Tag: Naz Baloch

  • صادق سنجرانی صاحب جا رہے ہیں، حاصل بزنجواگلے چیئرمین سینیٹ ہوں گے، ناز بلوچ

    صادق سنجرانی صاحب جا رہے ہیں، حاصل بزنجواگلے چیئرمین سینیٹ ہوں گے، ناز بلوچ

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا صادق سنجرانی صاحب جارہے ہیں، حاصل بزنجواگلے چیئرمین سینیٹ ہوں گے، اپوزیشن کوواضح برتری حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا نمبرگیمز میں اپوزیشن کوواضح برتری حاصل ہے، صادق سنجرانی صاحب جارہے ہیں۔

    نازبلوچ کا کہنا تھا کہ حاصل بزنجواگلےچیئرمین سینیٹ ہوں گے، چیئرمین سینیٹ کا عہدہ صدر کے بعد بڑا عہدہ ہے۔

    یاد رہے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کےخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ آج ہوگی، تحریک عدم اعتمادکامیاب کرانے کیلئے اپوزیشن کو کم ازکم ترپن ووٹ درکار ہے ، اپوزیشن کامیاب ہوئی تو میر حاصل بزنجوچیئرمین سینیٹ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : چیئرمین سینیٹ کون؟ رائے شماری آج ہوگی

    سینیٹ اجلاس اور قرارداد سے متعلق تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور قرارداد سے متعلق بیلٹ پیپر تیار کرلیا گیا ہے۔

    سینیٹ سیکرٹریٹ نے قرارداد پر ووٹ کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا قرارداد پر خفیہ رائے شماری کرائی جائے گی ، ہر رکن حروف تہجی کے حساب سے اپنا بیلیٹ پیپر حاصل کرے گا، قرارداد کے حق یا مخالفت میں ووٹ دیکر بیلیٹ باکس میں ڈالنا لازمی ہوگا ، ارکان پر پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پرپابندی عائد ہے۔

    سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپر کسی کو دکھانا یا تصویر بنانا سختی سے منع ہے، ووٹ کی رازداری کوہرحال میں یقینی بنایاجائے گا، قرارداد پر رائے شماری بذریعہ خفیہ بیلٹ ہوگی۔

    خیال رہے سینیٹ میں مجموعی طورپر ایک سو تین ارکان ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے ایک سو تین میں سے چونسٹھ ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حکومت کے پاس مجموعی طور پر انتالیس ارکان ہیں۔

    پی پی،ن لیگ،نیشنل پارٹی،پی کے میپ، جے یو آئی ف، اے این پی حکومت کے خلاف ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایم کیوایم، آزاد ارکان، فنکشنل لیگ، بی این پی مینگل اورآزاد ہیں، ایوانِ بالا میں قرارداد کی منظوری کے لیے صرف ترپن ووٹ درکار ہیں۔

  • پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو کابینہ میں نہیں لیا، ناز بلوچ

    پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو کابینہ میں نہیں لیا، ناز بلوچ

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو کابینہ میں نہیں لیا جبکہ عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے کہ میزبان عادل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمارے بھی وزیراعظم ہیں اور ہمارے لئےقابل احترام ہیں۔

    بہت اچھی بات ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اپنائی ہے، حکومت کو کام کرنے کا پورا موقع دیں گے، جہاں غلطی ہوگی وہاں نشاندہی کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا تحریک انصاف میں بہت اہم کردار ہے، پی ٹی آئی پنجاب میں بہت اچھے اچھے نام ہیں، عثمان بزدار کے بجائے ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا دینا چاہئے تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیئے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو وفاقی کابینہ میں نہیں لیا۔

    کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے، عامر لیاقت 

    علاوہ ازیں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ یہ کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے، پنجاب میں سینیئر رہنما نامزد وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی رہنمائی کریں گے، جہاں ہم غلط ہوں اپوزیشن اس کی نشاندہی کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے سے دستبردار نہیں ہوئی ہے، علی زیدی کو پورٹ اینڈشپنگ کی وزارت مل جائے گی جبکہ علی زیدی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی لینا چاہتے تھے۔

  • عمران خان کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر ناز بلوچ کا جواب

    عمران خان کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر ناز بلوچ کا جواب

    کراچی: تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والی رہنماء ناز بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی اور اچھے الفاظ میں تذکرہ کیا جس پر میں اُن کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے سابق خاتون رہنماء کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد بھی ناز بلوچ نے جھوٹ نہیں بولا۔

    عمران خان نے کہا کہ مجھے ناز بلوچ کا انداز بہت پسند آیا کہ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کے بعد کسی پر بھی کوئی جھوٹا الزام نہیں لگایا، یہ کردار ایک اچھی شخصیت کی غمازی کرتا ہے اس لیے میں ناز بلوچ کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔

    چیئرمین کی جانب سے دوبارہ شمولیت کی دعوت دینے پر ناز بلوچ نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف میں بھی حق اور سچ کی بات کی، سیاست میں احترام کا رشتہ ہمیشہ برقرار رہنا چاہیے۔

    مکمل انٹرویو پڑھیں: عائشہ گلا لئی کے الزامات کے بعد عمران خان کا پہلا انٹرویو

    قبل ازیں عمران خان نے اے آر وائی نیوز کو دیے جانے والے انٹرویو میں نازبلوچ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں خواتین کو یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی پارٹی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے جس کے باعث کئی مسائل پیدا ہوئے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا تھا کہ ناز بلوچ پارٹی چھوڑ گئیں مگر انہوں نے میرے کردار کی تعریف کی کیونکہ سب جانتے ہیں کہ خواتین سے بدسلوکی کے پارٹی معاملات میں ہی دیکھتا ہوں اور پوری قیادت کو واضح احکامات دیے ہیں کہ اگر کوئی ایسے معاملے میں ملوث پایا گیا اُس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    پڑھیں: تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

    یاد رہے گزشتہ ماہ تحریک انصاف کی سابق خاتون رہنماء نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے شکوہ کیا تھاکہ پی ٹی آئی کی قیادت کراچی کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے جس کی وجہ سے کارکنان نالاں ہیں اور پارٹی ختم ہوگئی ہے۔

  • عمران خان خواتین کی عزت کرتے ہیں،  ناز بلوچ

    عمران خان خواتین کی عزت کرتے ہیں، ناز بلوچ

    کراچی : پی ٹی آئی کی سابق رکن اور پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ کا کہنا ہے کہ عمران خان خواتین کی عزت کرتے ہیں، عمران خان یا دیگر قیادت نے کبھی کوئی غلط بات نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دینے والی ناز بلوچ نے عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی کارکن رہی ہیں،کبھی پارٹی میں ایسی کوئی چیز نہیں دیکھی، جب تک پارٹی میں رہی عمران خان نےاحترام کیا۔

    ناز بلوچ نے کہا کہ 7سال میں مجھے ایسا کوئی میسج نہیں کیا گیا، عمرن خان خواتین کی عزت کرتے ہیں، عمران خان یا دیگر قیادت نے کبھی کوئی غلط بات نہیں کی۔


    مزید پڑھیں :  تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، عائشہ گلالئی


    یاد رہے گذشتہ روزعائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا اور پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی پر سنگین الزام لگاتے ہوئے عمران خان اور رہنماؤں کے کردار پرانگلی اٹھادی، عائشہ گلالئی نے کہا تھا کہ پارٹی میں عزت دارخواتین کی عزت نہیں، چئیرمین خود بھی خواتین کی عزت نہیں کرتے، پارٹی میں اخلاقیات نہیں اس لیے چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور قیادت خواتین کارکنان کو نازیبا میسجز کرتی ہے، جس کی وجہ سے کئی خواتین کارکنان نالاں ہیں، میں این اے ون کا ٹکٹ نہیں مانگا، نہ ہی جلسے میں تقریر کا معاملہ تھا، ٹکٹ کی تقسیم میں ابھی 10 ماہ کا وقت ہے، مجھے ٹکٹ نہیں چاہے اور نہ ہی اس کی خواہش مند ہوں۔،


