Tag: neeraj chopra

  • ارشد ندیم کو دعوت کیوں دی؟ بھارتی انتہا پسند نیرج چوپڑا کے دشمن بن گئے

    ارشد ندیم کو دعوت کیوں دی؟ بھارتی انتہا پسند نیرج چوپڑا کے دشمن بن گئے

    فخر پاکستان عالمی شہرت یافتہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو بھارت میں ہونے والے نیزہ بازی کے ایک ایونٹ میں شرکت کی دعوت دینا بھارتی انتہاپسندوں کو ایک آنکھ نہ بھایا، اپنے ہی ہیرو نیرج چوپڑا کو نفرت اور دھمکیاں دینے پر اتر آئے۔

    رپورٹس کے مطابق نیرج چوپڑا نے 24 مئی کو بھارت کے شہر بنگلورو میں ہونے والے ”نیراج چوپڑا کلاسک“ میں ارشد ندیم سمیت دنیا بھر کے بہترین اتھلیٹس کو آنے کی دعوت دی تھی، بھارتی میڈیا اور انتہاپسند حلقوں نے اس فیصلے کو ”حب الوطنی کے خلاف“ قرار دے کر ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔

    نیرج کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ، الزامات اور شدید تنقید کے بعد صفائی دینا پڑ گئی، اُن کا کہنا تھا کہ میری محبت اپنے ملک سے کسی سے کم نہیں، لیکن جب میرے خلوص اور خاندان پر حملے کیے جائیں گے تو میں چپ نہیں رہوں گا۔

    نیرج نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ارشد کو دعوت دینا صرف ایک کھلاڑی کی جانب سے دوسرے کھلاڑی کے لیے کھیل کے جذبے کے تحت تھا، مگر اب بگڑتی ہوئی صورتحال میں ارشد کی شرکت ممکن نہیں ہوسکتی۔

    واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پہلے ہی نیرج کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معذرت کرچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کا سال بھر کا ٹریننگ شیڈول اور ایونٹس پہلے سے طے ہیں، اور ان دنوں وہ کوریا میں 27 مئی سے شروع ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریاں کررہے ہیں۔

    نیرج، ہیمانی کی شادی ’لوو پلس ارینج‘، دونوں کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی؟

    فخر پاکستان ارشد ندیم مئی کے تیسرے ہفتے میں جنوبی کوریا روانہ ہوں گے اور ان دنوں لاہور میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں مصروف ہیں۔

  • نیرج چوپڑا کی دلہن سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    نیرج چوپڑا کی دلہن سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    بھارتی اولمپیئن جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے گزشتہ روز اچانک اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرکے اپنے چاہنے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اولمپک میڈلسٹ جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے اپنے مداحوں کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خوشخبری شیئر کی۔

    ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میں اور ہیمانی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے شادی کی کئی دلکش تصاویر بھی شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    ایتھلیٹ نیرج کی دلہن کے حوالے سے اگر بات کی جائے تو ان کا نام ہیمانی مور ہے جو کہ ایک سابق ٹینس کی کھلاڑی ہیں۔

    ہیمانی کا تعلق ہریانہ سے ہے جو اب اسپورٹس مینیجر کے طور پر ذمہ داریاں نبھارہی ہیں، انہوں نے دہلی کی جامعہ سے پولیٹیکل سائنس اور فزیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری بھی حاص کی ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ ہیمانی نے امریکا سے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہوئی ہے جب کہ ہمانی کے بھائی بھی ٹینس کے کھلاڑی ہیں۔

    بابر اور رضوان نے ساجد خان کی کونسی خواہش پوری کردی؟

    بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیرج کے انکل کا کہنا تھا کہ دونوں کی شادی بھارت میں دو دن قبل ہوئی ہے۔

