Tag: nawaz speech

  • حکومتی ترجمانوں نے نوازشریف کی تقریر کو بھارتی بیانیہ قرار دے دیا

    حکومتی ترجمانوں نے نوازشریف کی تقریر کو بھارتی بیانیہ قرار دے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں حکومتی ترجمانوں نے نوازشریف کی تقریر کو بھارتی بیانیہ قرار دیتے ہوئے اداروں کے خلاف بیان بازی کی سخت مذمت کی، عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کااجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ، قرارداد اورنواز شریف کی تقریرکاجائزہ لیا گیا۔

    حکومتی ترجمانوں نے نوازشریف کی تقریر کو بھارتی بیانیہ قرار دیتے ہوئے اداروں کےخلاف بیان بازی کی سخت مذمت کی ، حکومتی اراکین نے کہا کہ نوازشریف کی تقریردشمن ملک کابیانیہ تھا، اداروں کےخلاف تقریر پر بھارتی میڈیا میں چرچےہوئے ، نواز شریف نے بھارتی پروپیگنڈا اور مؤقف کو پذیرائی دی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی اےپی سی ریاستی اداروں کوبدنام کرنےکی کوشش تھی، پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں، کئی ممالک کمزورفوج کے باعث تباہ ہوئے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نےایک بارپھربھارتی ایجنڈےکوفروغ دیا، یواین اجلاس سےپہلےافواج کوبدنام کرنابھارتی سازش کاحصہ ہے، بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کےخلاف سرگرم عمل ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستانی اداروں اورملک میں عدم استحکام چاہتاہے اور جنرل اسمبلی اجلاس سےقبل دنیاکی توجہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔

    اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت کواپنی مرضی کےجج اور افسران پسندہیں، تاریخ گواہ ہےنوازشریف اداروں کےسربراہان لاتے ہیں،پھران سے لڑتےہیں، اپوزیشن جماعتوں کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے۔

  • نوازشریف کی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید، سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

    نوازشریف کی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید، سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

    کراچی: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ کے نااہلی فیصلے پر تنقید کی جو قابل مذمت ہے جبکہ پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نوازشریف سیاسی طور پر ختم ہوچکے اب وہ اپنی بحالی کے لیے اداروں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

    سپریم اور لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلاء سے خطاب کے دوران نوازشریف نے عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید کی اور کہا کہ جمہوریت کو خفیہ سوراخوں سے ڈسا جاتا ہے، ایسے سوراخ ہم سب کو مل کر بند کرنا ہوں گے۔

    نوازشریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا نے نوازشریف کی تقریر نشر کر کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا، نوازشریف نے پھر اعلیٰ عدلیہ پر تنقید کی جو قابل مذمت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اب خواہش یہ ہے کہ سپریم کورٹ نیب کی نگرانی سے دور ہوجائے اور شاہی خاندان کے مقدمات کی تفتیش اُن کی خواہشات کے عین مطابق ہو، نااہل وزیراعظم آئین و قانون توڑنے کی بات کررہے ہیں۔

    پڑھیں: نواز شریف کو وکلا کنونشن سے خطاب کی دعوت، ہائیکورٹ بار کا اعلان لاتعلقی

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شریف خاندان نے نااہلی فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کردی تو عوام میں جاکر ایسی باتیں کیوں کی جارہی ہیں جن سے ملک میں اشتعال پیدا ہو۔

    دوسری جانب پی پی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نوازشریف نے تمام قومی اداروں پر سوال اٹھایا ہے وہ سیاسی طور پر ختم ہوچکے مگر اپنی بحالی کے لیے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں یہ اُن کا پرانا وطیرہ ہے۔

    پی پی رہنماء کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کچھ بھی کرلیں اب کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہ سیاسی طور پر ختم ہوچکے ہیں، نوازشریف ایسی تقاریر کر کے اداروں کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں تاکہ انہیں دوبارہ بحال کیا جائے، ملکی ماحول میں کشیدگی پیدا کر کے اسے خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