Tag: NETHERLANDS

  • نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری، نیدر لینڈز کا بڑا بیان

    نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری، نیدر لینڈز کا بڑا بیان

    نیدرلینڈز نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر عمل کرنے کا عندیہ دیدیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دی ہیگ سے نیدرلینڈز کے حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کے وارنٹ پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اردن نے کہا کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کی گرفتاری کے آئی سی سی کے فیصلے پر عمل اور اس کا احترام ہونا چاہیے، امان سے اردنی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کے لوگ انصاف کے حق دار ہیں۔

    ادھر یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر کہا ہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کا اسرائیلی وزیر اعظم اور یوو گیلنٹ کی گرفتاری وارنٹ کا فیصلہ سیاسی نہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلے کا احترام اور اس پر عمل ہونا چاہیے۔

    دریں اثنا تل ابیب سے خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلے کو مسترد کر دیا، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق آئی سی سی کے مبینہ بیہودہ اور غلط اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    نیتن یاہو اٹلی آئے تو گرفتار کر لیں گے، اطالوی وزیر دفاع

    اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع میں کسی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

  • فٹبال میچ ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی

    فٹبال میچ ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی

    ایمسٹرڈم: نیدرلینڈز میں فٹبال میچ کے دوران اسرائیلی حامیوں پر حملے اور ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی۔

    روئٹرز کے مطابق ایمسٹریڈم میں فٹبال میچ کے دوران اسرائیلی حامیوں پر حملے کے بعد ڈچ پولیس نے فلسطینی حامی ریلی میں 50 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ اس سے ایک دن قبل 300 سے زائد فلسطینی حامی مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے مظاہروں پر پابندی کے احکامات کو نظر انداز کیا، گزشتہ روز جب مظاہرین کو گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ دارالحکومت کے ڈیم اسکوائر پر جمع تھے، سینکڑوں مظاہرین غزہ جنگ کے حوالے سے ’آزاد فلسطین‘ اور ’ایمسٹرڈیم کو نسل کشی قبول نہیں‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

    سٹی کونسل نے مظاہروں پر پابندی لگائی تھی، مقامی عدالت نے جس کی توثیق کی، جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی، اور مظاہرین کو حراست میں لیا جانے لگا۔

    واضح رہے کہ جمعہ کے روز میکابی تل ابیب اور ایجیکس ایمسٹرڈیم کے درمیان فٹ بال میچ کے دوران فٹ بال کے اسرائیلی حامیوں پر حملے کیے گئے تھے، جس میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد حکام نے مظاہروں پر پابندی عائد کر دی۔

    فٹ بال میچ کے دوران حملے کے بعد ڈچ حکام اور اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات سامنے آئے جن میں انھوں نے اس کو یہود دشمنی قرار دیا۔

    اتوار کے روز اسرائیل نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے ہفتے کے دوران بیرون ملک ثقافتی اور کھیلوں کی تقریبات میں شرکت سے گریز کریں۔ نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے پاس خفیہ اطلاعات ہیں کہ بیرون ملک فلسطینی حامی گروپ ہالینڈ، برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور دیگر شہروں میں اسرائیلیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

  • ویڈیو: وزیر اعظم سبک دوشی کے بعد سائیکل پر بیٹھ کر گھر چلے گئے

    ویڈیو: وزیر اعظم سبک دوشی کے بعد سائیکل پر بیٹھ کر گھر چلے گئے

    ایمسٹرڈم: جب ڈچ وزیر اعظم اپنے عہدے سے سبک دوش ہوئے تو گھر جاتے ہوئے نہ ’’ہٹو بچو‘‘ کا شور سنائی دیا، نہ کوئی پروٹوکول دکھائی دیا، بلکہ وہ سائیکل پر بیٹھ کر گھر چلے گئے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں نیدرلینڈز کے وزیر اعظم کو سبک دوشی کے بعد سائیکل پر بیٹھ کر گھر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈچ وزیر اعظم مارک رُٹے 14 سال وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے، پی ایم ہاؤس سے جب وہ رخصت ہونے لگے تو میڈیا اور عوام تو انھیں رخصت کرنے آئی، تاہم گھر جاتے ہوئے کوئی سرکاری پروٹوکول دکھائی نہیں دیا، بلکہ وہ سائیکل چلاتے ہوئے اطمینان سے گھر چلے گئے۔

