Tag: nepal earth quake

  • نیپال میں 7.4 شدت کا زلزلہ، عمارتیں گرنے سے 54 ہلاک

    نیپال میں 7.4 شدت کا زلزلہ، عمارتیں گرنے سے 54 ہلاک

    کھٹمنڈو: نیپال میں ایک بارپھر شدید زلزلہ آیا ہے جس سے جس سے 54 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں، حالیہ زلزلے سے مزید عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہرنیپال میں دوبارہ زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ہے اور زمین میں اس کا مرکز 19 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز نیپال کا علاقہ بھرکوٹ ہے۔

    حالیہ زلزلے میں چون افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں مزید گرگئی ہیں۔

    زلزلے کے جھٹکے بھارتی شہر نئی دلی، پٹنہ اورآسام میں بھی اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کے سبب میٹرو سروس معطل کردی گئی ہے۔

    پاکستان کے شمالی علاقہ جات سوات، مینگوٍرہ بالاکوٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 4.9 ریکٹر اسکیل تھی۔

    واضح رہے کہ نیپال میں کچھ دن قبل 7.9 ریکٹر اسکیل شدت کا زلزلہ آچکا ہے جس کے نتیجے میں 8 ہزار کے لگ بھگ قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں تھی اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر کی تباہی ہوئی تھی۔

  • کھٹمنڈو:4 ہزارغیرملکی رضاکاروں کو کام روکنے کی ہدایت کردی گئی

    کھٹمنڈو:4 ہزارغیرملکی رضاکاروں کو کام روکنے کی ہدایت کردی گئی

    کھٹمنڈو: نیپالی حکومت نےخوفناک زلزلےکے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف چار ہزار غیرملکی امدادی رضاکاروں کو امدادی کام روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

    نیپالی وزرات داخلہ کے حکام کے مطابق امدادی کاموں میں حصہ لینے والے ممالک کے کارکنان کو واپس جانےکی ہدایت کردی گئی ہے تاہم ملبہ ہٹانے کے لئے ماہرین کو روکا گیا ہے۔

    نیپال میں چونتیس ممالک کے چار ہزار پچاس ماہرین تلاش اور بحالی کےکاموں میں مصروف تھے اور نیپالی حکومت کے اس نئےاعلان کے بعد بہت سے ممالک کی ٹیموں نے واپس جانا شروع کردیا ہے۔

    نیپالیوں کا کہنا ہے کہ اس نئے حکم نامے کے پیچھے چین کا دباؤ ہوسکتا ہے جو اس ریسکیو آپریشن کو اپنے ہاتھ میں لینے کا ارادہ رکھتا ہے یا نیپال میں جلاوطن تبتی باشندے ہوسکتے ہیں تاہم اس حکم کی وجوہات کا صحیح اندازہ فی الحال ممکن نہیں۔

  • نیپالی آرمی چیف گورو رانا  کا پاک فوج کے کیمپ کا دورہ

    نیپالی آرمی چیف گورو رانا کا پاک فوج کے کیمپ کا دورہ

    نیپال: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے بڑھ گئی، نیپالی آرمی چیف نے متاثرین کی مدد کےلیے قائم پاک فوج کے کیمپ کا دورہ کیا۔

    نیپالی آرمی چیف گورو رانا نے پاک فوج کے کیمپ کا دورہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا ،انہوں نے فلیڈ اسپتال بھی دیکھا جہاں زلزلہ متاثرین کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    نیپالی آرمی چیف نے زلزلہ متاثرین کی مدد پر پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی اور انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا۔

    دوسری جانب نیپال میں تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں،  زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 7000 سے تجاوز کر چکی ہے، ملک کےدوردراز علاقوں میں اب بھی لاتعداد افراد ابھی پھنسے ہوئےہیں۔

    نیپال میں زلزلہ متاثرین کے لئے بڑے پیمانے پرامدادی کارروائیاں جاری ہیں اور دور دراز علاقوں میں امداد پہنچانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نیپالی حکام نے عالمی برداردی سے دوردراز علاقوں میں امداد پہنچانے کے لئے ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔

