Tag: new Instructions

  • سعودی عرب : ماہ رمضان میں مساجد کیلئے سخت ہدایات جاری

    سعودی عرب : ماہ رمضان میں مساجد کیلئے سخت ہدایات جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے ماہ رمضان کے ایام میں مساجد کیلئے ضروری انتظامات کے احکامات جاری کیے ہیں، جن کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عطیات جمع کرنے اور نماز کے مناظر نشر کرنے کے لیے کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مساجد کے آئمہ اور مؤذن حضرات ڈیوٹی کی مکمل پابندی کریں۔ انتہائی ضرورت کے علاوہ کسی حالت میں رمضان کے دوران ڈیوٹی سے غیرحاضرنہ ہوں۔ غیر حاضری کی صورت میں امامت اور اذان کے لیے متبادل انتظام کریں اور مساجد میں اذان ام القری کیلنڈر میں مقررہ وقت پر دی جائے، عشا کی اذان مقررہ وقت پر ہی دی جائے۔

    سعودی وزیر اسلامی امور نے یہ بھی ہدایت کی کہ اذان کے بعد تکبیر کے دورانیہ کی پابندی کی جائے، اس کے علاوہ اعتکاف کے لیے اجازت نامے امام مسجد جاری کریں گے اور وہی اس بات کے ذمہ دار ہوں گے کہ اعتکاف کرنے والے کوئی خلاف قانون کام نہ کریں۔ اعتکاف کرنے والوں کی نجی معلومات کا اندراج امام کی ذمہ داری ہوگی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ افطار کرانے سمیت کسی بھی مقصد سے عطیات نہ جمع کیے جائیں۔ افطار دستر خوان کے سلسلے میں مقررہ ضوابط کی پابندی کریں، افطار دسترخوان کے لیے خیمے لگانے یا عارضی کمرے قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • سعودی عرب جانے والے مسافر ہوشیار، سخت پابندی عائد

    جدہ : سعودی ایوی ایشن اتھارٹی (گاکا) نے مسافروں پر مقرر کردہ حد سے زیادہ سامان لانے اور لے جانے پر سخت پابندی عائد کردی ہے، خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی عرب جانے والی تمام ایرلائنز کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کیلئے آپریٹ کرنے والی تمام ائیرلائنز مسافروں کا مقرر کردہ حد سے زیادہ سامان لوڈ کرنے سے اجتناب کریں۔

    سعودی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ چیک ان کرتے وقت صرف مقررہ حد کے وزن کے سامان والے بیگیج کو جہاز میں بھیجا جائے، ہمارے مشاہدے میں آیا ہے کہ کچھ ایرلائنز مسافروں کا مقررہ حد سے زیادہ سامان وصول کرتی ہیں۔

    سعودی عرب جانے والی تمام ایئرلائنز کو نئی ہدایات جاری

    گاکا کے حکم نامے کے مطابق ٹکٹ جاری کرتے وقت سامان کے وزن کی مقررہ حد کی پالیسی واضح لکھی ہوتی ہے، زیادہ سامان والے بیگیج سے جہاز کو تیکنیکی طور پر مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔

    سعودی ایوی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ تمام ایرلاینز مذکورہ ہدایات پر سختی سے عمل کی پابندی کریں، ہدایات نامے کی خلاف ورزی کی صورت میں ایرلائنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلئے وزارت حج کی نئی ہدایات

    سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلئے وزارت حج کی نئی ہدایات

    ریاض : سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین سعودی عرب میں 30 روز تک قیام کر سکتے ہیں، جو عمرہ ویزہ کی میعاد ہے۔

    عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ وزارت صحت کے مقرر کردہ ضوابط کے مطابق عمرہ زائر کی عمر 18 برس اور اس سے زیادہ ہے جو لوگ 18 برس یا اس سے زیادہ عمر کے ہوں گے وہی عمرے پر آسکیں گے۔

    بیان میں کہا گیا کہ 18 برس سے کم عمر کے افراد کو عمرہ پر آنے کی اجازت نہیں ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ جن ممالک سے عمرہ پر آنے کی اجازت دی گئی ہے وہاں سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لیے ہوئے ہوں۔

    بیان میں مزید لکھا تھا کہ جو لوگ دونوں خوراکیں لیے ہوئے ہوں گے انہیں براہِ راست عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔ مملکت پہنچنے پر انہیں ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں کرنا ہوگی۔

  • کویت : گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلیے حکومت کی نئی ہدایات

    کویت : گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلیے حکومت کی نئی ہدایات

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلئے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے کویتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق اب گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے خریدار سے بیچنے والے کو ادائیگی کا ثبوت درکار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک اینڈ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکرٹری میجر جنرل جمال السایغ نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق گاڑی خریدنے والے کو فروخت کنندہ کو گاڑی کی خریداری کے لیے ادائیگی کے موڈ کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔

    گاڑی کو بذریعہ چیک ادائیگی یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے خریدنا ہوگا صرف ان دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ہی گاڑی کی منتقلی کی منظوری دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ یہ فیصلہ منی لانڈرنگ کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں لگژری گاڑیاں نقد ادائیگی کے ذریعے خریدی اور فروخت کی گئی ہیں اس طرح کا فیصلہ مشکوک کارروائیوں کو روکنے میں معاون ثابت ہوگا۔

  • دبئی حکومت کی ہوٹلوں اور ریستورانوں کیلئے نئی ہدایات

    دبئی حکومت کی ہوٹلوں اور ریستورانوں کیلئے نئی ہدایات

    دبئی : کورونا وائرس کے حوالے سے لگائی پابندیوں اور ہدایات سے متعلق دبئی حکومت نے ہوٹلوں اور ریستورانوں کیلئے احکامات جاری کیے ہیں

    دبئی محکمہ سیاحت و مارکیٹنگ نے ہوٹلوں کو سو فیصد گنجائش استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ دبئی میڈیا کے مطابق محکمہ سیاحت و مارکیٹنگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے نئے ضابطے تیار کیے گئے ہیں۔ تمام سرمایہ کاروں، ہوٹلوں، ریستورانوں اور سہولتیں فراہم کرنے والے اداروں کے مدیران کو مندرجہ ذیل ہدایات دی گئی ہیں۔

    ہوٹلوں اور ریستورانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 80 فیصد تک گنجائش استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹیبلز کے درمیان فاصلہ ڈیڑھ سے دو میٹر تک کا رکھا جا سکتا ہے۔ وبا سے قبل کے اوقات کار بحال کیے جا سکتے ہیں۔ محکمے سے جاری ہونے والی ہدایات اور اجازت ناموں کی پابندی کرنا ہوگی۔

    ریستوران اور قہوہ خانے صبح 3 بجے تک کاروبار کرسکتے ہیں بشرطیکہ ضوابط کی پابندی کریں۔ تمام تفریحی مقامات، شو روم، عجائب گھروں، سینما گھروں اور سیاحتی سرگرمیوں سے منسلک اداروں کو 80 فیصد تک گنجائش استعمال کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

    کاروباری سرگرمیوں میں سو فیصد گنجائش استعمال کی جا سکتی ہے بشرطیکہ کورونا ایس او پیز کی پابندی ہو رہی ہو۔

    بند مقامات پر سماجی پروگراموں میں شرکاء کی تعداد 2500 تک کی اجازت دے دی گئی جبکہ کھلے مقامات پر 5ہزار تک افراد جمع ہوسکتے ہیں- ویکسین کی پابندی ضروری نہیں ہوگی۔

    ایسے تمام مقامات جہاں کھیلوں کے پروگرام اور تفریحی سرگرمیاں ہو رہی ہوں وہاں 60 فیصد تک گنجائش استعمال کی جا سکتی ہے اس پر کوئی انتہائی حد مقرر نہیں اور ویکسین کی پابندی بھی ضروری نہیں۔

    انعامات کی تقسیم اور ادارہ جاتی تقریبات میں ایک ہزار تک افراد شرکت کر سکتے ہیں یہاں ویکسین کی پابندی نہیں، ساٹھ فیصد تک گنجائش استعمال کی جا سکتی ہے بشرطیکہ 300 سے زیادہ افراد نہ ہوں۔

    ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ پروگرام کے ذمہ داران کو یہ اقرار نامہ جمع کرانا ہوگا کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کی ذمہ داری سو فیصد ان کی ہی ہوگی۔

  • ابوظبی : نرسری کلاسز کے لیے حکومت کی نئی ہدایات جاری

    ابوظبی : نرسری کلاسز کے لیے حکومت کی نئی ہدایات جاری

    ابوظبی : ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے ابوظبی میں نرسری کلاسز کے لیے نئے ضوابط کی منظوری دی ہے، اس پر یکم جولائی 2021سے عمل درآمد ہوگا۔

    امارات کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق نئے طریقہ کار کے مطابق ببلز کے نام پر چھوٹے گروپس میں بچوں کو کم تعداد میں رکھا جائے گا تاہم ان ببلز میں اب تعداد بڑھائی جاسکے گی۔

    45دن اور2 سال تک عمر تک بچوں کے گروپ میں اب 8 کے بجائے12 بچے رکھے جاسکیں گے، دو سال سے چار سال عمر تک ببل گروپ میں 10 کی بجائے 16 بچے رکھے جاسکیں گے۔

    نرسریوں کو ہر جماعت میں فی بچہ ساڑھے 3 مربع میٹر کی جگہ میسر کرنا لازمی ہوگی جبکہ کھلے مقام کےلیے جگہ پانچ مربع میٹرہوگی۔ نئے طریقہ کار میں ضرورت کے تحت نرسری کو فوری بند کرنے کی بجائے بتدریج بند کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