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • تحریک انصاف اپنی پالیسیوں کیوجہ سے ختم ہورہی ہے، ناز بلوچ

    تحریک انصاف اپنی پالیسیوں کیوجہ سے ختم ہورہی ہے، ناز بلوچ

    کراچی: تحریک انصاف کی سابق رہنماء ناز بلوچ نے کہا ہے کہ پارٹی کے فیصلے پہلے عمران خان کرتے تھے مگر اب پارٹی پالیسی کوئی اور بناتا ہے، چار پانچ جماعتیں تبدیل کرنے والے لوگوں کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہا جارہا ہے جس کی وجہ سے کارکن ناراض اور  تحریک انصاف ختم ہورہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا کہ مجھے عمران خان سے کوئی گلہ نہیں مگر حقیقت یہ  ہے کہ اپنی ہی پارٹی پالیسیوں کی وجہ سے تحریک انصاف ختم ہوتی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارٹی کے فیصلے پہلے عمران خان کرتے تھے مگر اب ایسا نہیں ہورہا، چار پانچ جماعتیں تبدیل کرنے والے لوگوں کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا گیا اور فیصلوں کا اختیار بھی دیا گیا جس کی وجہ سے عام کارکن سخت ناراض ہے۔

    پڑھیں: تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

    ناز بلوچ نے کہا کہ دوسری پارٹیوں سے آنے والے لوگ پوچھتے ہیں ’’ناز بلوچ کون ہے اور شاید وہ کوئی عام کارکن ہے‘‘، میں تحریک انصاف کی عام کارکن تھی اور ہمیشہ پارٹی کے لیے اصولوں کے عین مطابق کام کیا اس لیے پارٹی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن بھی لڑا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی میں پیدا ہونے والی برائیوں کی مسلسل نشاندہی کی مگر کسی نے بات تک نہیں سنی، کراچی سے پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ختم ہورہا ہے مگر چاہتی تھی کہ عمران خان شہر قائد کو زیادہ وقت دیں تاہم ایسا نہ ہوسکا اس کی اہم وجہ یہ بھی ہے کہ پارٹی کے فیصلے اب دوسری جماعتوں سے آنے والے لوگ کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ناز بلوچ کون ہیں؟ نہیں جانتے،شاید عام سی کارکن ہوں، فواد چوہدری و شبلی فراز

    ناز بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ دوسری جماعتوں سے آنے والے لوگوں کو ویلکم کر کے عام کارکن کو نظر انداز کیا جارہا ہے، جب دوسری پارٹی سے لوگ آسکتے ہیں تو تحریک انصاف کے لوگوں کو دوسری جماعت میں جانا بھی ممکن ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

    تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نےپی پی پی میں شمولیت اختیارکرنے کا اعلان کردیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےتحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھر لوٹ آئی ہیں۔

    ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تاہم یہ نعرہ لگاتے ہوئے پارٹی خود تبدیل ہوگئی اور یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔

    ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کی بیٹی ہونے کے ناطے عمران خان کا ساتھ دیا تھا، تحریک انصاف کے لیے میری قربانیاں سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا وقت گزرا،اس لیے کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتی۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی توجہ صرف پنجاب اورمرکز پرمرکوز ہے، عمران خان چند ہی گھنٹوں کے لیے کراچی آتے ہیں اور انہیں کارکنوں سے دور رکھا جاتا ہے۔

    واضح رہےکہ نازبلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نوجوانوں کو آگئے لانے کا نعرہ لگایا لیکن آج عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہونے والے نوجوان نہیں ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