Tag: NCOC

  • ایک دن میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

    ایک دن میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

    اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع چاغی میں 4 سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران پولیو کے 3 کیسز سامنے آگئے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ اب تک ملک میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ضلع چاغی میں 4 سال بعد پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، ضلع چاغی افغان مہاجر کیمپ گردی میں رہائش پذیر 5 سالہ بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔

    این سی او سی کے مطابق ڈی آئی خان اور لکی مروت سے بھی پولیو کیسز رپورٹ ہوئے، لکی مروت کی رہائشی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا۔

    ڈی آئی خان کا رہائشی بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا، متاثرہ بچوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا ہے، رواں سال بلوچستان سے 22 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    اس کے علاوہ سندھ 12، خیبرپختونخوا سے 9 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری ہے اس موقع پر 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تمام والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس ملک گیر پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلوانے کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ویکسین کے دو قطرے پلائے جائیں۔

  • دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں میں طغیانی کا خدشہ

    دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں میں طغیانی کا خدشہ

    کراچی: این سی او سی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، اور نارووال میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں بھمبر، ڈیک، پلکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، ضلعی انتظامیہ 20 جولائی تک دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں صوبہ سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔

    صوبہ بلوچستان میں سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ خیبر پختون خوا میں بنوں، ڈی آئی خان، مالم جبہ، بالاکوٹ میں بارش متوقع ہے۔

    این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو بارشوں کی پیش رفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور متعلقہ شہروں کی ریسکیو سروسز عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

  • این سی او سی نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں

    این سی او سی نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے بقر عید کے سلسلے میں گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہدایات پر عمل درآمد ناگزیر ہے، اور شہری عید الاضحیٰ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    گائیڈ لائنز میں خبردار کیا گیا ہے کہ نماز عید کے دوران رش سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے، اس لیے نماز عید کی ادائیگی کھلے مقامات پر کی جائے، اور اس دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔

    این سی او سی کے مطابق مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، رش سے بچنے کے لیے ایک مقام پر نماز عید کی الگ جماعتیں کرائی جائیں، علمائے کرام رش سے بچنے کے لیے نماز عید کے خطبات مختصر رکھیں، اور بزرگ، بچے اور بیمار افراد نماز عید کے لیے آنے سے گریز کریں۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق فیس ماسک کے بغیر شہریوں کو عید گاہ آنے کی اجازت نہیں ہوگی، رش سے بچنے کے لیے عید گاہ کے متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی مقامات پر ہینڈ سینیٹائزر کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور شہری اس کا استعمال ضرور کریں۔

    نماز عید کے دوران نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے، شہری عید گاہ آنے سے قبل وضو کا اہتمام گھر پر کریں، شہری جائے نماز اپنے ساتھ لے کر آئیں، نماز عید کے بعد شہری گلے ملنے اور مصافحہ سے گریز کریں، نیز، نماز عید سے قبل اور بعد میں مساجد کے باہر بھیڑ سے بھی گریز کیا جائے۔

    گائیڈ لائنز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بقر عید پر خاندان میں دعوتوں سے گریز کیا جائے، شہری عید خریداری کے لیے پرہجوم مارکیٹس میں جانے سے گریز کریں، مویشیوں کی آن لائن خریداری، قربانی کی حوصلہ افزائی کی جائے، اور عید کے موقع پر اجتماعی قربانیوں کو فروغ دیا جائے۔

    شہری رہائشی علاقوں سے باہر مویشی قربان کریں، اور قربانی کے دوران کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، صوبائی حکومتیں بھی عید پر کرونا کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کریں۔

  • کرونا وائرس: سرکاری دفاتر کے لیے ہدایات جاری

    کرونا وائرس: سرکاری دفاتر کے لیے ہدایات جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے سرکاری دفاتر کے لیے رہنما اصول جاری کردیے گئے، ماسک اور سماجی فاصلے کو ایک بار پھر لازمی قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے اور مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا ہے کہ عوام کو کرونا وائرس سے بچنے کی حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدر آمد کرنا ہوگا، ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

    دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے سرکاری دفاتر کے لیے رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں۔

    جاری کردہ اصولوں کے مطابق دفتر سمیت ہر جگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جائے، عبادت اور نماز کے دوران بھی سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے، دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینی ٹائزر موجود ہونا چاہیئے۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ ہر کسی کے ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے۔

  • کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کراچی : این سی او سی نے کورونا کیخلاف اقدامات پر 4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری کردیں ، جس میں لاہور ، کراچی، اسلام آباد اور پشاورایئر پورٹ کے منیجرز شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف ملک کے چار بڑے ائیرپورٹس پر موثر اقدامات کر نے پر این سی او سی نے رپورٹ جاری کردی۔

