Tag: nepal

  • جنگلی ہاتھی نے شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    جنگلی ہاتھی نے شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کھٹمنڈو: نیپال میں جنگلی ہاتھی نے مقامی شہری پر حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے مغربی علاقے میں واقع نیشنل پارک کے قریب ہاتھی نے راہ گیر پر حملہ کرکے موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیشنل پارک کے نزدیک جنگل سے نکل کر اچانک ہاتھی نے شہری پر حملہ کردیا، جس سے ان کے جسم کی ہڈیاں چور ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہاتھی کے حملے کے بعد شہری کا جسم زخموں سے چور اور لہولہان تھا جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    انتظامیہ کے مطابق جنگلوں میں غذا نہ ملنے کے باعث جنگلی جانور شہریوں پر حملہ کررہے ہیں، اس سے قبل جولائی میں بھی اس علاقے میں ایک ہاتھی کے حملے میں ایک باسٹھ سالہ شخص مارا گیا تھا۔

    نیپال میں حالیہ عرصے کے دوران جنگلی جانوروں اور انسانوں کے مابین ٹکراؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ ان جانوروں کے لیے قدرتی ماحول کی خرابی قرار دیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ، نیپال اور بھارت میں ہاتھی بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں، رواں سال فروری میں بھارتی ریاست جھارکنڈ کے مغربی ضلع سنگھ بھم کے علاقے منوہرپوت میں ہاتھیوں نے کھانے کی تلاش میں ایک گھر میں گھس کر گھروالوں پر حملہ کرکے اہل خانہ کو روند ڈالا تھا۔

    آرنلڈ شوازینگر کی گاڑی پر ہاتھی کا حملہ

    ہندوستان میں ہاتھیوں کے جھنڈ پہلے بھی کئی علاقوں پر حملہ کرچکے ہیں، ایک اعداد وشمار کے مطابق سن 2000 سے لے کر اب تک صرف جھاڑکنڈ میں 1000 افراد ہاتھیوں کے غضب ناک حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

  • مون سون موت کا پیغام بن گیا: بھارت اور نیپال میں‌ 200 سے زاید افراد ہلاک

    مون سون موت کا پیغام بن گیا: بھارت اور نیپال میں‌ 200 سے زاید افراد ہلاک

    دہلی: مون سون کے سیزن نے جنوبی ایشیائی ممالک میں تباہی مچا دی، نیپال اور بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد 200 کا ہندسہ عبور کر گئی.

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں نے نیپال اور مشرقی بھارت کے کئی شہروں‌ میں زندگی کو تہ و بالا کر دیا. دونوں ممالک میں شدید بارشوں اور سیلابوں سے دو سو سے زائد انسان ہلاک ہو گئے۔

    تیز بارشوں‌ کے بعد بجلی کا نظام معطل ہوگیا، دیہی علاقے مرکز شہروں  سے کٹ گئے، معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے.

    ماہرین کے مطابق اس وقت بھی ایک بڑی آبادی کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ لاکھوں انسانوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

    سب سے زیادہ متاثر مشرقی بھارتی ریاست بہار ہوئی ہے، جہاں صورت حال بگڑتی جارہی ہے. ریاست آسام بھی سیلاب کی زد میں ہے، مال مویشی کو بھی شدید نقصان ہوا ہے.

    مزید پڑھیں: طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

    مختلف علاقوں میں عمارتوں کے ڈھے جانے اور اور وقفے وقفے سے لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے. وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں میں‌نیپال میں 83 افراد ہلاک اور 35 لاپتا بتائے گئے ہیں۔

  • نیپال میں اسکول بس کھائی میں جا گری، 23 طلبا اور اساتذہ ہلاک

    نیپال میں اسکول بس کھائی میں جا گری، 23 طلبا اور اساتذہ ہلاک

    کھٹمنڈو: نیپال میں فیلڈ ٹرپ سے واپس آنے والی اسکول بس کھائی میں جا گری، حادثے میں طلبا اور اساتذہ سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ مغربی نیپال میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار اسکول بس طلبا اور اساتذہ کو فیلڈ ٹرپ سے واپس لے کر آرہی تھی جو پہاڑوں کے درمیان غیر ہموار راستوں کی وجہ سے اپنا توازن کھو بیٹھی اور کھائی میں جا گری۔

