Tag: New Delhi

  • بھارت نے برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے تعینات سیکیورٹی ہٹادی

    بھارت نے برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے تعینات سیکیورٹی ہٹادی

    نئی دہلی : لندن کے بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم لگانے کے خلاف بھارتی حکومت کی جانب سے سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی ہٹا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کے پرچم اور مودی کیخلاف ڈاکو مینٹری نشر کیے جانے پر مودی سرکار برطانوی حکومت کیخلاف تلملا گئی اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

    بھارت نے اپنے سفارت خانے میں مبینہ توڑ پھوڑ اور بھارتی جھنڈا گرائے جانے کا بدلہ لینے کے لیے دارالحکومت نئی دہلی میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کے باہر سے اضافی سیکورٹی کو ہٹا دیا ہے۔

    یہی نہیں مودی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہونے پر نئی دہلی انتظامیہ نے اس سے ایک قدم اور آگے جا کر برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے عوامی لیٹرین بنانے کا اعلان بھی کردیا، تاہم برطانوی حکومت نے حساس علاقے میں ایسی کسی بھی تعمیر کی مخالفت کی ہے۔

    دوسری جانب خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے امریکا اور برطانیہ میں بھارتی سفارتخانوں میں مبینہ توڑ پھوڑ پر بھارت نے ذمے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے بھارتی حکومت نے کہا کہ ہم ذمے داران کے خلاف محض لفظی یقین دہانی کے بجائے باضابطہ کارروائی دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

  • نیپال اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے، متعدد افراد ہلاک

    نیپال اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے، متعدد افراد ہلاک

    کھٹمنڈو / نئی دہلی: جنوبی ایشیائی ملک نیپال میں 6.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس میں اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، بھارت کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز علیٰ الصبح نیپال کے متعدد علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شت 6.6 تھی۔

    زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد بھارتی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، پچھلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کا مرکزبھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلو میٹر دور دیپایل کا قصبہ تھا۔

    زلزلے کے بعد نیپال میں اب تک کم از کم 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، درجنوں مکانات منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدری کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں اور دیگر متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

    نیپالی آرمی کے ایک ترجمان نارائن سیلوال کا کہنا ہے کہ راحت اور بچاؤ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور 2 ہیلی کاپٹروں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ نیپال میں اپریل 2015 میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 9 ہزار افراد ہلاک اور 5 لاکھ سے زائد مکانات منہدم ہو گئے تھے۔

    اس زلزلے نے کئی قصبوں اور صدیوں پرانے مندروں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا تھا، نیپالی معیشت کو اس زلزلے کی وجہ سے 6 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

  • دہلی کی آلودہ فضا میں سپر مین بھی بے حال

    دہلی کی آلودہ فضا میں سپر مین بھی بے حال

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدترین ہوگئی ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہاں سپر ہیروز ہوتے تو دہلی کی فضاؤں میں اڑتے ہوئے وہ بھی بے حال ہوجاتے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں ہوا کے خراب معیار اور فضائی آلودگی سے تنگ لوگوں نے اس مسئلے پر حکام کی توجہ دلانے کے لیے مزاحیہ میمز بنانا شروع کردی ہیں۔

    نئی دہلی میں دھند اور آلودہ ہوا کی وجہ سے کچھ اسکولوں کو بند بھی کردیا گیا ہے۔

    ایک اکاؤنٹ سے ٹویٹر پر مزاحیہ جملے کے ساتھ دلچسپ تصویر شیئر کی گئی جس میں لکھا گیا کہ سپرمین کی دہلی میں 10منٹ تک اڑنے کے بعد کی حالت۔ تصویر میں سپر مین آکسیجن ماسک لگائے دکھائی دے رہا ہے۔

    اس کے علاوہ دیگر کئی اکاؤنٹس سے بھی بالی ووڈ فلموں کی تصاویر کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں نے دہلی کی فضائی آلودگی کو بیان کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج سے شہر کے پرائمری اسکولز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ماحولیات کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت کے 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید بدتر ہونے کا امکان ہے۔

  • بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ، نئی دہلی میں مسلمانوں کے گھر مسمار

    بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ، نئی دہلی میں مسلمانوں کے گھر مسمار

    نئی دہلی: بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی، نئی دہلی میں مسلمانوں کے 25 گھر مسمار کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے بھارت میں مسلمانوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، بھارتی حکام نے ایک اور غنڈہ گردی کی کارروائی کرتے ہوئے دارالحکومت نئی دہلی کے جنوب مغربی علاقے میں مسلمانوں کے مکانات کی ایک بڑی تعداد کو مسمار کر دیا ہے۔

    دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فتح پور بیری میں تجاوزات کی آڑ میں مسلمانوں کے گھر گرائے، خواتین دہائیاں دیتی رہیں لیکن حکام نے ایک نہ سنی، مکانات منہدم کرنے سے پہلے ضروری سامان بھی لینے نہ دیا گیا۔

    دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عملے کی مدد کرنے والی پولیس نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انہدام کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین کے خلاف بھی طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔

    ہیومن رائٹس واچ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان میں حکام ایسے قوانین اور پالیسیاں اپنا رہے ہیں جو منظم طریقے سے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر مبنی ہیں۔

  • چوکیدار کی ذہانت :  دو موٹرسائیکل چور ڈرامائی انداز میں پکڑوا دیے، ویڈیو دیکھیں

    چوکیدار کی ذہانت : دو موٹرسائیکل چور ڈرامائی انداز میں پکڑوا دیے، ویڈیو دیکھیں

    نئی دہلی : بھارت میں ذہین چوکیدار نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان پر کھیل کر موٹر سائیکل چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔

    نئی دہلی کی ایک نجی سوسائٹی میں دو جرائم پیشہ افراد خود کو میونسپل حکام ظاہر کر کے داخل ہوئے، ملزمان نے سوسائٹی کے احاطے سے کوریئر ڈلیور کرنے والے شخص کی موٹرسائیکل چوری کی۔

    ابھی وہ وہاں سے فرار ہونے کی کوشش میں تیز رفتاری کے ساتھ نکلنے ہی والے تھے کہ چوکیدار موقع کی نزاکت سمجھ گیا اور فوری طور پر سوسائٹی کا مرکزی دروازہ بند کردیا۔

    ملزمان تیزی سے نکلنے کی کوشش میں دروازے سے بری طرح ٹکرا کر زخمی ہوگئے جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر اس کی درگت بنا ڈالی تاہم دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    بعد ازاں مقامی لوگوں نے زخمی ملزم کو قانون کے حوالے کردیا تاہم جلد ہی پولیس نے دوسرے ملزم کو بھی حراست میں لے لیا۔

  • نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ

    نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک اضافہ

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں ایک بار پھر تشویش ناک اضافہ ہونے گا، اس سے قبل بارش کی وجہ سے شہر کی فضا قدرے صاف تھی۔

    سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے جاری کردہ ایئر بلیٹن کے مطابق گزشتہ روز دہلی کےعلاقے آنند وہار میں ہوا کا معیار 418 رہا، اس سے ایک دن قبل یعنی پیر کے روز اے کیو آئی 405 تھا۔

    اس سے قبل دہلی میں بارش کی وجہ سے ہوا کا معیار قدرے بہتر ہوا تھا۔ اتوار کی شام تقریباً 7 بجے اے کیو آئی 50 ریکارڈ کیا گیا جو کہ بہتر قرار دیا جاتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21 ستمبر سے دوبارہ ہوا کی رفتار میں اضافے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، اس کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔ ایسی صورتحال میں آلودگی کی سطح بہتر یا تسلی بخش ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ اے کیو آئی اگر صفر سے 50 کے درمیان ہو تو اسے بہتر، 51 سے 100 ہو تو تسلی بخش، 101 سے 200 ہو تو معتدل، 201 سے 300 ہو تو خراب، 301 سے 400 ہو تو بہت زیادہ خراب، اور 401 سے 500 ہو تو اسے بدترین قرار دیا جاتا ہے۔

