Tag: nazimabad

  • ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم  الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد کیا جانے والا علاقہ ناظم آباد اب برباد ہے!

    کراچی کا علاقہ ناظم آباد بارش کے بعد اُبلتے گٹروں، سیوریج کے بد حال نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر سے جھوجھ رہا ہے۔ علاقے میں اٹھتا تعفن، کھلے گٹر شہریوں کے لیے ذہنی کوفت کا باعث بن چکے ہیں۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود نہ نکاسی ہو سکی نہ سیوریج لائن کی درستگی ممکن ہوئی۔

    پاکستانی نوجوان نے موبائل سے گاڑی چلا کر سب کو حیران کر دیا

    بارش کے بعد مختلف بلاکس میں کھلے مین ہول، ابلتے گٹر، سیوریج کا بوسیدہ نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر ہر طرف بربادی کی داستان بیان کرتے ہیں۔ معروف شخصیات، کھیل کے میدان، لائبریریاں، مشہور کالجوں سے جانا جانے والے ضلع وسطی کے اس پوش علاقے کی پہچان اب گرد آلود فضا، کئی کئی عرصے سے جمع تعفن زدہ سیوریج کا پانی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں بن چکی ہیں۔

    علاقہ مکین کہتے ہیں شکایتیں بہت کر لی ہیں، کوئی سننے والا نہیں۔ بد حال بلدیاتی نظام کے باعث علاقے میں قائم سرکاری کالج، پلے گراؤنڈ اور اسکول سمیت شہری بھی متاثر ہیں، جب کہ سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر نے علاقہ مکینوں کو ذہینی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے لیکن متعلقہ ادارے ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی : فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا

    کراچی : فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا

    کراچی : ناظم آباد عیدگاہ کے قریب فوڈ ڈلیوری کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی، 5 گھنٹے بعد بھی  آگ نہ بُھج سکی۔

    کراچی کے علاقے ناظم آباد فوڈ ڈلیوری کے گودام میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 5گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا فائر فائٹرز گودام کے بیسمنٹ میں داخل نہیں ہوسکے۔

    انہوں نے بتایا کہ گودام غیر قانونی طور پربیسمنٹ میں بنایا گیا تھا اور بیسمنٹ میں جانے کیلئے ایک ہی راستہ موجود ہے۔

    فائر بریگیڈ کے عملے کو بیسمنٹ میں دھواں بھرجانے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع9 بج کر7منٹ پر موصول ہوئی تھی، ویئر ہاؤس عمارت کی بیسمنٹ میں قائم ہے جہاں کوئی ایگزٹ پوائنٹ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 8 فائر ٹینڈرز اور 2واٹر باؤوز آگ بجھانے میں مصروف ہیں, ہیوی مشینری کی مدد سے گودام کی دیوار توڑ رہے ہیں، آتش زدگی کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ویئر ہاؤس میں لگنے والی آگ سے متعلق گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب سے رابطہ کیا ہے۔

    گورنرسندھ نے آگ کی شدت اور بجھانے کے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا جس کے جواب میں مئیر کراچی نے بتایا کہ آگ بیسمنٹ میں لگی ہے اور وہاں جانےکا کوئی راستہ نہیں مل رہا۔

    مئیر کراچی نے انہیں بتایا کہ آگ پر قابو پانےکی کوشش کررہے ہیں جلد از جلد قابو پایا جائے گورنر سندھ نے کہا کہ آگ کے حوالے سے مجھے ہرگھنٹے میں اپ ڈیٹ دی جائے۔

  • سخت جان ڈاکو کیسے پکڑا گیا، کیسے تماشا دیکھنے والا شہری زخمی ہوا؟

    سخت جان ڈاکو کیسے پکڑا گیا، کیسے تماشا دیکھنے والا شہری زخمی ہوا؟

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں مسلح لٹیرے اور شہریوں کے درمیان خوف ناک جدوجہد پر مبنی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی شہری مل کر سخت جان ڈاکو کو پکڑنے کی تگ و دو کر رہے ہیں، اور اس دوران کئی گولیاں چلتی ہیں اور ایک شہری گولی لگنے سے زخمی ہو جاتا ہے۔

