Tag: NDMA

  • سیلاب کا ایک اور الرٹ جاری، شدید طغیانی کا خطرہ، این ڈی ایم اے

    سیلاب کا ایک اور الرٹ جاری، شدید طغیانی کا خطرہ، این ڈی ایم اے

    اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 3 ستمبر ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق مشرقی دریاؤں کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خدشہ ہے۔

    دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک کا غیر معمولی بہاؤ ہے، مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ دریائے ستلج میں متوقع ہے۔

    دریائے راوی جسر کے مقام پر بہاؤ60ہزار کیوسک ہے جو 1.5 لاکھ تک جاسکتا ہے جبکہ نالہ بین، ڈیک اور بسنتَر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب مرالہ پر بہاؤ 94 ہزار کیوسک ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

    مقبوضہ کشمیر، جموں و ڈیموں سے اخراج دریاؤں میں سیلاب کا سبب بن سکتا ہے، دریائے چناب کے معاون نالوں پلکو، جموں توی، منورتوی میں بھی شدید طغیانی خطرہ ہے۔

    سیلاب کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، فصلیں و بستیاں متاثر ہونے کا قوی امکان ہے مقامی آبادی و کسان ہائی الرٹ رہیں، حفاظتی اقدامات کریں۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دریا کے کنارے اور واٹر ویز پر رہنے والے فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، انخلا کے بعد واپسی کیلئے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

    علاوہ ازیں ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے افسران ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل فعال ہے، عوام سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

  • این ڈی ایم اے کا تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ

    این ڈی ایم اے کا تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد (25 اگست 2025): این ڈی ایم اے نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    این ڈی ایم اے سے جاری اطلاع کے مطابق آج تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے، جس کے باعث 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پانی کے بہاؤ کا امکان ہے۔

    اسپل ویز کھلنے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، اس لیے قریبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکین آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور مقامی انتظامیہ سے تعاون اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    کلاؤڈ برسٹ سے مکئی کی فصل کو شدید نقصان

    محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، قادر آباد بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 108724 کیوسک ہے، اور پانی کا اخراج 91724 کیوسک ہے۔

    سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے جموں توی میں پانی کا اخراج 18 ہزار 467 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، سیلابی صورت حال میں 18 موضع جات متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، ممکنہ سیلاب میں 5 ہزار 47 افراد کے بے گھر یا متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سیلاب سے ندالہ، سید پور، چک سلہریاں، ابدال، چک بالو صالح پور زد میں آ سکتے ہیں۔

  • این ڈی ایم اے نے کراچی میں ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجادی

    این ڈی ایم اے نے کراچی میں ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجادی

    اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجادی، سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بدستور موجود ہے۔

    اس حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے نے میڈیا کو بتایا ہے کہ صوبہ سندھ، پنجاب اور گلگت بلتستان میں سیلاب کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دو ہفتے خطرناک ہوں گے، موجودہ اسپیل 23 ستمبر تک ختم ہوجائے گا۔

    یہ اسپیل آنے والے دو ہفتوں میں کراچی پر منڈلاتا رہے گا، پھر دوبارہ پنجاب کے بالائی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پہنچے گا، جہاں یہ پہلے برسا تھا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ دریائے ستلج پر خطرہ بہت زیادہ ہے، اس لیے وہاں سے آبادیوں کا انخلا کرنا بہت ضروری ہے۔

  • خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے زبردست تباہی ہوئی ہے، این ڈی ایم اے نے اب تک 328 اموات کی تصدیق کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی ہے، بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے ہونے والی اموات کی تصدیق شدہ تعداد تین سو اٹھائیس تک پہنچ گئی ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ کے شکار بونیر میں 230 لاشیں نکالی گئی ہیں، اور 180 سے زائد شہری زخمی ہوئے، متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ قدر نگر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جان سے گئے، قدر نگر اور ڈگر میں کئی رابطہ پل بھی بہہ گئے ہیں۔

    بونیر میں 120 سے زائد گھر بھی مکمل تباہ ہو چکے ہیں، سیلاب کے دوران جاں بحق 190 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ شانگلہ میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے، اور کئی لاپتا ہیں، جب کہ 7 سے زائد رابطہ پُل ٹوٹ چکے ہیں۔

    آبی ریلا درجنوں گاڑیاں اور مویشی بھی بہالے گیا ہے، سوات میں بھی سیلاب سے ہر طرف تباہی مچی ہوئی ہے، اور جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے، مانسہرہ میں بھی این ڈی ایم اے نے 20 اموات کی تصدیق کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار


    پی ڈی ایم اے نے بھی بارشوں اور فلش فلڈ سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں 313 افراد جاں بحق، اور 156 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 263 مرد، 29 خواتین، اور 21 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین، 10 بچے شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 159 مکانات کو نقصان پہنچا، 97 جزوی، 62 مکمل منہدم ہوئے، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بونیر ہوا ہے جہاں 208 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام میں پیش آئے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

  • پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے آئندہ ہفتے کے لیے موسمی رپورٹ جاری کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے پنجاب میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ میں اضافہ متوقع ہے۔

    خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور صوبے کے شمال مشرقی علاقوں میں 23 دسمبر سے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    صوبہ سندھ اور بلوچستان میں اگلے ہفتے کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 21 تا 26 دسمبر موسم سرد اور خشک جب کہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں عوام گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کریں، اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

    برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔

  • مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جاں بحق

    مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: حالیہ مون سون میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 6 افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 3، 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جاں بحق افراد میں 33 مرد، 16 خواتین اور 37 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ پنجاب میں 52 اموات رپورٹ ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 20، بلوچستان سے 6، سندھ سے 5 اور آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 151 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 56 مرد، 43 خواتین اور 52 بچے شامل ہیں، ملک بھر میں کل 97 گھروں کو نقصان پہنچا، بارشوں اور سیلاب سے 46 مویشیوں کو نقصان پہنچا۔ این ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے اور دریائے چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

  • ملک بھر میں کل سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

    ملک بھر میں کل سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا قوی امکان ظاہر کیا ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 3جولائی سے 8 جولائی تک مون سون بارشوں کا قوی امکان ہے، بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔

    اس حوالے سے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم و دیگرشہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ،کے پی میں بھی بیشتر مقامات پر بادل گرج چمک کےساتھ برسیں گے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے
    5سے8جولائی تک بارکھان، سبی، لورا لائی، قلات، خضدار، ژوب ،لسبیلہ، نصیر آباد میں تیز ہواؤں بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، ملتان، ساہیوال ،اوکاڑہ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔

    رواں ہفتے 7اور 8 جولائی کو اندرون سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد مٹھی، نگر پارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ، بدین میں بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات، خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے لہٰذا تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں کو ایمرجنسی سروس پرسنلز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مراسلے میں سڑکوں پر کسی رکاوٹ کی صورت میں این ایچ اے ایف ڈبلیو او کے ساتھ رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیلاب یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں، اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور رکاوٹوں کو صاف رکھیں۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کی جائے، تمام ادارے نکاسی آب کا نظام رواں رکھنے کی کوشش کریں اور سیلاب زدہ علاقوں میں قبل از وقت وارننگ سسٹم کو فعال کریں۔

  • وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    کراچی: این ڈی ایم اے کی جانب سے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش اور ممکنہ ہنگامی صورت حال کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی۔

    پیش گوئی کے مطابق متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، مزید برآں، اتھارٹی کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی سیلاب، اور بارش کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں پانی کے ریلوں کے حوالے سے ممکنہ خطرات کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں، پودوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اتھارٹی نے پہاڑی علاقوں سمیت خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے، شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین رپورٹس سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ممکنہ نقصان کو کم کرنے کے لیے صوبائی حکام کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔

    این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی صورت میں شہری فوری مدد کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

  • رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بریفنگ دی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں، گرمی کی شدت میں جلد تیزی، گلیشیئرز پگھلنے اور قبل از وقت مون سون سے سیلاب آسکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی 17 سیٹلائٹس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملک بھر میں 36 مقامات پر فلڈ ارلی وارننگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین کے پاس کم سے کم ایک سال قبل فلڈ وارننگ جاری کرنے کا نظام موجود ہے، یہ نظام 90 فیصد درست پیش گوئی کر سکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر رواں برس بھی سیلاب آیا تو بڑی تباہی کا خدشہ ہے، گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد تعمیر نو کا کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

  • شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل، ریسکیو ٹیمیں روانہ

    شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل، ریسکیو ٹیمیں روانہ

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ ملک شام کے لیے امداد اور ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، شام کے لیے امدادی وفد پمز سے 10 ڈاکٹرز، سی ڈی اے کی 10 رکنی ریسکیو ٹیم پر مشتمل ہے۔

    ٹیموں کے ہمراہ ریلیف سامان بھی دمشق روانہ کیا گیا ہے، سامان میں 131 سردیوں کے خیمے اور 3 ہزار 966 کلو گرام ادویات شامل ہیں۔

    امدادی ٹیموں کو وفاقی وزیر سیفران طلحہ محمود اور معاون خصوصی حامد حمید نے رخصت کیا، ریسکیو ٹیم شام کے متاثرہ علاقوں میں اربن سرچ اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے گی۔

    ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں پی آئی اے چارٹرڈ طیارے بوئنگ 777 کے ذریعے دمشق پہنچیں گی۔