Tag: Nawaz Sharif

  • نواز شریف نے دوسرے دور حکومت میں چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی؟ سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات

    نواز شریف نے دوسرے دور حکومت میں چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی؟ سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات

    اسلام آباد: نواز شریف نے اپنے دوسرے دور حکومت میں اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان سے محاذ آرائی کی تھی، اس سلسلے میں سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک سابق اہم سرکاری شخصیت نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ نواز شریف کے دوسرے دور حکومت سے متعلق تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی، اور معمولی بات پر بڑا طوفان کیسے آیا؟

    اس اہم سابق سرکاری شخصیت کا تعلق 1997 سے 1998 تک وفاقی حکومت کی قانونی ٹیم سے تھا، انھوں نے اے آر وائی نیوز سے سابق چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے معاملے پر گفتگو کی، اور کہا کہ جو کچھ اب عدلیہ کے ساتھ ہو رہا ہے، یہ 1997 کی نقل ہے۔

    سابق سرکاری شخصیت نے بتایا کہ جسٹس سجاد علی شاہ کے ساتھ نواز شریف کے معاملات کی خرابی محکمہ انہار کے معاملے پر ہوئی تھی، نواز شریف نے دورہ فیصل آباد پر محکمہ انہار کے 4 ملازمین کو معطل کر دیا تھا، لیکن جسٹس سجاد علی شاہ نے ازخود نوٹس لے کر کہا کہ صوبائی معاملے میں وزیر اعظم کیسے مداخلت کر سکتا ہے؟

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ نے معطل ملازمین کو بحال کر دیا، تو نواز شریف نے اٹارنی جنرل کو کیس میں پیش ہونے سے منع کیا اور ڈپٹی اٹارنی کو بھیج دیا، پھر واپڈا نے کچھ ریکوریز کرنی تھی تو سپریم کورٹ نے اس میں حکم امتناع دے دیا، نواز شریف نے اس پر میٹنگ میں غصے میں مجھے کہا ’’دیکھو یہ کیا کر رہےہیں۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت نے بتایا ’’تیسری بدمزگی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے قیام پر ہوئی، نواز شریف کے والد نے دونوں کی ملاقات کرائی اور معاملہ رفع دفع کرا دیا، لیکن 2 روز بعد نواز شریف نے پھر کہا کہ ہم خصوصی عدالتیں ضرور بنائیں گے، اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ شریف سے کہا کہ ججز کے ناموں کی فہرست دیں۔‘‘

    اس معاملے پر بات پارلیمنٹ میں چیف جسٹس کے خلاف قرارداد لانے تک پہنچ گئی اور مجھے (سابق سرکاری شخصیت) کہا گیا کہ متن تیار کروں، یہ بھی طے ہو گیا کہ قرارداد چوہدری نثار ایوان میں پیش کریں گے، اس بار شہباز شریف بیچ میں پڑے اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔

    سابق سرکاری شخصیت نے کہا ’’شہباز شریف نے مجھے کہا کہ میاں صاحب گوشت کہیں تو آپ نے دال کا کہنا ہے، گوشت اور دال سے ہی بات آلو شوربے تک پہنچے گی۔‘‘

    انھوں نے بتایا ’’قراداد لانے کا معاملہ ختم ہوا تو کچھ دنوں بعد میاں صاحب نے ناراضی ظاہر کی، سابق جج اور سینئر وکیل کو کوئٹہ بنچ کے پاس بھیجا گیا، میری اطلاع کے مطابق اس میں پیسوں کا کوئی استعمال نہیں ہوا تھا، کوئٹہ کے 3 رکنی بنچ نے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی تعیناتی معطل کر دی۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق ’’جسٹس سجاد علی شاہ نے کوئٹہ بنچ کے آرڈر کو معطل کر دیا تو جسٹس سعید الزماں صدیقی نے معطلی کا آرڈر معطل کر دیا، پھر سپریم کورٹ بار کے صدر عابد حسن منٹو درمیان میں آئے اور معاملہ ٹھنڈا ہو گیا، لیکن دوبارہ نواز شریف نے کہا کہ جسٹس اجمل میاں کو قائم مقام چیف جسٹس بنایا جائے۔‘‘

