Tag: New Delhi

  • کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی : چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

    کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی : چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

    نئی دہلی : چینی وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے مظالم پر بھارت کا دورہ منسوخ کردیا، چینی وزیرخارجہ کا9سے10ستمبرکو نئی دہلی کادورہ شیڈول تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑگئی، کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنا بھارت کا دورہ منسوخ کردیا تاہم وہ ہفتے کے روز پاکستان آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ای کی ستمبر کی نو تاریخ کو نئی دہلی میں بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات شیڈول تھی۔

    اس موقع پر چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعات کے حوالے سے مذاکرات ہونا تھے لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا سرکاری دورہ منسوخ کردیا ہے۔

    اس صورتحال سکے پیش نظر بھارتی حکام بھی پریشانی کا شکار ہیں اور انہوں نے چینی وزیرخارجہ کے دورے کی نئی تاریخ طے کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن اب تک کامیاب نہیں ہوسکیں۔

    دوسری جانب چینی وزیر خارجہ بھارتی دورے پر پاکستان کے دورے کو ترجیح دیتے ہوئے ہفتے کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہوگیا، مہینہ بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • سگریٹ نہ پینے والی بھارتی خاتون پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار کیسے ہوگئی؟

    سگریٹ نہ پینے والی بھارتی خاتون پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار کیسے ہوگئی؟

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 28 سالہ ایسی خاتون میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جو نان اسموکر ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون فضائی آلودگی کی وجہ سے کینسر کا شکار ہوئی ہیں۔

    دہلی کے گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 28 سالہ خاتون کا کینسر آخری اسٹیج میں داخل ہوچکا ہے، مریضہ نان اسموکر ہیں تاہم شہر کی زہریلی اور شدید آلودہ فضا نے انہیں کینسر میں مبتلا کردیا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اس نوعیت کا یہ پہلا کیس نہیں دیکھ رہے، اس سے قبل بھی وہ کئی ایسے کینسر کے مریضوں کا علاج کر چکے ہیں جو فضائی آلودگی کی وجہ سے اس موذی مرض میں مبتلا ہوئے۔

    ان کے مطابق ایسے مریض نان اسموکر ہوتے تھے اور ان کی عمر 30 سال سے زائد ہوتی تھی تاہم وہ 30 سال سے کم عمر، نان اسموکر پہلا کینسر کا مریض دیکھ رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: فضائی آلودگی سے سالانہ 70 لاکھ افراد ہلاک

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پھیپھڑوں کے کینسر کی بنیادی وجہ تمباکو نوشی ہے، اس کینسر کا شکار 90 فیصد افراد اسی سبب کے باعث اسی موذی مرض کا شکار ہوتے ہیں۔

    تمباکو نوشی کرنے والے افراد کے علاوہ سگریٹ کے دھوئیں، تابکار شعاعوں اور مختلف کیمیکلز میں رہنے والے افراد بھی اس کینسر کے خطرے کی زد میں ہوتے ہیں جبکہ فضائی آلودگی بھی اس فہرست میں شامل ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ نئی دہلی کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے، بھارت میں مجموعی طور پر بھی فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بلند ہے اور ہر سال 15 لاکھ بھارتی شہری فضائی آلودگی کے سبب ہلاک ہوجاتے ہیں۔

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    تہران : ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے، جنہیں رہا کروانے کے لیے بھارت نے کوششیں شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کر دی ، آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

    بتایا گیا کہ ہے کہ فلپائنی حکام کی کوشش ہے کہ فلپائنی شہری کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے، اس برطانوی آئل ٹینکر میں سوار عملے کے دیگر چار ارکان میں سے تین کا تعلق روس جبکہ ایک کا لیٹویا سے ہے۔

  • پاکستان کو کسی بھی دہشت گری کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھپکی

    نئی دہلی : بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے، پاکستان کو کسی بھی دہشت گری کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی دہلی میں منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پپن راوت پاکستان کو براہ راست دھمکیاں دینے پر اتر آئے، بھارتی آرمی چیف نے اپنے خطاب میں پاکستان کے خلاف حسب روایت پھر گیدڑ بھبکیاں مارتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام عائد کیا۔