  • بھارت کے 30 فوجی 6 قبائلی مزدوروں کے قتل میں ملوث

    بھارت کے 30 فوجی 6 قبائلی مزدوروں کے قتل میں ملوث

    نئی دہلی : بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ کے پولیس افسر نے کہا ہے کہ 30 فوجیوں پر چھ قبائلی مزدوروں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ سال سرحدی ریاست میں جاری شورش کے خلاف ہونے والے عسکری آپریشن کے دوران مزدوروں کو عسکریت پسند سمجھتے ہوئے گولیاں مار کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    سرحد پر تعینات فوجی اہلکاروں کو غلط فہمی ہوئی کہ مزدوروں کا گروہ دراصل عسکریت پسند ہیں جو میانمار سے بھارت میں داخل ہو رہے ہیں جس کے بعد ان پر فائر کھول دیا گیا۔

    ناگالینڈ کے پولیس سربراہ ٹی جے لانگ کمیر نے صحافیوں کو بتایا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ آپریشن ٹیم نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے اور فوجی افسران نے غیر متناسب فائرنگ کی۔

    گزشتہ سال دسمبر میں کونیاک قبیلے سے تعلق رکھنے والے13 افراد اور ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

    چھ کان کن کام سے واپس آرہے تھے جب انہیں ناگالینڈ کے علاقے اوٹنگ میں ہلاک کردیا گیا، سات مزید افراد کو اس وقت گولی مار کے ہلاک کر دیا جب گولیوں سے چھلنی لاشیں ایک فوجی ٹرک میں پڑی دیکھ کر گاؤں والوں کا فوجی اہلکاروں کے ساتھ تصادم ہوا۔

    پولیس سربراہ ٹی جے کے مطابق 30 فوجی اہلکاروں پر مقدمہ چلانے کی غرض سے چار شیٹ جمع کروا دی گئی ہے, انڈین وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے کہا کہ کیس عدالت کے سامنے رکھ دیا گیا ہے جو اس پر حتمی فیصلہ سنائے گی۔

    حالیہ ہلاکتوں کے بعد آرمڈ فورسز پاور ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کے خلاف احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس قانون کے تحت انڈین فوج کو "شورش زدہ علاقوں” میں سرچ، گرفتاری اور گولی مارنے کا اختیار حاصل ہے۔

    ہزاروں کی تعداد میں فوجی اہلکاروں کو انڈیا کے شمال مشرق میں تعینات کیا گیا ہے جہاں موجود قبائلی گروہوں میں سے چند نے حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کر رکھا ہے۔

    یہ علیحدگی پسند گروہ حکومت پر وسائل کے لوٹ مار اور ان کے حق میں اقدامات نہ اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ اے ایف ایس پی اے کا قانون ریاست ناگالینڈ کے ضلع مون سمیت شمال مشرقی ریاستوں کے کئی علاقوں میں نافذالعمل ہے۔

  • جھگڑے کے بعد کار سوار نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، ویڈیو وائرل

    جھگڑے کے بعد کار سوار نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : بھارت میں تیز رفتار کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو سائیڈ سے ٹکر ماری اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ٹریفک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    نئی دہلی میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں کار ڈرائیور کیخلاف قتل کرنے کوشش کی دفعہ307بھی شامل کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آٹھ سے دس ہیوی موٹر سائیکل سواروں کا ایک گروپ گروگرام سے واپس آرہا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار نے تیز رفتار اسکارپیو کار کو گزرتے دیکھا۔

    مذکورہ بائیک رائیڈر نے کار ڈرائیور کو قریب جاکر تیز رفتاری پر ٹوکا تو جواب میں ڈرائیور نے دھمکیاں دیں اور مغلظات بکیں۔

    اس بات کے بعد تھوڑی دور جاکر اسکارپیو کار ڈرائیور نے جان بوجھ کر موٹر سائیکل سوار کو سائیڈ سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار بری طرح گرا اور لڑھکتا ہوا سڑک پر لگی ریلنگ سے ٹکرا گیا۔

