Tag: naya pakistan

  • باہر علاج کرانے والوں کوکیاپتہ غریب پر کیا گزرتی ہے؟

    باہر علاج کرانے والوں کوکیاپتہ غریب پر کیا گزرتی ہے؟

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزادر کی کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف اتنی مہم چلائی گئی جو کبھی کسی کیخلاف نہیں دیکھی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے برطانیہ میں صحت انشورنس سسٹم نے متاثر کیاتھا لیکن ہمارا صحت کارڈ منصوبہ امیرملکوں سے بھی آگے نکل گیا ہے، کوئی بھی خاندان نہ صرف سرکاری بلکہ نجی اسپتالوں سے بھی علاج کراسکتا ہے۔

    امیر ممالک میں ہیلتھ انشورنس کےلیے پریمیم دینا پڑتا ہے لیکن ہمارے ہاں ہر خاندان کو ہیلتھ کوریج ملے گی، ہم پوری دنیا کے لیے مثال بنیں گے، کہ اصل میں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کےخلاف پراپیگنڈا کیا گیا، ان کیخلاف جتنی مہم چلائی گئی میں نے کبھی نہیں دیکھی، جب سروے ہوا تو عثمان بزدار نمبر ون وزیراعلیٰ بن گئے۔

    سابق حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے کے وزیراعلیٰ ہیٹ پہن کر گھومتے تھے،کھانسی بھی آتی تھی تو علاج کے لیےبیرون ملک جاتےتھے، باہر علاج کیلئےجانےوالوں کو کیا پتہ غریب پرکیا گزرتی ہے؟ غریب علاقوں میں لوگ اسپتال کے راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں

    وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے سربراہان مملکت یہ سمجھتے رہے کہ ملک میں پہلے خوشحالی آئے گی پھر ہم اسے فلاحی ریاست بنائیں گے، لیکن میں اس کے برعکس سمجھتا ہوں، ہم نے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی کبھی کوشش ہی نہیں کی، مدینے کی ریاست میں انسانیت اوراحساس تھا، ہیلتھ کارڈ کے بعد لوگوں کو تعلیم کے شعبے میں بھی سہولیات دیں گے، یونیورسٹیزاورکالجز میں رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ پڑھایا جائے گا۔

  • نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، عمران خان

    نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ وفاقی اور چیف سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کرنا اور غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنا ہے، موجودہ فضا کو مزید بہترکرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کیلئے روایتی طریقوں کو خیرآباد کہنا ہوگا، نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، تبدیلی کا اعتراف عالمی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کا حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پراعتماد حوصلہ افزاء ہے،روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے اور برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

    اجلاس کے دوران وفاقی اور چیف سیکرٹریز نے ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں جنہیں وزیر اعظم نے سراہا۔

  • وزیر اعظم کا قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار مستحقین کو گھر دینے کا اعلان

    وزیر اعظم کا قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار مستحقین کو گھر دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بینکوں سے قرض لے کر گھر بنانے کے لئے قانون سازی کر رہے ہیں،  حکومت موقع دے گی کہ آپ اپنی تنخواہ سے گھر  بناسکیں ْ

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے نئے پراجیکٹ کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا.  انھوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو پورے ملک میں لے کر جائیں گے.

    وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اسکیم حکومت پرائیوٹ سیکٹر سے مل کر شروع کررہی ہے، حکومت کے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ 50 لاکھ گھر بنا سکے، البتہ حکومت کے پاس پورے ملک میں زمین پڑی ہوئی ہے.

    انھوں نے کہا کہ 10 ہزار گھر اُن کے لئے ہوں گے، جو پیسوں سے گھر نہیں خرید سکتے، قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار گھر غریبوں کو  دیے جائیں گے، قرعہ اندازی کے ڈیڑھ سال بعد یہ گھر دے دیے جائیں گے، کچی بستیوں میں رہنےوالےبرے حالات میں رہتے ہیں.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں 40فیصد لوگ کچی آبادی میں رہتے ہیں، کراچی میں آدھی زمین پرکچی آبادی کے عوام کے لئے گھر بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکا میں 80 سے 90فیصد لوگ قرض لے کر گھر بناتے ہیں، یہاں یہ معاملہ نہیں، ہم نیا قانون بنائیں گے. اس طرح کی اسکیمیں ترکی ،بھارت اورملایشیا میں بھی آئیں، تنخواہ دار طبقہ، سرکاری ملازمین چھوٹی قسطیں دےکر گھر تعمیر کر سکیں گے.

