Tag: Nawaz Sharif

  • ہم نے ہر طرح کے ظلم کو صبر و استقامت سے برداشت کیا، نواز شریف

    ہم نے ہر طرح کے ظلم کو صبر و استقامت سے برداشت کیا، نواز شریف

    سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کو ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    لندن میں موجود ن لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جھوٹے مقدمات، نااہلی اور ہرطرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے صبرو استقامت سے برداشت کرلیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی، 2017کے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبر اور ناانصافی کے فیصلوں نے 2022 تک اس نہج تک پہنچا دیا۔

    نواز شریف نے کہا کہ ان ہی فیصلوں کی وجہ سے آج غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئی، اگر اللہ نے ن لیگ کو دوبارہ موقع دیا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔

  • پی ڈی ایم نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا

    پی ڈی ایم نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا

    پی ڈی ایم ترجمان نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا، حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ آئی پی پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم تھے۔

    جے یو آئی رہنما نے استحکام پاکستان پارٹی اور پرویزخٹک کی جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے
    ان کو مفاد پرستوں کا ٹولہ قراردیا، انہوں نے بتایا کہ نگران سیٹ اپ پر ن لیگ سے غیررسمی بات شروع ہوگئی ہے۔

    حافظ حمداللہ نے کہا کہ خواجہ سعدرفیق، اسحاق ڈارکے ساتھ کچھ اور لوگ مولانا فضل الرحمان کے پاس آئے تھے لیکن جب رسمی طور پر میٹنگ ہوگی تو اس کی کچھ اور شکل ہوجائے گی۔

    نوازشریف کو شہبازشریف سے بہتروزیراعظم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہترین تھے اسی لیے 3 مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنے حالانکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ شہبازشریف بہتر منتظم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور چاہتے ہیں کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں، انتخابات کے التواء کے حق میں نہیں،اگرایسا ہوا تواس کا جواب اسی وقت دینگے

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی یا پرویز خٹک کی پارٹی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، آئی پی پی اور پرویز خٹک کی سیاست ان کے مفادات ہیں، ہمیں ان کی کوئی ضرورت نہیں، یہ لوگ پہلے مفادات کے لیے پی ٹی آئی میں گئے اور اب نئے گھونسلے ڈھونڈ رہے ہیں۔

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ جمعیت علماٰئےاسلام کا کسی سے انتخابی اتحاد نہیں ہوگا لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے، حاجی غلام علی کو گورنر بنانا جمعیت علمائے اسلام کا نہیں بلکہ سب اتحادیوں کا فیصلہ تھا، ایمل ولی خان نے خود چارسدہ کے جلسےمیں غلام علی کے نام کا اعلان کیا تھا۔

    رہنما جے یو آئی نے کہا کہ اب ن لیگ، پیپلزپارٹی اور اےاین پی گورنر کے پی پر اعتراضات اٹھارہی ہیں،تحفظات ہیں تو اس کا فورم اتحادیوں کا اجلاس ہے لیکن میڈیا پر اچھالنے سے انتشار پیدا ہوگا، جس فورم نے ان کو گورنر بنایا اسی فورم پر الزامات کے شواہد لے آئیں تو پھر فیصلہ کرلیں۔

  • نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کردیے

    نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کردیے

    سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور آصف زرداری کی دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لے لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کر دئیے ہیں، دونوں رہنماؤں کے درمیان ویڈیو لنک پر ہونے والی گفتگو میں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔

    ذرائع کے مطابق دوران گفتگو دونوں شخصیات نے اتفاق رائے سے معاملات آگے بڑھانے پر اتفاق، کیا۔

    یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ہونے والے فیصلوں پر انہیں اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری معینہ مدت پر اسمبلیاں تحلیل کرکے نگران حکومتوں کے قیام اور قومی انتخابات کے حامی ہیں لیکن مولانا فضل الرحمان اس کے خلاف سخت موقف رکھتے ہیں، اسی لئے انہیں دبئی مذاکرات اور ملاقاتوں کے عمل میں شامل نہیں کیا گیا اس لئے وہ ناراض ہوئے تھے۔

  • آصف زرداری کا نواز شریف کو جلد پاکستان آنے کا مشورہ

    آصف زرداری کا نواز شریف کو جلد پاکستان آنے کا مشورہ

    دبئی: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے نواز شریف کو جلد پاکستان آنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کے درمیان دبئی میں اہم بیٹھک ہوئی ہے، اس اہم ملاقات میں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں بھی ساتھ چلنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں بلاول بھٹو اور مریم نواز بھی شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا، ملاقات میں اگست کے پہلے ہفتے میں قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشاورت ہوئی۔