    پاکستان سمیت امریکا، چین، بھارت اور دیگرملکوں کی امدادی ٹیمیں زلزلہ متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں، کٹھمنڈو کی زیادہ ترعمارتوں کو ناقابل رہائش قراردے دیا گیا ہے، ایک سوایک سالہ شخص سمیت دو خواتین کو آٹھ روز گزرنے کے بعدملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مزید کسی شخص کے زندہ بچنے کا امکان کم ہے، دوردراز علاقوں میں امدادی ٹیموں کی رسائی کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں سیکڑوں افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں جہاں ملبے اورتودے گرنے کے باعث زمینی راستوں سے پہنچنا ممکن نہیں ہے۔

    ماؤنٹ ایورسٹ سمیت مختلف علاقوں سے ایک ہزار کے قریب غیر ملکی سیاح بھی لاپتہ ہیں، زلزلے سے اکتالیس ہزار مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ ڈیڑھ لاکھ کو نقصان پہنچا۔

  • نیپال: شہریوں کا بھارتی میڈیا کو واپس بھیجنے کیلئے مہم کا آغاز

    نیپال: شہریوں کا بھارتی میڈیا کو واپس بھیجنے کیلئے مہم کا آغاز

    نیپال: بھارتی میڈیا کی زلزلہ متاثرین سے ہتک آمیز رویے پر متاثرین بھڑک اٹھے، نیپالی شہریوں نے بھارتی میڈیا کو واپس بھیجنے کے لیے مہم شروع کردی ہے۔

    زلزلے سے ہونے والا نقصان پر امدادی کاموں کے بجائے بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر نیپالی عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹنگ کو غیرذمے دارانہ اور احساسات سے عاری قرار دے دیا۔

    نیپالیوں کا کہنا ہے کہ نیپال میں اس وقت بھارتی صحافی بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن بھارتی میڈٰیا زلزلہ کور کرنے کے بجائے عوامی رائے عامہ کو بھارت کے حق میں تبدیل کرنے کا کام کر رہا ہے ۔

    اس صورتحال سے تنگ نیپالی عوام نے سوشل میڈیا میں بھارتی میڈیا واپس گھر جاؤ نامی مہم شروع کردی ہے، جس کا ٹویٹر ہیش ٹیگ بہت مقبول ہورہا ہے، ستر ہزار لوگ اس ہیش ٹیگ پر ٹوئٹ کر چکے اور جلد ان کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ جائے گی۔

    بھارتی بھی اپنے میڈیا اور حکومت سے اس بات پر ناراض ہیں، بھارتی کرکٹرز ایشانت شرما اور نوجوت سدھو نے بھی نیپالی عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    پاکستان کا زلزلہ متاثرین کی خدمت کے حوالے سے کردار مثالی ہے، جسے نیپال بھر میں سراہا جا رہا ہے، نیپالی فوج کے سربراہ نے بھی پاکستانی امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود کارکنوں کے جذبہ خدمت کی تعریف کی۔

  • نیپال : زلزلےسےہلاکتوں کی تعداد7ہزار سے زائد ہوگئی

    نیپال : زلزلےسےہلاکتوں کی تعداد7ہزار سے زائد ہوگئی

    کھٹمنڈو: نیپال میں قیامت خیز زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سےزائد ہوگئی ہے۔

    نیپال میں زلزلے کے باعث کٹھمنڈو میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، لوگوں کو پانی کے حصول میں سخت دشواریوں کا سامنا ہے۔

    نیپال میں گزشتہ ہفتے آنے والے شدید زلزلے کے باعث جہاں ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار ہو چکی ہے وہیں دارالحکومت کھٹمنڈو میں پینے کے پانی کا بحران سنگین ہو گیا ہے۔