    مارک رُٹے یکم اکتوبر کو نیٹو کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے، جب کہ ان کی جگہ گزشتہ روز سابق انٹیلیجنس چیف ڈِک شوف نے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔

  • نیدرلینڈز پولیس نے نائٹ کلب میں یرغمالیوں کو کیسے رہا کرایا؟

    نیدرلینڈز پولیس نے نائٹ کلب میں یرغمالیوں کو کیسے رہا کرایا؟

    ایمسٹرڈم: وسطی نیدرلینڈز کے ایک نائٹ کلب میں لوگوں کو یرغمال بنائے جانے پر پولیس نے حفاظت کے نقطہ نظر سے 150 گھر خالی کرا لیے، اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد پولیس یرغمالی رہا کرانے میں کامیاب ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچ پولیس نے بتایا کہ وسطی نیدرلینڈز کے ایک نائٹ کلب میں کئی گھنٹوں سے جاری یرغمالی ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا، تمام مغوی رہا کرا لیے گئے اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    یہ واقعہ ایڈی شہر کے نائٹ کلب میں پیش آیا، جیسے ہی نائٹ کلب میں کچھ لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی خبر پھیلی، پولیس اہلکاروں نے اینٹی بم اسکواڈ کی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور آس پاس کے ڈیڑھ سو گھر خالی کرا لیے، اور کہا گیا کہ علاقے میں ایک شخص ہے جو ان کے یا دوسروں کے لیے خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔

    پولیس اہلکار بھاری ہتھیاروں کے ساتھ لیس تھے جب کہ ایک مذاکرات کار بھی ان کے ہمراہ تھا، پولیس ترجمان کے مطابق کئی گھنٹوں کی کوششوں اور لوگوں کو یرغمال بنانے ملزم کے ساتھ بات چیت کے بعد آج صبح تین یرغمالیوں کو رہا کرایا گیا، جب دن کے آخر میں آخری یرغمالی کو بھی رہا کرا لیا گیا، جب کہ ملزم نے گرفتاری دے دی۔

    ایڈی کے میئر رینے ورہولسٹ نے اس واقعے کو خوف ناک صورت حال قرار دیا، پولیس نے تاحال یہ تفصیلات جاری نہیں کی ہیں کہ لوگوں کو یرغمال بنانے والا کون تھا، اور اس کا کیا مقصد تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ ایک نقاب پوش تھا اور اس کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس بموں سے بھرا بیگ ہے۔

  • قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعہ پر دفترخارجہ کی شدید مذمت

    قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعہ پر دفترخارجہ کی شدید مذمت

    اسلام آباد : پاکستان نے ہالینڈ کے شہر ہیگ میں ہونے والے قرآن پاک کی بےحرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ہالینڈ کے شہر ہیگ میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں اشتعال انگیز کارروائیاں کسی طور قبول نہیں۔

    پاکستان نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے جان بوجھ کر کیے جانے والے اشتعال انگیز نفرت انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

     

    انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے اقدامات سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس طرح کی حرکتیں آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں نظرانداز نہیں کی جاسکتی ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، قومی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی سوچ کو روکنا چاہیے، عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کےخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا ضروری ہے، پاکستان کے تحفظات سےڈچ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے، ڈچ حکومت دنیا بھر کےمسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے۔

     