  • سہ ماہی کارکردگی، وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

    سہ ماہی کارکردگی، وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا، نومبر2018 سے اب تک کی کابینہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم ہاؤس نے اس ضمن میں کابینہ میں شامل تمام وزیروں کو متعلقہ محکموں کی تیاری کے لیے دو ہفتے کا وقت دیتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا۔

    ذرائع کے مطابق وزارتوں کو رپورٹ پر بریفنگ کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا، جس کے بعد وزیر اعظم وزرا سے سوال جواب بھی کریں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا اہم مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے۔

    یاد رہے کہ نئے پاکستان میں حکومت نے سو دن پورے ہونے پر کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا جس کے تحت تمام وزیروں نے رپورٹس وزیراعظم کو ارسال کی تھیں۔

    رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ تمام وزرا کی کارکردگی مجموعی طور پر بہتر رہی جبکہ وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید کے اقدامات قابل ذکر رہے تھے۔ دونوں وفاقی وزراء نے سو روزہ اہداف بر وقت مکمل کیے ، شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب ،مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا تھا۔

    سفارت کاری اور غیر ملکی رابطوں کے حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی بھی شاندار رہی تھی جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سرکاری اراضی واگزار کرانے میں سرفہرست تھے۔

    اسی طرح وفاقی وزیر آبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا نے بھی مطلوبہ اہداف حاصل کر لئے تھے، 40 روزہ وزارت میں داسو ڈیم اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے اور ملک میں پہلی بار صوبوں کو ٹیلی میٹرز کی تنصیب پر راضی کیا گیا۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سےعوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے: وزیر اعظم

    نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سےعوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل  آگاہ رکھا جائے.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں‌ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا.

    اجلاس میں میاں محمود الرشید،علیم خان، چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس شریک ہوئے، اس موقع پر پراجیکٹ کے قانونی اورانتظامی اقدامات پراب تک کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا کام تقریباً مکمل کیا جا چکا ہے، جب کہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل حتمی شکل اختیارکرچکا ہے.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کل لاہور میں شیلٹر ہوم پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم کو مطلع کیا گیا کہ گھروں کی  خریداری کے لئے فنانسنگ کا ماڈل، ٹیکس رعایت کا کام حتمی مراحل میں ہے، اٹارنی جنرل کی معاونت سے فور کلوژر لاز کو حتمی شکل دی جائے، لاہور اور اسلام آباد میں 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا، رینالہ خورد،چشتیاں،لودھراں میں جلد ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا.

    اس موقع پر غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، اس ضمن میں‌خصوصی سیل بورڈ آف انویسٹمنٹ میں قائم کیا جائے گا.

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ: پنجاب کے 5 شہروں میں سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ: پنجاب کے 5 شہروں میں سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے 5 شہروں میں وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں سے 2 شہروں میں اگلے ہی ماہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو وسعت دیتے ہوئے صوبہ پنجاب کے مزید 5 شہروں میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان شہروں میں فیصل آباد، سیالکوٹ، چشتیاں، چنیوٹ اور لودھراں شامل ہیں۔

    فیصل آباد اور سیالکوٹ میں دسمبر میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا جبکہ بقیہ 3 شہروں لودھراں، چشتیاں اور چنیوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری میں رکھا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ منصوبے کے سنگ بنیاد کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر 3 مرلہ کے گھر بنائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کے مطابق منصوبے کے تحت 25 فیصد جگہ پر 5 مرلہ گھر اور بقیہ 25 فیصد جگہ پر فلیٹ بنیں گے۔ منصوبے کے تحت پانچوں اضلاع میں 10 ہزار کے قریب گھر تعمیر ہوں گے۔

    میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر منصوبے کے مقامات پر اسکول، ڈسپنسری اور مسجد تعمیر کرنے کا بھی پابند ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملک بھر میں 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے جن کا مقصد غریب طبقے کے عوام کو کم قیمت میں گھر فراہم کرنا ہے۔

  • عطا اللہ عیسیٰ خیلوی اسپتال میں داخل

    عطا اللہ عیسیٰ خیلوی اسپتال میں داخل

    لاہور: فوک گلوکاری کی دنیا میں اپنی علیحدہ شناخت بنانے والے عطا اللہ عیسی خیلوی کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عطا اللہ عیسی خیلوی کی گزشتہ روز اچانک طبیعت ناساز ہوئی جس کے بعد انہیں سرگودھا کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق فوک گلوکار کے پتے میں پتھری ہونے کے باعث انہیں شدید درد اٹھا تھا، عطا اللہ عیسی خیلوی کا آپریشن کر کے پتے کو نکالا جائے گا۔

    اہل خانہ نے مداحوں اور تمام پاکستانیوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

    یاد رہے کہ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے سرائیکی گانوں اور مخصوص انداز کی وجہ سے عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی، گلوکار نے اب تک سب سے زیادہ میوزک البم ریلیز کیے جس کی وجہ سے 1994 میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ کیا گیا۔

    عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا تعلق میانوالی سے ہے، آپ نے لوک گلوکاری کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی گانے گائے جن میں سے ایک قمیص تیری گالی ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے آپ کو 1991 میں پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایواڈ میں دیا جاچکا ہے۔

    گلوکار نے تحریک انصاف کے لیے بھی ’بنے گا نیا پاکستان‘ کے نام سے خصوصی گانا گایا، پی ٹی اآئی کا کوئی بھی جلسہ یا پارٹی میٹنگ ایسی نہیں ہوتی تھی جس میں اس ترانے کو نہ چلایا جائے۔

    عطا اللہ عیسی خیلوی کی علالت پر اُن کے مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

  • ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزار قائد پر حاضری کے دوران دو درجن سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول لے کر وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی آمد کے موقع پر شہریوں کو سڑکوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑگیا، ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد آج کراچی کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی، لیکن مزار قائد پر حاضری کے دوران بھی اطراف کی سڑکیں بن رہی۔

    قائد اعظم کے مزار کے موقع پر ان کے ہمراہ اگورنر سندھ عمران اسمعٰیل اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود ہے، ان کے علاوہ بھی شہر کی کئی معزز شخصیات نے صدرِ مملکت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔

    دورہ کراچی کے موقع پر صدر مملکت کے قافلے میں30 کے قریب گاڑیاں پروٹوکول میں شامل تھیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کراچی کے عالمی ہوائی اڈے سے دو درجن سے زائد گاڑیوں کے پروٹوکول میں اپنے گھر جارہے ہیں جبکہ آج صبح مزار قائد پر حاضری کے موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ بھاری پروٹوکول تھا اور اطراف کی سڑکیں بھی بند تھیں۔

    اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 13 ویں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول لیے جانے پر شہریوں کی تنقید کا جواب سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے حکام کو بھاری پروٹوکول دینے سے منع کیا تھا تاہم انہوں نے میری بات نہ مانی‘۔

  • نئے پاکستان میں پی آئی اے کو نقصان سے نکال دیں گے، سی ای او مشرف رسول سیاں

    نئے پاکستان میں پی آئی اے کو نقصان سے نکال دیں گے، سی ای او مشرف رسول سیاں

    کراچی : پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیاں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نئے پاکستان میں پی آئی اے پہلا قومی ادارہ ہوگا جس کی حالت تبدیل ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈ آفس میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مشرف رسول کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں جلد ہی نئے جدید طیارے شامل کریں گے اور ہم حکومت کو کہیں گے کہ اپنے بزنس پلان میں پی آئی اے کی معاونت کریں، بہت جلد پالیسی تبدیل کرکے پی آئی اے کا نقصان مکمل ختم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے دس ماہ میں روینیو میں اضافہ کیا ہے، مشکل حالات ضرور ہیں لیکن مناسب منصوبہ بندی سے اس مشکل سے نکل سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین ادارے کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اچھی پرفارمنس پر ملازمین کو مراعات بھی دی جائیں گی ،پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں طیاروں کی مرمت کے اخراجات میں کمی لے کر آئے ہیں اور ایک سنگ میل کے تحت پی آئی اے دوسرے ممالک کے طیاروں کی مینٹینس اور اووہالنگ کررہا ہے جس سے ادارے کو کروڑوں روپے روینیو حاصل ہورہا ہے ۔

  • پنجاب میں 141 ارکان کی حمایت مل گئی، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    پنجاب میں 141 ارکان کی حمایت مل گئی، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں اس نے نمبر گیم پورا کر لیا، حکومت سازی کے لیے 141 ارکان کی حمایت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریکِ انصاف کو مطلوبہ تعداد میں ارکان کی حمایت مل گئی، فواد چوہدری نے ٹارگٹ مکمل ہونے کا دعویٰ کر دیا۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے ان کی اکثریت واضح ہوگئی ہے، پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا ’کچھ دیرمیں پرویزالٰہی کی عمران خان سے ملاقات ہوگی جس کے بعد ارکان کی تعداد 150 تک پہنچ جائے گی۔‘

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ق لیگ سمیت آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ ہمارا ٹارگٹ مکمل ہو جائے گا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کسی اتحادی جماعت سے نہیں ہو گا۔

    مرکز میں حکومت سازی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن، ایم کیوایم کی 6 سیٹوں کے لئے سرگرم

    خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی وفاق میں بہ آسانی حکومت بنا لے گی، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر بھی نمبر پورے ہیں۔

    دوسری طرف مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، غالب امکان ہے کہ وہ پنجاب میں بھی اپوزیشن جماعت کا کردار ادا کریں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