    جس ببل گروپ میں کوئی ایک انفیکشن کیس سامنے آیا تو اس ببل گروپ کو 10 روز کیلئے بند کیا جائے گا، اگر تین گروپس میں ایسے کیس آجاتے ہیں تو نرسری 10 روز کےلیے بند ہوگی جس کی بنیاد مخصوص اقدامات پر ہوگی۔

    ابوظبی محکمہ برائے تعلیم و دانش میں ارلی چائلد ہڈ ایجوکیشن کی ڈویژن ڈائریکٹر مریم الحلامی کا کہنا تھا کہ نرسریوں نے بھی بچوں کےلیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کو یقینی بنایا ہے۔ نرسریوں کے 77 فیصد عملہ کو ویکسین دی جاچکی ہے۔

    نئے طریقہ کار میں نرسریوں کے باقاعدہ معا ئنے اور جائزے کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ نرسریوں کے عملے کے لیے کورونا پروٹوکولز پر عملدرآمد کی لازمی ورچوئل تربیت کی گئی۔ کڈز فرسٹ گروپ کے بانی، سی ای او کامل نجار نے نئے طریقہ کار کا خیرمقدم کیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ماہ رمضان کے لیے کرونا وائرس کے پیش نظر نئی ہدایات جاری کردی گئی، حکام نے سختی سے ان ہدایات کی پابندی کی تاکید کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق رمضان المبارک میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات نے نئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔

    اعلان نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی یو اے ای کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران افطار و سحر میں کئی مقامات پر اجتماعی تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور بطور خاص مساجد میں مسلمان اجتماعی طور پر عبادات کا اہتمام بھی کرتے ہیں تاہم این سی ای ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہر ایک کو خاندانی اجتماعات منعقد کرنے اوراس میں شرکت سے گریز کرنا چاہیئے۔

    اس ضمن میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ خاندان کے باہر کے افراد سے کھانے کے تبادلے سے بھی گریز کریں۔

    این سی ای ایم اے کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں شب کے اجتماعات سے گریز کریں، ایک دوسرے کے گھر جانے سے اجتناب برتیں اور کھانوں کا تبادلہ یا ان کی تقسیم نہ کریں۔

    متعلقہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مزدوروں کی اقامت گاہوں میں رمضان کے دوران کھانے تقسیم کیے جا سکتے ہیں لیکن جو لوگ ورکروں میں کھانا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں ان اقامت گاہوں کی انتظامیہ سے رجوع کرنا چاہیئے اور کسی ریستوران کے ذریعے کھانے کے پیلٹس تقسیم کرنے چاہئیں۔

    این سی ای ایم اے کے مطابق مساجد میں نمازعشا اور تراویح کو زیادہ سے زیادہ 30 منٹ میں ختم کرنا ہوگا، نماز کی ادائیگی کے فوری بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ خواتین کے لیے نماز کی مخصوص جگہیں و دیگر سہولتیں اور مساجد کے باہر شاہراہوں پر نماز تراویح ادا کرنے پر بدستور پابندی برقرار رہے گی۔

    متعلقہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں اور ہدایات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ماہ صیام کے دوران حکام چھاپہ مار کارروائیوں کی مہم چلائیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد و اداروں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

    مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

    کراچی : ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والوں کی تین تین جگہ تلاشی کی شکایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کو ایک ہی کاوئنٹر پر تلاشی کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر عملے کی جانب سے وزارت داخلہ کے احکامات یکسر نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزات داخلہ کی ہدایت پر سی اے اے کی جانب سے مختلف ائیرپورٹس پر قائم کئے گئے جوائنٹ بیگج، سرچ کاوئنٹر اور جوائنٹ سی سی ٹی وی پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

    اس کے علاوہ ائیر پورٹس پر اداروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان بھی پایا جاتا ہے، احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرپورٹس مینیجرز کو خط ارسال کردیئے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی اے ار وائی نیوز کو موصول ہوگئی، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بعض ادارے سرچ کاوئنٹر پر عمل درآمد نہیں کر رہے، محکمہ کسٹم اپنی من مانیاں کررہا ہے اور احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔

    لکھے گئے خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر جوائنٹ بیگج سرچ کاؤنٹر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز ایک ہی جگہ مسافروں کے سامان کی چھان بین کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پہلے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تین مختلف جگہوں پر لی جاتی تھی جس سے مسافروں کو تکلیف اٹھانی پڑتی تھی، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز الگ الگ مسافروں کے سامان کی تلاشی لیتے تھے جس سے مسافروں کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے جوائنٹ بیگجز سرچ کاوئنٹر پر سختی سے عمل درآمد کریں اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تینوں محکمے ایک ہی جگہ پر یقینی بنائیں۔