    انھوں نے بتایا ’’صدر لغاری کے پاس نئے چیف جسٹس کی سمری گئی تو انھوں نے فوری دستخط نہیں کیے، نواز شریف کو صدر لغاری سے خطرات کا اندیشہ ہوا، اس سے بچنےکے لیے نواز شریف نے جنرل جہانگیر کرامت سے 2 گھنٹے کی ملاقات کی، جس کے بعد نواز شریف نے باہر نکل کر ہاتھ اٹھا کر کہا فکر نہ کریں یہ ہمارے ساتھ ہیں، پھر مجھے صدر لغاری کے پاس اہم پیغام دے کر بھیجا گیا، میں نے صدر سے کہا کہ سمری پر دستخط کریں یا استعفیٰ دے دیں۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق ’’صدر لغاری نے کہا میں آپ سے اس طرح کی غلط زبان کی توقع نہیں رکھتا تھا، میں نے کہا سر یہ میری زبان نہیں مجھے وزیر اعظم نے ایسا کہا ہے، پھر صدر فاروق لغاری نے کہا ہاں میں جانتا ہوں کہ آپ ایسے نہیں کہہ سکتے، پھر فاروق لغاری نے صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔‘‘

  • نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف لندن سے اٹھارہ اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ عمرہ کا فریضہ ادا کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی 10 اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گی، اور شریف خاندان سعودی عرب میں عمرہ ادا کرے گا۔

    دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف کا عید کے بعد دورہ سعودی عرب کا امکان ہے، جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ نواز شریف عیدالفطر بھی سعودی عرب میں منائیں گے۔

    واضح رہے کہ میاں نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔ گزشتہ سال ڈاکٹروں نے ان کو سعودی عرب جانے یا عمرہ نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

  • نوازشریف عید کس ملک میں منائیں گے ؟ بڑی خبر سامنے آگئی

    نوازشریف عید کس ملک میں منائیں گے ؟ بڑی خبر سامنے آگئی

    لندن : سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سربراہ نواز شریف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع سے ملنے والی اے آر وائی نیوز کی خبر کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی ماہ رمضان کے آخری دس روز میں لندن سے سعودی آمد متوقع ہے، وہ رمضان کا آخری عشرہ مکہ اور مدینہ میں گزاریں گے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ وہ عیدالفطر بھی سعودی عرب میں ہی منائیں۔

    واضح رہے کہ میاں نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال کے زائد عرصے سے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔

    گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ ڈاکٹروں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ کو سعودی عرب جانے اور عمرہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کو صحت کی خرابی کے باعث واپس پاکستان نہ جانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

  • نواز شریف کی واپسی، لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی درخواست مسترد

    نواز شریف کی واپسی، لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی درخواست مسترد

    لاہور: ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے کیس میں فریق بننے کی فواد چوہدری کی درخواست مسترد کر دی.

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کی جس میں فریق بننے کی استدعا کی گئی تھی۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے میں نیب اور وفاقی حکومت فریق تھے، اس بارے نیب درخواست دائر کر سکتا ہے۔

    فواد چوہدری کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ نواز شریف واپس نہیں آ رہے ہیں، جنھوں نے پچاس روپے کا اسٹام داخل کرایا وہ اب وزیر اعظم ہے، ان لوگوں نے کورٹ کے ساتھ فراڈ کیا ہے۔

    عدالت نے استفسار دیا کہ جب آپ کے پاس اختیار تھا تب آپ نے یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھایا جو آپ اب اٹھا رہے ہیں؟

    فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک پارٹی کر رہے ہیں، ہر روز نئے ریسٹورنٹ میں نظر آتے ہیں، وہ تو اس پر پوری کتاب لکھ سکتے ہیں۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ سیاسی باتیں ہیں، فواد چوہدری نے کہا کہ جنھوں نے نواز شریف کو باہر بھجوایا اور جن وجوہ کے سبب بھجوایا وہ عدالت کے علم میں لانا چاہتا ہوں۔

    تاہم درخواست گزار کو سننے کے بعد عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔

  • بیوقوف ہی ہوگا جو عمران خان کو گرفتار کرے گا، شیخ رشید

    بیوقوف ہی ہوگا جو عمران خان کو گرفتار کرے گا، شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ہر مشکل وقت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ نبھانے کا عہد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گرفتار کرنے والا بے وقوف ہوگا،انہوں نے نوازشریف کو بھی وطن واپسی کا چیلنج دے دیا۔

    لاہور میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سے آدھاگھنٹہ ملاقات رہی انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ ابھی واپس نہیں جانا۔

    انہوں نے کہا کہ میں ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں اور مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھی ہوں،
    18کو میری پیشی ہے اور 19،20اور21 کو عمران خان نے لاہور کی میٹنگ میں بلالیا ہے، بدھ کو اس ٹرک پر ہوں گا جس پر عمران خان ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی بے وقوف ہی ہوگا جو عمران خان کو گرفتار کرے گا کیونکہ وہ اس سے اور مقبول ہوگا اور جو عمران خان کو جیل بھیجے گا اور نااہل کروائے گا وہ الیکشن میں عمران خان کا مقابلہ بھی نہیں کرسکتا، عمران خان پر 74کیسز پہلے ہی ہیں پورے 100کیسز بنا دیں۔