    ن لیگ کا مؤقف تھا کہ انتخابات کے لیے یہی وقت موزوں ہے، سیاسی حالات بھی سازگار ہیں، اس لیے اسمبلی کی مدت میں توسیع نہ کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رائے تھی کہ معاشی صورت حال کو مزید بہتر بنایا جائے، دریں اثنا آصف زرداری نے نواز شریف کو جلد پاکستان آنے کا مشورہ بھی دیا۔

  • تاحیات نااہلی کا باب بند، قانون سے کس کس کو فائدہ ہوگا؟

    تاحیات نااہلی کا باب بند، قانون سے کس کس کو فائدہ ہوگا؟

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے احتساب عرفان قادر نے کہا ہے کہ کسی بھی ممبر کی5سال سے زائد نااہلی نہیں ہوگی، نوازشریف اور جہانگیر ترین سمیت دیگر بھی اس قانون سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں معاون خصوصی عرفان قادر نے کہا کہ پارلیمان ایک قانون ساز ادارہ ہے اور اس میں واضح قانون سازی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل62،63میں مکمل ترامیم کی بھی ضرورت ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ آئین کے مطابق پارلیمان نے قانون بنا دیا ہے کہ کسی بھی ممبر کی5سال سے زائد نااہلی نہیں ہوگی، نوازشریف اور جہانگیر ترین سمیت دیگر بھی اس قانون سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

    عرفان قادر کا کہنا تھا کہ نوازشریف،جہانگیرترین ویسے بھی اپنی 5سال کی مدت پوری کرچکے ہیں، البتہ نواز شریف کے راستے میں ابھی پاناما کیس اٹکا ہوا ہےجس پر اپیل کردی گئی ہے، اپیل میں نیا وکیل بھی کیا جاسکتا ہے اور نیاب ینچ بھی کیس سن سکتا ہے، گزشتہ12،13سال میں جو غلط فیصلے ہوئے نئےقانون سے ان کی داد رسی ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق اسمبلی اپنی مدت پوری کرنے کے بعد ازخود تحلیل ہوتی ہے تو60دن میں الیکشن کرانا ہوں گے اور اگر ایک دن قبل بھی اسمبلیاں توڑ دی جائیں تو آئین کے مطابق 90دن میں الیکشن کرانا ہوں گے، اب الیکشن کرانا اور ا سکی تاریخ کا تعین الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے صدر پاکستان کی نہیں۔

    واضح رہے کہ سینیٹ نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی مخالفت اور شدید احتجاج کے باوجود الیکشن کمیشن کو صدر سے مشاورت کیے بغیر یکطرفہ طور پر انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا اختیار دے دیا ہے۔

    اس کے علاوہ منظور کیے جانے والے بل کے ذریعے تاحیات نااہلی کا باب بھی بند کردیا گیا ہے جس کے تحت متعلقہ شخص مدت کی تکمیل کے بعد قومی یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہوگا۔

  • بابا رحمتے نے سازش کرکے نوازشریف کو نااہل کیا، رانا ثنااللہ

    بابا رحمتے نے سازش کرکے نوازشریف کو نااہل کیا، رانا ثنااللہ

    باغ : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، لیکن بابا رحمتے نے سازش کرکے نوازشریف کو نااہل کیا۔

    باغ آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابق حکومت پر کڑی تنقید کی اور ن لیگ کی حکومت میں کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان مشکلات کا شکار ہوا تو ایک ہی جماعت ہے ن لیگ اور اس کا قائد نواز شریف جس نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

    رانا ثنااللہ نے کہا کہ2013سے2017پاکستان اور آزاد کشمیر میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، پاکستان اور آزاد کشمیر میں دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوا، ان4سال میں پاکستان کی شرح نمو6.2فیصد پر پہنچ گئی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بات پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی ختم ہوئی بلکہ دہشت گردی کا بھی قلعہ قمع کیا گیا۔ لیکن اس کے بعد بابا رحمتے نے نواز شریف کے خلاف عدالتی سازش کی اور میاں نواز شریف کو نااہل کیا۔

    وہ بابا رحمت جو بعد میں بابا زحمت ثابت ہوا اب چھپتا پھررہا ہے، وہ اگر کسی شادی میں جائے تو کوئی اس سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں ہوتا۔

    سابق وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014میں اس فتنے نے اسلام آباد پرچڑھائی کی126دن کا دھرنا دیا، سول نافرمانی کی، بل جلائے اور کہا کہ بل بھرنا بند کردیں، کیا اس شخص نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر چڑھائی نہیں کی؟