    این سی او سی نے کورونا وبا کے خلاف قومی خدمات انجام دینے والے چار ائیرپورٹس مینجرز کے لئے خصوصی اسناد جاری کیں۔

    مینجرز میں لاہور ائیرپورٹ مینجر چوہدری نذیر، کراچی ائیرپورٹ مینجر عمران خان، اسلام آباد ائیرپورٹ مینجر عدنان خان، پشاور ائیر پورٹ مینجر عبیدالرحمن شامل ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران ملک کے چار بڑے ائیرپورڑس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ، چاروں ائیر پورٹس پر وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    خیال رہے این سی اوسی کی ہدایت پر ملک بھر کے ائیر پورٹس پر خصو صی اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

  • وزیراعظم کا این سی او سی کی قیادت اور ٹیم کو خراج تحسین

    وزیراعظم کا این سی او سی کی قیادت اور ٹیم کو خراج تحسین

    اسلام آباد: بہترین حکمت عملی وضع کرنے اور جامع ویکسی نیشن کی مدد سے عالمی وبا کرونا کے خلاف کامیابیاں سمیٹنے والے ادارے این سی او سی کو وزیراعظم عمران خان نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آج نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ختم کیا جارہا ہے، اس موقع پر این سی او سی کی قیادت اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    وزیراعظم نے لکھا کہ عالمی وبا کرونا کے دوران لگائی جانے والی پابندیوں کے دوران این سی او سی کی خدمات قابل تعریف رہیں، این سی او سی نے قومی اتحاد سے وبا کا کامیابی سے سامنا کیا اور عالمی اداروں نےپاکستان کی بہترین حکمت عملی کااعتراف کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا سے بچاؤ کے لئے جو اقدامات کیے گئے تھے انہیں دنیا بھر میں خوش آئند قرار دیا گیا تھا۔

    سربراہ این سی او سی کا ٹوئٹ

    آج اپنے ٹوئٹ میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا کہ ‏آج این سی او سی آپریشن کا آخری روز ہے، اس وقت کرونا کے کیسز انتہائی کم اور ویکسی نیشن سب سے زیادہ ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران این سی او سی کی سربراہی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے، اللہ کی رحمت اور پوری قوم کے تعاون سے ہم بڑے چیلنج پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔

    انہوں نے مزیش کہا کہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے مجھے بے حد فخر ہے کہ پاکستان کو عالمی ایجنسیوں اور شخصیات کی جانب سے دنیا کے کامیاب ترین افراد میں سے ایک کے طور پر اس ادارے کے کووڈ۔19 رسپانس کی تعریف ملی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب ذمہ داری وزارت صحت کو دی جا رہی ہے۔

    اسد عمر اور دیگر احباب کو بہت مبارک

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی عالمی وبا کرونا کے خلاف حکمت اور عملی اقدامات پر وزیراعظم اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

     

    فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ کرونا کا کنٹرول بہت اہم مگر مشکل ٹاسک تھا جو وزیر اعظم اور انکی ٹیم نے کردکھایا، کرونا کیخلاف اقدامات حکومت کے بڑے کارناموں میں شمار رہیں گے۔

    اپنے ٹوئٹ میں فوادچوہدری نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اسد عمر اور دیگر احباب کو بھی بہت مبارک۔

  • ملک میں کورونا کی بہتر صورتحال ، این سی او سی  کا بڑا فیصلہ

    ملک میں کورونا کی بہتر صورتحال ، این سی او سی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : این سی او سی نے کورونا صورتحال میں بہتری کے پیش نظر ماسک کا استعمال روکنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے کورونا کی بہتر ہوتی صورتحال پر بڑا فیصلہ کرلیا اور فیس ماسک کا استعمال روکنے کی سفارش کر دی۔

    ، زرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے وفاقی حکومت کو کورونا صورتحال پر سفارشات ارسال کر دیں، مراسلہ وزارت صحت، تعلیم، خارجہ، داخلہ اور مذہبی امور ، وزارت اطلاعات، ریلوے اور سول ایوی ایشن کو بھجوادیا گیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماسک استعمال روکنے بارے فیصلہ 28 مارچ کے اجلاس میں ہوا تھا، ملک بھر میں کورونا کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہےاور کورونا کیسز میں نمایاں کمی آ چکی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ شہری ترجیحی بنیادوں پر کورونا سے بچاو کی ویکسینیشن کرائیں اور بوسٹر ڈوز کے اہل شہری ویکسین لگوا لیں۔