    ہلاک ہونے والے زیادہ تر طلبا کی عمریں 16 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔

    بس میں 37 افراد سوار تھے جن میں سے 22 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ایک اور زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    حادثے میں بچ جانے والے افراد کو بھی گہری چوٹیں آئی ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ نیپال میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیورز کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کا پیش آنا معمول کی بات ہے۔

  • نیپال میں ہندو پجاری کم عمری کی شادیوں کے خلاف ڈٹ گئے

    نیپال میں ہندو پجاری کم عمری کی شادیوں کے خلاف ڈٹ گئے

    کھٹمنڈو: نابالغ اور کم عمر بچیوں کی شادیاں ایک بڑا معاشرتی مسئلہ ہے اور یہ انہیں شمار طبی و نفسیاتی مسائل میں مبتلا کرنے کا سبب بنتا ہے۔ نیپال میں بھی اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے کچھ ہندو پجاری اپنی مذہبی حیثیت کو استعمال کرتے ہوئے والدین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی کم عمر بچیوں کی شادی نہ کریں۔

    نیپال میں کام کرنے والے ایک سماجی ادارے کے مطابق ملک میں 38 سے 50 فیصد لڑکیاں 18 سال کی عمر سے قبل بیاہ دی جاتی ہیں۔ یہ شادیاں لڑکی کے خاندان والوں کی خواہش پر ہوتی ہیں اور کم عمر لڑکیوں کو انتخاب کا کوئی حق نہیں ہوتا۔

    یاد رہے کہ نیپال میں گزشتہ 54 سالوں سے کم عمری کی شادی پر پابندی عائد ہے لیکن دور دراز دیہاتوں کے لوگ اب بھی اپنی لڑکیوں کی شادیاں جلدی کردیتے ہیں۔ یہ ان کی قدیم خاندانی ثقافت و روایات کا حصہ ہے اور ان دور دراز علاقوں میں قانون بھی غیر مؤثر نظر آتا ہے۔

    مزید پڑھیں: افریقی ممالک میں کم عمری کی شادی غیر قانونی قرار

    دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی لڑکیوں کو بے شمار طبی مسائل میں مبتلا کردیتی ہے۔ کم عمری کی شادی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ لڑکیاں چاہے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار نہ ہوں تب بھی وہ حاملہ ہوجاتی ہیں۔

    کم عمری کے حمل میں اکثر اوقات طبی پیچیدگیاں بھی پیش آتی ہیں جن سے ان لڑکیوں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

    اسی مسئلے کو دیکھتے ہوئے نیپال کے مغربی حصے میں واقع ایک گاؤں میں ہندو مذہبی رہنماؤں اور پجاریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس برائی کو روکنے کی کوشش کریں گے۔

    ان ہی میں سے ایک پجاری 66 سالہ دیو دت بھٹ کہتے ہیں کہ ان کے پاس ایک نو عمر لڑکی کے والدین اس کی شادی کے سلسلے میں مشورہ کرنے کے لیے آئے۔ اس لڑکی کی عمر صرف 16 برس تھی۔

    nepal-3

    دیو دت نے ان پر زور دیا کہ وہ کم از کم اپنی لڑکی کو 20 سال کی عمر تک پہنچنے دیں اس کے بعد اس کی شادی کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ اکثر والدین ان کے پاس آکر اپنی لڑکی کی عمر کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں، جس کے بعد وہ اس لڑکی کا پیدائشی ’چینا‘ دیکھتے ہیں جس سے انہیں اس کی صحیح عمر کے بارے میں علم ہو جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کم عمری کی شادیاں پائیدار ترقی کے لیے خطرہ

    نیپالی زبان میں چینا دراصل ماہرین نجوم کی جانب سے بنایا گیا مستقبل کی پیش گوئی کرتا چارٹ ہے جو نیپالی ثقافت کے مطابق ہر پیدا ہونے والے بچے کا بنایا جاتا ہے۔ اس چارٹ میں درج کی جانے والی معلومات بشمول تاریخ پیدائش اور سنہ بالکل درست ہوتا ہے جس سے کسی کی بھی درست عمر کو چھپایا نہیں جاسکتا۔

