Tag: NEPRA

  • کے الیکٹرک نے بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی

    کے الیکٹرک نے بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی

    اسلام آباد: کے الیکٹرک نے ایک بار پھر بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو ایک اور درخواست دے دی ہے، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے کہا ہے کہ بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے دائر درخواست مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں ہے، جس پر نیپرا تاریخی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق 4 جولائی کو سماعت کرے گی۔

    درخواست منظور ہونے پر کراچی کے عوام کو 22 ارب 65 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا، تاہم درخواست کی سماعت کے بعد ہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    حکومت کا عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی بنیادوں پر صارفین کے لیے بجلی 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی، بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا، عوام سے جولائی سے ستمبر تک بجلی کے بلز میں اضافی رقم وصول کی جائے گی۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر ہوگا۔

  • ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت، بجلی کمپنی پر ایک کروڑ جرمانہ

    ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت، بجلی کمپنی پر ایک کروڑ جرمانہ

    حیدر آباد: ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3 افراد کی موت کے واقعے پر نیپرا نے حیسکو پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے اسلام آباد چوک پر ٹرانسفارمر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے تھے، نیپرا نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 ممبران پر مشتمل کمیٹی بنا لی تھی۔

    نیپرا اعلامیے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلم بند کیے، اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے، ٹیم نے حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی، اور متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا۔

    نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی، جس کے بعد اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور سماعت کا موقع بھی دیا۔

    حیدرآباد: ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہلاکتیں، حیسکو پر بھاری جرمانہ عائد

    نیپرا نے پایا کہ حیسکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیار سے متعلق قانونی ذمہ داریاں سر انجام دینے میں ناکام رہا، جس پر اتھارٹی نے حیسکو کو سوگوار خاندانوں کو 35 لاکھ فی کس معاوضہ اداکرنے کی ہدایت کی۔

    اعلامیے کے مطابق معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی جائیں گی، اتھارٹی کے حکم پر حیسکو سوگوار خاندانوں کے ایک ایک فرد کو ملازمت بھی دے گی۔

  • جنوری 2021 کا ملک بھر میں بلیک آؤٹ: ذمہ دار کمپنی کو کروڑوں روپے جرمانہ

    جنوری 2021 کا ملک بھر میں بلیک آؤٹ: ذمہ دار کمپنی کو کروڑوں روپے جرمانہ

    اسلام آباد: ملک میں 9 اور 10 جنوری 2021 کی رات کو ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بلیک آؤٹ پر بجلی کے تقسیم کار ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس 9 اور 10 جنوری کی رات کو ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بلیک آؤٹ پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ جرمانہ ملک میں 9 جنوری 2021 کی رات بروقت بجلی فراہمی کی ناکامی پر کیا گیا، این ٹی ڈی سی کو ملک میں بجلی سپلائی کی بحالی میں تقریباً 20 گھنٹے لگے تھے۔

    نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، رپورٹ کی بنیاد پر این ٹی ڈی سی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی۔

    نیپرا اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ این ٹی ڈی سی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور سماعت کا موقع بھی دیا گیا، تاہم این ٹی ڈی سی کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہی۔

    نیپرا کا مزید کہنا ہے کہ متعلقہ پاور پلانٹس کے خلاف بھی الگ سے قانونی کارروائی کر رہے ہیں، پاور پلانٹ کا معاملہ الگ سے نمٹایا جائے گا۔

  • حافظ نعیم کا مطالبہ، عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے  نیپرا کی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان

    حافظ نعیم کا مطالبہ، عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے نیپرا کی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے مطالبے پر نیپرا نے عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے اپنی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطاب حافظ نعیم الرحمٰن نے نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی کے صارفین کے کلا بیک کی مد میں 42 ارب روپے واپسی کے لیے کراچی بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    انھوں نے کہا نیپرا کی لیگل ٹیم کراچی آئے تاکہ کے الیکٹرک کا کلا بیک کے خلاف عدالتی اسٹے ختم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے، جس پر چیئرمین نیپرا نے حافظ نعیم کے دلائل کی تائید کرتے ہوئے عید کے بعد نیپرا ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ہم آپ کی بات اور دلائل کی قدر کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا کی آن لائن سماعت میں شرکت کی تھی، اس دوران انھوں نے دلائل دیے اور کہا جماعت اسلامی بڑی ذمہ داری اور تیاری کے ساتھ سماعت میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کے الیکٹرک پاکستان کی مہنگی ترین بجلی بناتی ہے، کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، بن قاسم پلانٹ تھری بار بار اعلان کے باوجود اب تک مکمل آپریشنل نہیں ہوا، کے الیکٹرک نے اپنے معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا، سوال یہ ہے کہ نیپرا کے پاس کے الیکٹرک کی کپیسٹی ناپنے کا کیا پیمانہ ہے؟

    انھوں نے کہا کے الیکٹرک بس نمبر فراہم کرتا ہے عملی طور پر کچھ نہیں کرتا، کے الیکٹرک کا میٹر ویریفائی کرنے کا کوئی غیر جانب دار ادارہ بھی موجود نہیں ہے، کے الیکٹرک ہر بات پر عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیتا ہے، لیکن نیپرا کی لیگل ٹیم اسٹے آرڈرز پر کیا کردار ادا کر رہی ہے؟

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کلا بیک کے 42 ارب روپے صارفین کو اب تک ادا نہیں کیے گئے، جماعت اسلامی نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی میں سپورٹ کرے گی۔

    انھوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا 2023 میں کے الیکٹرک کا معاہدہ ختم ہوگا؟ کراچی والوں کی کے الیکٹرک سے جان کب چھوٹے گی؟ نیپرا نئی کمپنیوں سے رابطے کے لیے کیا کام کر رہی ہے؟

    حافظ نعیم نے کہا صنعتوں کے گیس کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں مگر اب ان سے کہا جا رہا ہے کہ اپنی بجلی خود پیدا کر لیں، صنعتوں کو پہلے مجبور کیا گیا تھا کہ وہ کے الیکٹرک سے ہی بجلی خریدیں، کے الیکٹرک کو مزید ایک دن کے لیے بھی لائنسس نہیں جاری کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی علاقے سے ریکوری کم ہو رہی ہو تو پورے علاقے کی بجلی کاٹ دی جائے، کم ریکوری پر پورے علاقے کی بجلی کاٹنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے۔

  • بجلی صارفین تیار ہوجائیں!  اگلے ماہ اضافی بل ادا کرنا پڑے گا

    بجلی صارفین تیار ہوجائیں! اگلے ماہ اضافی بل ادا کرنا پڑے گا

    اسلام آباد : نیپرا نے بجلی 5.94 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، صارفین کو آئندہ ماہ کے بلز میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کردیا ، جس میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی 5.94پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ صارفین کوآئندہ ماہ کے بلز میں اضافی ادائیگیاں کرناہوں گی تاہم اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

    حکام کے مطابق اضافے سے بجلی صارفین پر58 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    اس سے قبل نیپرا نے بجلی95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا ، نیپرانےفیصلہ وفاقی حکومت کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے بھجوا دیا۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد فیصلے کا اطلاق ہوگا ، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط 53 پیسے اضافے کیا گیا اور مختلف سیلز کیلئے بجلی 8 روپے95 پیسے تک فی یونٹ مہنگی کی گئی۔

    دستاویز کے مطابق بجلی کے 100یونٹ استعمال تک8 پیسے، 101سے200یونٹ تک استعمال پر 18 پیسے،201سے300یونٹ استعمال پر48پیسے اور 301سے700یونٹ استعمال پر95پیسےفی یونٹ اضافےکی منظوری دی۔

    حکام نے کہا بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری سے ہوگا ، نیپرا نے حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا، اقدام کا مقصد پاور سیکٹر میں سبسڈی کا از سو نو تعین کرنا ہے۔

  • کراچی والوں کو بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    کراچی والوں کو بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2.59روپےفی یونٹ فی یونٹ سستی کردی ، کمی کا اطلاق صرف مارچ کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے فیول چارجزایڈجسٹمنٹ کی مدمیں 2.59روپےفی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ، منظوری دسمبر2021کےفیول چارجزایڈجسٹمنٹ کی مدمیں دی گئی۔

    نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے1 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 2 فروری 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق کمی کا اطلاق صرف مارچ کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے 300 تک یونٹ استعمال کرنے والے،لائف لائن اور زرعی صارفین پر ہو گا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ نیپرا نے کےالیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 76 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی اور کہا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی نومبر2021 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کی گئی، کےالیکٹرک صارفین کو کمی کا ریلیف فروری2022 کے بلوں میں ملے گا۔

  • بجلی 4.30 روپے فی یونٹ  مہنگی کردی گئی

    بجلی 4.30 روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 4.30 روپے فی یونٹ مہنگی کر دی، اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین کےعلاوہ تمام صارفین پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 4.30 روپے فی یونٹ اضافہ کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ نیپرانےنومبر2021کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں اضافہ کیاہے ، لائف لائن صارفین کےعلاوہ تمام صارفین پر اضافے کا اطلاق ہوگا۔

    یاد رہے دسمبر کے آخر میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نومبر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت مکمل کی تھی ۔

    دوران سماعت نیپرا کا کہنا تھا کہ سی پی پی اے کے اعداد و شمار کا جائزہ لیں گے، اعداد و شمار درست ہونے پر 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور ہوگا۔

    سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے اضافے کی درخواست کی تھی۔

  • رعایتی پیکج : کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی

    رعایتی پیکج : کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی

    اسلام آباد : موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی کردی گئی ، رعایتی پیکج کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی رعایتی پیکج کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی۔

    نیپرا نے کےالیکٹرک صارفین کیلئے رعایتی پیکچ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے گھریلو،کمرشل،عمومی صارفین کیلئے ریٹ 12.96 روپے فی یونٹ ہوگا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ رعایتی پیکج کااطلاق یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک ہوگا ، گزشتہ سال کی نسبت زیادہ بجلی استعمال پرریٹ 12.96 روپے فی یونٹ ہوگا ،فیصلہ

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نئے بجلی صارفین کے لیے بھی زائد کھپت پر 12.96 روپے کا ریٹ نافذ ہوگا ، رعایتی پیکچ کے تحت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہوگا ، پیکج کے تحت ماہانہ مثبت فیول ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہوگا۔

  • کراچی والوں کیلئے بجلی  پھر مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی والوں کیلئے بجلی پھر مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: کراچی والوں کیلئے بجلی 1 روپے7 پیسے مہنگی کردی گئی ، ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ جنوری کے بلوں میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1روپے 7 پیسے مہنگی کی گئی ہے ،ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ جنوری کے بلوں میں کی جائےگی۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ کراچی کے صارفین پر فیصلے سے 1ارب 91کروڑکا بوجھ پڑے گا۔

    یاد رہے کے الیکٹرک کی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی سماعت 3نومبر کوہوئی تھی ، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

    گذشتہ روز کے الیکٹرک ترجمان کی جانب سے بجلی کے بلوں میں 5.50 روپےاضافےکی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نومبرکے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

    کےالیکٹرک کا کہنا تھا کہ الیکٹرک نے31 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کرائی ہے، درخواست عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سےکی گئی ہے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں ، بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

    کراچی والے تیار ہوجائیں ، بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

    کراچی : شہر قائد کیلئے بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، تاہم کے الیکٹرک نے بجلی کےبلوں میں 5.50روپے اضافے کی خبروں کی تردید کردی ‌ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر نیپرا آج سماعت کرے گا، جس کے بعد شہر قائد کیلئے بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    اضافہ ایک سہ ماہی اورایک ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں مانگاگیا ہے جبکہ جولائی تا ستمبر2021 کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی 5 روپے 18 پیسے یونٹ مہنگی کرنے جبکہ نومبر2021کی ایڈجسٹمنٹ مدمیں بجلی32پیسے یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان کی جانب سے بجلی کے بلوں میں 5.50 روپےاضافےکی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نومبرکے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی درخواست جمع کرائی گئی ہے،کےالیکٹرک

    کےالیکٹرک کا کہنا تھا کہ الیکٹرک نے31 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کرائی ہے، درخواست عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سےکی گئی ہے۔