Tag: nepal earth quake

  • نیپال : زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 3300سے تجاوز کرگئی

    نیپال : زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 3300سے تجاوز کرگئی

    نیپال:  دوروزقبل نیپال میں آنے والے تاریخ کے ہولناک زلزلے نے ابتک تین ہزارتین سو افراد کو موت کی وادی میں پہنچا دیا ہے۔

    پچیس اپریل کو ریکٹراسکیل پر سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے نے نیپال کو کھنڈر میں تبدیل کردیا، نیپال میں تباہ کن زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد تین ہزارتین سو ہوگئی،  بھارت اوربنگلہ دیش میں بھی زلزلے سے مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد نوے سے زائد ہوگئی ہے۔

    نیپال میں تباہ کن زلزلے نے قیامت برپا کردی۔متعدد شہراور تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیربن گئیں۔ہزاروں افراد ملبے تلے دب گئے۔ اسپتال لاشوں اورزخمیوں سے بھرگئے، آفٹر شاکس کی وجہ سے لوگوں نے رات خوف وہراس کے عالم میں سڑکوں اور کھلی جگہوں پرجا گ کر گزاری ۔

    حکام کا کہنا ہے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    پچاس سے زائد لاشیں تاریخی مینار کے ملبے سے نکالی گئی ہیں، پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ سڑکیں، بجلی اورمواصلات کا نظام بھی تباہ ہوگیا۔ جگہ جگہ ملبے کے ڈھیرکے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں، نیپال کے دوردرازعلاقوں میں اب تک امدادی کارروائیاں شروع نہیں ہوسکیں ۔

    ترقی پذیر ملک کی معیشت کو بھی زلزلے کے باعث شدید نقصان پہنچا ہے، نقصان کا تخمینہ کروڑوں ڈالرز میں لگایا جارہا ہے۔

    زلزلے نے نیپال کے قریبی ممالک بھارت چین اور بنگلہ دیش کو بھی متاثر کیا، جہاں ہلاکتوں کی تعداد نوے تک جا پہنچی ہے۔

    اسٌی سال میں یہ نیپال میں آنے والا بدترین زلزلہ تھا، دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی زلزلے سے ہل گئی۔ چوٹی سر کرنے والے درجنوں سیاحوں میں سے سترہ زلزلے کے بعد برفانی تودے گرنے سے جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

    نیپال کے بھونچال نے صدیوں سے کھڑی عمارتوں کو بھی ملبے کا ڈھیر بنادیا، تاریخ کا بد ترین بھونچال درجنوں تاریخی عمارتیں بھی صفحہ ہستی سے مٹا گیا۔

    یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قراد دیے جانے والا کٹھمنڈو کا تاریخی چوک دربار اسکوائر تباہ ہوگیا.

    دھرہارا ٹاور کا مینار بھی زمین پر آگرا، تاریخی مجسمے ٹوٹ پھوٹ گئے، سو سوسال پرانے مندر بھی نشان کھو بیٹھے،  کٹھمنڈو ائیرپورٹ جزوی طور پر تباہ ہوا، جسکے باعث پروازوں کو منسوخ کردیا گیا، بڑے پیمانے پر سڑکیں بھی تباہ ہوگئیں۔

  • بنگلادیش میں زلزلے کے جھٹکوں نے قومی کرکٹرز کو ہلا کر رکھ دیا

    بنگلادیش میں زلزلے کے جھٹکوں نے قومی کرکٹرز کو ہلا کر رکھ دیا

    بنگلہ دیش : نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بنگلہ دیش میں بھی محسوس کئے گئے، زلزلے کے بعد پاکستانی کرکٹرز اپنے کمروں سے باہر نکل آئے۔

    نیپال میں آنے والے زلزے کے جھٹکے بنگلہ دیش میں بھی محسوس کئے گئے، پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش میں موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں نے کھلاڑیوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا، زلزلہ آنے کے بعد کھلاڑی اپنے کمروں سے باہر نکل آئےاور ہوٹل کی لابی میں جمع ہوگئے۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق کھلاڑی مکمل طور پر ٹھیک ہیں، وقتی طور پر کھلاڑی خوفزدہ ہوئے تھے، اب سب کچھ نارمل ہے۔

  • نیپال اوربھارت میں زلزلے نے تباہی مچا دی

    نیپال اوربھارت میں زلزلے نے تباہی مچا دی

    کھٹمنڈو:  نیپال اوربھارت میں زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے سے نیپال میں 449 جبکہ بھارت میں20 افراد ہلاک ہوئے۔ بنگلہ دیش میں بھی زلزلے سے دوافراد ہلاک ہوئے۔

    طاقتور زلزلے نے نیپال اور بھارت میں تباہی مچا دی، سات اعشاریہ نوشدت کے زلزلے نے جس کا مرکز نیپال میں تھا، پلک جھپکتے متعدد عمارتوں کو ملبے کا ڈھیربنا دیا۔

    نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں نومنزلہ عمارت گرگئی اور چار سو افراد ملبے تلے دب گئے۔ کھٹمنڈو کا تاریخی مینار بھی زلزلے سے زمیں بوس ہوگیا اور پچاس افراد ملبے میں پھنس گئے۔

    آفٹرشاکس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ، زلزلے کے جھٹکوں سے ماؤنٹ ایورسٹ سے برفانی تودے گرنے کی بھی اطلاعات ہیں، کھٹمنڈو ائیرپورٹ پروازوں کے لئے بند کردیا گیا جبکہ نیپال میں موبائل فون سروس بھی متاثر ہے۔

    نئی دلی میں میڑوٹرین سروس عارضی طورپربند کی گئ، بھارت کے شمالی اورمشرقی علاقے بھی زلزلے سے متاثرہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے جے پور،گوہاٹی، رانچی اوریاست اترپردیش، بہارسمیت دیگرعلاقوں میں بھی محسوس کئے گئے۔

    لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اوروہ دفاتراورگھروں سے باہر نکل آئے۔

  • نیپال اور بھارت میں 7.7شدت کا زلزلہ

    نیپال اور بھارت میں 7.7شدت کا زلزلہ

    نئی دہلی:  بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، زلزے کا مزکز نیپال تھا اور گہرائی 80 کلومیٹر تھی۔

       بھارت کے مختلف علاقوں میں بہار ، کلکتہ، جے پور، رانچی اور شمالی علاقے شامل ہیں، نئی دہلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزے کے باعث دہلی میڑو سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔

    دوسری جانب نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو میں بھی زلزلہ آیا، کئی عمارتیں زمین بوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