    خوش قسمتی سے موٹر سائیکل سوار شدید ٹکر کے باوجود زخمی نہیں ہوا اور اٹھ کر کھڑا ہوگیا جو کسی معجزے سے کم نہیں۔

    یہ پورا واقعہ دوسرے بائیکر کے ہیلمٹ میں لگے ہوئے کیمرے میں محفوظ ہوگیا، مذکورہ ویڈیو میں یہ سارا منظر باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دہلی پولیس نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا اور بائیک سواروں سے تحریری مقدمہ درج کرانے کو کہا۔

    پولیس نے کار سوار ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں آئی پی سی کی دفعہ 307 بھی شامل کی گئی ہے۔

  • نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جس کے بعد شہر میں جل تھل ایک ہوگیا، دہلی میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور مزید بارشوں کا امکان بھی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں، یکم ستمبر سے 11 ستمبر کی دوپہر تک دہلی میں 380 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے گزشتہ 77 سال کا ریکارڈ توڑ گیا۔

    بھارت میں 121 سال پہلے ایسی بارش ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ سنہ 1944 میں بھی تباہ کن بارشیں ہوئی تھیں۔

    شہر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، دہلی ائیر پورٹ پر طیارے تیرتے ہوئے دیکھے گئے اور ایک جگہ بس پانی میں پھنسنے کی وجہ سے مسافروں کو بڑی مشکل کے بعد ریسکیو کیا جا سکا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہلی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، گھروں کے باہر اور سڑکوں پر موجود گاڑیاں بھی پانی میں تیرتی ہوئی دکھائی دیں۔

    ایئرپورٹ پر سیلابی صورتحال کی وجہ کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

  • بھارتی کسانوں کا سینکڑوں ٹریکٹروں کے ساتھ مودی سرکار کیخلاف زبردست مظاہرہ

    بھارتی کسانوں کا سینکڑوں ٹریکٹروں کے ساتھ مودی سرکار کیخلاف زبردست مظاہرہ

    نئی دہلی : متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف دہلی سرحد پر کسانوں کا دھرنا و مظاہرہ بھرپور طریقے سے جاری ہے اور آج (26 جون) اس کے سات ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت ضد چھوڑ کر مسئلہ کا حل نکالے۔

    کسان رہنما نریش ٹکیت کا کہنا ہے کہ ہم بات چیت کرنا چاہتے ہیں، حکومت اگر ضد چھوڑ دے تو مسئلہ کا حل جلد نکل جائے گا۔ حکومت نے نوجوان نسل کا مستقبل برباد کر دیا ہے، کسانوں کو تباہ کر دیا ہے۔

    کسان مظاہرین نے مختلف پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن میں متنازعہ زرعی قوانین کی واپسی اور ایم ایس پی پر قانون بنائے جانے کا مطالبات درج تھے رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس موقع پر نئی دہلی میں آج صبح سے سخت سیکورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ شہر کے اہم داخلی راستوں کے پاس گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی تھی۔

    غازی پور بارڈر پر سہارنپور اور مظفر نگر سے کسان آج سینکڑوں کی تعداد میں ٹریکٹر لے کر دہلی بارڈر پر پہنچے گزشتہ کچھ مہینوں کے مقابلے میں آج سرحد پر کسانوں کی تعداد کافی زیادہ نظر آ رہی ہے۔

    کسان یونین کے مرکزی رہنما نریش ٹکیت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ہماری بات نہیں مانتی ہے تو ہم آئندہ الیکشن کی کھل کر مخالفت کریں گے۔

    نریش ٹکیت نے مزید کہا کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، حکومت اگر ضد چھوڑ دے تو مسئلہ کا حل جلد نکل جائے گا۔ نوجوان نسل کا مستقبل حکومت نے خراب کر دیا ہے، کسانوں کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔ اگر حکومت نہیں مانتی ہے تو ہم آئندہ الیکشن میں اس کی مکمل مخالفت کریں گے۔

    یاد رہے کہ آج (26 جون) کو کسان تنظیموں نے مختلف ریاستوں میں احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے پیش نظر دہلی، پنجاب، ہریانہ ودیگر ریاستوں میں کسان مظاہرین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