Tag: new york police

  • یہودیوں کی نیویارک میں بڑی سول نافرمانی، 300 گرفتار

    یہودیوں کی نیویارک میں بڑی سول نافرمانی، 300 گرفتار

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے سینٹرل اسٹیشن میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف یہودیوں کی جانب سے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، جس پر نیویارک پولیس نے 300 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    الجزیرہ کے مطابق جیوش وائس فار پیس کی جانب سے نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کیا، تاہم نیویارک پولیس نے دھرنے کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    دھرنے کا انتظام کرنے والے گروپ جے وی پی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ’’سیکڑوں یہودیوں اور اتحادیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو ممکنہ طور پر دو دہائیوں میں نیویارک شہر کی سب سے بڑی سول نافرمانی ہے۔‘‘

    دھرنے کی وجہ سے شہر کا بڑا ٹرانزٹ مرکز بند ہو گیا تھا، شرکا نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے سیاہ ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر لکھا تھا ’سیز فائر کیا جائے‘ اور ’ہمارے نام پر نہیں‘ مظاہرین نے فلسطینیوں کی آزادی اور غزہ پر بمباری بند کرنے کے مطالبات کے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے لڑ رہے ہیں، اور مزید جنگ نہیں چاہتے، جو مر گئے ان کے لیے ماتم کریں اور جو زندہ ہیں انھیں زندہ رکھنے کے لیے جدوجہد کریں۔

    ادھر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ اس نے ریلی میں کم از کم 200 مظاہرین کو گرفتار کیا تھا، تاہم جنگ مخالف گروپ جیوش وائس فار پیس نے گرفتاریوں کی تعداد 300 سے زیادہ بتائی ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں پولیس کو درجنوں مظاہرین کے ساتھ دکھایا گیا ہے جن کے بازو کمر کے پیچھے بندھے ہوئے تھے۔

  • کورونا ویکسین کا غیر قانونی استعمال : پولیس حرکت میں آگئی

    کورونا ویکسین کا غیر قانونی استعمال : پولیس حرکت میں آگئی

    نیویارک : امریکہ میں غیر قانونی طریقے سے کورونا ویکسین لگانے پر ایک طبی مرکز کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ویکسین ناجائز طریقے سے حاصل کی گئی ہے۔

    نیویارک کی ریاستی پولیس ایک طبی مرکز کی تفتیش کر رہی ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس نے ناجائز طریقے سے کورونا ویکسین حاصل کر کے ان لوگوں کو لگائی جنہیں اس سلسلے میں ترجیح حاصل نہیں تھی۔

    ریاست نیویارک کے صحت حکام نے ہفتے کے روز الزامات سے متعلق جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ نیویارک شہر میں قائم پار کیئر کمیونٹی ہیلتھ نیٹ ورک کے ایک طبی مرکز نے ممکنہ طور پر ایک غیر قانونی درخواست فارم کے ذریعے ویکسین حاصل کی۔

    حکام کے مطابق مذکورہ ویکسین پہلے بنیادی صحت عملے اور اس کے بعد بزرگوں کے بہبودی مراکز میں مقیم افراد اور عملے کو لگانے کے ریاستی ترجیحی منصوبے کے برخلاف، ممکنہ طور پر دیگر افراد کو لگائی گئی۔

    نیویارک یارک ٹائمز کے اتوار کے آن لائن شمارے میں، مذکورہ طبی مرکز کے نمائندے کی جانب سے شائع کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی مرکز کو ریاست کی جانب سے ویکسین کی 2 ہزار 300 خوراکیں موصول ہوئی تھیں، جن میں س 850، ریاستی صحت حکام کی ہدایات کی روشنی میں پہلے ہی لوگوں کو لگائی جا چکی ہیں۔

    نیویارک کے گورنر اینڈریُو کُوومو نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ویکسین لگانے کے عمل میں کسی قسم کی دھوکہ دہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھوکہ دہی میں ملوث ہونے والے ہر شخص کا احتساب کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک حکم نامے پر دستخط کریں گے جس کے تحت ریاستی ہدایات کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ ڈالر تک جرمانہ کیا جائے گا اور اس عمل میں ملوث ڈاکٹروں اور نرسوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

  • نیو یارک پولیس کی جانب سے طالبات کیلئے آگاہی پروگرام کا انعقاد

    نیو یارک پولیس کی جانب سے طالبات کیلئے آگاہی پروگرام کا انعقاد

    کراچی : نیویارک پولیس کی جانب سے کراچی قونصلیٹ میں ایکسس انگلش اینڈ مائیکرو اسکالر شپ پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پچاس سے زیادہ طالبات کو سیلف ڈیفنس کے حوالے سے تربیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی قونصلیٹ میں فراہم کی جانے والی اس تربیتی پروگرام میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسر لیفٹیننٹ عدیل رانا اور ایلوس و کلج موجود تھے۔

    اس موقع پر ایلوس و کلج نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی پولیس کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ عوام کو ان کے تحفظ کیلئے آگاہی فراہم کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے دفاع کیلئے مکمل معلومات ہونی چاہئیں۔

    گر فل روزیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایکسس مائیکرو اسکالر شپ صرف انگریزی گرامر سیکھنے کیلئے ہی نہیں بلکہ اس سے نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنےکا موقع ملے گا، جس سے انہیں سیلف ڈیفنس کے حوالے سے معلومات حاصل ہوں گی۔