Tag: Netflix

  • نیٹ فلکس : ڈرامہ سیریز ’اے گڈ گرلز گائیڈ ٹو مرڈر‘ نے تہلکہ مچا دیا

    نیٹ فلکس : ڈرامہ سیریز ’اے گڈ گرلز گائیڈ ٹو مرڈر‘ نے تہلکہ مچا دیا

    آن لائن ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے صارفین نئی کرائم ڈرامہ سیریل ’’اے گڈ گرلز گائیڈ ٹو مرڈر‘‘کو دیکھ کر بہت محظوظ ہورہے ہیں اور یہی دلچسپی انہیں ٹی وی سے جوڑے رکھتی ہے۔

    برطانوی سیریز ’’اے گڈ گرلز گائیڈ ٹو مرڈر‘‘ چھ حصوں پر مشتمل ایک تھرلر ہے جسے ناظرین نے اس کی دلچسپ کہانی کی وجہ سے نیٹ فلکس پر دیکھنے کے لیے بہترین چیز قرار دیا ہے۔

    اس سیریز میں اداکارہ ایما مائرز ایک نوجوان خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں جو پولیس کی جانب سے بند کیا گیا قتل کا ایسا کیس کھول دیتی ہے جو کئی سال قبل بند کردیا گیا تھا۔

    Netfilx

    یہ ڈرامہ سیریز ایک ناول کی کہانی سے ماخوذ ہے، اس سیریز میں ایما مائرز جنہوں نے نیٹ فلکس کی کامیاب سیریز "وینسڈے” میں جینا اورٹیگا کی ویروولف روم میٹ انید سنکلیئر کا کردار ادا کیا تھا، اب مرکزی کردار پپا "پپ” فِٹز کے طور پر جلوہ گر ہیں۔

    پپ 17 سال کی ایک نوجوان لڑکی ہے جو اپنے طور پر سچائی کی تلاش میں ایک قتل کا معمہ حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

    یہ سیریز ہولی جیکسن کے بیسٹ سیلنگ ناول اور اس کے بعد کی سیریز پر مبنی ہے اور بکنگھم شائر کے خیالی قصبے لٹل کلٹن میں ترتیب دی گئی ہے۔

     Rotten

    کہانی ایک ہائی اسکول کی طالبہ کے پانچ سال پرانے حل نہ ہونے والے قتل کے گرد گھومتی ہے۔ اگرچہ پولیس نے کیس بند کر دیا ہے، یہ مانتے ہوئے کہ مقتولہ کا بوائے فرینڈ مجرم تھا لیکن پپ کو یقین نہیں آتا اور وہ اپنی تحقیقات شروع کرتی ہے جس سے قصبے کے پراسرار راز اور چھپی ہوئی حقیقتیں سامنے آتی ہیں۔

    سیریز کی ریلیز کے بعد سے اس شو کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے اور اس نے فلم اور ٹی وی کی جائزہ ویب سائٹ ’روٹن ٹماٹوز‘ پر 81 فیصد کے متاثر کن پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

    ڈرامے کی کاسٹ میں ایما مائرز کے علاوہ لیلی ڈیویس، راہول پٹنی اور زین اقبال بھی شامل ہیں۔

  • نیٹ فلکس کو پاس ورڈ شیئرنگ کریک ڈاؤن کا بڑا فائدہ

    نیٹ فلکس کو پاس ورڈ شیئرنگ کریک ڈاؤن کا بڑا فائدہ

    دنیا بھر میں مقبول ویڈیو آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس انتظامیہ نے کہا ہے کہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں 8 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاس ورڈ شیئرنگ کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد نیٹ فلکس کے سبسکرائبرز اور آمدنی کی نمو میں نمایاں تیزی آئی ہے۔

    سبسکرائبرز میں اضافہ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ اس بڑی کامیابی کی وجہ پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور "برجیرٹن”، "بے بی رینڈیئر” اور "دی روسٹ آف ٹام بریڈی” جیسے عنوانات کی مقبولیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔

    سبسکرائبرز کے اضافے نے تجزیہ کاروں کی پیش گوئیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، نیٹ فلکس نے بتایا کہ اس کا اشتہاری کاروبار کم از کم سال 2026 تک آمدنی میں اضافے کا بنیادی محرک نہیں بنے گا۔

