Tag: NEC

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس میں 11 ارب 63 کروڑ مالیت کے ٹیلی کمیونیکشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے، راولپنڈی میں 5 ارب مالیت سے 200 بیڈ کے گائنی سینٹر کے قیام، سدرن پنجاب سے غربت کے خاتمے کے لیے 7 ارب سے زائد کے منصوبے اور ڈیرہ غازی خان میں ناردرن بائی پاس منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چترال، بومی، مستوج شندور شاہراہ کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ شاہراہوں کی توسیع پر 16 ارب 75 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی۔

    علاوہ ازیں راولپنڈی کہوٹہ روڈ منصوبے، مجوزہ بائی پاسز کے لیے 13 ارب کی منظوری، 8 ارب کی لاگت سے زیارت، مور، کیچ ہرنائی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ اور کے کے ایچ متاثرین کی بحالی، لینڈ ایکوزیشن کا 12 ارب 60 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آئندہ ترقیاتی بجٹ میں جی ڈی پی کا ہدف 6 فیصد مقرر

    آئندہ ترقیاتی بجٹ میں جی ڈی پی کا ہدف 6 فیصد مقرر

     اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے 2 ہزار 1 سو 13 ارب کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی۔ آئندہ مالی سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ برائے مالی سال 18-2017 کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر آئندہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    وفاقی ترقیاتی بجٹ 1 ہزار 1 ارب روپے جبکہ صوبائی ترقیاتی بجٹ 1 ہزار 1 سو 12 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ رواں مالی سال مجموعی ترقیاتی بجٹ کا حجم 16 سو 75 ارب روپے تھا۔

    وفاقی بجٹ کے لیے 1 سو 68 ارب روپے غیر ملکی ذرائع سے حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے آئندہ مالی سال کے لیے معاشی ترقی کی شرح کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا ہے۔ رواں مالی سال ملکی معاشی شرح نمو 5.3 رہی۔

    ذرائع کے مطابق توانائی اور سڑکوں کے لیے 3 سو 84 ارب روپے، وفاقی وزارتوں کے لیے 2 سو 88 ارب روپے، ٹی ڈی پیز کے لیے 90 ارب روپے، خصوصی علاقوں کے لیے 65 ارب، ایس ڈی جیز کے لیے 45 ارب اور خصوصی وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 50 ارب رکھے گئے ہیں۔

    سی پیک کے منصوبوں کے لیے 27 ارب، وزیر اعظم اسکیموں کے لیے 20 ارب روپے، ایرا کے لیے 7 ارب اور گیس انفراسٹرکچر فنڈ کے لیے 50 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

    اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے پانچ ارب روپے کا خصوصی پروگرام بھی منظور کیا گیا۔

    تسلی بخش شرح نمو

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی کی شرح 5.3 فیصد رہی جو کہ تسلی بخش ہے۔ پاکستان کے اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں جس کا اعتراف عالمی اقتصادی ادارے کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے جس کے لیے وفاق اور صوبے مل کر ملک کی ترقی کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ توانائی کے منصوبوں پر ہے۔ ملکی ترقی ہم سب کا مشترکہ فرض ہے، اس فرض کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیئے۔

    اجلاس میں تمام صوبوں کے وزارئے اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وفاقی اور صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