائنے کی اجازت مل گئی

    نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو جیل میں معائنے کی اجازت مل گئی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ ڈاکٹر عدنان کوجیل ڈاکٹرز کی سربراہی میں نوازشریف کےمعائنےکی اجازت دیتے ہوئے ڈاکٹرعدنان کوجیل سےباہرآکر بیان بازی سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جیل میں نوازشریف سے ہفتے میں دو بار ملاقات کیلئےمریم نواز کی درخواست پر سماعت ہوئی ، قائم مقام چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

    عدالت نے سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو جیل ڈاکٹرز کے بورڈ کی سربراہی میں نوازشریف کے معائنے کی اجازت دے دی اور جیل سے باہر آکر بیان بازی سے روک دیا۔

    عدالت نے کہا ڈاکٍٹر عدنان نوازشریف کے اہل خانہ کے ساتھ ہفتے میں ایک بار معائنہ کرسکتے ہیں اور اگر ڈاکٹر عدنان جیل ڈاکٹر کی سربراہی میں جا کر معائنہ کرنا چاہئیں تو کرسکتے ہیں۔

    عدالت نے حکم دیا ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی بیان بازی نہیں کریں گے۔

    سرکاری وکیل نے کہا ڈاکٹروں کا پورا بورڈ نوازشریف کی صحت کے معاملات کو دیکھتا ہے، ہر آٹھ گھنٹے بعد کارڈیالوجسٹ میاں نوازشریف کامعائنہ کرتا ہے۔

    جس پر وکیل مریم نواز کا کہنا تھا ڈاکٹر عدنان پچیس سال سے نوازشریف کے ذاتی معالج ہیں، ڈاکٹر عدنان کو ان سے ملنے نہیں دیاجا رہا تو سرکاری وکیل نے کہا اہل خانہ مسلسل ملاقاتیں کررہے ہیں ان ہر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی، ڈاکٹر عدنان نوازشریف سے ملنے کے بعد سیاسی بیان بازی کرتے ہیں۔

    وکیل مریم نواز نے مزید کہا نوازشریف کی جان کوخطرات ہوسکتے ہیں، جس پر عدالت کا کہنا تھا یہاں سیاسی گفتگو نہ کریں عدالت کوسخت اعتراض ہے۔عدالت

    سرکاری وکیل نے بتایا اے کلاس تمام قیدیوں کے لئے ختم کردی گئی ہے، اگر ذاتی معالج کو ملنے دیا گیا تو باقی قیدیوں کا بھی مطالبہ آئے گا۔

    یاد رہے عدالت نے مریم نوازکو درخواست میں ترمیم کرنے اور ڈاکٹر عدنان کو فریق بنانے کی اجازت دی تھی اور دلائل کے بعد عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب کر لیا تھا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل مینول اور قانون قیدیوں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور کسی سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔ کسی قیدی سے ملاقاتوں پر پابندی یا قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔

    وکیل نے کہا حکومت پنجاب کی جانب سے نواز شریف سے ہفتے میں صرف ایک روز ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ نوازشریف دل سمیت متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں۔ نوازشریف کے ذاتی معالج کی ملاقات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ استدعا ہے کہ نواز شریف سے ہفتے میں دو روز ملاقات کیلئے مختص کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • شہبازشریف کا نواز شریف کوجیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنے پر احتجاج

    شہبازشریف کا نواز شریف کوجیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنے پر احتجاج

    لاہور : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے نوازشریف کوجیل میں پرہیزی کھانافراہم نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا پرہیزی کھانانہ دیا گیا تو نتائج کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے نوازشریف کوجیل میں پرہیزی کھانافراہم نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ڈاکٹرکی ہدایت کےمطابق پرہیزی کھانافراہم کیاجائے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا نوازشریف کوپرہیزی کھانانہ دیاگیاتونتائج کے ذمہ دارعمران خان ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا تھا نوازشریف سزا یافتہ قیدی ہیں، ان سے جیل مینول کے مطابق سلوک ہو گا، نوازشریف واحد شخص ہیں، جن کے لئے 21 کارڈیالوجسٹ مامور ہیں۔

