Tag: New system

  • ہوشیار !! مائیکرو سافٹ کے نئے سسٹم میں وائرسوں کی بھرمار

    ہوشیار !! مائیکرو سافٹ کے نئے سسٹم میں وائرسوں کی بھرمار

    ماسکو : مائیکرو سافٹ کا نیا سسٹم "ونڈوز الیون” متعارف ہونے سے پہلے ہی ہیکرز کی گرفت میں آگیا، ہیک کرنے کے بعد سسٹم میں بے شمار وائرسز ڈال دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیکروں نے مائیکرو سافٹ کے اگلے آپریٹنگ سسٹم "ونڈوز 11” کو ریلیز سے پہلے ہی اپنا شکار بنا کر طرح طرح کے وائرسوں میں مبتلا کردیا ہے۔

    انٹرنیٹ سکیورٹی فرم "کیسپرسکی” نے اس حوالے سے ایک وارننگ بھی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ چوری شدہ سافٹ ویئر مفت میں فراہم کرنے والی مختلف ویب سائٹس پر ونڈوز 11 کی انسٹالیشن فائلز موجود ہیں جنہیں نئی ونڈوز انسٹال کرنے کے علاوہ موجودہ ونڈوز کو اپ گریڈ کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    چوری شدہ سافٹ ویئر والی کئی ویب سائٹس پر جعلی ونڈوز 11 رکھی ہے جو وائرسوں سے بری طرح آلودہ ہے۔ (تصاویر: کیسپرسکی لیب)

    کیسپرسکی کے مطابق، یہ تمام انسٹالیشن فائلز مشکوک ہیں مگر ان میں سے ایک خاص فائل، جو
    86307_windows 11 build 21996.1 x64 + activator.exe

    کے نام سے ہے اور جس کا سائز 1.75 گیگا بائٹس ہے، کئی طرح کے وائرسوں (میل ویئر اور ایڈویئر) سے آلودہ ہے۔

    بظاہر ونڈوز 11 محسوس ہونے والی اس فائل کے انسٹال ہوتے ہی صارف کا کمپیوٹر سست پڑ جاتا ہے اور اسکرین پر درجنوں اشتہارات کی بھرمار ہوجاتی ہے۔

    یہی نہیں بلکہ جعلی ونڈوز 11 کے بعض ورژنز میں صارف کے کمپیوٹر کی جاسوسی کرنے والے سافٹ ویئر (اسپائی ویئر) اور "کی لاگرز” تک موجود ہیں جن کے ذریعے نامعلوم ہیکرز یہاں تک جان سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے کمپیوٹر کون کون سے بٹن کب اور کس ترتیب سے دبائے۔

    ان ہی معلومات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی ہیکر آپ کے ای میل پاس ورڈ سے لے کر یہاں تک کہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات تک تقریباً ہر چیز سے واقف ہوکر آپ کو ناقابلِ تلافی نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

    "کیسپرسکی” نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ایک حالیہ بلاگ میں خبردار کیا ہے کہ صارفین کسی بھی نامعلوم ذریعے سے ونڈوز 11 ڈاؤن لوڈ ہر گز نہ کریں کیونکہ صرف مائیکروسافٹ "ونڈوز انسائیڈر” پروگرام میں شرکت کرنے والے ہی ونڈوز 11 کو آزمائشی طور پر ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے اب تک ونڈوز 11 کے اجراء کی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ البتہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا پر گہری نظر رکھنے والے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ونڈوز 11 اس سال اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں عوامی استعمال کےلیے جاری کردی جائے گی۔

  • چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کیلئے نیا نظام نافذ

    چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کیلئے نیا نظام نافذ

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چوری اورگمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ کر دیا، صارف کی شکایت کے بعد 24 گھنٹے میں فون بلاک کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ کر دیا گیا۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل بلاک کرنے کیلئےنئے خود کار نظام ایل ایس ڈی ایس کا آغاز کیا گیا ہے ، جس کے زریعے صارفین موبائل کا ممکنہ غلط استعمال روکنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

    پی ٹی اے نے کہا کہ ایل ایس ڈی ایس خود کار نظام ہے، جو پی ٹی اے سسٹم کیساتھ مربوط ہے، چوری شدہ موبائل کی شکایت کے بعد 24 گھنٹے میں بلاک کیا جائے گا۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق صارفین پی ڈی اےکی ویب سائٹ پر بھی بلاکنگ کیلئےدرخواست دے سکتے ہیں، بلاکنگ درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا اور گمشدہ فون ملنے پر صارفین موبائل ان بلاک بھی کرا سکیں گے۔

  • روس نے مہنگائی کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا، ناجائز منافع خور پھنس گئے

    روس نے مہنگائی کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا، ناجائز منافع خور پھنس گئے

    ماسکو : روسی حکومت نے مہنگائی کے سدباب کیلئے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کا سختی سے فیصلہ کرلیا، جس کے بعد تاجروں کے لئے مصنوعی قیمتیں بڑھانا اور ناجائز منافع خوری کرنا ناممکن ہوگا۔