  • 3 ہزار گاڑیوں سے لدے بحری جہاز میں آگ، کروڑں کی گاڑیاں جل کر راکھ

    3 ہزار گاڑیوں سے لدے بحری جہاز میں آگ، کروڑں کی گاڑیاں جل کر راکھ

    ایمسٹرڈم: ڈچ ساحل پر 3 ہزار گاڑیوں سے لدے بحری جہاز میں آگ لگنے کے باعث کروڑں روپے کی گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز جرمنی سے مصر آنے والے کارگو شپ میں ڈچ جزیرے کے قریب آگ لگ گئی، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    عملے کے کئی افراد نے جہاز سے کود کر جانیں بچائیں، کارگو شپ میں تین ہزار گاڑیاں لدی ہوئی تھیں، رپورٹس کے مطابق پانامہ کے کارگو شپ میں 25 الیکٹرک گاڑیوں سمیت 2857 گاڑیاں لدی ہو ئی تھیں۔

    کوسٹ گارڈ حکام نے کارگو شپ پر لگنے والی آگ کچھ دن تک بھڑکتے رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ریسکیو آپریشن کے دوران جہاز کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر زیادہ پانی ڈالنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

    کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ عملے کے 23 ارکان کو جہاز سے اتارنے کے لیے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے اور یہ واضح نہیں ہوا کہ عملے کے رکن کی موت کیسے ہوئی۔

  • ترکیہ زلزلہ 3 نیدرلینڈز کے علاقے کے برابر، پہلے گھنٹے 26 ہزار مکانات گرے

    ترکیہ زلزلہ 3 نیدرلینڈز کے علاقے کے برابر، پہلے گھنٹے 26 ہزار مکانات گرے

    انقرہ: ترک وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ترکیہ زلزلہ 3 نیدرلینڈز کے علاقے کے برابر ہے، اور پہلے گھنٹے 26 ہزار مکانات گرے۔

    ترک میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے زلزلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے ایک لاکھ 10 ہزار اسکوائر کلومیٹر تک تباہی ہوئی ہے جو 3 نیدرلینڈز کے رقبے کے برابر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلہ اب تک دنیا کے بڑے زلزلوں میں سے ایک تھا، جس سے پہلے ہی گھنٹے میں 26 ہزار مکانات گرے، اور اس کے بعد جو تباہی پھیلی اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد ترکیہ میں اموات کی تعداد 43 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ریاست نے زلزلے کے پہلے ہی منٹ سے اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ کام شروع کر دیا تھا، اسے زلزلہ قرار دینے سے اس مسئلے کی پوری وضاحت نہیں ہو سکتی، کیوں کہ جو لوگ زلزلے کے علاقے میں آئے تھے وہ جب تباہی کو دیکھتے ہیں تو بہت واضح طور پر کہتے ہیں کہ یہ بہت بڑی تباہی ہے، جس کی وضاحت زلزلے کے لفظ سے بھی نہیں ہو سکتی۔

    ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ انطاکیہ میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 40 فی صد عمارتوں کو نقصان پہنچا، شہر میں ہر دو رہائشی عمارتوں میں سے ایک تباہ ہوئی۔

  • 2007 میں افغانستان میں رہائشی عمارت پر ڈچ فورسز کی بمباری غیر قانونی قرار

    2007 میں افغانستان میں رہائشی عمارت پر ڈچ فورسز کی بمباری غیر قانونی قرار

    ایمسٹرڈیم: افغانستان میں 2007 میں ایک رہائشی عمارت پر ڈچ فورسز کی بمباری غیر قانونی قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز نے 2007 میں افغان وادی چورا کی لڑائی کے دوران ایک رہائشی کمپلیکس پر غلط بمباری کی، ہیگ کی عدالت نے بدھ کو اس کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے بمباری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے نیدرلینڈز کی حکومت کو متاثرین کو معاضہ دینے کا حکم دے دیا ہے۔ 2007 میں افغان صوبے اروزگان میں فضائی حملے میں 20 افغان شہری مارے گئے تھے۔

    ڈچ ریاست نے دلیل دی کہ بمباری جائز تھی کیوں کہ طالبان نے چار دیواری والے رہائشی کمپلیکس کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا تھا، تاہم ڈچ عدالت کے مطابق مسلح افواج کو معلوم تھا کہ عام شہری گھروں میں رہتے ہیں۔

    عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ وزارت دفاع ثبوتوں کے ساتھ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ طالبان کمپلیکس کو استعمال کر رہے تھے، ریاست نے جو رپورٹیں پیش کی ہیں، ان سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ رپورٹس بمباری سے چند گھنٹے قبل کی نوشتہ جات پر مشتمل ہیں۔

    عدالت نے کہا رہائشی کمپلیکس پر بمباری بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے حدود کے قانون پر ریاست کی اپیل بھی مسترد کر دی۔

    واضح رہے کہ اس بمباری کے متعدد متاثرین اور زندہ بچ جانے والے رشتہ داروں نے ڈچ ریاست پر مقدمہ درج کرایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ اپنے گھروں میں سو رہے تھے، جب بم گرا۔ متاثرین نے وزارت دفاع سے معاوضے کا تقاضا کیا، عدالت نے ان کی استدعا تو منظور کر لی ہے لیکن ابھی رقم کے تعین کا معاملہ باقی ہے۔

  • ویڈیو: حارث رؤف کے باؤنسر نے نیدرلینڈز کے بیٹر کو شدید زخمی کر دیا

    ویڈیو: حارث رؤف کے باؤنسر نے نیدرلینڈز کے بیٹر کو شدید زخمی کر دیا

    پرتھ: آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پاک نیدرلینڈز میچ میں حارث رؤف نے مخالف ٹیم کے بیٹر کو اپنے باؤنسر سے شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا تیز رفتار باؤنسر سیدھا نیدرلینڈز کے بیٹر بیس ڈی لیڈ کی آنکھ پر جا لگا، جس کی وجہ سے انھیں میچ سے باہر ہونا پڑ گیا۔

    آج اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔

    پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ میں نیدرلینڈز کی بیٹنگ جاری تھی، جب چھٹے اوور میں اس کے بیٹر بیس ڈی لیڈ کو آنکھ پر حارث رؤف کا تیز باؤنسر لگنے سے ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑ گیا۔

    حارث رؤف اپنا پہلا اور نیدرلینڈز کی بیٹنگ کا چھٹا اوور کرانے کے لیے آئے تھے، اور اوور کی پانچویں گیند انھوں نے باؤنسر مار دی، جو سیدھی نیدرلینڈز کے بیٹر کے ہیلمٹ پر دائیں جانب لگی۔

    پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

    حارث رؤف کی گیند اتنی تیز تھی کہ ہیلمٹ ہونے کے باوجود بیس ڈی لیڈ کی دائیں آنکھ کے اوپر اور نیچے سے خون بہنے لگا، جس پر فوری طور پر معالج کو گراؤنڈ میں آنا پڑا، اور پھر کچھ دیر کی طبی امداد کے بعد بیس ڈی لیڈ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

  • پاکستان نیدرلینڈز پہلی دو طرفہ ون ڈے  سیریز کا آغاز آج سے

    پاکستان نیدرلینڈز پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے

    روٹرڈیم: پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے کرکٹ سیریز آج (منگل) سے روٹرڈیم میں شروع ہوگی۔

    سیریز پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر نشر ہوگی، کرکٹ سیریز اے آر وائی زیپ پر بھی دیکھی جا سکے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

    آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ 2 میچز 18 اور 21 اگست کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔

    آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

    پاکستان کے اہم فاسٹ بولر نیدرلینڈ کیخلاف دو میچز سے باہر

    بابر اعظم کی زیر قیادت قومی کرکٹ ٹیم اگر اس سیریز میں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے، تو وہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔

    دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کر دیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔

    اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

    گو کہ اس سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی تاہم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔

    روٹرڈیم میں موجود قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز شیڈیم کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، پیر کو بارش کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل صرف بیٹرز نے انڈور پریکٹس کی۔

    قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:

    بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