    خام خیالی کے شکار پبن راوت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بارہا بھارت میں مداخلت کی، لہٰذا پاکستان اب کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے، بالا کوٹ حملہ ہمارے سیاسی اور فوجی عزم کا اظہار ہے۔

    بھارتی آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی دہشت گری کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، انہوں نے اپنی فوج کو کثیرالجہتی جنگ کیلئے تیار رہنے کی بھی ہدایت کی۔

    مستقبل کی جنگوں کا نقشہ بیان کرتے ہوئے جنرل راوت کا مزید کہنا تھا کہ انڈین آرمی انٹرنیٹ اور خلاجنگوں میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ ان کی وجہ سے میدانِ جنگ زیادہ مربوط ہوگیا ہے جس پر فریق بالادستی کی کوشش کریں گے۔

    انڈین فوج کے سربراہ نے کہا کہ ان کی فوج تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے اور سپیس، سائبر اور سپیشل فورسز ڈویژن کا قیام اسی تبدیلی کا حصہ ہے۔

  • نئی دہلی : جمہوریت کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی شاہی مسجد امام

    نئی دہلی : جمہوریت کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی شاہی مسجد امام

    نئی دہلی : بھارت کی مشہور جامع مسجد دہلی کے امام مولانا سید احمد بخاری نے جھاڑکھنڈ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز کارروائیوں کے حالیہ واقعہ پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق شاہی مسجد امام مولانا سید احمد بخاری نے کہا کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے اور جمہوریت کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں۔

    ملک آئین سے چلتا ہے فرقہ واریت سے نہیں لیکن جب فرقہ پرست قوتیں آئین کو جیب میں ڈال لیں‘ آئین کی بالادستی اورعمل آوری سوالات کے گھیرے میں آجائے اور انسانی حقوق پامال کئے جانے لگیں اور حکومت کا رویہ جانبدارانہ ہوجائے تو یہ کسی بھی جمہوری ملک کے لئے اچھی علامت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کہتی ہیں کہ مسلمانوں نے جو مانگا وہ ان کو ہم نے دیا۔ سوال یہ ہے کہ سابقہ و برسر اقتدار جماعتوں اور مرکز و راجستھان کی موجودہ سرکاروں سے کیا مسلمانوں نے یہی مانگا تھا جو آج انہیں دیا جارہاہے۔

    پہلو خاں کو ہجومی تشدد میں ہلاک کر دیا گیا اور ان ہی کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے ہجومی تشدد کے واقعات کو روکنا ہوگا کیوں کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں انصاف کے بغیر امن کا تصور ممکن نہیں ہے۔

    شاہی امام نے کہا کہ جب ظلم و تشدد عدل کے دائرے سے باہر ہوجاتا ہے تو اس ناانصافی کی کوکھ سے مختلف برائیاں جنم لیتی ہیں لیکن ہمیں کسی بھی قیمت پر ہندوستان کو اس سے بچانا ہوگا۔ کیوں کہ یہ مسئلہ اب کسی جماعت یا نظریہ کانہیں رہ گیا۔ یہ برا ہ راست ملک کی سلامتی اور ترقی سے جڑگیا ہے۔

     

  • نئی دہلی : بھارت سفارتی آداب بھی بھول گیا، دعوت افطار میں آنے والے مہمانوں کو ہراساں کیا گیا

    نئی دہلی : بھارت سفارتی آداب بھی بھول گیا، دعوت افطار میں آنے والے مہمانوں کو ہراساں کیا گیا

    نئی دہلی : بھارتی حکام نے پاکستان دشمنی میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن میں افطار کیلئے آنے والے مہمانوں کو ہراساں کیا، پاکستان نے اس حرکت پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ دعوت افطار میں آنے والے مہمانوں کو بھارتی حکام کی جانب سے ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    بھارتی حکام نے ایک بار پھر سفارتی آداب کی دھجیاں اڑاتے ہوئے افطار کے لئے آنے والے مہمانوں سے بلاوجہ پوچھ گچھ کی اور کئی مہمانوں کو پاکستانی ہائی کمیشن جانے سےزبردستی روک دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو ہراساں کرنے کا انکشاف

