Tag: NCOC

  • کرونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی: این سی او سی

    کرونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس منعقد ہوا، جس میں یہ ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی کرونا ویکسین لگائی جائے۔

    این سی او سی کے مطابق حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے لیے کرونا ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، اور کرونا ویکسین حمل کے کسی بھی مرحلے میں لگائی جا سکتی ہے۔

    این سی او سی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی۔

    این سی او سی کا فیصلہ، شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    واضح رہے کہ آج اجلاس میں این سی او سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹ اسٹیڈیمز میں شائقین کو بلانے کی اجازت بھی دے دی ہے، یہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے بڑا فیصلہ ہے۔

    اس فیصلے کے مطابق 30 ستمبر تک 25 فی صد شائقین گراؤنڈ میں میچ دیکھ سکیں گے، جب کہ 25 فی صد شائقین کی شرح میں اضافے پر نظر ثانی 28 ستمبر کو کی جائے گی، ویکسینیٹڈ افراد کو ہی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے طریقۂ کار تیار کرے گا۔

  • یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اظہار تشویش پر اہم قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی وزارت صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر تشویش کے اظہار کے بعد این سی او سی نے وفاقی وزارت صحت اور سی اے اے کو خط لکھ کر ناقص ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کے خلاف نوٹس لینے کا حکم دے دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی سی اے اے نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ٹیسٹ کو غیر معیاری قرار دیا ہے، اگست 2021 میں پاکستان سے 75 ہزار مسافر یو اے ای گئے، ان سب کے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا تھا، جنھیں غیر معیاری قرار دیا گیا۔

    خط میں این سی او سی نے کہا ہے کہ غیر معیاری ٹیسٹ رپورٹس سے بیرون ملک پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، اس لیے ریگولیٹری اتھارٹی ایئر پورٹس پر لیبارٹریز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائے۔

  • ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سے کون سی  پابندیاں عائد ہوگی ، اسد عمر نے بتا دیا

    ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سے کون سی پابندیاں عائد ہوگی ، اسد عمر نے بتا دیا

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کورونا صورتحال میں بہتری پر ملک کے 18اضلاع میں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سےنئی پابندیاں عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہ کورونا کی چوتھی لہر میں اسپتالوں میں مریضوں میں اضافہ ہوا، ہم نے 24اضلاع کے مزید بندشیں لگائی تھیں، ان 24اضلاع میں وبا کی شرح زیادہ اوراسپتالوں پر دباؤ تھا، اب 24میں سے 18اضلاع میں بہتری نظرآرہی ہیں۔

    اسد عمر نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 میں سے اب صرف 6اضلاع میں وبا کے پیش نظر بندشیں برقراررہیں گی، 6اضلاع میں لاہور،فیصل آباد، ملتان، سرگودھا،گجرات ، بنوں شامل ہیں، ان 6اضلاع میں اونچی سطح پر بندشیں 22ستمبر تک برقراررہیں گی۔

    این سی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 18اضلاع میں 50 فیصد ٹرانسپورٹ اور اسکولز کھولنے سمیت آؤٹ ڈورریسٹورنٹس میں12بجے تک اجازت ہوگی تاہم انڈورڈائننگ بند رہے گی۔

    انھوں نے واضح کیا کہ جوشخص 30ستمبر تک مکمل ویکسینیٹڈ نہ ہووہ 5بڑی چیزیں نہیں کرسکےگا ، مکمل ویکسینیشن نہ ہونے پر تعلیمی اداروں سے منسلک لوگوں پرکام کی پابندی ہوگی ، ہوائی سفرکی اجازت نہیں ہوگی، شاپنگ سینٹرز میں داخلہ ، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤس میں بکنگ پر پابندی ہوگی جبکہ ریسٹورنٹس ، شادی تقریبات میں جانے پر پابندی ہوگی.

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے اسپتالوں میں آکسیجن میں فراہمی میں کمی نہ آئے ، ملک کے باقی حصوں میں جو پابندیاں ہیں انھیں30ستمبر تک توسیع دی ہے، ملک میں وبا میں کمی آرہی ہے،چوتھی لہر نیچے آرہی ہے، آئندہ 15دنوں میں وبامیں مزید کمی کی توقع ہے۔

    ویکسین لگانے کے عمل کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں کوروناکی ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے، بڑے شہروں میں تقریباً40فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن کاہدف پوراکرناہے، جب بھی کورونا کی لہر آتی ہے تو اسپتالوں پر دباؤ نظرآتاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کی بندشوں کی طرف نہیں جائیں گے، جو شخص ویکسین نہیں لگائے گا اس پر بندش کی طرف جائیں گے، ویکسین نہ لگانےوالوں کیلئے بندشیں آہستہ آہستہ بڑھاتےجائیں گے۔

