لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی بیرون ملک جانےکی درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ تحلیل ہوگیا ، جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نیا 2رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت کرنے والے بینچ کی تحلیل ہونے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نئے ججز روسٹر میں مریم نواز کی درخواست پر سماعت کے لئے نیا دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
نیب کیسز کی سماعت کیلئے بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی ہوں گے جبکہ جسٹس طارق سلیم شیخ بھی بنچ کا حصہ ہیں ، مریم نواز کی درخواست پر ابتدائی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں بینچ نے ہی کی تھی تاہم موسم گرما کی تعطیلات کے باعث جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بنچ کی تبدیلی کی وجہ سے مریم نواز کا کیس دوسرے بینچ کو منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں : مریم نواز کیوں باہر جانا چاہتی ہیں، کیا والد کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں؟ عدالت کا سوال
یاد رہے مریم نواز کیجانب سے دائر درخواستوں میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا میمورنڈرم غیر قانونی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا والد نواز شریف کی بیماری کی حالت ناقابل بیان ہے، جس کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں، والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، دائر درخواست کے حتمی فیصلے تک 6 ہفتوں کے لئے 1 بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
مریم نواز کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا 20 اگست 2018 کا حکم غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