     انفرا سٹرکچر تباہ ہونے سے امدادی اداروں کو پانی ٹرک کے زریعےلوگوں تک پہنچا نے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کےادارہ یونیسیف نے بھی انتباہ کیا ہے کہ چند ہفتوں بعد مون سون کی بارشیں شروع ہونے سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں موجود سترہ لاکھ بچوں میں وبائی امراض پھیل سکتے ہیں، اقوام متحدہ کی نیپال میں زلزلہ زدگان کی امداد ی کام تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • نیپال میں زلزلے سے ہلاکتیں 5 ہزار سے بڑھ گئیں

    نیپال میں زلزلے سے ہلاکتیں 5 ہزار سے بڑھ گئیں

    نیپال: قیامت خیز زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ سانحہ پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ منایا جارہا ہے، حکام نے ہلاکتیں دس ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

    نیپال میں ہفتے کو تباہ کن زلزلہ اپنے پیچھے تباہی اور بربادی کی کئی داستانیں چھوڑ گیا، لوگ اب بھی خوف و صدمے کا شکار ہیں۔ قیامت خیز زلزلے نے پلک جھپکتے میں ہنستے بستے گھروں اوربلند وبالا عمارتوں کو ملبے کے ڈھیرمیں تبدیل کردیا۔

    بڑے پیمانے پرجانی نقصان پرتین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے، زلزلے سے اسی لاکھ افراد متاثرہوئے، پندرہ لاکھ افراد پانی اورغذائی قلت کا شکار ہیں، تاریخ کے بدترین زلزلے نے جہاں بستیاں کی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹادیں وہیں آفٹر شاکس نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    عالمی برادری کی جانب سے نیپال میں امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم کٹھمنڈو ائیرپورٹ پر گنجائش محدود ہونے کی وجہ سے امدادی سامان لانے والی پروازوں کو دقت کا سامنا ہے۔ زلزلے کے بعد شدید بارش نے کھلے آسمان تلے پڑے بے گھر افراد کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

    پاکستان، امریکا، چین، فرانس، اسپین، جرمنی اور بھارت سمیت دیگر ممالک کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن دشوار گزار راستوں اور خراب موسم کے باعث دور دراز کے علاقوں میں اب بھی ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔

  • نیپال: 50گھنٹے بعد ایک خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

    نیپال: 50گھنٹے بعد ایک خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

    کھٹمنڈو: نیپال میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد امدادی کام جاری ہیں ،پچاس گھنٹے بعد ایک خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

    کہتے ہیں جسے خدا رکھے اسے کون چکھے،ایسا ہی کچھ ہوا نیپال میں جہاں شدید زلزلے کے تیسرے روز امدادی کارکنوں نے کئی گھنٹے کی محنت کے بعد ایک خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا، خاتون کو ملبے تلے دبے پچاس گھنٹے گزر چکے تھے۔

     خاتون کو زندہ دیکھ کر اس کے گھر والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ایک رشتہ دار خاتون نے تصویر کی مدد سے بتایا کہ ملبے سے نکالی جانے والی خاتون کون تھی۔

     امدادی کام کرنے والی ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ خاتون ملبے میں ایک سیلب کے نیچے دبی ہوئی تھی جسے نکالنے کیلئے انتہائی احتیاط سے کام لیا گیا ورنہ خاتون کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

  • کٹھمنڈو میں زلزلے کے ماحولیاتی اثرات، خطے میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

    کٹھمنڈو میں زلزلے کے ماحولیاتی اثرات، خطے میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

    اسلام آباد: نیپال میں زلزلے نے انسانی المیے کو جنم دیا ہے، چار ہزار سے زائد نیپالی زلزلے کے نذر ہوگئے، زلزلے سے خطے کے دیگر ممالک میں  موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہے۔

    کٹھمنڈو میں زلزلے کے ماحولیاتی اثرات سامنے آگئے، خطے میں خطرے کی گھنٹی بجنےلگی، ہوا کے کم دباؤ سے طوفان بننے لگے ہیں، کراچی میں تیز ہوائیں تھم گئیں، پشاور، سوات اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوفزدہ ہوئے۔