    مزید پڑھیں : جاتی امرا سے نواز شریف کے لئے مضر صحت کھانا آرہا تھا، شہباز گل

    شہباز گل کا کہنا تھا جاتی امرا سے نواز شریف کے لئے مضر صحت کھانا آرہا تھا، دل کے مریض کو روزانہ مضرصحت گوشت، انڈے کھلائے جارہےتھے، جیل مینول میں گھر سےکھانا منگوانے کی اجازت نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ حکومت نے نوازشریف کو صحت افزاغذا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، نوازشریف کو صحت افزا کھانا دینے کے لئے ماہرین کا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، بیگم صفدرصحت پرپروپیگنڈےکے ذریعے اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہیں۔

  • نواز شریف کی گرفتاری: ایک سال بعد ثبوت پیش کرنے کا خیال کیوں آیا ؟ سوالات اٹھ گئے

    نواز شریف کی گرفتاری: ایک سال بعد ثبوت پیش کرنے کا خیال کیوں آیا ؟ سوالات اٹھ گئے

    کراچی : اپنے قائد کے مقدمے سے لے کرگرفتاری تک ن لیگ کوئی ایسا ثبوت پیش نہ کرسکی جو میاں نواز شریف کو بےگناہ ثابت کرسکے، مگر جب سے میاں جی گرفتار ہوئے ہیں ن لیگ کو جیسے ثبوت کا بخار ہوگیا ہے۔

    مختلف حلقوں میں یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ اب ن لیگ کا ایجنڈا کیا ہے کیا ن لیگ جمہوریت کا نام لے کر اپنے غیرجمہوری عمل سے ملک کوغیرمستحکم کرناچاہتی ہے، پلی بارگین چاہتی ہے یا پریشر ڈالنا چاہتی ہے؟

    کسی کو نہیں معلوم تھا کہ ن لیگ کے پاس ایک ایسا ثبوت بھی ہے جس سے میاں نواز شریف کے خلاف مقدمہ کمزور بھی ہو سکتا ہے۔ مگر جسے معلوم تھا اس نے اس ثبوت کو چھپا کے رکھا کیونکہ اسے میاں نواز شریف کا جیل جانا سوٹ کرتا تھا۔

    یہ اندرونی چپقلش تھی یا کچھ اور ہوا یہ ہی  مگر تیرہ جولائی دو ہزار اٹھارہ کو میاں نواز شریف کو گرفتار کیا گیا اور ایک سال گزرنے کے بعد ن لیگ کو ہوش آیا کہ ان کے پاس ثبوت ہے، ایک ایسی ویڈیو جس کی محترم عدلیہ کے جج نے رد کیا۔

    ایک سال انتظار کے بعد کی جانے والی یہ کوشش نواز شریف کی رہائی کیلیے تو نہیں ہوسکتی، تو کیا ن لیگ نے عدلیہ کو تڑی لگانے کی کوشش کی ہے؟

    یقینا ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ پہلی ویڈیو کو پریس کانفرنس میں زور شور سے ریلیز کیا گیا مریم نواز کو امید تھی کہ دیکھنے والوں کا رش پڑے گا ، کھڑکی توڑ رش ہوگا ، مگر ویڈیو تو ریلیز کے ساتھ ہی فلاپ ہو گئی۔

    جیسے ہی پہلی فلم کو ناکام ہوتے دیکھا تو دوسری تڑی لگا ڈالی، مریم بی بی کہتی ہیں میرے پاس اور بھی ویڈیوز اور آڈیوز ہیں، مریم بی بی اگر آپ کے پاس مزید آڈیوز اور ویڈیوز ہیں تو قوم کے سامنے لے آئیں۔ اب تک کیوں اپنے والد کی رہائی کے ثبوت چھپائے بیٹھی ہیں؟

    کہیں ایسا تو نہیں کہ مریم نواز کی مسلم لیگ ن نے ہوا میں تیر چلایا ہو ؟ کہیں ایسا تو نپیں کہ مریم نواز حکومت یا کسی ادارے پر دباو ڈالنا چاہتی ہیں ؟ اور کہیں ایسا تو نہیں کہ مریم بی بی ماضی کی طرح کسی بارگین کی تلاش میں ہیں مجسم پلی بارگین، مگر ماضی کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ اور ۔جسٹس قیوم کو ٹیلی فون کے بعد ن لیگ جمہوریت پر حملہ آور ہونا چاہتی ہے