    واقعے میں ملوث ڈاکو بھی مکینوں کے ہاتھوں تشدد کے بعد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    یہ واقعہ جمعہ کے روز کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 7 میں رات ساڑھے 9 بجے کے بعد پیش آیا تھا، ایک لٹیرے نے پستول کے زور پر نماز کے بعد گھر کے باہر کھڑے شہری کو لوٹا، جیسے ہی وہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہونے لگا، شہری نے پیچھے سے لپک کر اسے پکڑ لیا۔

    دونوں کے درمیان کچھ دیر تک جدوجہد جاری رہی، شہری اسے قابو کرنے کی پوری کوشش کر رہا تھا، اس دوران موٹر سائیکل گر گئی تاہم ڈاکو کے پیر اس میں پھنسے رہے جس کی وجہ سے وہ سنبھل نہیں پایا، اور شہری نے اس کے پستول والے ہاتھ کو پھر سے پکڑنے کی کوشش شروع کر دی۔

    مزاحمت کے دوران، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ پستول سے گولی چلی اور شعلہ لپکتا دکھائی دیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

    کچھ ہی دیر بعد آس پاس مزید لوگ جمع ہونے لگے، اور دو افراد نے جھجھکتے ہوئے ڈاکو کے قریب آ کر اسے پکڑنے کی ہمت کی، اور ممکنہ گولیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے اسے قابو کرنے لگے۔

    ڈاکو بڑا سخت جان ثابت ہوا، تاہم مزید افراد آنے کے بعد انھوں نے ڈاکو کو قابو کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، اس سے قبل ڈاکو نے جان بچانے کے لیے کئی گولیاں چلائیں، کئی منٹ تک شہری اور ڈاکو آپس میں گتھم گتھا رہے، اور 4 افراد مل کر بھی ایک ڈاکو سے پستول چھیننے میں ناکام نظر آئے۔

    لوگوں کے نیچے پھنسے ڈاکو کو علاقہ مکینوں نے مار مار کر بے حال کر دیا تھا، بدترین تشدد کا نشانہ بنتے ڈاکو نے پھر سے گولی چلا دی، جو گھر کے دروازے کے پاس کھڑے فہد نامی ایک شخص کی ٹانگ میں جا لگی، گولی لگتے ہی شہری کو لنگڑا کر کار کے پیچھے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے جدوجہد کے بعد ڈاکو کو آخر کار قابو کر ہی لیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا، شدید زخمی ڈاکو اور شہری دونوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈاکو ہلاک

    واقعے میں ملوث ڈاکو بھی مکینوں کے ہاتھوں تشدد کے بعد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اے آر وائی نیوز نے ڈاکو کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا۔

    ہلاک ڈاکو شیر افضل پر مقابلے کے 2 کیسز درج تھے، وہ 2013 میں پولیس مقابلہ کیس میں قید ہو چکا تھا، شیر افضل 2011 میں غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی گرفتار ہوا تھا، اس کے پاس سے گلاک درہ پستول برآمد ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تشدد سے ہلاک ڈاکو انتہائی خطرناک تھا۔

  • کراچی: ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، وجہ کیا تھی؟

    کراچی: ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، وجہ کیا تھی؟

    کراچی: شہر قائد میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر چار کے ایک گھر میں فائرنگ سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 پر کال موصو ل ہوئی اور جب اہلکار جائے حادثے پر پہنچے تو گھر میں دو خواتین کی لاشیں پڑی تھیں ،جن کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ دونوں ماں بیٹی تھی۔

    واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ماں بیٹی گھر میں اکیلے تھے، ایک بجے کے قریب گھریلو ملازمہ آئی تو لاشوں کا علم ہوا، ایک لاش صوفے پر ملی دوسری بیڈ پر موجود تھی، جائے واردات سے نائن ایم ایم کا ایک خول اور ایک سکہ ملا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ادھیڑ عمر چاچا ڈکیت گرفتار

    پولیس کے مطابق مقتولہ روبینہ کے شوہر کی دو شادیوں کی اطلاع ملی ہے، مقتولہ کے شوہر کا دوسرا گھر گلشن میں ہے۔

    قتل سے متعلق پولیس نے بتایا کہ دونوں خواتین کو سر میں گولی ماری گئی ہے، واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے، ممکنہ طورپر مقتولین قاتل کو جانتے تھے، تاہم مزید شواہد حاصل کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

