Tag: Nawaz Sharif

  • نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    اسلام آباد / لندن: حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے، نواز شریف نے کہا کہ ان صارفین کو سولر لگا کر دیں یا مفت بجلی دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کرنی ہے تو عوام کو ریلیف دیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے اجلاس میں کہا کہ اگست تک وقت دیں تو ڈالر 200 پر پہنچ جائے گا اور تیل و بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

    اجلاس میں فضل الرحمٰن نے شکوہ کیا کہ بعض حکومتی معاملات ہم سے پوچھے بغیر ہو رہے ہیں جس پر نواز شریف نے کہا کہ آپ سے مشاورت ہونی چاہیئے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا اس طرح حکومت لوں گا، یہ حکومت لے کر بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کی۔

    انہوں نے کہا کہ اب ڈٹ جاؤ اور دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کا خیال کرو۔

    ذرائع کے مطابق ایک پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ عوام پر جو بوجھ 6 ماہ میں ڈالنا تھا وہ مفتاح اسماعیل نے ایک ساتھ ڈال دیا۔

  • نواز شریف اے آروائی نیوز کا نام سن کر جواب دیے بغیر ہی چلے گئے

    نواز شریف اے آروائی نیوز کا نام سن کر جواب دیے بغیر ہی چلے گئے

    لندن : ن لیگ کے قائد نواز شریف لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے آروائی نیوز کا نام سن کرجواب دیے بغیر ہی چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کی ، اس دوران اے آر وائی نیوز کے صحافی فرید قریشی نے احتساب سےمتعلق سوال کیا۔

    جس پر نوازشریف نے جواب دینے کے بجائے صحافی کا نام پوچھا اور اے آروائی نیوز کا نام سن کرجواب دیے بغیر ہی چلے گئے۔

    یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران غیر مہذبانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کا مائیک ہٹوا دیا تھا۔

  • قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    اسلام آباد: ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے دو بڑے سیاسی رہنماؤں عمران خان اور نواز شریف نے بیک ڈور رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ فوری الیکشن ہوں، اور وہ نومبر سے زیادہ تاخیر نہیں چاہتے۔

    دوسری جانب نواز شریف یہ دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی ماحول ان کے لیے اس وقت سازگار نہیں ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اگلے برس مارچ، اپریل میں الیکشن ہوں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نواز شریف سے اسحاق ڈار کے ذریعے پیغام رسانی ہو رہی ہے، ان کو یہ پیغام دو تین مرتبہ دیا جا چکا ہے کہ میاں صاحب سے کہیں کہ وہ مان جائیں کہ اس وقت ملک کے جو معاشی حالات ہیں، ان میں انتخابات کی تاخیر مناسب نہیں، چاہیں تو وہ اس کی جگہ کوئی اور شرط منوالیں۔

    عمران خان کی جانب سے الیکشن اکتوبر نومبر میں کروانے کے پیغام کا نواز شریف کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جواب کے لیے پندرہ بیس روز انتظار کیا جائے گا، دوسری صورت میں حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی، جیسا کہ فواد چوہدری نے بھی کہا ہے کہ ٹیلی فون پر اس حوالے سے رابطے ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں دوسرا ڈیڈ لاک الیکشن کمیشن پر ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات نہیں چاہتے، وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر تبدیل ہو۔

    ادھر پنجاب میں پرویز الہٰی کی بھی خواہش ہے کہ کچھ عرصہ حکومت ابھی چلے اور کچھ منصوبے مکمل کیے جائیں لیکن وہ اس کے لیے پابند ہیں کہ عمران خان جب کہیں گے انھیں اسمبلی توڑنا ہوگی۔

    تاہم دوسری طرف ن لیگ اور پی ٹی آئی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ مرکز اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں، اس سلسلے میں آصف علی زرداری کو منانا ہوگا، تاکہ سندھ میں بھی اسمبلی توڑی جا سکے۔

  • ” نواز شریف  پاکستان آرہے ہیں”

    ” نواز شریف پاکستان آرہے ہیں”

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا عمران خان نے جو پاکستان کےعوام کا حال کیا ہے،اس کا حساب لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا 70سالہ تاریخ کے سب سے زیادہ قرض عمران خان نے لیے اور یہ ملبہ ہماری حکومت پرڈال رہے ہیں۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے دورمیں کینسرکی دوائیں مفت ہواکرتی تھیں، ان لوگوں نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا، ساڑھے تین سال میں ہرچیز میں مہنگائی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ سارےچورعوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، انہوں نےاپنےہی لوگوں کوایمنسٹی دی، عمران خان کی وجہ سے معیشت آئی ایم ایف کی غلام بننے جارہی ہے۔

    عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ بنانا ریپبلک کی سازش رچی گئی ہے، ہم ریاست کو بچانے کے لیے آئے تھے، ہمارا فیصلہ ہے عوام پر کوئی بم نہیں گرایاجائےگا۔

    نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا ہماری ٹیم کی اسپرٹ ہے کہ نوازشریف واپس پاکستان آرہے ہیں ، نوازشریف پربے پناہ ظلم ڈھائے گئے اور بے بنیادالزامات پرسزادی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پیغام لیکر پاکستان آیا ہوں، عمران خان نے جو پاکستان کےعوام کا حال کیا ہے،اس کا حساب لیا جائے گا، پاکستان میں غربت کےخاتمےکےلیےہرحدتک جائیں گے۔

  • ‘حکومت کے پاس نواز شریف کی سزا ختم کرنے کا اختیار نہیں’

    ‘حکومت کے پاس نواز شریف کی سزا ختم کرنے کا اختیار نہیں’

    سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تاحیات نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا ہے، حکومت کے پاس ان کی سزا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا ہے کہ نوازشریف کی تاحیات نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا ہے، حکومت کے پاس ان کی سزا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

    بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف کو کرپشن پر سزا ہوئی جس کے خاتمے کا اختیار نیب کے پاس بھی نہیں، کرپشن میں سزا کے خلاف اپیل ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہے، کیس ختم کرانے کیلئے نواز شریف کو اعتراف جرم کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پلی بارگین ہوئی تو اس صورت میں نوازشریف کے تمام اثاثے ضبط ہونگے، جن میں مے فیئر اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بھی شامل ہیں جب کہ نیب کے جرائم ناقابل معافی نامہ اور نان کمپاؤنڈ ایبل ہیں۔

    سابق وفاقی وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل45 میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے، آرٹیکل45 کے تحت سزا میں کمی یا رعایت صدر کرسکتا ہے، این آر او 2 لینے والا امپورٹڈ وزیراعظم اپنے بھائی کو این آر او 3 دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قوم نے رجیم چینج اور امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا ہے، عوام پرامن مگر غصے میں ہیں، سب کو بروقت آنکھیں کھولنا ہوں گی، ایٹمی ملک بے یقینی میں سلیپ واک نہیں کر سکتا، آئینی بحران کے خاتمے کیلئے فوری الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

    بابر اعوان نے مزید کہا کہ عمران خان ملک بھر میں 12 جلسوں سے خطاب کریں گے۔

  • نواز شریف الیکشن مہم سے پہلے پاکستان واپس آنے پر آمادہ

    نواز شریف الیکشن مہم سے پہلے پاکستان واپس آنے پر آمادہ

    لندن : سابق وزیراعظم نوازشریف نے الیکشن مہم سے پہلے پاکستان واپس آنے پر آمادگی ظاہر کردی ، نواز شریف بھرپور طریقے سے الیکشن مہم چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب روانگی ڈاکٹروں کی اجازت سے مشروط کردی ، ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اجازت دی تو نواز شریف عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان واپسی کالائحہ عمل بنائیں گے، نواز شریف کو پارٹی رہنماؤں نے الیکشن مہم سے پہلے وطن واپسی کا مشورہ دے دیا ہے۔

    ن لیگ کے ذرائع کے مطابق نوازشریف نے الیکشن مہم سے پہلے پاکستان واپس آنے پر اظہارآمادگی کردیا ہے ، وہ بھرپور طریقے سے الیکشن مہم چلائیں گے۔

    گذشتہ روز پاکستانی حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا، جاری کردہ پاسپورٹ کی مدت 10 سال ہے، ترجیحی بنیاد پر عام کیٹیگری میں جاری کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ نواز شریف کو ڈپلو میٹک پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا، حکومت کی تبدیلی کے بعد پاسپورٹ کی تجدید کی ہدایت جاری کی گئی تھی، نواز شریف اب کسی بھی وقت پاکستان کیلئے روانہ ہوسکتے ہیں

  • بلاول بھٹو نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن روانہ

    بلاول بھٹو نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن روانہ

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو لندن روانہ ہوگئے جہاں وہ ن لیگ کے سربراہ نواز شریف سے خصوصی ملاقات کریں گے، صحافتی حلقوں میں اس ملاقت کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو وفد کے ہمراہ لندن میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے، پیپلزپارٹی نے نواز شریف سے ملاقات کیلئے وفد تشکیل دیدیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی پی وفد میں سید خورشیدشاہ، نوید قمر، قمر زمان کائرہ اور شیری رحمان شامل ہیں، وفد اراکین کابینہ اجلاس میں شرکت کے بعد آج لندن روانہ ہوں گے۔