    مہنگائی کے حوالے سے روسی حکام نے پرائس کنٹرول سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کی پریس سروس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس اب ملک میں اشیاء خود و نوش کی مصنوعات اور راشن کی قیمتوں پر مسلسل نگرانی کرے گا۔

    اس سلسلے میں روسی وزراء کی کابینہ کا اجلاس ہوا کابینہ اراکین نے کہا کہ نیا نظام مارکیٹ میں صورتحال کا منظم تجزیہ کرنے، اہم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پیش گوئی اور اس کو روکنے کے لئے بروقت اقدامات کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

    کابینہ اجلاس میں روسی وزارت اقتصادی ترقی کے عہدیدار نے بتایا کہ اس نظام کی بدولت اب متعدد محکمے بیک وقت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کریں گے۔

    روسی حکومت کا مزید کہنا ہے کہ اگر متعلقہ محکموں کو قیمتوں میں اضافے کا پتہ چل گیا تو متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو معلومات بھیج دی جائیں گی اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر وزارت اپنی مختلف مصنوعات کے مخصوص گروہوں کی ذمہ دار ہوگی جیسا کہ وزارت زراعت خوراک اور تمباکو کی مصنوعات کی انچارج ہے۔

    اسی طرح وزارت صنعت و تجارت صارفین کے سامان گھریلو ایپلائینسز، فرنیچر، کمپیوٹرز، ٹیلیفون کے لئے ذمہ دار ہے۔ وزارت صحت طبی مصنوعات، دوائیں، طبی ساز و سامان کی قیمتوں کی ذمہ دار ہے۔

    اس کے علاوہ ایندھن کے لئے وزارت توانائی ذمہ دار ہے، وزارت ڈیجیٹل انڈسٹری مواصلاتی سروس کے لئے ذمہ دار ہے، رہائش اور سماجی سروسز کے لئے وزارت تعمیرات ذمہ دار ہے۔

  • پنشنرز کیلئے اہم خبر آگئی، حکومت کا بڑا فیصلہ

    پنشنرز کیلئے اہم خبر آگئی، حکومت کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے پینشنرز کے نام سے فراڈ کرنے والے افراد کیخلاف سخت اقدام کرتے ہوئے نیا نظام متعارف کرادیا، تمام پینشنرز کی بائیو میٹرک تصدیق لازم قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گھوسٹ پنشنرز کے گرد گھیرا تنگ ہوگیا، اب پنشن حاصل کرنے کیلئے حکومت نے نیا نظام متعارف کرادیا ہے جس کے تحت تمام پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق لازم قرار دے دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق والے اکاؤنٹس میں ہی پنشن جاری کی جائے گی، معذوری کی وجہ سے بائیو میٹرک نہ کرانے والوں کو زندہ ہونے کاسرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔

    دستاویز کے مطابق مختار شخص کی جانب سے پنشنر زندہ ہونے کاسرٹیفکیٹ دیں گے، اس کے علاوہ حکومت نے جوائنٹ اکاؤنٹ میں پنشن بھجوانے پر پابندی لگادی ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ہرسال مارچ اور اکتوبر میں پنشنرز کو تصدیق کرانا ہوگی اگر6ماہ تک پنشن نہ نکالی گئی تو اکاؤنٹ غیرفعال ہوجائے گا۔

  • پارکنگ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے دبئی میں نیا سسٹم متعارف

    پارکنگ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے دبئی میں نیا سسٹم متعارف

    دبئی: متحدہ عرب امارات روڈ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے پارکنگ فیس کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے ایک نیا اسمارٹ سسٹم متعارف کرادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ نیا سسٹم دبئی ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کے اوپر نصب کیا گیا ہے جس کو گاڑی میں بیٹھے ہوئے پولیس آفیسرز پارکنگ میں کھڑی ہوئی گاڑیوں کی اسکیننگ کے لیے استعمال کریں گے۔

    پولیس آفیسر کو گاڑی سے باہر نکلنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی وہ گاڑی میں بیٹھ کر ہی پارکنگ فیس کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرسکیں گے۔

    یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی روڈ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مصنوعی ذہانت کے ادارے کی جانب سے اٹھایا گیا ہے، ادارے کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نئے سسٹم پر مشتمل گاڑیاں کیسے کام انجام دیں گی۔

    مزید پڑھیں: یو اے ای کا ڈرائیونگ لائسنس 50 ممالک میں کارآمد ہوگا

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس دنیا کے پچاس ممالک میں کارآمد ہے، یو اے ای جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد ان ممالک میں گاڑی چلانے اور کرایے پر گاڑی حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق جن ممالک میں ڈرائیونگ لائسنس کارآمد ہوگا ان میں سعودی عرب، بحرین، کویت، عمان، الجیریا، جارڈن، موروکو، سیریا، لبنان، یمن، صومالیہ، سوڈان، امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سنگاپور، کینیڈا، پولینڈ، ترکی، چائنہ، فن لینڈ، ترکی، پولینڈ، نیوزی لینڈ ودیگر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے متعلقہ شخص کو 40 کلاسز لینا ہوتی ہیں پھر ٹیسٹ میں کامیاب افراد کو لائسنس فراہم کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