    مراسلے کے مطابق موجودہ صورتحال میں ماسک لازمی پہننا ضروری نہیں ہے تاہم شہری بھیڑ والے اور گنجان مقامات پر ماسک پہن سکتے ہیں۔

    این سی او سی کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا کہ شہری کھانستے، چھینکتے وقت ناک، منہ ڈھانپیں۔

  • این سی او سی کو بند کرنے کا فیصلہ

    این سی او سی کو بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان این سی او سی کو رواں ماہ کے اختتام پرغیر فعال کرنے جا رہی ہے، یکم اپریل سے ملک میں کرونا کی صورت حال کی مانیٹرنگ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ادارہ صحت کا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کرونا مانیٹرنگ کرے گا، واضح رہے کہ سی ڈی سی قومی ادارہ صحت میں اصلاحات کے بعد تشکیل دیا گیا تھا، اور یہ تاحال مکمل فعال نہیں ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ این سی او سی سے ریکارڈ کی سی ڈی سی کو منتقلی کا عمل جاری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر مارچ 2020 میں تشکیل دیا گیا تھا، این سی او سی میں ملک بھر سے کرونا کے اعداد و شمار جمع کیے جاتے ہیں، این سی او سی کو ڈیٹا فراہمی میں پولیو ای او سی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نیشنل ویکسینیشن اسٹریٹجی کی تیاری کا سہرا این سی او سی کے سر ہے، کرونا ویکسینیشن میں ای پی آئی کے بنیادی ڈھانچے نے اہم کردار ادا کیا، ملک میں کرونا سے متعلق پابندیوں کے نفاذ سمیت تمام فیصلے این سی او سی کرتا تھا، اس مرکز کے وفاق اور صوبائی سطح پر متعدد اجلاس منعقد ہوئے جن میں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز شریک ہوتے تھے، وفاقی اور صوبائی محکمہ تعلیم، اور صحت حکام بھی شریک ہوتے تھے، این ڈی ایم اے، وزارت داخلہ، خارجہ، مذہبی امور کے حکام بھی این سی او سی کا حصہ تھے۔

    این سی او سی میں وفاقی اور صوبائی دونوں سطح پر اجلاس منعقد کیے جاتے تھے، اور فیصلے وفاق، صوبے، فریقین کی مشاورت سے ہوتے تھے، این سی او سی کے فریقین کی مشاورت سے کیے گئے فیصلے کامیابی کی ضمانت بنے، اور کرونا میں پاکستان کی بہترین کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ ہیں، این سی او سی قومی کرونا رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کی ذمہ دار تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی کامیابی میں موجودہ ڈی جی ہیلتھ پاکستان کا اہم کردار رہا ہے، اس کے قیام کے وقت ڈاکٹر صفدر رانا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو، توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے سربراہ تھے، کرونا سرویلنس، ویکسینیشن نظام بنانے اور کامیابی سے چلانے میں ڈاکٹر صفدر رانا کا اہم کردار رہا۔

  • پاکستان نے  طلباء کی کورونا ویکسینیشن میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

    پاکستان نے طلباء کی کورونا ویکسینیشن میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان نے 12 سے 17 سال کے طلباء کی ویکسی نیشن میں اہم سنگ میل عبور کرلیا اور 70فیصد طلباء کی مکمل ویکسی نیشن کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 12 تا 17 سالہ طلباء کی کورونا ویکسینیشن جاری ہے ، جس میں 11.3 ملین طلباء میں سے 70 فیصد کی مکمل ویکسینیشن کرلی گئی ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ طلباء کی کورونا ویکسی نیشن یکم ستمبر سے شروع کی گئی، جس کے بعد سے اب تک 86 فیصد طلبا نے کم ازکم ویکسی نیشن کا ایک ڈوز لگوالیا ہے۔

    خیال رہے ذرائع وزارت صحت نے ملک بھر میں ہونے والی کرونا ویکسی نیشن کے اعداد و شمار جاری کئے تھے ، جس کے مطابق 43 فیصد ملکی آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسی نیشن کی اہل 64 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ مکمل و جزوی ویکسی نیشن کروانے والے افراد کی شرح 82 فیصد ہوچکی ہے۔

  • لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت

    لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت

    اسلام آباد: ملک بھر کی لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں دوران سفر کھانا پیش کرنے پر عائد پابندی اٹھانے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مراسلے میں کہا گیا کہ اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی، ملک بھر کی لوکل ٹرانسپورٹ میں بھی کھانا پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یکم مارچ سے دوران سفر کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی، متعلقہ ادارے دوران سفر کھانا پیش کرنے کی پابندی اٹھانے کے اقدامات کریں۔