Tag: New factories

  • سعودی عرب: صرف 2 ماہ میں درجنوں نئی فیکٹریوں نے کام شروع کردیا

    سعودی عرب: صرف 2 ماہ میں درجنوں نئی فیکٹریوں نے کام شروع کردیا

    ریاض: سعودی عرب میں سال 2023 کے 2 ماہ میں 80 نئی فیکٹریوں نے کام کا آغاز کردیا، سنہ 2016 سے سعودی وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے سعودی عرب میں کارخانوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں فروری 2023 کے مہینے میں 4.3 بلین ریال کی سرمایہ کاری سے تقریباً 80 نئی فیکٹریوں نے مختلف مصنوعات کی تیاری کا آغاز کیا ہے۔

    سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوری میں کام شروع کرنے والی 164 فیکٹریوں کے مقابلے میں اس تعداد میں 51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق فروری میں غیر دھاتی معدنیات کی صنعت میں 30، خوراک کے کاروبار میں 12، تشکیل شدہ معدنیات کے شعبے میں 8، ربڑ اور پلاسٹک کی تجارت میں 5 اور کیمیکلز کی پیداوار میں 4 فیکٹریاں شامل ہیں۔

    اسی مہینے کے دوران وزارت صنعت و معدنی وسائل نے 85 صنعتی لائسنس جاری کیے جو جنوری میں جاری کیے گئے جو 124 کے مقابلے میں 31 فیصد کم ہیں۔

    فروری میں جاری کیے گئے 85 لائسنسوں میں ملکی صنعت کے لیے 82.3 فیصد کا اجرا ہوا ہے، نئے لائسنسوں میں سرمایہ کاری کا حجم 1.9 بلین ریال تھا۔

    مزید برآں لائسنس حاصل کرنے والوں میں چھوٹے کاروباری ادارے سب سے آگے تھے جنہوں نے 85.8 فیصد لائسنس حاصل کیے، اس کے بعد درمیانے درجے کے کاروباری اداروں نے 11.7 فیصد اور انتہائی چھوٹے کاروباری اداروں نے 2.3 فیصد لائسنس حاصل کیے۔

    نئے صنعتی لائسنس 9 انتظامی علاقوں میں تقسیم کیے گئے جن میں 37 فیکٹریوں کے ساتھ ریاض ریجن سرفہرست ہے۔

    وزارت کی جانب سے ساز و سامان اور مشینری کے علاوہ دیگر سائز کی دھاتی مصنوعات کی تیاری کے لیے 18 لائسنس، خوراک کی پیداوار کے لیے 14 اور ربڑ اور پلاسٹک کی مصنوعات بنانے کے لیے 10 فیکٹریوں کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

    گزشتہ ماہ صنعت و معدنی وسائل کے نائب وزیر اسامہ بن عبد العزیز الزمل نے بتایا تھا کہ 2016 میں سعودی وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے سعودی عرب میں کارخانوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

  • سعودی عرب: ادویات، جہاز کے پرزے تیار کرنے والی 15 نئی فیکٹریاں قائم

    سعودی عرب: ادویات، جہاز کے پرزے تیار کرنے والی 15 نئی فیکٹریاں قائم

    ریاض: سعودی عرب جدید ٹیکنالوجی کی 15 نئی فیکٹریاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں ادویات اور جہازوں کے پرزے تیار کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر برائے صنعت و معدنی وسائل کا کہنا ہے کہ مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کی حامل 15 نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی۔

    اسامہ الزمل نے بین الاقوامی انجینیئرنگ کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پلانٹس میں سے 3 اہم ادویات اور ویکسین، 4 جہازوں کے پرزے اور دھات کی تشکیل کے لیے 8 یونٹس ہوں گے۔

    سعودی نائب وزیر کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب صنعت کی قومی حکمت عملی 2035 تک مملکت میں فیکٹریوں کی تعداد کو 36 ہزار تک بڑھانا چاہتی ہے۔

    اسامہ الزمل نے منصوبے کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد 8 لاکھ ٹن تک خصوصی کیمیکل تیار کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی برآمدات کو 6 گنا بڑھانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت کی صنعتی پیداوار دگنا ہو کر 895 بلین ریال تک پہنچ جائے گی اور صنعتی برآمدات کی مالیت 100 فیصد بڑھ کر 577 بلین ریال تک پہنچ جائے گی۔

    اس کے علاوہ اس کا مقصد تجارتی خسارے کو 80 فیصد تک کم کرنا ہے جس سے اس شعبے میں اضافی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 1.3 ٹریلین ریال تک پہنچ جائے گی۔

    نائب وزیر کا کہنا تھا کہ حکمت عملی کے دیگر اہداف اور مقاصد میں سے 1 ٹریلین ریال مالیت کے 800 سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • سعودی عرب میں روزگارکے حوالے سے بڑی خبر

    سعودی عرب میں روزگارکے حوالے سے بڑی خبر

    ریاض : سعودی عرب میں گزشتہ ماہ کے دوران 3ہزار افراد کو فیکٹریوں میں ملازمت پر رکھا گیا جبکہ مملکت میں فیکٹریوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

     سعودی وزارت صنعت ومعدنیات نے کہا ہے کہ اکتوبر کے دوران تین ہزار سعودیوں کو فیکڑیوں میں ملازم رکھا گیا ہے جب کہ32فیکڑیوں نے پیداوار شروع کردی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر صنعت بندر الخریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اکتوبر کے آخر تک فیکڑیوں کی کل تعداد نو ہزار 600ہوگئی ہے جبکہ ستمبر میں ان کی تعداد نو ہزار 400 تھی۔

    انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے نے اکتوبر میں قومی اہداف کے حصول کا سلسلہ بر قرار رکھا ہے، اکتوبر میں 124 کارخانوں کولائسنس جاری کیے گئے جو مستقبل میں روزگار کے پانچ ہزار مواقع فراہم کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے باوجود 31 فیکڑیوں نے کام شروع کردیا ہے، وزارت کی رہورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 90 کارخانوں پر 1.56 ارب ریال کا سرمایہ لگایا گیا ہے۔

    صنعت کے شعبے میں کام کرنے والے 1594 غیر ملکی ملازم چلے گئے ان کی جگہ سعودیوں کا تقرر کیا گیا ہے۔