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں کی اس حرکت پر پاکستان نے سفارتی سطح پر بھارت سے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے ہائی کمیشن کی23مارچ کی تقریب میں مہمانوں کو ہراساں کیا گیا تھا۔

  • ایئر اسٹرائیک کی اجازت اس لیے دی کہ طیارے بادلوں میں چھپ جائیں گے، مودی کا مضحکہ خیز دعویٰ

    ایئر اسٹرائیک کی اجازت اس لیے دی کہ طیارے بادلوں میں چھپ جائیں گے، مودی کا مضحکہ خیز دعویٰ

    نئی دہلی : بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اور اچھوتی بات کہہ ڈالی، کہتے ہیں کہ بالاکوٹ میں ایئراسٹرائیک کی اجازت اس لیے دی کہ اس دن بادل زیادہ تھے سوچا ہمارے طیارے بادلوں میں چھپ جائیں گے۔

    اس بیان کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق اڑایا جارہا ہے۔ الیکشن کے دنوں میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ہی مضحکہ خیز بیانات کی وجہ سے مذاق بن گئے۔

    بھارتی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران نریندر مودی نے بالاکوٹ حملے سے متعلق مضحکہ خیز دعویٰ کیا، فرماتے ہیں کہ انہوں نے پلان بنایا کہ بالاکوٹ حملہ کیا جائے کیوں کہ گہری گھٹائیں ہیں اور بھارتی فضائیہ بڑے آرام سے ان کی اوٹ میں پاکستان چلی جائے گی۔

    اس کے بعد بھارتی فوج کو دنیا بھر میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں رسوا تو ہوئی۔ لیکن موصوف کے انٹرویو نے پردھان منتری کے انتریامی ہونے کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا۔

    نریندر مودی کی جانب سے یہ مضحکہ خیز دعویٰ سامنے آنے کے بعد انہیں بھارت میں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کے بیان پر خوب لتے لیے جارہے ہیں۔

    اپوزیشن رہنماﺅں کی جانب سے بھی انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے، بھارت میں مسلم رہنما اسد الدین اویسی کہتے ہیں کہ سر آپ تو غضب کے ایکسپرٹ ہیں؟ کون سا ٹانک پیتے ہیں؟ ک

    شمیری رہنما عمر عبداللہ نے بھی طنز کی توپ چلادی،لکھتے ہیں کہ پاکستانی ریڈار بادلوں میں داخل نہیں ہو سکتا یہ بڑی اہم معلومات ملی ہیں۔

    واٹس ایپ پر مرزا کلاؤڈی کا ایک شعر بھی خوب شیئر ہورہا ہے کہ ’’جملہ ہی پھینکتا رہا پانچ سال کی سرکار میں ‘‘ سوچا تھا کلاؤڈی ہے موسم، نہیں آؤں گا راڈار میں ‘‘ ایک اور تصویر میں فائٹر طیارے نے مودی کی تصویر کے ساتھ لکھا ۔ ’سنو سڑک سے چلتے ہیں، ان کے ریڈار کو لگے کا کہ بس آ رہی ہے۔

  • دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر ایک بار پھر تھپڑ رسید کردیا گیا

    دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر ایک بار پھر تھپڑ رسید کردیا گیا

    نئی دہلی : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جلوس کے دوران ایک شخص نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ موتی نگر میں برجیش گویل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلوس کی قیادت کررہے تھے کہ ایک شخص تمام سیکیورٹی حدود کو پار کرتے ہوئے گاڑی کے نزدیک پہنچ گیا اور وزیراعلیٰ کو زناٹے دار تھپڑ جڑ دیا۔

    عام آدمی پارٹی کے ورکز نے تھپڑ مارنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس کی شناخت 33سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے جو اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے تاہم تھپڑ رسید کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔

    یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ جب اروند کجروال کو تھپڑ رسید کیا گیا ہو اس سے قبل نومبر2018میں ان پر مرچیں پھینکی گئی تھی،2016میں ایک شخص نے ان پر جوتا اچھالا تھا اور ایک خاتون نے سیاہی بھی پھینکی تھی،2014 میں بھی ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی ان کے چہرے پر تھپڑ رسید کیا تھا۔