  • نیرج چوپڑا کا  ڈائمنڈ لیگ کے فائنل سے متعلق اہم انکشاف

    نیرج چوپڑا کا ڈائمنڈ لیگ کے فائنل سے متعلق اہم انکشاف

    ممبئی: بھارت کے اسٹار جیولن تھرور نیرج چوپڑا نے ڈائمنڈ لیگ کے فائنل سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسٹار جیولن تھرور ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں صرف 1 سینٹی میٹر سے تمغہ جیتنے سے محروم ہوگئے تھے، وہ 87.86 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، جبکہ اینڈرسن پیٹرز نے 87.87 کے بہترین تھرو ساتھ پہلا نمبر حاصل کیا تھا۔

    نیرج چوپڑا نے ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں دوسرے نمبر پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لب کشائی کہ انھوں نے بائیں ہاتھ میں فریکچر کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ کھیلا تھا، جیسے ہی 2024 کا سیزن ختم ہو رہا ہے، میں سال بھر میں سیکھی گئی بہترین چیزوں اور اپنی ناکامیوں پر نظر ثانی کررہا ہوں۔

    چوپڑا نے بتایا کہ میں نے ٹریننگ کے دوران خود کو زخمی کرلیا تھا، ایکسرے کروایا تو معلوم ہوا کہ میرے بائیں ہاتھ میں چوتھے میٹا کارپل میں فریکچر ہے۔ یہ میرے لیے ایک اور تکلیف دہ چیلنج تھا۔

    چوپڑا کی 2024 کی مایوس کن مہم کا برسلز میں ڈائمنڈ لیگ کے فائنل نے خاتمہ کر دیا، جس میں وہ پیرس اولمپکس 2024 میں دوسرے نمبر پر رہے۔

    پاکستان کی سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزد

    چوپڑا نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ یہ رواں سال کا آخری مقابلہ تھا اور میں اپنے سیزن کو اچھی یادوں کے ساتھ ختم کرنا چاہتا تھا۔ اگرچہ میں اپنی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک ایسا موسم تھا جس میں میں نے بہت کچھ سیکھا۔

  • نیرج چوپڑا اور مانو بھاکر سے متعلق اہم خبر

    نیرج چوپڑا اور مانو بھاکر سے متعلق اہم خبر

    سلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا اور برانز میڈلسٹ مانو بھاکر نے کامیابی کے جھنڈے گاڑنا شروع کردیئے، دونوں پر قسمت کی دیوی مہربان ہوگئی، کمائی میں بھارتی کرکٹرز کو پیچھے چھوڑدیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا اور برانز میڈلسٹ مانو بھاکر معاہدوں میں بھارتی کرکٹرز سے بھی آگے نکل گئے۔

    پیرس اولمپکس میں 2 بار کی برانز میڈلسٹ مانو بھاکر سے بڑی کمپنیاں معاہدے کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مانو بھاکر اور نیرج کی برانڈ ویلیو میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، نیرج کی برانڈ ویلیو تقریباً بھارتی 330 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    نیرج چوپڑا کی برانڈ ویلیو اولمپکس سے قبل بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کے برابر تھی جبکہ اب ان کی برانڈ ویلیو ہاردیک پانڈیا سے بہت زیادہ بڑھنے کا امکان ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مانو بھاکر نے غیر معمولی تیزی سے کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنا شروع کردی ہے، انہوں نے مشروب ساز کمپنی سے حال ہی میں بھارتی ڈیڑھ کروڑ روپے میں ایمبیسیڈر کا معاہدہ کیا ہے۔

    مانو بھاکر کے معاہدے کی سال کی فیس پیرس اولمپکس سے قبل 25 لاکھ روپے تھی جبکہ مانو بھاکر کی مینجمنٹ کمپنی نے 40 برانڈز کے برانز میڈلسٹ کے ساتھ معاہدے کی خواہش کا انکشاف کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ میڈل نہ جیتنے کے باوجود ریسلر ونیش پھوگت کی برانڈ ویلیو میں بھی اضافہ ہورہا ہے، ان کی سالانہ فیس اب 25 لاکھ سے بڑھ کر 1 کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے۔

  • نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کیا کہا؟

    نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کیا کہا؟

    بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے بھی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سُسر کی جانب سے تحفے میں بھینس ملنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ میرے لیے ایسے تحائف ملنا کوئی نئی بات نہیں ہے، مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں ملا تھا اور ہریانہ میں ہم ایتھلیٹس کو اسی طرح کے تحائف ملتے ہیں جیسے کبھی 10 یا 50 کلو دیسی گھی اور لڈو وغیرہ دیئے جاتے ہیں۔

    بھارتی جیولین تھرور نے کہا کہ میرے لیے مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات بھی کیے جا چُکے ہیں کہ اگر نیرج مقابلہ جیتے گا تو اسے 50 کلو گھی تحفے میں دیا جائے گا، میں بچپن سے ہی اس طرح کی باتیں سنتا آیا ہوں۔

    اُنہوں نے کہا کہ جہاں میری پرورش ہوئی ہے وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل بہت مشہور ہیں اور ہمارے یہاں گھی تحفے میں اس لیے دیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت کا خزانہ ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے یہاں بھینسیں بھی تحفے میں دی جاتی ہیں، پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو بُلِٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر بھی تحفے میں دیے جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اولمپک گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان ارشد ندیم نے کہا تھا کہ میرے سسر نے بھینس دی ہے وہ تو اتنے امیر ہیں کہ پانچ چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے۔

    ارشد ندیم نے دورہ کراچی کے دوران اے آر وائی نیوز کے میزبان وسیم بادامی کے پروگرام میں اہلیہ سمیت خصوصی شرکت کی اور میزبان کے معصومانہ سوالات کے جواب دیتے ہوئے ہنستے مسکراتے اپنی معصومانہ خواہش بھی بیان کر دی۔

    جیولن ہیرو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا میری اہلیہ نے انٹرویو دیکھا اور مجھے بتایا کہ ابا جی نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اس موقع پر ارشد ندیم نے ہنستے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں نے اتنا بڑا کارنامہ کیا اور سسر صاحب نے صرف بھینس پکڑا دی۔ میں نے اپنی بیگم سے کہا کہ صرف بھینس دی ہے، وہ تو ماشا اللہ اتنے امیر ہیں۔ ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، پانچ یا چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، لیکن بھینس دی یہ بھی اچھا کیا۔

    انہوں نے حس مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں نے ان سے کہا تھا اپنے ابا جی سے کہو کہ پانچ چھ ایکڑ زمین دے دیں لیکن انہوں نے اب تک اپنے ابا سے نہیں کہا جس سے لگتا ہے کہ یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔

    ارشد ندیم کے لئے ایک اور بڑا انعام؟

    ارشد ندیم جن کے تین بچے ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں نے خواہش کا اظہار کیا کہ میری خواہش ہے، جس طرح میں نے پاکستان کا نام روشن کیا، اسی طرح وہ بھی کسی نہ کسی شعبے میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

  • نیرج چوپڑا سے افیئر کی افواہوں پر منو بھاکر  نے سچ بتا دیا؟

    نیرج چوپڑا سے افیئر کی افواہوں پر منو بھاکر نے سچ بتا دیا؟

    پیرس اولمپک میں شریک بھارتی ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ نیرج چوپڑا جو کہ جولین تھرو مقابلے میں شریک تھے کہ حوالے سے وائرل ویڈیو پر بھارتی اسپورٹ شوٹر اور اولمپک میڈلسٹ منو بھاکر نے حقائق سے پردہ اُٹھادیا۔

    بھارتی اسپورٹ شوٹر اور اولمپک میڈلسٹ منو بھاکر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جو کچھ افواہیں پھیلائی گئی ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

    22 سالہ منو بھاکر جن کا تعلق ہریانہ سے ہے، پیرس اولمپک 2024 میں کھیل کے ایک ایڈیشن میں دو میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

    وہ پہلی بھارتی ہیں جنہوں نے 1947 کے بعد یہ اعزاز حاصل کیا۔ اولمپکس 2024 میں بھارت نے کل چھ میڈلز جیتے جن میں سے دو منو بھاکر نے جیتے ہیں۔