  • پرائیویٹ اسکول انتظامیہ نے دو ماہ کی فیس لے کر اسکول بند کردیا، والدین پریشان

    پرائیویٹ اسکول انتظامیہ نے دو ماہ کی فیس لے کر اسکول بند کردیا، والدین پریشان

    کراچی : ناظم آباد میں نجی اسکول کی انتظامیہ نے والدین اور طالب علموں کو دھوکہ دے دیا۔ دو ماہ کی فیس ایڈوانس وصول کرکے اسکول کو بغیراطلاع کے بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد لائسنس آفس کے قریب ایک نجی اسکول میں طلباء وطالبات اور والدین نے ہنگامہ آرائی کردی۔

    مشتعل احتجاجی والدین نے اسکول کا دروازہ بھی توڑ دیا، والدین کا کہنا ہے کہ نجی اسکول کی انتظامیہ نے دوماہ کی ایڈوانس فیس وصول کرنے کے بعد اسکول کو بند کردیا اور اسکول بند کرنے سے پہلے نوٹس بھی نہیں دیا گیا، اسکول میں زیر تعلیم طالب علموں کے والدین سخت پریشان ہیں کہ بچوں کو کہاں لے کرجائیں۔

    متاثرہ والدین نے سندھ حکومت سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، اسکول میں ساڑھے چارسو طالب علم زیرتعلیم تھے۔

  • کراچی: ناظم آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام‘  1 ڈاکو ہلاک

    کراچی: ناظم آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام‘ 1 ڈاکو ہلاک

    کراچی : شہرقائد کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناظم آباد کے علاقے پاپوش میں پولیس نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکومارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق 4 ڈاکو گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے، 15 پراطلاع ملنے پر پولیس بروقت موقع پر پہنچی۔

    ایس ایس پی عرفان بلوچ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں اورڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے بفرزون میں رات گئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلر کو گرفتارکیا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں اویس عرف شاہ اور عابد عرف نانا شامل ہے، ملزمان نے سب انسپکٹر مجیدآغا، کانسٹیبل نذیر اور اے ایس آئی سمیت 6 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

  • چھت پر پالے گئے8 بیلوں کو کرین کے ذریعے اتارا گیا

    چھت پر پالے گئے8 بیلوں کو کرین کے ذریعے اتارا گیا

    کراچی: ناظم آباد میں سال بھر مکان کی چھت پر پالے گئے قربانی کے جانوروں کو نیچے لانے کیلئےکرین منگوائی گئی تو علاقہ مکین گلی میں جمع ہوگئے۔ بچوں اور بڑوں کا ہجوم لگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے رہائشی اعجاز نامی شہری پورا سال اپنے گھر کی چھت پر گائے بیل پالتے ہیں اور انہیں چھت سے اتارنے کیلئے کرین کا استعمال کرنا پڑتا ہے، ناظم آباد کے رہائشی ہر سال یہ منظر دیکھتے ہیں۔

    اس موقع پر گلی میں علاقہ مکینوں کا ایک ہجوم لگ جاتا ہے، خاص طور پر پر وہاں موجود بچوں کی حالت دیدنی ہوتی ہے دیگر لوگ بھی اس منظر کو اپنے موبائل فون میں ویڈیو کی شکل میں قید کر لیتے ہیں۔

    اے آر وائی کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مکان کی چھت سے قربانی کےجانوروں کو نیچے اتارا جارہا ہے، بیلوں کےمالک اعجاز کا کہنا تھا کہ قربانی کیلئے جانور پالنا ان کا اور اہل خانہ کاشوق ہے۔

  • ناظم آباد کے کنویں سے تیسری بارمتحدہ لندن کا اسلحہ برآمد

    ناظم آباد کے کنویں سے تیسری بارمتحدہ لندن کا اسلحہ برآمد

    کراچی : رینجرز نے ایک بار پھر کراچی کے علاقے ناظم آباد میں کارروائی کرکے کنویں سے ایم کیوایم لندن کا مزید اسلحہ برآمد کرلیا۔ اس کنویں میں رینجرز پہلے بھی دو دفعہ کھدائی کرکے اسلحہ برآمد کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والوں کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ رینجرز نے ناظم آباد تین نمبر میں ایک اور کارروائی کی۔ ناظم آباد تین نمبر میں قائم کنویں میں تیسری دفعہ کھدائی کی گئی۔