  • بھارت میں الیکشن : ووٹرز خریدنے کیلیے سات کروڑ ڈالر کے اسکینڈل کا انکشاف

    بھارت میں الیکشن : ووٹرز خریدنے کیلیے سات کروڑ ڈالر کے اسکینڈل کا انکشاف

    نئی دہلی : بھارتی الیکشن کمیشن نے سیاست دانوں کی جانب سے ووٹوں کو خریدنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے سات کروڑ ڈالر مالیت کے تحائف قبضے میں لے لیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں عام انتخابات قریب ہیں اس سلسلے میں بھارتی الیکشن کمیشن نے ووٹ خریدنے کے غیر قانونی عمل کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔

    بعض سیاسی جماعتیں جو ووٹر کو خریدنے کیلئے نقد رقم اور تحائف بطور رشوت استعمال کرتی ہیں کے خلاف مہم کا آغاز کیا ہے، اس سلسلے میں سات کروڑ ڈالر کی مالیت کے تحفوں کو ضبط کر لیا گیا ہے، ضبط کی جانی والی اشیاء میں چوالیس لاکھ لیٹر شراب اور ڈیڑھ ارب روپے کا کیش بھی شامل ہے۔

    اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے تقریباً اسی مالیت کی غیر قانونی نشہ آور ادویات اور بارہ کروڑ روپے کی مالیت کے تحفوں سے لدے ہوئے ٹرکوں کو بھی قبضے میں لیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی سیاسی جماعتوں کے امیدوار ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے موبائل فونز، ٹیلی ویژن اور الیکٹرانک آلات کو ووٹروں میں تقسیم کرتے رہے ہیں۔ عام طور پر بےاصول سیاست دان غریب شہریوں سے ووٹ خریدنے کے لیے ان تحفوں کا سہارا لیتے رہے ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ووٹ خریدنے کی حوصلہ شکنی کے لیے ملک میں خصوصی قوانین بنائے گئے ہیں جن کے تحت الیکشن کے اختتام تک ایک کلو گرام سونا یا چاندی اور دس لاکھ روپے سے زیادہ کیش لے کر چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

  • نئی دہلی : بھارتی عدالت سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کا فیصلہ آج سنائے گی

    نئی دہلی : بھارتی عدالت سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کا فیصلہ آج سنائے گی

    نئی دہلی : بھارتی عدالت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کا مؤخر کیا جانے والا فیصلہ آج سنائے گی، واقعے کے بعد سے گمشدہ حافظ آباد کے محمد وکیل کے اہلخانہ کو پیروی کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خود ہی مدعی اور خود ہی منصف بن جانے والی بھارتی عدالت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کا فیصلہ آج سنائے گی لیکن واقعے کے بعد سے گمشدہ حافظ آباد کے محمد وکیل کے اہلخانہ کو پیروی کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے محمد وکیل بارہ سال سے بھارتی جیل میں قید ہیں۔

    واضح رہے کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس اٹھارہ فروری دو ہزار سات کا وہ سیاہ دن جب کچھ انتہا پسند ہندوؤں نے پاکستان آنے والی ٹرین کو آگ لگادی، واقعے میں جہاں اڑسٹھ افراد جاں بحق ہوئے وہیں کچھ لوگ گمشدہ بھی ہوئے، دھماکے میں68 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی۔

    ان ہی میں ایک پاکستانی حافظ آباد کا محمد وکیل بھی شامل ہے، بھارتی حکومت نے پہلے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی پھر ڈی این اے کے بعد تسلیم کیا کہ مرنے والوں میں محمد وکیل شامل نہیں، محمد وکیل کےبیٹیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے والد زندہ ہیں اور بارہ سال سے بھارتی جیل میں قید ہیں۔

    مزید پڑھیں: سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس کا فیصلہ 14مارچ تک مؤخر

    یاد رہے کہ بھارتی عدالت آج سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کا فیصلہ سنانے جا رہی ہے لیکن محمد وکیل کے اہلخانہ کو اپنا مقدمہ لڑنے کا موقع نہیں دیا گیااس حوالے سے محمد وکیل کے اہل خانہ کی یہی اپیل ہے کہ انہیں بھارت کا ویزہ جاری کیا جائے تاکہ محمد وکیل واپس آ سکیں۔