    نواز شریف اور باول بھٹو زرداری کے درمیان لندن میں ہونے والے ملاقات میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پرغور ہوگا، بلاول بھٹو نوازشریف سے پنجاب میں انتخابی اتحاد پرمشاورت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صدر، چیئرمین سینیٹ، گورنر پنجاب پر بھی مشاورت کے ساتھ ساتھ ، وفاقی کابینہ کی توسیع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں بی این پی، اےاین پی اور محسن داوڑ کی کابینہ میں شمولیت پرغور ہوگا، اجلاس میں اتحادی حکومت کے حوالےسے تبادلہ خیال کیا جائے گا، لندن سے واپسی پر بلاول بھٹوکی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔

     

  • عدالت نے نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ کے اجراء کیخلاف درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق معزول وزیر اعظم نوازشریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا گیا۔

    عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ نواز شریف ایک اشتہاری مجرم ہے، حکومت کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکا جائے۔

    چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے کوئی آرڈر پاس کیا ہے ؟ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ اس کا فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا، وفاقی حکومت نے کونسا آرڈر پاس کیا ہے؟ وکیل نے کہا کہ یہ درخواست وفاقی حکومت کے پاس بھیج دیں۔

    جس کے جواب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غیر ضروری چیزوں کو کیسے بھیج دوں؟ کیوں نہ آپ کی درخواست کو جرمانے کے ساتھ خارج کر دوں؟

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نےمحفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی اور پٹیشنر وکیل پر5 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ محض اخباری تراشوں کی بنیاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے، سزا یافتہ اشتہاری کے لیے لازم ہے کہ وہ جیل جاکر سرنڈر کرے۔

    عدلت نے قرار دیا کہ ہم شک نہیں کرسکتے کہ حکومت سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں کے خلاف جائے گی، درخواست کے ساتھ کوئی ٹھوس مواد موجود نہیں، لہذا درخواست غیر ضروری قرار دے کر خارج کی جاتی ہے۔

    یاد رہے 3 روز قبل وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے بڑے بھائی میان نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ اور اسحاق ڈار کو عام پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ لندن میں پاکستانی مشن کو دونوں پاسپورٹ جاری کرنے کے احکامات دیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہیں۔ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل منسوخ کرا دیا گیا تھا ۔

  • بھائی  کے وزیراعظم بنتے ہی  نواز شریف نے  وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں

    بھائی کے وزیراعظم بنتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں

    اسلام آباد : شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں ، نواز شریف کا عید کے بعد وطن واپسی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالات سازگار ہوتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں ، ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا سامنا کریں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدم اعتماد کامیاب ہونے پر اپریل کے آخر میں سعودی عرب جائیں گے اور مئی کے پہلے ہفتے میں وطن واپسی کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے تقریباً دو سال سے لندن میں مقیم ہیں۔

    خیال رہے گذشتہ روز نواز شریف کے بھائی شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی مختصر رخصت کے باعث چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔

  • متحدہ اپوزیشن کا امتحان: نوازشریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کی تجویز مسترد کر دی

    متحدہ اپوزیشن کا امتحان: نوازشریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کی تجویز مسترد کر دی

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کی تجویز مسترد کر دی جبکہ آصف زرداری وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کے حامی تھے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کے درمیان معاملات ڈیڈ لاک کا شکار ہے اور ڈیڈ لاک کے باعث حکومتی اتحادیوں کی جانب سے بھی فیصلے میں تاخیر ہورہی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے متحدہ اپوزیشن کو امتحان میں ڈال دیا اور مریم نواز نے بھی والد کے مؤقف کی حمایت کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کی تجویز مسترد کر دی اور مؤقف میں کہا وزیراعظم کو ہٹاکر پنجاب میں تبدیلی آسان ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے کے حامی تھے اور انھوں نے واضح کیا تھا اتحادی بلاوجہ چھوڑ کر نہیں آئیں گے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ق لیگ کو وزارت نہ ملی تو پی پی عدم اعتماد سے پیچھے ہٹ جائے گی۔

    یاد رہے ق لیگ کو اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی تھی ، جس کے بعد ، ق لیگ نے آصف زرداری سے ن لیگ سے متعلق گارنٹی مانگ لی، آصف زرداری ق لیگ کو ن لیگ کی گارنٹی دینے کو تیار ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں ق لیگ کو اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کی پیشکش پر ن لیگ ارکان اسمبلی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    ن لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ ق لیگ کو کس حیثیت سے وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی ہے، پنجاب میں ن لیگ بڑی جماعت ہے اور ق لیگ چھوٹی جماعت ہے۔