    ملک میں عام انتخابات سے متعلق انہوں نے اپنا تبصرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پورے ملک میں قومی اور صوبائی کے انتخابات اکٹھے ہونے چاہئیں، موجودہ حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، شہبازشریف کو چاہیے کہ 72گھنٹے میں اسمبلی توڑکر اور صوبوں اور مرکز میں اکٹھے الیکشن کرائے۔

    ایک سوال کے جواب میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تین ججز کا نہیں بلکہ 17ججز کا فیصلہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے نواز شریف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا بھائی اس وقت وزیراعظم بھی ہے، نوازشریف اگر تم میں ہمت ہے تو وطن واپس آؤ۔

  • آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: مریم نواز

    آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: مریم نواز

    بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، مریم نواز نے کہا کہ ہم نے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، نواز شریف بھی بہت جلد آ جائیں گے۔

    مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پاکستان واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے پشاور سانحے پر کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں 10 سالوں میں کاؤنٹر ٹیررزم کا ڈیپارٹمنٹ کرائے کی بلڈنگ میں ہے، یہ اس عرصے میں اپنی لا اینڈ انفورسمنٹ ایجنسی کے لیے کچھ نہیں کر سکے، کے پی کو فرانزک لیب بھی پنجاب کی استعمال کرنا پڑتی ہے۔

    مریم نواز نے واقعے کو بڑا سیکیورٹی لیپس قرار دیا اور کہا کہ واقعہ بہت بڑی کمزوری کے طور پر سامنے آیا ہے، انھوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دہشت گردوں کے لیے دروازے اور سرحدیں کھولیں، اور انھیں دوست قرار دیا۔

    مریم نواز نے مہنگائی کے حوالے سے کہا ’’آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، اگر ہم عوام کو ریلیف دینا بھی چاہیں تو نہیں دے سکتے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ پہلے قیمتیں بڑھائیں پھر معاہدہ کریں گے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا ’’جو معاہدہ عمران نے کیا اس کی پاسداری کریں گے تو عوام پر مشکلات آئیں گی، اور اگر اس معاہدے کی پاس داری نہیں کریں گے تو ملک پر مشکلات آئیں گی، ہم معاہدے کی وجہ سے عوام کو ریلیف نہیں دے پا رہے ہیں۔

  • ’’پی ڈی ایم دو کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتی ہے‘‘

    لاہور : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بیماری ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، پی ڈی ایم دو کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں نوازشریف وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں نوازشریف کو ایسی کون سی بیماری ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، عام انتخابات میں 13جماعتیں مل کر الیکشن لڑیں گی اور انہیں بری طرح شکست ہوگی، پی ڈی ایم قیادت 2کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتی ہے۔

    اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے جو نام دیئے گئے وہ غیرمناسب ہیں جبکہ نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے اپوزیشن جماعت نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، ہماری خواہش تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے بھی افہام وتفہیم سے کام لیا جاتا۔

    ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم تو75سال سے سنتے آرہے ہیں کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے، ایک شخص نے ذاتی انا کیلئے پی ٹی آئی کی منتخب حکومت گرائی اور اس کیلئے پی ڈی ایم کو بطور آلہ کار استعمال کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا کاروبار اور بچے سب ملک سے باہر ہیں کسی بھی وقت وہ طیارہ پکڑ کر باہر چلے جائیں گے، ہمارا بیانیہ یہ ہے کہ حکمرانوں کے اختیار کا حق عوام کے پاس ہے، ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہونے کے ناطے ہم اداروں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اداروں کا کردار ہونا چاہیے، عمران خان منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اداروں کے کردار کے حق میں ہیں، حکمرانوں کو نیب کا قانون ختم کرکے11سو ارب روپے کاریلیف دیا گیا، ہم تو چاہتے ہیں نوازشریف و اپس آئیں اور اپنے کیسز کا سامنا کریں۔