    اس حوالے سے رننگ پوائنٹ کیپٹل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر مائیکل ایشلے شولمین نے کہا ہے کہ نیٹ فلکس اب بھی سب سے زیادہ منافع بخش اسٹریمنگ کمپنی ہے تاہم کچھ سرمایہ کار اسٹاک کے لیے ممکنہ بہتر انٹری پوائنٹ کا انتظار کرتے ہوئے بہتر منافع حاصل کرسکتے ہیں۔

    امریکی بین الاقوامی کمپنی نیٹ فلکس امریکا میں اگلے سال سے نئے سبسکرائبرز کے اضافے کی باقاعدہ اطلاع فراہم نہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، سرمایہ کار کمپنی کے اشتہاری کاروبار کو ترقی کے ممکنہ ذریعے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

    نیٹ فلکس نے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں کہا کہ تیسری سہ ماہی میں سبسکرائبرز کا اضافہ سال 2023 کی مدت سے کم ہوگا جب اس نے پاس ورڈ کلیمپ ڈاؤن شروع کیا تھا۔

    تھرڈ برج کے تجزیہ کار جیمی لملی نے کہا کہ نیٹ فلکس کا اشتہاری کاروبار "ابھی تک آمدنی کے نقطہ نظر سے خود کو ثابت نہیں کرسکا ہے۔

    "ان کا کہنا ہے کہ ’ایمازون‘ نے اشتہاری مارکیٹ میں دھوم مچا رکھی ہے۔ نیٹ فلکس کو اس شعبے میں بڑا کھلاڑی بننے کے لیے بڑے پیمانے پر کام جاری رکھنا ہوگا۔

    کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر اسپنسر نیومن نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ کمپنی کا اشتہاری کاروبار بہتر طریقے سے بڑھ رہا ہے لیکن یہ ایک چھوٹے پیمانے سے شروع کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سال 2026 تک یہ ایک بنیادی شراکت دار بن جائے۔

  • نیٹ فلکس کے آف لائن صارفین کے لیے بری خبر

    نیٹ فلکس کے آف لائن صارفین کے لیے بری خبر

    نیٹ فلکس نے اپنے آف لائن ونڈو صارفین کو بری خبر سنادی، کمپنی نے آف لائن صارفین کے لئے ڈاؤن لوڈ کا آپشن ڈِس ایبل کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیٹ فلکس نے آف لائن مواد دیکھنے والے صارفین کے لیے ڈاؤن لوڈ کا آپشن حذف کردیا ہے۔

    حال ہی میں نیٹ فلکس نے ونڈوز کے لیے اپنی ایپلیکیشنز کو اپ ڈیٹ کیا ہے، اس اپڈیٹ کے ساتھ کمپنی کے آف لائن صارفین کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے، کیونکہ وہ نیٹ فلکس سے مواد ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکیں گے۔

    ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کمپنی کی اپڈیٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں اس نے لکھا کہ کمپنی نے اپڈیٹ کو’نیا ونڈوز ایپ ایکسپرینس‘ کے طور پر پیش کیا ہے، اس اپڈیٹ میں لائیو ایونٹس تک رسائی اور نیٹ فلکس ایڈ سپورٹ پلان متعارف کرایا گیا ہے، جو متعارف ہونے کے بعد سے مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

    صارف نے لکھا کہ کمپنی نے بدقسمتی سے اس اپڈیٹ کے ذریعے آف لائن صارفین کے لیے ڈاؤن لوڈ آپشن کو ڈِس ایبل کردیا ہے۔

    کمپنی نے یہ ٹوئٹ سامنے آنے کے بعد وضاحت کی کہ صارفین اب بھی ٹی وی شوز اور فلمیں ’ایک سپورٹڈ موبائل ڈیوائس‘ پر آف لائن دیکھ سکتے ہیں۔

    کمپنی کی یہ اپڈیٹ جلد آرہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ونڈوز پرکمپنی کے صارفین کے پاس ابھی بھی کچھ وقت ہے، جس میں وہ آف لائن ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ تبدیلی ابھی تک ہر صارف کے لیے ظاہر نہیں ہو رہی ہے، جس کے باعث امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کمپنی ممکنہ طور پر دوبارہ علاقائی طور پر اپڈیٹ جاری کرے گی۔

    ایلون مسک نے بڑا فیصلہ کرلیا

    ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ اپ ڈیٹ پاکستان میں کب پہنچے گی لیکن جو بات واضح ہے وہ یہ ہے کہ اس پلیٹ فارم پر آف لائن مواد دیکھنے کے دن بہت کم رہ گئے ہیں۔

  • نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف حتمی فیصلہ

    نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف حتمی فیصلہ

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف زیادہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیٹ فلکس اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئرنگ کرنے کے خلاف وہ کارروائی کرنے جا رہا ہے جس کی طویل عرصے سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، اور سروس نے پیش گوئی کی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ لوگ نیٹ فلکس دیکھنا بند کر دیں۔

    نیٹ فلکس نے یہ اعلان اپنے تازہ ترین نتائج میں کیا ہے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی مشکل وقت کے بعد دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہونے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ لاطینی امریکہ میں محدود ٹیسٹ کے بعد اب پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف زیادہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    کمپنی کے مطابق 10 کروڑ سے زیادہ خاندان اپنے نیٹ فلکس اکاؤنٹ شیئر کر رہے ہیں اور یہ عمل نیٹ فلکس میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں بہتری لانے کی ہماری طویل مدت کی صلاحیت کو کمزور کر رہا ہے۔

    نیٹ فلکس کے قواعد میں پاس ورڈ شیئر کرنے پر ہمیشہ سے پابندی ہے، ان قواعد کے تحت ضروری ہے کہ ایک اکاؤنٹ صرف ایک خاندان استعمال کرے۔ لیکن کمپنی نے ان قواعد کو کبھی نافذ نہیں کیا۔

    اب کمپنی نئے فیچرز کا اضافہ کرے گی جن کے تحت لوگوں کے پاس ورڈ شیئر کرنے پر پابندی ہوگی اور ان لوگوں کو تلاش کیا جائے جو ایسا کر رہے ہیں۔

    اگر کمپنی کو پتہ چلا کہ کوئی اکاؤنٹ شیئر کیا جا رہا ہے تو وہ لوگوں کو لاگ ان کرنے سے روک دے گی اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ اس کے بجائے اپنا اکاؤنٹ خریدیں۔

    نیٹ فلکس ان خصوصی فیچرز کو کام میں لاتے ہوئے ایسا کرے گی جن کا ہدف ایسے لوگ ہیں جنہوں نے پاس ورڈ شیئر کر رکھا ہے، ان لوگوں کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنا پروفائل اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔

    نیٹ فلکس کچھ ملکوں میں اضافی ادائیگی پر لوگوں کو اکاؤنٹ ان لوگوں کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دے گی جن کے ساتھ وہ نہیں رہتے، کمپنی نے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ نئی تبدیلیاں انہیں سفر کے دوران ویڈیوز دیکھنے سے نہیں روکیں گی۔

  • نیٹ فلیکس پر شہزادہ ہیری اور میگھن کی دھماکا خیز سیریز کا نیا ٹریلر جاری

    نیٹ فلیکس پر شہزادہ ہیری اور میگھن کی دھماکا خیز سیریز کا نیا ٹریلر جاری

    نیٹ فلیکس نے شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی دستاویزی سیریز کا دوسرا دھماکا خیز ٹریلر جاری کر دیا۔

    سابق برطانوی شہزادے ہیری نے نیٹ فلیکس سیریز میں شاہی خاندان میں جاری ڈرٹی گیم پر سے پردہ ہٹاتے ہوئے خاندان کے ساتھ نئے جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔

    سیریز کی پہلی تین اقساط جمعرات کو نیٹ فلیکس پر دیکھی جا سکیں گی، جب کہ پہلے سیزن کی کل 6 اقساط ہیں.

    دستاویزی فلم کا ٹائٹل ’ہیری اینڈ میگھن‘ ہے جس میں دونوں کے متعدد انٹرویوز کو شامل کر کے برطانوی شاہی محل کے اندرونی معاملات سے نقاب کشائی کی گئی ہے۔

    اس سیریز کے ذریعے برطانوی شاہی خاندان کے مزید راز افشاں ہوں گے، جس میں شہزادہ ہیری نے والد کنگ چارلس اور بھائی ولیم سے تعلقات بہتر نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے، ساتھ یہ الزام بھی لگا دیا کہ شاہی خاندان سے منسلک افراد ڈرٹی گیم میں شامل ہیں۔

    شہزادہ ہیری نے یہ بھی کہا کہ پورا سچ کوئی نہیں جانتا صرف ہم جانتے ہیں۔

    پرنس ہیری نے اس سیریز میں شاہی خاندان میں شادی کر کے آنے والی خواتین کے درد اور ان کی تکلیف کو بیان کیا ہے، جس سے بلاشبہ ان کا اشارہ بیوی میگھن اور والدہ شہزادی ڈیانا کے اس خاندان میں زندگی کے تجربات کی طرف ہے۔