    وزیرداخلہ نے کہا کہ سال2018میں اس کے تمام گناہوں پر پردہ ڈالا گیا، اس اشتہاری کو ایک سازش کے تحت الیکٹ کرایا گیا، پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے آرٹی ایس بٹھا کر مسلط کردیا گیا۔

    نو مئی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 75سالوں میں کسی سیاسی جماعت نے دفاعی تنصیبات اور جی ایچ کیو پرحملہ نہیں کیا، وہ اب یہ لائن کراس کرچکے جہاں پر بغاوت کی گئی اب اس کی کوئی معافی نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس فتنے کو مسلط کرکے اس بات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی کہ یہ اپنے پروجیکٹ کو آگے لے کر چلے، پاکستان میں جتنے میٹرو، موٹر ویز، اسپتال اور جتنی بھی ترقی ہوئی، اگر ان منصوبوں کو جن کے اوپر نواز شریف کا نام لکھا ہوا ہے، ان کو اگر ایک سائیڈ پر کردیں تو باقی حساب لگا لیں کہ پچھلے 70 سالوں میں کیا ہوا، اور اس کے پونے چار سال میں کیا ہوا۔

  • پاکستان میں 2016 جیسے حالات واپس آنے چاہئیں: نواز شریف

    پاکستان میں 2016 جیسے حالات واپس آنے چاہئیں: نواز شریف

    لندن: سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2016 جیسے حالات واپس آنے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف نے برطانیہ کے شہر لندن میں میڈیا سے مختصر گفتگو کی، انھوں نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور کے آخری سال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت پھر سے آنا چاہیے۔ نواز شریف کی حکومت جولائی 2017 میں ختم ہوئی تھی۔

    صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کل تک جو لوگ آپ کو مائنس کرتے تھے، خود مائنس ہو رہے ہیں، اس پر کیا کہیں گے؟ نواز شریف نے جواب دیا کہ اپنا سب کچھ اللہ پر چھوڑا تھا، اللہ ہی یہ سب کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ انھوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ انھیں بیٹے سے چند ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کروا کر جیل بھیج دیا گیا تھا اور دوسری طرف ایک ثابت شدہ کرپٹ کو صادق اور امین بنا کر اللہ کے آخری رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام کی توہین کی گئی۔

  • تحریک لبیک نے 22 مئی کو ’احتجاجی مارچ‘  کا اعلان کردیا

    تحریک لبیک نے 22 مئی کو ’احتجاجی مارچ‘ کا اعلان کردیا

    لاہور : امیر تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے زیر اہتمام 22مئی سے مہنگائی کیخلاف احتجاجی مارچ کا آغاز کیا جائے گا، جو کراچی سے شروع ہوکر اسلام آباد تک روانہ ہوگا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرز سیاست کو بھی آڑتے ہاتھوں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی 22مئی کو کراچی سے اسلام آباد میں بھرپور احتجاجی مارچ کرے گی،25روپے پیٹرول بڑھا کر 12روپے کم کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے، ابھی ہمارا مارچ مہنگائی کیخلاف ہے، دفعہ 144 سندھ میں نہیں لگی جب تک اسلام آباد پہنچیں گے حالات بہتر ہوجائیں گے۔ ٹی ایل پی نے کبھی ایسا کام نہیں کیا جس کی وجہ سے دفعہ 144 لگے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نکاح اور بیٹی کا معاملہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، ملک میں اور بھی مسائل ہیں سیاست کیلئے پاکستان کا نقصان نہ کیا جائے۔

    نوازشریف نے قوم کے ووٹ کا غلط استعمال کیا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک سے باہر محل اور اپارٹمنٹس بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کو ایسے ہی لیڈر ملے جو ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں مگر خود ویزہ لے کر لندن جاکر بیٹھ گئے۔

    سعد رضوی نے کہا کہ پہلے نوازشریف نے قوم کے ووٹ کا غلط استعمال کیا اور پھر اپنے کاروبار کو لے کر ملک سے باہر چلے گئے نوازشریف نے ملک سے باہر بڑے بڑے محل اور اپارٹمنٹس بنائے عمران خان نے بھی اپنی ذات کے لیے یہی کچھ کیا۔

    عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے 9مئی کو جو کچھ کیا ہم اس کی سخت مخالفت اور مذمت کرتے ہیں، سانحہ9مئی کے جو بھی ذمہ داران تھے ان کو پکڑیں، ملوث لوگوں کو سزا دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے لیکن تحریک لبیک پاکستان ملک کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادے گی۔