    منو بھاکر نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں نہیں معلوم، میں وہاں نہیں تھی جب یہ ہوا لیکن 2018 سے کھیلوں کے مقابلے کے دوران نیرج چوپڑا سے ملاقات ہوتی رہی ہے۔ اسکے علاوہ ہماری کوئی ملاقات نہیں ہوتی۔

    اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے کے دوران ہماری بات چیت ہوتی ہے، لیکن ایک وائرل ویڈیو کے حوالے سے جو افواہ ہے وہ بالکل غلط اور جھوٹی ہے۔

    واضح رہے کہ منو کے والد رام کشن نے بھی ان افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انکی بیٹی ابھی اتنی بڑی نہیں کہ اسکی زندگی میں یہ لمحہ آئے، وہ ابھی بہت کم عمر ہے، لہٰذا اتنی کم عمری میں اسکی شادی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

    پانڈیا کی جیسمین والیہ سے ڈیٹنگ، تصاویر سامنے آگئیں

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے نیرچ چوپڑا کی منوبھاکر اور انکی والدہ کے ساتھ بات چیت کرنے کی علیحدہ علیحدہ ویڈیوز کو شیئر کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں کی شادی کی افواہیں پھیل گئی تھیں۔

  • ’ ارشد بھی میرا بیٹا ہے‘ نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ کے بیان پر وضاحت دیدی

    ’ ارشد بھی میرا بیٹا ہے‘ نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ کے بیان پر وضاحت دیدی

    بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر اپنی والدہ سروج دیوی کے بیان پر وضاحت دی ہے۔

    گزشتہ دنوں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کے بعد جہاں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا وہیں بھارتی مخالف نیرج چوپڑا چاندی کا تمغہ حاصل کر پائے ہیں۔

    پاکستان کے ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹرز کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسری مرتبہ کوشش کے دوران 89 اعشاریہ 45 میٹرز کے ساتھ جیولین تھرو کیا۔

    اس موقع پر بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی فیملی کی جانب سے بھارتی میڈیا پر تبصرہ کیا گیا تھا، جہاں نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی بیٹے کے چاندی کے تمغے پر خوش دکھائی دیں۔

    نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کی کامیابی پر کیا کہا؟

    نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کو بھی ’اپنا بیٹا‘ قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ’ ہم بے حد خوش ہیں، ہمارے لیے چاندی کا تمغہ بھی سونے جیسا ہے، سونے کا تمغہ حاصل کرنے والا بھی میرے بیٹے جیسا ہی ہے۔

    تاہم اب بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ میری والدہ نے یہ بات دل سے کہی تھی کہ ارشد ندیم میرے بیٹے جیسا ہے، میری والدہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے متاثر نہیں ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے دل کی بات کرتی ہیں۔

    بھارتی ایتھلیٹ نے کہا کہ میری ماں گاؤں میں رہتی ہیں اور وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر آنے والی خبروں سے متاثر نہیں ہوتیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماں کا احساس رکھتی ہیں، سادگی سے بولتی ہیں اور اپنے دل کی بات کرتی ہیں، انہوں نے اپنے دل کی بات کی ہے، کچھ لوگوں کو یہ عجیب لگا ہوگا اور کچھ نے اس کو پسند کیا ہو گا۔

  • ارشد ندیم کیخلاف پروپیگنڈا: نیرج چوپڑا کا اپنے ہی میڈیا کو کرارا جواب

    ارشد ندیم کیخلاف پروپیگنڈا: نیرج چوپڑا کا اپنے ہی میڈیا کو کرارا جواب

    نیرج چوپڑا نے بھارتی الزام تراشیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے ارشد ندیم کے حق میں بیان دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے والے نیرج چوپڑا نے کہا کہ فائنل میں ارشد ندیم نے میرا جیولن لیا وہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، میری بات کو توڑ مروڑ کر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

    نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ تمام جیولن تھرور آپس میں بہت پیار سے رہتے ہیں، اسپورٹس سب کو مل کر رہنا سکھاتا ہے، میں اپیل کرتا ہوں کہ اس معاملے کو اتنا مت اچھالیں۔