    دیو دت نے بتایا کہ وہ اکثر والدین کو یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ بے شک اپنی لڑکیوں کا رشتہ طے کردیں مگر شادی کو چند سالوں کے لیے مؤخر کردیں۔

    اس کام میں دیو دت اکیلے نہیں ہیں۔ گاؤں میں ان جیسے کئی مذہبی پجاری ہیں جو اس کام میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ شادیاں ایسی ہوتی ہیں جن میں دلہن کی عمر 18 سال سے کم ہوتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں ہر 3 میں سے 1 لڑکی کی جبراً کم عمری میں شادی کر جاتی ہے۔

  • نیپال میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 7 مسافر ہلاک

    نیپال میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 7 مسافر ہلاک

    کٹھمنڈو : نیپال کے ضلع گورکھا سے اڑان بھرنے والا نجی کمپنی کا ہیلی کاپٹر ضلع ڈادہنگ کے جنگل میں حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے باعث 7 مسافر ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی نیپال کے پہاڑی سلسلے میں ہفتے کے روز مسافر بردار ہیلی کاپٹر حادثے کو حادثہ پیش آیا ہے، حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے، حکام کا خیال ہے کہ ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر نے نیپال کے ضلع گورکھا سے 7 مسافروں کے ہمراہ اڑان بھری تھی جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور سے پائلٹ کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

    کٹھمنڈو ایئرپورٹ کے جنرل مینیجر راج کمار کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر ضلع ڈادہنگ کے پہاڑی سلسلے کے جنگلات میں حادثے کا شکار ہوا ہے۔

    راج کمار کا کہنا ہے کہ ’سیکیورٹی ادارے اور ہنگامی خدمات انجام دینے والا عملہ آسمانی اور زمینی راست کے ذریعے جائے حادثہ پر پہنچنے کی کوشش کررہا ہے تاہم خراب موسم ریسکیو اہلکاروں کو آپریشن میں رکاٹوں کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیپال میں بہت زیادہ پہاڑی سلسلوں کے باعث کئی شہروں اور علاقوں میں سڑکیں و شاہراہیں نہیں ہیں لہٰذا سیاحوں کی ملک میں آمد و رفت کے لیے اور سامان کی ترسیل کی وجہ نجی ہیلی کاپٹروں کا کاروبار عروج پر ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیپال میں ایئر سیفٹی نہ ہونے کے باعث دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات نیپال میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2016 میں نیپال کے دارالحکومت سے 22 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • نیپال میں شیر نے خاتون کو مار ڈالا

    نیپال میں شیر نے خاتون کو مار ڈالا

    کھٹمنڈو: نیپال کے نیشنل پارک میں شیر نے 25 سالہ خاتون کو مار ڈالا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 25 سالہ خاتون اور ان کے دوست چتوان نیشنل پارک میں اپنے مویشیوں کے لیے چارہ لینے گئے تھے کہ شیر نے خاتون پر حملہ کرکے انہیں مار ڈالا۔

    نیشنل پارک انتظامیہ کے مطابق شیر خاتون کو دوسرے جانوروں سے 100 میٹر دور لے گیا، شیر سے خاتون کو چھڑانے کے لیے انجیکشن بھی مارے گئے تاہم خاتون دم توڑ چکی تھی۔

    انتظامیہ کے مطابق نیپال میں اس طرح کے حملے کم ہی ہوتے ہیں لیکن قریب رہائش پذیر لوگوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    نیپال 198 خطرناک جنگلی شیروں کا گھر ہے جو بھارت کی سرحد کے ساتھ ملک کے جنوبی میدانوں میں محفوظ علاقوں میں ہوتے ہیں۔

    نیپال میں رواں سال خطرناک جانوروں کے حوالے سے مردم شماری بھی کی گئی تھی تاہم اس کا نتیجہ اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔

    مزید پڑھیں: افریقی سفاری پارک میں چیتا 3 سالہ بچے کو کھا گیا

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل افریقی ملک یوگنڈا کے نیشنل سفارک پارک میں ایک چیتا قریب رہائشی تین سالہ بچے کو اٹھا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا اور اسے کھا گیا تھا۔