    سعد رضوی کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت سیاسی اتفراتفری ہے، ہم سیاسی اور ذاتی انتقام کے خلاف ہیں تاہم ملک میں خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

    امیر ٹی ایل پی نے کہا کہ تحریک لبیک پہلے بھی مہنگائی کیخلاف احتجاج کرچکی ہے، سعد رضوی ٹی ایل پی نے کبھی ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈال کربات منوانے کی کوشش نہیں کی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے نظریے پر جو بھی آجائے گا اس سے اتحاد ہوسکتا ہے، پی ڈی ایم دہرا معیار نہ اپنائے، پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر گھیراؤ کی شدید مخالفت کرتے ہیں، ہم ہر وقت پاکستان کی مدد کریں گے، پاکستان کے لئے جس قربانی کی بھی ضرورت ہو دینگے۔

    سعد رضوی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن ہی ہونے چاہئیں، عمران خان نے جو سیاسی غلطیاں کی ہیں ان کو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔ ماضی میں ہم پر جو جو الزامات عائد کیے گئے آج وہ تمام عمران خان پر لگائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج مہنگائی کیخلاف ہے الیکشن مہم کیلئے نہیں، ہم سے حکومت نہیں لیکن کمیشن کھانے والوں نے رابطہ کیا ہے، ہمارا مارچ ہوگا اگر حکومت روکے گی تو بھی ہوگا، جب تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے ہم سڑکوں پر ہوں گے۔

    تحریک لبیک کے امیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے جب حکومت کی آئینی مدت پوری ہوگی تو بات کریں گے، ہم سسٹم میں آنے کے لیے اپنے بنیادی نظریے کے ساتھ محنت کرینگے۔

  • برطانوی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    برطانوی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    لندن: برطانیہ کے مقامی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ کے باہر مظاہروں کے معاملے پر مقامی کونسلرز نے ممبر پارلیمنٹ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مظاہروں کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں، انھیں روکا جائے اور ان کی وجوہ کی جانچ پڑتال کی جائے۔

    ویسٹ منسٹر سے ممبر پارلیمنٹ کو لکھا گیا یہ خط کونسلر پال فشرمین، جیسیکا ٹولی اور پیٹرک للی کی جانب سے لکھا گیا ہے، جس میں پانامہ پیپرز کا بھی ذکر کیا گیا ہے، خط میں لندن کی جائیدادوں اور نواز شریف میں لنک سے متعلق رپورٹ کا بھی ذکر ہے۔

    کونسلرز نے لکھا کہ مظاہروں کی وجہ نواز شریف کی موجودگی ہے، ان کی رہائش گاہ ہونے کی وجہ سے ایون فیلڈ کے سامنے آئے دن ان کے حق یا مخالفت میں مظاہرے ہوتے ہیں، یہ مظاہرے علاقہ مکینوں کو پریشان کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

    کونسلرز نے مؤقف اپنایا ہے کہ اب یہ مظاہرے شدت اختیار کر رہے ہیں جو پڑوسیوں کے لیے ناقابل قبول ہیں، ہم ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنا چاہتے ہیں، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے لیے امیدواران پارلیمنٹ کو بھی خطوط لکھیں گے۔

    کونسلرز کا کہنا تھا کہ اگر پابندی لگی تو نواز شریف بھی حسن نواز کے دفتر سے سیاست نہیں کر سکیں گے۔

  • پی ٹی آئی کی ڈیمانڈ کا کوئی سر پیر نہیں، نواز شریف

    پی ٹی آئی کی ڈیمانڈ کا کوئی سر پیر نہیں، نواز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی ڈیمانڈکاکوئی سرپیرنہیں ، ان کی ڈیمانڈ 20 سال سے سب نے دیکھ رکھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حرمین میں پاکستان کی سلامتی کیلئےدعائیں مانگیں۔

    پی ٹی آئی کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں پی ٹی آئی کیا ڈیمانڈ کر رہی ہے، اس کا کوئی سر پیر نہیں، پی ٹی آئی کی ڈیمانڈ بیس سال سےسب نے دیکھ رکھی ہیں۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس مزید تباہی کرنے کے بجائے فی الفور مستعفی ہوجائیں۔

    نواز شریف کا کہنا تھا عدالتیں قوموں کو بحرانوں سے نکالتی ہیں دھکیلتی نہیں، چیف جسٹس نے اکثریتی فیصلے پر اقلیتی رائے مسلط کردی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ چیف جسٹس نے نہ جانے کونسا اختیار استعمال کیا ہے، منصب، آئین کی توہین کرتے ہوئے پی ٹی آئی ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