حکومت کی جانب سے 170 ارب روپے کے لگائے جانے والے نئے ٹیکسوں کو تاجر برادری نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربہ کار اسحاق ڈار اور حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تاجروں نے ٹیکس میں اضافے کے اقدام کو سختی سے مسترد کردیا، ان کا کہنا ہے کہ خدارا عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالیں۔
اس حوالے سے تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیکسوں میں کیے گئے ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں، اب ہرچیز مہنگی ہوجائے گی۔
اجمل بلوچ نے منی بجٹ عوام اورمعیشت پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمجھ دار، تجربہ کار اور اسحاق ڈار حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10ماہ میں ملک بھر کے دکاندار، صنعت کاراور زمینداروں کو تباہ کردیا گیا، تاجر اب مزید مہنگائی کے ظلم کو برداشت نہیں کرینگے۔
صدرآل پاکستان انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ تمام حکومتی اداروں میں مفت بجلی، گیس اور پیٹرول بند کیا جائے، مہنگائی کے خلاف تاجر بھی اب سڑکوں پرہوں گے۔
تاجر رہنما نے کہا کہ ظالمانہ مہنگائی کی انتہا ہوگئی ہے جس کو روکنا انتہائی ضروری ہوگیا ہے، عوام میں اب مہنگائی کے طوفان کا مزید مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رہی۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ پارلیمنٹیرین یہ بات بھی اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ انہیں کل پھرعوام کے پاس بھی جانا ہے، حکومت نے ٹیکس میں اضافے کا بل پاس کیا تو احتجاج کا اعلان کردیں گے۔