    اپنے انٹرویو میں نیرج چوپڑا نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ طلائی تمغہ جیتنے کے اگلے روز اختتامی تقریب سے پہلے ڈائننگ ہال میں ارشد ندیم سے ملاقات کی تھی، ہم دونوں نے بہت گرمجوشی سے ملاقات کی، اس موقع پر ارشد ندیم نے ایک بڑی مسکراہٹ کے ساتھ مجھے مبارکباد دی تھی۔

    واضح رہے کہ اپنے وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں نیرج نے کہا تھا کہ اگر پوڈیم پر ان کے ساتھ پاکستان کے ارشد ندیم بھی ہوتے تو ’ایشیا کا نام ہو جاتا اور یہ کتنا اچھا ہوتا‘، نیرج کے اس بیان پر بھی بھارتی میڈیا نے واویلا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کے کوالیفائنگ مقابلوں میں 85 اعشاریہ 16 میٹرز دور جیولن پھینک کر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، وہ کوالیفائنگ مقابلوں میں گروپ بی میں پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ مجموعی طور پر کوالیفائنگ راؤنڈ میں ان کی تیسری پوزیشن رہی تھی۔

    ارشد ندیم نے اپنی پہلی تھرو 82 اعشاریہ چار میٹر دور پھینکی، ان کی دوسری تھرو فاؤل قرار پائی جبکہ ان کی تیسری تھرو 84 اعشاریہ چھ دو میٹر دور پہنچی۔ اس تیسری تھرو کے باعث وہ 12 ایتھلیٹس میں سے پانچویں نمبر پر رہے۔

    ارشد ندیم کی اس سال کی بہترین کارکردگی 86 اعشاریہ 38 میٹرز تھی جو انہوں نے ایران کے شہر مشہد میں منعقدہ مقابلے میں دکھائی تھی۔

  • ٹوکیو اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے بھارتی ایتھلیٹ پر انعامات کی بھرمار

    ٹوکیو اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے بھارتی ایتھلیٹ پر انعامات کی بھرمار

    ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو ایونٹ میں بھارت کو پہلا گولڈ میڈل جتوانے والے نیرج چوپڑا پر انعامات کی بارش ہوگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پانی پت کے رہائشی نیرج چوپڑا کو حکومت ہریانہ نے چھ کروڑ روپے اور اول درجہ کی ملازمت بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیرج چوپڑا نے پورے ملک کا دل جیت لیا ہے، کھلاڑی نے نہ صرف تمغہ جیتا ہے بلکہ ملک کا دل بھی جیت لیا ہے، ملک کو اس لمحہ کا مدت طویل سے انتظار تھا، پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے بھی نیرج کو ٹوکیو میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے لئے مبارک باد پیش کی ہے، حکومت پنجاب نے اعلان کیا کہ نیرج کو دو کروڑ روپے سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ٹوئٹ کیا، نیرج چوپڑا آپ نے تاریخ رقم کی ہے اور ملک کو فاخر بنا دیا ہے۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی نیرج چوپڑا کی کامیابی کی تعریف کی ہے، بی سی سی آئی نے نیرج چوپڑا کو ایک کروڑ روپے بطور انعام فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتیوں نے مودی کو ’پنوتی‘ قرار دے دیا

    آئی پی ایل ٹیم چنئی سپر کنگز نے بھی نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، آنند مہیندرا نے کہا کہ وہ نیرج چوپڑا کو ہندوستان واپس لوٹنے پر ایک ایس یو وی سات سو کار تحفہ میں دیں گے۔

    یاد رہے کہ حکومت ہریانہ کی جانب سے اولمپکس کے آغاز سے قبل ہی اعلان کیا گیا تھا کہ ہریانہ کا جو بھی کھلاڑی اولمپکس کا طلائی تمغہ جیت کر آئے گا اسے چھ کروڑ روپے بطور انعام فراہم کئے جائیں گے، نیرج کو اول درجہ کی ملازمت کے علاوہ پنچکولہ میں فلیٹ خریدنے پر بھی حکومت رعایت فراہم کرے گی۔