    اس سے قبل23اور دو جون کو بھی کھدائی کی گئی تھی، رینجرز نے ستر فٹ تک کنویں کی کھدائی کی، کنویں سے سات اوان بم ،تین ہزار سے زائد ایس ایم جی کی گولیاں اور ایک ہزار سے زائد ٹرپل ٹو کی گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں نے آپریشن سے پہلے چھپایا تھا۔ یاد رہے کہ رینجرز نے اس سے پہلے ناظم آباد میں کارروائی کرکے کنوئیں سے ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں کا چھپایا گیا اسلحے کا ذخیرہ برآمد کیاتھا،۔

    کنوئیں کی کھدائی کے دوران چھیاسی آوان بم برآمد کیے گئے تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کھدائی کے دوران گولیاں اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جو ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر چھپایا تھا۔

  • ناظم آباد میں دہشت گردی، متحدہ کا سوگ کا اعلان

    ناظم آباد میں دہشت گردی، متحدہ کا سوگ کا اعلان

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سانحہ ناظم آباد کے غم میں کل اتوار کو سوگ کا اعلان کردیا، اس موقع پر تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، دفاتر پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

     ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق اتوار کو تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور اندرون سندھ سمیت ملک بھر میں قائم ایم کیو ایم کے تمام زونل اور تنظیمی دفاتر پر ظہر تا عصر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

    اس سلسلے کا مرکزی اجتماع پیر الہیٰ بخش کالونی میں واقع ایم کیوایم کے عارضی مرکز پرمنعقد ہوگا جس میں سانحہ ناظم آباد کے شہدا کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور سانحے میں زخمی ہونے والوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

    قرآن خوانی کے مرکزی اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست اراکین سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندے ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان بازوں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : ناظم آباد میں مجلس پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    یاد رہے کہ آج شام ناظم آباد چار نمبر کے علاقے میں واقع لاروش ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، اندوہناک واقعے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔

    فائرنگ خواتین کی مجلس عزا پر کی گئی۔ واردات کے بعد مسلح ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں بآسانی کامیاب ہوگئے۔ واقعے کا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • کراچی : پانی کے جھگڑے نے دو افراد کی جان لےلی

    کراچی : پانی کے جھگڑے نے دو افراد کی جان لےلی

    کراچی: پانی کی قلت نے کراچی میں خون بہانا شروع کردیا۔ ناظم آباد میں موٹر لگانے پر بھائی نے فائرنگ کرکے بھائی اور اس کے بیٹے کا خون کر دیا،فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق تین زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناظم آباد کے علاقے چھوٹا میدان میں پانی کی موٹر لگانے پر دو بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو بڑھتے بڑھتے ہا تھا پائی تک جا پہنچی۔

    اس دوران ایک بھائی نے پستول نکال کر اپنے بھائی اور بھتیجے کو فائرنگ کر کے مار ڈالا اور پانی کے تنازع نے خون پانی کی طرح بہا دیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔مقتولین کے نام عبداللہ اور عبدالوہاب ہیں، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شہری ٹینکرمافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔رہی سہی کسر ٹینکر مافیا نے پوری کردی۔ واٹرٹینکرز نے زمین کو چوسنا مزید تیز کردیا۔پانی کے بحران کے باعث شہری ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ٹینکر مافیا نے پیاسے شہریوں کا خون چوسنے کے لیے فی ٹینکر کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ پانی کی قلت کےشکار علاقوں میں ایسے لوگ بستے ہیں جو تین سے آٹھ ہزار روپے میں واٹر ٹینکر نہیں خرید سکتے۔

    دوسری جانب واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی نے کہا ہے کہ اس تنازعے سے واٹر بورڈ کا کوئی تعلق نہیں، دونوں بھائی مل کر غیر قانونی لائنوں سے پانی چوری کرکے ایک کمپنی کو فروخت کرتے تھے، مقتول اس قبل قتل کے واقعے میں نامزد ہوچکا ہے،واٹر بورڈ متعدد بار شہر بھر میں پانی کی چوری کی نشاندہی کرچکا ہے۔