    سیریز کے ٹریلر میں شاہی خاندان اور نسل کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے، ایک تبصرہ نگار کہتا ہے: ’یہ نفرت کے بارے میں ہے۔ یہ نسل کے بارے میں ہے۔‘

    ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے تازہ ترین ٹریلر میں سخت چھبنے والے تبصروں کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے، جس میں شاہی خاندان کو امن کی شاخ پیش کرنے کی کوئی علامت دکھائی نہیں دیتی۔ بلکہ اس کی بجائے ایک تبصرہ ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’میگھن کے خلاف جنگ دوسرے لوگوں کے ایجنڈوں کے مطابق تھی۔‘

  • 1899: بحری جہاز کے مسافروں کی پُراسرار کتھا

    1899: بحری جہاز کے مسافروں کی پُراسرار کتھا

    ہماری دنیا کئی پُراسرار واقعات اور یہ زمین کئی سربستہ رازوں سے بھری پڑی ہے۔ ہم کسی بھی خطّے کے باسی اور عمر کے کسی بھی حصّے میں‌ ہوں، یہ تحیر خیزی اور اجنبی دنیا کے قصّے ہمیں بصد اشتیاق اُن داستانوں کی طرف متوجہ کرلیتے جو کتابوں میں محفوظ ہیں۔ لیکن 1899 ایسی کہانی ہے جسے کیمرے کی آنکھ سے دیکھنے کا تجربہ نہایت پُرلطف ثابت ہوگا۔

    آن لائن اسٹریمنگ کے دور میں‌ نیٹ فلکس کے ذریعے پاکستانی شائقین بھی فلم اور ٹی وی سیریز سے محظوظ ہو رہے ہیں اور یہ ٹی وی سیریز پاکستان میں ٹاپ ٹین کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔ اسے 17 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

    یہ ایک بحری جہاز کے مسافروں کی کہانی ہے جو اپنے تاریک ماضی سے بچنے کی امید میں ایک ڈراؤنے خواب کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    باران بو اودر(Baran bo Odar) اور جینٹجے فرئیز (Jantje Friese) کی اس تخلیقی کاوش کو دنیا بھر میں‌ پسند کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل یہ فلم ساز جوڑا نیٹ فلکس کو جرمن زبان میں پہلی ہٹ سیریز ”ڈارک” دے چکا ہے جو 2020 ء میں تمام ہوئی تھی۔ حالیہ ڈرامہ سیریز کے پہلے سیزن کے دھوم مچا دینے کے بعد اس جوڑے کا کہنا ہے کہ اس کے تین سیزن پیش کیے جائیں گے۔

    یہ انیسویں صدی کے اواخر کے پس منظر میں تخلیق کردہ کہانی ہے جب 1899 کربروس نامی بحری جہاز مسافروں کو یورپ سے لے کر نیویارک کے لیے روانہ ہوتا ہے۔ یہ تمام مسافر ہجرت کے تجربے سے آشنا ہونا چاہتے ہیں، لیکن دورانِ سفر انھیں نہایت عجیب اور ناخوش گوار واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان مسافروں کو سمندر کی لہروں پر "پرومیتھیس” دکھائی دیتا ہے جب کہ یہ وہ جہاز تھا جو چند ماہ پہلے غائب ہو گیا تھا اور اس کا کوئی سراغ نہیں‌ ملا تھا۔

    آپ کا تجسس اس موڑ پر بڑھ جائے گا، لیکن وجہ فوری طور پر سامنے نہیں‌ آئے گی کہ "پرومیتھیس” اور اس کے تقریباً 1500 مسافروں پر کیا گزری۔ اس پروجیکٹ کا حصّہ بننے والوں بالخصوص اداکاروں کا کہنا تھا کہ سنسنی خیزی برقرار رکھنے کے لیے کرتا دھرتاؤں نے انھیں بھی اس کہانی کے مختلف پہلوؤں سے ناواقف رکھا گیا۔ فلمی ناقدین کی رائے اس سیزن کے لیے بہت مثبت ہے۔ اس ٹی وی شو میں غیرمتوقع حالات اور ڈرامائی موڑ ناظرین کی بے چینی بڑھاتے ہیں۔