    ویکسینیشن سےمتعلق اس عمر نے کہا کہ کینسائنواورپاک ویک سنگل ڈوزویکسین ہے ، اسلام آبادمیں 15سال سےاوپرآبادی کا52فیصدمکمل ویکسی نیٹڈہوچکا، جن افرادکوپہلی ڈوز لگائے 28 دن سے زائد ہوگئے وہ فوری دوسری ڈوزلگوائیں، بحیثیت قوم ہم نےکوروناوباکامقابلہ کیا، قوم نےملکراس کی کامیابی کویقینی بنایاہے، اسی طرح اب ہم ملکرویکسی نیشن کےعمل کو ممکن بنائیں۔

  • بینک صارفین کے لئے بُری خبر، سندھ حکومت نے بڑا مطالبہ کردیا

    بینک صارفین کے لئے بُری خبر، سندھ حکومت نے بڑا مطالبہ کردیا

    کراچی: کرونا وبا کی چوتھی لہر کے باعث سندھ نے این سی او سی کو اہم ترین مراسلہ تحریر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ سندھ نے این سی او سی کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بینک خدمات کے لئے ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ کو لازمی قرار دیا جائے، تمام بینک،پوسٹ افسرصرف ویکسین ہولڈرز کو خدمات فراہم کریں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پرکسٹمرز کو خدمات سے معذرت کی جائے۔

    ادھر محکمہ صحت سندھ نے ہوٹلز، ریسٹورنٹ ایس اوپیز سےمتعلق بھی محکمہ داخلہ کوخط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ اب ہوٹلز، ریسٹورنٹ میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے، ہوٹلزمیں رہائش نہیں ہوسکےگی۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس: ایک روز میں مزید 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

    دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اس دوران طلبا کی کورونا ویکسینیشن سمیت ڈائریکٹویٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن اینڈ رجسٹریشن کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا، والدین سے بچوں کوویکسین لگانے کے رضامندی سرٹیفکیٹ لیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی اسکولز میں معائنے کے لیے ٹیم تشکیل دی جائے گی، نجی اسکولز میں اساتذہ کی تنخواہ بھی معلوم کی جائے گی۔

  • کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے افراد کیلئے اہم اطلاع

    کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے افراد کیلئے اہم اطلاع

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اتوار کا دن خصوصی طور پر کورونا کی دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سماجی رابطے ٹوئٹر پر ویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے والے افراد کو اہم اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام افراد جن کی دوسری ڈوز کا مقرر وقت ہو چکا ہے وہ مسیج کا انتظار کیے بغیر ویکسین سینٹر پہنچے اور ویکسین لگوائیں ،اتوار کا دن خصوصی طور پر دوسری ڈوز لگوانے والوں کےلیے مقرر کیا گیا ہے۔

    گذشتہ ماہ ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے این سی او سی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ42 سے کم کرکے 28 دن کردیا تھا۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا اور 10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 10ستمبر کے بعد ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ کارآمد نہیں ہوگا۔

  • مختلف شعبوں کیلئے ویکسینیشن کی تاریخ ، این سی او سی نے  نئی گائیڈ لائن جاری کردی

    مختلف شعبوں کیلئے ویکسینیشن کی تاریخ ، این سی او سی نے نئی گائیڈ لائن جاری کردی

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مختلف شعبوں کیلئے ویکسی نیشن کی تاریخ پر نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی، جس میں ائیرپورٹ پر داخلے اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنےوالےافراد کو 30ستمبر تک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے ویکسی نیشن کی تاریخ پر نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی، جس میں ائیرپورٹ پر داخلے کیلئے 30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے ، بغیرویکسین کسی کو ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹس پردکانیں،آؤٹ لیٹ،سیکیورٹی اسٹاف اور پی آئی اےسمیت تمام ائیرلائنزاپنے اسٹاف کی ویکسینشن یقینی بنائیں اور مالکان فوڈاسٹریٹ میں ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت دیں، ایس اوپیز کی خلاف وزری پر ریسٹورنٹ مالکان کو گرفتار کیا جائے۔

    نئی گائیڈ لائن کے مطابق 17 سال تک کی عمر کیلئے ویکسینیشن کی تاریخ 17ستمبررکھی گئی تھی، اب 17سال تک کی عمرکے افرادکی لازمی ویکسی نیشن کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے حکم دیا کہ تعلیمی شعبےسےتعلق رکھنےوالےافراد 30ستمبرتک مکمل ویکسین لگوالیں جبکہ ٹیکسی، بس، پبلک ٹرانسپورٹ والے افراد کو 15اکتوبر تک ویکسی نیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹرانسپورٹ،فوڈڈلیوری کمپنیاں عملےکی ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔

    این سی او سی نے ٹرین میں سفرکرنے والوں کو 15 اکتوبرتک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونے اور موٹروے پر سفرکرنے والوں کو بھی 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن کرانے کا حکم دیا ہے ، مکمل ویکسی نیشن نہ ہونےپرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔

    انٹراورسٹی بسوں پر 15اکتوبرکےبعدسفرکی اجازت نہیں ہوگی جبکہ بی آرٹی،میٹرو،اورنج اور گرین لائن بس سروسز کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے۔

  • پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی ،  کل سے نئی پابندیاں عائد

    پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی ، کل سے نئی پابندیاں عائد

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر 4سے12ستمبرتک اضافی پابندیاں عائد کردیں ، بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پرپابندی  ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کووفاقی وزیراسدعمرکی قیادت میں این سی او سی نے کورونا صورتحال پر بریفنگ دی ، اس موقع پر شرکا نے پنجاب  ،کے پی ،اسلام آبادکے منتخب اضلاع کے لیےاین پی آئیز کا جائزہ بھی لیا۔

    این سی اوسی نے بتایا کہ منتخب اضلاع میں 4سے12ستمبرتک اضافی این پی آئیز نافذ ہونگی ، فیصلہ بیماری کے پھیلاؤ کوکم کرنے کے لیے کیا گیا ہے ، زیادہ بیماری والےاضلاع میں تعلیمی شعبےکی بندش ہوگی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پرپابندی عائد ہوگی تاہم شادی کی تقریبات صرف آؤٹ ڈوراور 300افراد تک تعداد سے مشروط ہے۔

    وباسےزیادہ متاثرہ علاقوں میں انڈورجم پرپابندی ہے ، پابندیوں کا اطلاق سرگودھا ، خوشاب،میانوالی ،رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد،بھکر، گجرات ، گوجرانوالہ ، ملتان ،بہاولپور، لاہور ، راولپنڈی ، سیالکوٹ ، شیخوپورہ ، ہری پور، مالاکنڈ ، مانسہرہ ، صوابی ،ڈی آئی خان ، سوات، ایبٹ آباد ، پشاورمیں ہوگا۔

  • 9 اور 10 محرم ، این سی اوسی کا بڑا فیصلہ

    9 اور 10 محرم ، این سی اوسی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 9 محرم الحرام کوتمام بڑے اور مرکزی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم 10محرم پرملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزبند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا ، جس میں 9 محرم الحرام کو تمام بڑے اور مرکزی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 10محرم پرملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزبند رہیں گے۔

    اجلاس میں این سی او سی نے عاشورہ کے دوران پہلے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد پر زور دیا۔

    یاد رہے اس سے قبل این سی او سی نے 10،9محرم الحرام کوملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزبند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں انڈین ویئرنٹ وبا پھیل رہا ہے ،کراچی سمیت ملک بھر میں بھارتی ویئرنٹ سے کورونا کا پھیلاؤ بڑھنےلگا، جس کے باعث محرم الحرام میں کورونا ایس اوپیز پر عمل ناگزیر بن چکا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 95 مریض انتقال کر گئے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 24 ہزار 573 ہوگئی ہے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 221 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اس دوران کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے زائد رہی۔

  • کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک  کا درمیانی وقفہ، عوام کیلئے اہم خبر

    کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کا درمیانی وقفہ، عوام کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 سے کم کرکے 28 دن کردیا اور10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے این سی او سی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ42 سے کم کرکے 28 دن کردیا ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا اور 10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 10ستمبر کے بعد ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ کارآمد نہیں ہوگا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ویکسینیشن کی جلد تکمیل وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انتہائی مفید قرار دی ہے۔

    چند روز قبل معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آپ ویکسین کی دوسری خوراک کم وقت کے وقفے کے بعد بھی لگوا سکتے ہیں، سائنوفام 3 ہفتے، سائنوویک، ایسٹرازنیکا 4 ہفتے وقفے کے بعد لگواسکتے ہیں، اب آپ کو1166ایس ایم ایس کے انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔

  • پاکستان میں  بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا کا پھیلاؤ، این سی او سی کے  اہم فیصلے

    پاکستان میں بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا کا پھیلاؤ، این سی او سی کے اہم فیصلے

    اسلام آباد : این سی او سی نے یوم آزادی پر ملک بھر کے ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے اور 10،9محرم الحرام کو ویکسینیشن سینٹرزبند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کے لئے اہم فیصلے کرلیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے یوم آزادی پر ملک بھر کے ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسینیشن سنٹرز 14 اگست کو کھلے رہیں گے۔

    ذرائع کے مطابق 10،9محرم الحرام کوملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک میں انڈین ویئرنٹ وبا پھیل رہا ہے ،کراچی سمیت ملک بھر میں بھارتی ویئرنٹ سے کورونا کا پھیلاؤ بڑھنےلگا، جس کے باعث محرم الحرام میں کورونا ایس اوپیز پر عمل ناگزیر بن چکا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 81 مریض انتقال کر گئے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد24 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 856 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اس دوران کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح7.50 فیصد رہی۔