    پشاور میں طوفانی بارش تباہی و بربادی کے انمٹ نقش چھوڑ گئی، پشاور میں کئی مقامات پر تاحال بجلی بحال نہ ہوسکی، بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کا تخمینہ بھی اب تک نہیں لگایا جاسکا۔

    کراچی بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی  کردی ہے کہ پارہ چالیس ڈگری تک جائے گا۔

    سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی سورج آگ برسائے گا، شدید گرمی اورلوڈشیڈنگ میں سندھ میں انٹرکےامتحانات بھی شروع ہوگئے ہیں، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بورڈ لوڈشیڈنگ کا متبادل انتظام خود کرے۔

  • نیپال: امدادی سرگرمیاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 4350 ہوگئی

    نیپال: امدادی سرگرمیاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 4350 ہوگئی

    نیپال : زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار تین سو پچاس سے تجاوز کرگئی جبکہ سات ہزار افراد زخمی ہیں، تباہ کن زلزلے سے دس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی برادری کی جانب سے نیپال میں امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان سے مزید دو امدادی طیارے کٹھمنڈو پہنچ گئے۔

    نیپال میں تین روز قبل آنے والے قیامت خیز زلزلے نے بڑے پیمانے پر انسانی المیے کو جنم دیا، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم تباہی اتنی زیادہ ہے کہ بہت سے جگہوں پردواؤں اورکھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن ختم ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی ادارے اور مختلف ممالک کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے مزید دو سی ون طیارے امدادی سامان لے کر کٹھمنڈو پہنچ گئے۔ کٹھمنڈوخیموں کے شہر میں تبدیل ہوگیا ہے اور آفٹرشاکس کے خوف سے لوگ کھلے آسمان تلے رہ رہے ہیں۔

    زلزلے کے پچاس گھنٹے بعد ایک خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، دوردراز علاقوں میں اب تک امداد نہیں پہنچ سکی۔ زلزلے سے متعدد شہر اورقصبے ملبے کے ڈھیرمیں تبدیل ہوچکے ہیں۔ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ سڑکیں، بجلی اورمواصلات کا نظام بھی تباہ ہوگیا، جگہ جگہ ملبے کے ڈھیرکے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    زلزلے کے مرکز کی قریبی آبادیوں تک پہنچنے کے لئے ملبہ صاف کر کے راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔ ہرگزرتے دن کے ساتھ ہلاکتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔

    حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی زلزلے سے ہل گئی، چوٹی سر کرنے والے درجنوں سیاحوں میں سے سترہ زلزلے کے بعد برفانی تودے گرنے سے جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

  • نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد3700ہوگئی

    نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد3700ہوگئی

    کھٹمنڈو: نیپال میں تباہ کن زلزلے سے ہلاک افراد کی تعدادتین ہزارسات سو ہوگئی۔ بھارت اوربنگلہ دیش میں بھی زلزلے سے مجموعی طورپرہلاکتوں کی تعداد نوے سے زائد ہوگئی ہے۔

    نیپال میں تباہ کن زلزلے نے قیامت برپا کردی۔متعدد شہراور تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیربن گئیں،ہزاروں افراد ملبے تلے دب گئے،اسپتال لاشوں اورزخمیوں سے بھرگئے۔ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ سڑکیں، بجلی اورمواصلات کا نظام بھی تباہ ہوگیا۔ جگہ جگہ ملبے کے ڈھیرکے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

     نیپال کے دوردرازعلاقوں میں اب تک امدادی کارروائیاں شروع نہیں ہوسکیں ۔ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی زلزلے سے ہل گئی۔ چوٹی سر کرنے والے درجنوں سیاحوں میں سے سترہ زلزلے کے بعد برفانی تودے گرنے سے جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

    آفٹر شاکس کی وجہ سے لوگوں نے رات خوف وہراس کے عالم میں سڑکوں اور کھلی جگہوں پرجا گ کر گزاری ۔حکام کا کہنا ہے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