    1899ء کی اوّلین ریلیز میں مرکزی اداکارہ کے طور پر ایملی بیچم ناظرین کے سامنے آئی ہیں جن کا اس ڈرامہ سیریز کے ناظرین کو مشورہ ہے کہ وہ ”انٹرو اسکپ کریں‘‘ کا آپشن استعمال نہ کریں اور شو کا بھرپور لطف اٹھائیں۔

    ہدایت کار کے طور پر باران بو اودر کی اس کاوش کا پہلا سیزن آٹھ اقساط پر مشتمل ہے۔ پہلے سیزن کی تمام آٹھ اقساط کا اسکرین پلے فرئیز نے لکھا ہے۔

    اداکار اینڈریاس پیٹس مین نے اس ڈرامہ سیریز میں بحری جہاز کربروس کے کپتان کا کردار ادا کیا ہے جو ایک صدمے سے دوچار ہے اور مسافر بھی کچھ ایسی کیفیت کا شکار ہیں۔

    میکیج میوزیل کو ایک پولش کردار میں دکھایا گیا ہے جو کربروس کے انجن روم میں کام کرتا ہے اور ایک لڑکی کی محبّت میں‌ گرفتار ہے جو اس کی زبان نہیں بولتی۔

    اس سیریز کا ایک امیر مسافر میگوئل برنارڈیو ہے اور کئی دوسرے مسافر مختلف سماجی مرتبہ اور مقام رکھتے ہیں، لیکن صدمہ اور یکساں کیفیات کے علاوہ ان کے دلوں میں ایک خواہش جنم لے رہی ہے۔ اس جہاز کا "پرومیتھیس” کے ساتھ تصادم کئی رازوں کو افشا کرتا ہے اور یہ راز ان مسافروں کے ہیں جو یورپ سے اس پر سوار ہوئے تھے۔

    بحری جہازوں کے متعلق پُراسراریت، کربروس کو گھیرتی ہوئی موت اور مسافروں کے فیصلہ کن لمحات کی عکاسی کو جیفرسن ایئرپلین کے گانے نے نہایت پُراثر اور بامعنیٰ بنا دیا ہے۔

    پرومیتھیس کے سامنے آنے کے بعد یہ کہانی ایک خلش انگیزی کو دل میں‌ ابھارتی ہے جس سے اس شو کے ناظرین کا بچنا مشکل ہو گا۔ یہ مناظر ذہن میں خیالات اور سوالات اٹھانے کے ساتھ تجسس بڑھا دیں گے۔

    1899 کو ہدایت کار نے ایک تجربے سے انفرادیت بخشنے کی کوشش کی ہے اور وہ ہے اس کے مسافروں کا مختلف زبانیں بولنا۔ یہ سب لوگ جو نئی دنیا کی سمت بڑھ رہے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، جن کا رہن سہن اور زبان الگ ہے۔ سب ٹائٹلز کے ساتھ آپ انھیں زیادہ تر جرمن، انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی، فرانسیسی اور جاپانی زبان میں‌ اپنی بات کہتے سنیں گے۔ بالخصوص یہ مسافر اپنی خواہش یا خوف کا اظہار اپنی مادری زبان میں کرتے ہیں جب کہ وہ جانتے ہیں کہ دوسرا مسافر ان کی بولی نہیں سمجھ رہا۔ یہ حیرت انگیز معلوم ہوتا ہے، مگر یہ اس ڈرامہ سیریز کی خاص بات ہے۔

    زبانوں کے اس اختلاف کے باوجود جہاز پر ہر فرد دوسرے کی جانب سے خواہش یا خوف یا کسی موقع پر اس کی کیفیت کو سمجھ لیتا ہے جس سے یہ تأثر ملتا ہے حالات نے ان سب کو ذہن اور دل پڑھنے کی طاقت دے دی ہے۔ اس جہاز پر زبان اور ان کا طرزِ بیان بھی رومانوی تعلقات بنانے کے راستے میں‌ رکاوٹ نہیں بنتا۔

    1899 کربروس اور پرومیتھیس کے مسافروں کی پراسرار اور الم انگیز داستان میں اداکاروں نے کیسا کام کیا ہے اور کیا باران بو اودر اور جینٹجے فرئیز کی اس کاوش کے لیے ناقدین کی داد و تحسین بجا ہے، یہ جاننے کے لیے ویک اینڈ سے فائدہ اٹھائیے۔

    (ترجمہ و تلخیص)

  • نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئر کرنے والے خبردار

    نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئر کرنے والے خبردار

    نیٹ فلیکس نے پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کو بری خبر سنا دی ہے۔

    ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے پاس ورڈ شیئر کر کے دوستوں یا رشتے داروں کو اس سروس کا مفت استعمال کرانے والے افراد کے خلاف پوری دنیا میں کریک ڈاؤن کی تیاری کر لی ہے۔

    کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 2023 کے شروع میں ایسے افراد سے اضافی ماہانہ فیس لی جائے گی، جو اپنی لاگ ان تفصیلات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

    مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نے اس سے قبل اگست میں لاطینی امریکا کے 5 ممالک میں ایک ٹیسٹ کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت دوسروں سے پاس ورڈ شیئر کرنے والوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہر اضافی گھر پر فیس ادا کریں۔

    کمپنی کے مطابق اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ اس کی رہائش گاہ سے باہر مختلف مقامات پر 2 ہفتوں سے زیادہ استعمال ہوگا تو کمپنی کی جانب سے اضافی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ نیٹ فلکس کی جانب سے اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے حوالے سے مختلف اقدامات کی آزمائش کافی عرصے سے کی جا رہی ہے۔

    نیٹ فلیکس کے مطابق جو صارفین اس سے بچنا چاہتے ہیں ان کے لیے کمپنی نے حال ہی میں اکاؤنٹ مائیگریشن ٹول کو متعارف کرایا ہے، دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زیادہ گھرانے ان اکاؤنٹس کو استعمال کرتے ہیں جن کی ادائیگی دیگر افراد کرتے ہیں۔

    اگر کوئی ایسا فرد آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ استعمال کرتا ہے جو آپ کے گھر میں مقیم نہیں، تو اضافی فیس ادا کرنا پڑے گی۔

  • کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے صارفین کے لیے اشتہاروں والا پیکج متعارف کروا دیا، یہ ان صارفین کے لیے ہوگا جو کم قیمت میں نیٹ فلکس دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس کی جانب سے اشتہارات پر مبنی ایک سستا پیکج متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اشتہارات پر مبنی یہ پیکج ابتدائی طور پر صرف 12 ممالک میں دستیاب ہوگا جس میں آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، اسپین، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔

    کمپنی نے اسے بیسک ود ایڈز کا نام دیا ہے اور یہ نومبر سے دستیاب ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق اس پیکج کو لینے والے افراد 120 پکسل / ایچ ڈی ویڈیو دیکھ سکیں گے جبکہ ہر گھنٹے 4 سے 5 منٹ کے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

    اسی طرح یہ صارفین ایپ سے ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکیں گے جبکہ انہیں محدود فلموں اور ٹی وی شوز تک رسائی حاصل ہوگی۔

  • جاسوس ڈینیئل کریگ کی نئی فلم کب ریلیز ہوگی؟

    جاسوس ڈینیئل کریگ کی نئی فلم کب ریلیز ہوگی؟

    جیمز بانڈ سیریز کے نئے 007 ایجنٹ ڈینیئل کریگ کی شان دار جاسوسی فلم نائیوز آؤٹ کا سیکوئل تیار ہو گیا ہے، نیٹ فلیکس نے ریلیز ہونے کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا۔

    جاسوسی فلموں کے شوقین افراد کے لیے خوش خبری ہے کہ ڈینیئل کریگ پھر جاسوس بن گئے ہیں، وہ اس بار 2019 کی ہٹ فلم ’نائیوز آؤٹ‘ کے سیکوئل گلاس اونین میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

    نیٹ فلیکس نے اعلان کیا ہے کہ Glass Onion: A Knives Out Mystery دسمبر 23 کو عالمی سطح پر چھٹیوں کے دنوں میں اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر ریلیز ہو رہی ہے۔

    یہ فلم منتخب سینما گھروں میں بھی ریلیز کی جائے گی، ڈینیئل کریگ اس فلم میں جاسوس بینوئٹ بلینک کے روپ میں اس بار ایک مسٹری حل کرنے کے لیے یونان کا سفر کرتے دکھائی دیں گے۔

    فلم میں ان کے ہمراہ کیتھرین ہان، جیسیکا ہین وک، کیٹ ہڈسن، ایڈورڈ نورٹن اور ایتھن ہاک بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نائیوز آؤٹ بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی میں شامل تھی۔ نئے سیکوئل کا ستمبر میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پریمیئر ہوگا۔

    اس کے پہلے پارٹ نے دنیا بھر میں 20 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ نیٹ فلیکس کے مطابق فلم میں ڈیو بٹیسٹا بھی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