Tag: neighbor

  • عرب امارات: خاتون کو پڑوسن کی صفائی سے پریشانی، مقدمہ دائر کردیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے اپنی پڑوسن پر مقدمہ دائر کردیا کہ وہ ان کے گھر کے سامنے صفائی کے لیے جو محلول استعمال کرتی ہیں اس سے ان کی صحت خراب ہورہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین اپیل کورٹ نے پڑوسن سے 60 ہزا درہم ہرجانہ دلانے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے پرائمری کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    مذکورہ خاتون نے اپنی پڑوسن کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا تھا۔

    خاتون نے پرائمری کورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پڑوسن گھر کے سامنے والے حصے کی صفائی کے لیے کلورکس استعمال کررہی ہے جس کی بو بہت زیادہ ہے، اس سے اس کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہیں پڑوسن سے 60 ہزار درہم کا معاوضہ دلایا جائے۔

    پرائمری کورٹ نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسن نے صفائی کے لیے جو کلورکس استعمال کیا اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں تھا۔

    بعد ازاں خاتون نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ صحت پر برا اثر پڑنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    اس دوران مقامی میڈیا میں اس دعوے کی خبر آنے پر اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہونے کی وجہ سے لوگ اس میں دلچسپی لے رہے تھے۔

  • سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار سلمان خان اپنے پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنے پڑوسی سے تنگ آکر ممبئی کی سٹی سول اور سیشن عدالت میں دیوانی معاملات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس کی سماعت عدالت نے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

    سلمان خان نے اپنی درخواست میں اپنے پڑوسی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، اور ہتک آمیز تبصرے کرتا ہے جو ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے باعث تکلیف ہے۔

    درخواست میں اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عوامی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور یہ الزامات ان کے لیے سنگین نقصان، اور تعصب کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

    دوران سماعت سلمان خان کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ فریقین کو اس عمل سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

    پڑوسی کے وکیل نے سلمان خان کے الزام کی مخالفت کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لیے عدالت سے کچھ وقت طلب کیا ہے۔

    عدالت نے وکیل مخالف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک خاتون رات کے 2 بجے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر پڑوسی کے بچے کو اغوا کرنے پہنچیں، پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ ہنا برن رات کے 2 بجے پڑوسی کے گھر پہنچیں۔

    گھر کے افراد کے مطابق ہنا ان کے گھر میں داخل ہوئی اور 9 ماہ کے بچے کو اس کی ماں کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کھینچا تانی کے دوران بچے کے والدین نے پولیس کو طلب کرلیا۔

    پولیس کے پہنچنے پر ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ ہنا کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں بھی داخل ہو کر ایسی ہی حرکت کرچکی ہے۔ مذکورہ پڑوسی کے مطابق ہنا نے ان کے 1 سالہ پوتے کو اسی طرح اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس نے ہنا کا گھر چیک کیا تو وہاں بھی 2 بچے موجود تھے، ہنا سے ان کا رشتہ فی الحال معلوم نہیں ہوا۔

    تاحال ہنا کی اس کوشش کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا، پولیس نے ہنا کو اغوا کی کوشش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔

  • شادی کب کرو گے؟ سوال کرنے پر نوجوان نے قتل کر ڈالا

    شادی کب کرو گے؟ سوال کرنے پر نوجوان نے قتل کر ڈالا

    شادی کب کرو گے؟ یہ سوال شادی شدہ عزیز و اقارب اور احباب اکثر کنوارے لڑکے اور لڑکیوں سے کرتے دکھائی دیتے ہیں جس پر یقینی طور پر وہ کوئی نہ کوئی جواب ضرور دیتے ہیں مگر انڈوینشی نوجوان نے سوال کا جواب دینے کے بجائے ردعمل میں خاتون کو ہی قتل کر ڈالا۔

    انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں اپنی نوعیت کا انوکھا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا کہ جب 28 سالہ نوجوان فیض نورالدین سے اُن کی 32 سالہ خاتون رشتے دار عائشہ نے شادی کرنے سے متعلق سوال کیا۔ نوجوان سوال کرنے پر آپے سے باہر ہوگیا اور اُس نے پڑوس میں رہنے والی اپنی ہی خاتون رشتے دار کو تشدد کے بعد قتل کر ڈالا۔

    واردات کے بعد نوجوان جائے وقوعہ سے فرار ہوکر چھپ گیا تھا تاہم جکارتہ پولیس نے اُسے حراست میں لے کر تفتیش کی تو نوجوان نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے جرم کی وجہ بیان کی۔

    فیض نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ ’عائشہ مجھ سے اکثر شادی کرنے سے متعلق سوال کرتی تھی جس پر میں ہمیشہ مسکرا کر جواب دیتا تھا تاہم اُس روز عائشہ نے جب سوال پوچھا تو مجھے غصہ آگیا‘۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ سوال پوچھنے کے بعد میں نے عائشہ پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گئی۔

    پولیس نے مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا تو پوسٹ مارٹم کے بعد آنے والی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ’عائشہ حاملہ تھی اور اسے گلہ گھونٹ کر مارا گیا ہے‘۔

    انسان کا مقصد تعلیم کے بعد روزگار اور شادی کرنا ہوتا ہے تاکہ وہ اپنی نئی ازدواجی زندگی گزار سکے اور بقیہ ایام اہل خانہ ، اہلیہ اور بچوں کی جدوجہد کے لیے سرف کرے۔ دنیا میں بسنے والے افراد کی اکثریت جلد یا بدیر ازدواجی بندھن میں بندھتی ضرور ہے جبکہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو عمر زیادہ ہونے یا کسی بھی بیماری کی وجہ سے کنوارے ہی دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