  • ملک میں نئی حکومت کیسے بنے گی ؟ شیخ رشید کا اہم بیان

    مانچسٹر: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف برطانیہ میں چھپ چھپ کر جی رہا ہے، پاکستان میں اب نئی حکومت اوورسیز والے بنائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے مانچسٹر میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے زاہد نور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف خود ساختہ ہاؤس اریسٹ ہونے کے بجائے اپنے ملک میں جیل کاٹ لیتا تو اچھا ہوتا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف بیرون ملک جاکر چھپنے کے بجائے پاکستانی جیل کا برگر کھالیتا تو وہ زیادہ بہتر تھا اس کی یہاں پر کیا زندگی ہے؟ باہر نکلتاہے تو گالیاں پڑتی ہیں، پیروں میں مہندی لگا کر بیٹھا ہوا ہے۔ ،

    ان کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں مارچ اور اپریل میں عام انتخابات کی تاریخ اور اس کا شیڈول آجائے گا، اب نئی حکومت اوورسیز پاکستانی بنائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ جو نئی حکومت بنے گی وہ کیسے چلے گی کیونکہ معیشت کی حالت بہت خراب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو35ارکان کے استعفے آج منظور کیے ہیں تو مزید 35اور گیٹ پر کھڑے ہیں، ان کو عقل10سال بعد آتی ہے، ان کی عقل پرماتم کرنے کو دل کرتا ہے، شیخ رشید

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں اب عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اب اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق مل جائے گا، ملک سے باہر اوورسیز کی صورت میں ایک کروڑ ووٹرز عمران خان کا موجود ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھاکہ پی ڈی ایم والے اب ذلیل و رسوا ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی کیونکہ میڈیا آزاد ہے۔

  • وزیر اعظم کا پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر نواز شریف کو اہم فون

    وزیر اعظم کا پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر نواز شریف کو اہم فون

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر نواز شریف کو اہم فون کر کے ان کے ساتھ مشاورت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلی کی تحلیل کے معاملے وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اور ان سے اس سلسلے میں مشاورت کی۔

    میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو بارٹر شیئر کے طور پر لیا جائے، اور پی ڈی ایم کو تمام فیصلوں میں شامل رکھا جائے۔

    سابق وزیر اعظم پاکستان نے یہ ہدایت بھی کی کہ فیصلہ سازی اور مشاورت کے سلسلے کو وسیع کریں، جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کو ہدایت کر دی ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطے کریں۔

    شہباز شریف چاہتے ہیں کہ 23 دسمبر سے پہلے پہلے متفقہ لائحہ عمل سامنے آئے کہ کیا کرنا ہے، کیوں کہ پی ڈی ایم کے پاس نہ تو تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹ پورے ہیں، نہ ہی کوئی اور ایسا قانونی آپشن موجود ہے کہ اس معاملے کو روکا جا سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پنجاب کی صورت حال پر پی ڈی ایم جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا، وفاقی وزرا پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے۔

    بڑے بھائی کی ہدایت پر شہباز شریف نے مشاورت مزید وسیع کر دی ہے کہ پہلے عدم اعتماد آئے گی یا اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے گا۔

  • نوازشریف یورپ کیوں گئے؟ وجہ سامنے آگئی

    نوازشریف یورپ کیوں گئے؟ وجہ سامنے آگئی

    لندن: نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ ملنے کے بعد ان کی یورپ روانگی کی اصل وجہ سامنے آگئی، نواز شریف برطانیہ میں اپنے قیام کو قانونی جواز دینے کیلئے یورپ روانہ ہوئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر برطانیہ میں وزٹ ویزے پر6ماہ سے زیادہ مستقل قیام کی اجازت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے برطانیہ میں مزید قیام کی توسیع ملتی رہی۔

    بعد ازاں کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد ہوم آفس نے نوازشریف کے قیام میں مزید توسیع درخواست مسترد کردی تھی۔ نوازشریف ہوم آفس کے فیصلے کےخلاف اپیل لے کر عدالت بھی گئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ہوم آفس کے فیصلے کےخلاف اپیل واپس لے لی ہے، یورپ سے واپسی کے بعد نوازشریف 6ماہ تک برطانیہ میں مزید قیام کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں : سفارتی پاسپورٹ ملتے ہی نوازشریف یورپ روانہ

    واضح رہے کہ  نوازشریف اور مریم نواز اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ آج صبح لندن سے یورپ روانہ ہوگئے، نواز شریف کا لندن میں تین سالہ قیام کے دوران برطانیہ سے پہلا انٹرنیشنل سفر ہے۔

    موجودہ حکومت نےکچھ دن قبل ہی نوازشریف کو پاسپورٹ جاری کیا تھا، نواز شریف کو جاری کیا جانے والا یہ سفارتی پاسپورٹ ہے جس کی مدت دس سال ہے یہ ترجیحی بنیاد پر عام کیٹیگری میں جاری کیا گیا تھا۔