    پارک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچہ پارک میں تعینات ایک رینجر کا بیٹا تھا جو اپنی دادی کے ساتھ پارک کے قریب ہی بنے رہائشی حصے میں رہتا تھا۔

    ان کے مطابق بچہ رات کے وقت اپنی دادی کے پیچھے نکلا تھا جو اس کی موجودگی سے بے خبر تھیں۔ اسی دوران چیتے نے جھپٹا مار کر اسے پکڑا اور جھاڑیوں میں لے گیا۔ بچے کی باقیات اگلے دن جھاڑیوں سے ملی تھیں۔

  • نیپال: بس حادثے میں 14 افراد ہلاک، 9 زخمی

    نیپال: بس حادثے میں 14 افراد ہلاک، 9 زخمی

    کھٹمنڈو: نیپال میں پیش آیا ایک خطرناک حادثہ جہاں ایک مسافر بس گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیش آیا نیپال کے ضلع پالپا میں جہاں ایک مسافر بس پہاڑی سلسلوں پر قائم سڑک کو کراس کرتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث چودہ افراد ہلاک جبکہ نو شدید زخمی ہوگئے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس مسافر بس میں 27 افراد سوار تھے جبکہ یہ بس تان سین نامی شہر سے نکلنے کے بعد اپنے مقررہ مقام کی جانب گامزن تھی کہ اسی دوران ضلع پالپا کے مقام پر بس ایک گہری کھائی میں جاگری۔


    یوگنڈا میں بس حادثہ، 48 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


    پولیس حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے 14 افراد کی تصدیق کی جاچکی ہے، شاخت کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا جبکہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات ضلع میں شدید بارش ہونے کے باعث سڑکوں پر نمی ہے اور ابتدائی طور پر اس حادثے کی ایک اہم وجہ یہی معلوم ہوتی ہے البتہ مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔


    شمالی کوریا میں بس حادثہ ‘36 افراد ہلاک


    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواریاں پیش آئیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں اور یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اقوام متحدہ امن فورس پر بچیوں سے جنسی زیادتی کا ایک اور الزام

    اقوام متحدہ امن فورس پر بچیوں سے جنسی زیادتی کا ایک اور الزام

    نیویارک: اقوام متحدہ امن فورس میں شامل نیپالی فوجیوں پر جنوبی سوڈان میں تعیناتی کے دوران کم سن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنسی زیادتی کا کیس سامنے آتے ہی اقوام متحدہ نے نیپالی حکومت سے تفتیشی ٹیم بھیجنے کی اپیل کی، جس پر نیپال نے تفتیشی ٹیم جنوبی سوڈان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اقوام متحدہ نے جنسی زیادتی کے ہر عمل کو سنگین قرار دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ خاص طور سے اگر کسی بچے کی بات کی جائے تو یہ اور بھی سنگین ہوجاتا ہے۔

    عالمی ادارے کو ملنے والی رپورٹس کے مطابق امن مشن میں شامل نیپالی فوجیوں نے مبینہ طور پر نابالغ لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس سنگین کیس میں کتنے فوجی ملوث ہیں۔

    امن مشن، اقوام متحدہ کا 7 شہید پاکستانی اہلکاروں کے لیے اعزاز

    واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کی طرف سے امن مشن میں شامل فوجیوں اور پولیس اہل کاروں کی تعداد چودہ ہزار آٹھ سو ہے، جن کا مقصد صدر سلوا کیر کی فورسز اور باغیوں کی لڑائی میں متاثر ہونے والے عام شہریوں کی حفاظت ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ امن مشن فورس میں شامل اہل کاروں پر مختلف ممالک میں جنسی زیادتی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی: نیپالی چیف جسٹس عہدے سے برطرف

    تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی: نیپالی چیف جسٹس عہدے سے برطرف

    کٹھمنڈو:نیپال کے چیف جسٹس گوپال پاراجولی کو بدھ کے روز اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی اور دھوکا دہی کے الزام میں عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے چیف جسٹس کو سرکاری دستاویزات میں متعدد تاریخ پیدائش درج ہونے کے باعث اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    یہ معاملہ اس وقت سے زیربحث تھا، جب چیف جسٹس نے نیپال کے ایک معروف سماجی کارکن اور ایک بڑے خبر رساں ادارے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ اخبار اور سماجی کارکن کی جانب سے سب سے پہلے یہ متنازع مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔

    معاملے کی چھان بین کرنے والی عدلیہ کونسل نے پاراجولی کے حوالے سے کہا کہ وہ سات ماہ پہلے ہی ججز کی سبکدوشی کی متعین  حد ( 65 برس) عبور کرکے عہدے سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔

    کونسل کے سیکریٹری نریپڈوج نیراؤلا نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ گوپال پاراجولی گذشتہ سال اگست میں ہی ریٹائرڈ ہوگئے تھے، یہ بات ہمیں دوران تفتیش پتہ چلی، جس کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔

    متنازع تاریخ پیدائش کا فیصلہ ایسے وقت میں آیا، جب گوپال پاراجولی نیپال کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر بیدیا بھانداری سے حلف لے رہے تھے۔ جس کے باعث نیپال میں آئینی بحران پیدا ہوگیا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ نیپالی صدر کو دوبارہ حلف لینا ہوگا یا نہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ فروری میں پاراجولی نے نیپال کے ایک بڑے خبر رساں ادارے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ادارے نے پاراجولی کی متنازعے تاریخ پیدائش کے حوالے سے کالمز کی پوری ایک سیریز لکھی تھی، جس میں چیف جسٹس کی مختلف سرکاری دستاویزات میں پانچ الگ الگ تاریخیں درج تھی۔

    عدلیہ کونسل کے سیکریٹری نریپڈوج نے توہین عدالت کے میڈیا پر لگائے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ پاراجولی ان طریقوں سے اپنے لیے مزید نفرت پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان مقدمات کو دیکھیں گے۔

    جنوری میں پاراجولی نے بدعنوانی کے خلاف سرگرم ڈاکٹر گوویندا کے سی کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا، ڈاکٹر گوویندا نے بھی پاراجولی کی متنازعے تاریخ پیدائش کے حوالے سے سخت سوالات اٹھائے تھے۔

    گوپال پاراجولی کے برطرف کیے جانے کے بعد سوشیلا کارنے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا۔ وہ نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نیپال میں 71 مسافروں کو لانے والا طیارہ حادثے کا شکار

    نیپال میں 71 مسافروں کو لانے والا طیارہ حادثے کا شکار

    کٹھمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کے ہوائی اڈے پر بنگلادیش کے 71 مسافروں کو لانے والا مسافربردار طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بروزپیر بنگلا دیش سے 71 مسافروں کو نیپال لانے والے یو ایس بنگلہ ایئرلائن کے مسافربردار طیارے کوکٹھمنڈو کے ہوائی اڈے پرلینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے  کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی ہے‘ تاہم 17 افراد کو طیارے سے نکال لیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ کے ترجمان بریندرا پرساد کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے پرواز کرنے والے طیارے میں سوار 71 مسافروں میں سے 17 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، باقی مسافروں کے بارےمیں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کس وہ حالت میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ’ہم آگ پرقابو پانے کی کوشش کررہے ہیں‘۔

    مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں کم از کم پچاس مسافروں کی ہلاکت کا اندیشہ ہے‘ جہاز سے زخمی حالت میں بچائے جانے والے مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘ زندہ بچ جانے والوں میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔

    خیال رہے کہ مختلف اطراف سے بلند و بالا پہاڑوں سے گھرا نیپال کا یہ ایئرپورٹ دنیا کا خطرناک ترین ہوائی اڈا تصور کیا جاتا ہے، اکثر اوقات چھوٹے جہازوں کو ایئر پورٹ کی ذیلی ہوائی پٹی پر لینڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    سنہ 1992 میں تھائی ایئرلائن  کی ایک پرواز بھی کٹھمنڈو ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئی تھی‘ اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام مسافرہلاک ہوگئے تھے۔

    یو ایس بنگلہ ایئر لائن‘ یو ایس بنگلہ گروپ کا حصہ ہے جو کہ بنگلادیش اورامریکا کی مشترکہ تجارتی کمپنی ہے۔ یہ ایئر لائن بمبارڈیئر اور بوئنگ طیارے استعمال کرتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں