Tag: new york

  • پاک امریکا کے تعلقات میں بہتری آئے گی، وزیرداخلہ چوہدری نثار

    پاک امریکا کے تعلقات میں بہتری آئے گی، وزیرداخلہ چوہدری نثار

    نیویارک : وفا قی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات بہتری کی طرف جائیں گے۔ کراچی میں رینجرزاورپولیس آپریشن میں مصروف ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے سے کوئی نہیں روکے گا۔

    ایف نائن پارک میں جلسہ ہوگا، دھرنا نہیں۔ پانامہ لیکس کے حوالے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں الزامات صرف پاکستانی وزیر اعظم کے خاندان پر نہیں لگے ، کئی ممالک کے سربراہان کے نام آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات کی راہ میں اپوزیشن رکاوٹ بن رہی ہے۔ اپوزیشن میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے کمیشن کے قیام میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن پاک فوج نہیں پولیس اوررینجرزمشترکہ طور پر کررہی ہیں اگر متحدہ قومی موومنٹ کو آپریشن سے متعلق کسی بھی قسم کے کوئی تحفظات ہیں تو آگاہ کرے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

     

  • پاکستان میں جمہوریت مضبوط اورمستحکم ہے، ملیحہ لودھی

    پاکستان میں جمہوریت مضبوط اورمستحکم ہے، ملیحہ لودھی

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط اورمستحکم ہے، ان کا یہ بھی کہناتھا کہ قومی اتفاق رائے پایا جا تا ہےکہ ملک کامستقبل جمہوریت میں ہے ۔

    اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی وار کالج میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کیخلاف بڑا آپریشن جاری ہے،جامع حکمت عملی سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جارہا ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاک فوج جمہوریت کیلئے اتفاق رائے کا حصہ ہے ۔پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے میڈیامتحرک اورجمہوری ادارے مضبوط ہیں۔پاک بھارت تعلقات پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے وسیع البنیاد مذاکرات کا حامی ہے۔

    افغانستان سے متعلق بات کرتےہوئے ملیحہ لودھی نے افغانستان میں امن کو خطے اور پاکستان میں استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں کرداراداکرنے کیلئے تیار ہے،علاقائی روابط کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل قیمت میں دس فیصد اضافہ

    عالمی منڈی میں خام تیل قیمت میں دس فیصد اضافہ

    کراچی / نیو یارک : گرتی اسٹاک مارکیٹ اور خام تیل کی قیمتوں کو بریک لگ گئے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دس فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ بارہ سال کی کم تریں سطح کو چھونے کے بعد خام تیل کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

    امریکی خام تیل کی قیمت نو فیصد اضافے کے ساتھ بتیس ڈالر انیس سینٹس فی بیرل ہوگئی جبکہ نارتھ برینٹ خام تیل کی قیمت دس فیصد اضافے ساتھ بتیس ڈالر اٹھارہ سینٹس اور عرب لائٹ میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکہ میں آنے والے شدید طوفان اور یورپی سنٹرل بینک کی جانب سےمعاشی استحکام کیلئے ممکنہ پیکج کے اعلان کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاجا رہاہے۔

    تیل مہنگا ہونے کے باعث عالمی اسٹاک مارکیٹ میں استحکام دکھا گیا۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود خام تیل قیمتوں کا آوٹ لک ابھی بھی غیر مستحکام ہے۔

    آئی ای اے نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں منگل کو ہی کہاتھاکہ مزید کم ازکم ایک سال تک مارکیٹ میں تیل کی فراہمی زیادہ ہی رہے گی ۔

    برینتھ آئل کی قیمتیں 1.50ڈالر اضافے کے ساتھ 30.75ڈالر فی بیرل ہوگئی ہیں اور یوں ایک ہفتے میں قیمتوں میں چھ فیصد اضافہ کیاگیا۔ امریکی خام تیل کی قیمتیں 1.26ڈالر اضافے کے ساتھ 30.79ڈالر فی بیرل ہوگئی ہیں۔

  • شرمین عبید چنائے کی فلم ’’سانگ آف لاہور‘‘ کی نیویارک میں نمائش

    شرمین عبید چنائے کی فلم ’’سانگ آف لاہور‘‘ کی نیویارک میں نمائش

    اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی آنے والی فلم ’’سانگ آف لاہور‘‘ کی نیویارک میں نمائش کی گئی۔

    فلم کی اسکریننگ کی تقریب کراس بائی اسٹریٹ ہوٹل میں کی گئی اوراس موقع پرہالی وڈ کی ناموراداکارہ میرل اسٹریپ بھی موجود تھیں جنہوں نے تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔

    اس موقع پر ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی جس کے مطابق شرمین عبید چنائے کی یہ ڈاکیومنٹری فلم لاہور کی موسیقار کمیونٹی سے متعلق ہے جو کہ 1970 کی دہائی میں اپنے فن اور موسیقی کے سبب دنیا بھرمیں مشہور تھی۔

    عزت مجید نے 2004 میں سچل اسٹوڈیو قائم کیا اور کئی نامی گرامی موسیقاروں کو ان کے انسٹرومنٹ اٹھانے پر راضی کیا۔ اس اسٹوڈٰیو کی جانب سے ریلیز کردہ میوزک البم سانگ آف لاہورنے اسے دنیا بھر میں شہرت دی اور لاہور کے موسیقاروں کو ایک بار پھر دنیا بھر کے موسیقاروں کی توجہ کا مرکز بنادیا تھا۔

    پریس ریلیز کے مطابق شرمین عبید چنائے دنیا کے دس ممالک میں 12 سے زائد ایوارڈ وننگ فلمیں بناچکی ہیں جن میں saving face, Transgenders: Pakistan’s open secret اور Pakistan’s Taliban Generation شامل ہیں۔

    شرمین عبید چنائے واحد پاکستانی ہیں جو کہ اکیڈمی ایوارڈ اورایمی ایوارڈ جیت چکی ہیں۔

    شرمین عبید نے اپنی فلم سے متعلق چند ٹویٹس بھی کئے ہیں.

  • سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافےکے حامی نہیں، ملیحہ لودھی

    سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافےکے حامی نہیں، ملیحہ لودھی

    نیو یارک : اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل کےمستقل ارکان کی تعدادمیں اضافےکاحامی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کےمستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کا حامی نہیں ہے ۔

    ان کاکہناتھاکہ پاکستان سلامتی کونسل میں جمہوری اصلاحات کاحامی ہے جبکہ سلامتی کونسل کےمستقل ارکان میں اضافہ جمہوری عمل نہیں ہے۔

    ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل میں خطِوں کی نمائندگی ہونی چاہئیے،اس موقع پرسیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیر پرپاکستانی مؤقف واضح اوردوٹوک ہے۔

    مسئلہ کشمیرہمیشہ بھارت سے مذاکرات کےایجنڈےکاحصہ رہاہے،جب بھی مذاکرات ہوں گےمسئلہ کشمیرایجنڈےکاحصہ ہوگا۔

  • امریکہ کی مسجد میں اسحاق ڈار کی آمد پر گو نواز گو کے نعرے

    امریکہ کی مسجد میں اسحاق ڈار کی آمد پر گو نواز گو کے نعرے

    نیو یارک: بروکلین گو نواز گو کے نعروں سے گونج اٹھا اور اس نعرے کی وجہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بنے، جو خیر سے نواز شریف کے سمدھی بھی ہیں۔

    امریکہ کے شہر بروکلین کی مسجد میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی آمد پر چند پاکستانی انہیں دیکھ کر مشتعل ہو گئے اور گو نواز گو کے نعرے لگا ڈالے۔

    وزیر خزانہ نماز پڑھنے مسجد گئے تھے لیکن خدا کے گھر میں اتنی بے عزتی ہوئی کہ نماز پڑھے بغیر ہی واپس چلے گئے۔

    امریکی پولیس نے موقع نازک دیکھا تو اسحاق ڈار کومشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر لے گئی ۔

    حکومت کی مقبولیت کے دعوے اپنی جگہ لیکن دیار غیر میں ایسی رسوائی کا اسحٰق ڈار نےشائد سوچا بھی نہ ہوگا، اب نواز شریف اپنے سمدھی کی پزیرائی پر اس کے سوا کیا کہ سکتےہیں کہ اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پہ بجلیاں۔

     

  • پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کی ہے، نواز شریف

    پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کی ہے، نواز شریف

    لندن: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی لائے ہیں جس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

    لندن میں ایک روزہ قیام کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کےساتھ مل کرخطےمیں امن کیلئےکوششیں کررہے ہیں۔

    وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان ایک ذمہ دارملک ہے اورخطے میں بدامنی نہیں چاہتا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اورافغانستان نےدہشت گردی کے خلاف مل کرلڑنے کاعہد کر رکھا ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اوربھارت کے ساتھ بھی برابری کی سطح پراچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے اس لیے پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل پر ٹھوس بات چیت ہو جتنی تیزی سے مسئلہ کشمیر حل کریں گے اتنی تیزی سے ہی دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے لہذا مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جس کے نتائج دنیا کے سامنے ہیں

    انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا۔

    وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کے 70 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک جارہے ہیں جہاں وہ دنیا بھر کے سربراہان سے خطاب کریں گے۔

  • یو ایس اوپن ٹینس: اینڈی مرے کی چوتھے راونڈ میں اپ سیٹ شکست

    یو ایس اوپن ٹینس: اینڈی مرے کی چوتھے راونڈ میں اپ سیٹ شکست

    نیویارک : برطانیہ کے اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹینس کے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے اور سمونا ہیلپ نے کوارٹر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔

    نیویارک میں جاری سال کے آخری گرینڈ سلیم ایونٹ کا چوتھا راونڈ ورلڈ نمبر تھری برطانیہ کے اینڈی مرے کے لئے آخری راونڈ ثابت ہوا۔

    مرے کو فیفٹین سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈریسن نے عصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ جنرل ساونڈ پیٹرسن نے پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

    دوسرے میچ میں سیکنڈ سیڈ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے امریکہ کے جاہن ایسنر کو زیر کیا۔ فیڈرر نے ابتدائی دونوں سیٹ ٹائی بریکر پر جیتے تاہم تیسرا سیٹ سات پانچ سے اپنے نام کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

    سوئٹزرلینڈ کے اسٹنلیس وورینکا نے امریکہ کے ڈونلڈ یانگ کے خلاف چار سیٹ کے مقابلے کے بعد فتح سمیٹی۔ ویمنز سنگلیز میں بیلاروس کی ویکٹوریہ ازارینکا نے امریکہ کی لیپچنکو کو چھ تین اور چھ چار کے اسکور سے زیر کیا۔

     سکینڈ سیڈ رومانیہ کے سامونا ہیلپ نے پہلے سیٹ کے خسارے میں جانے کے باوجود جرمنی کی سبین لیسکی کو مات دی جرنل ساونڈ ہیلپ کی فتح کا اسکور چھ سات ، سات پانچ اور چھ دو رہا۔

  • ورجینیا: براہ راست نشریات کے دوران دو صحافی قتل

    ورجینیا: براہ راست نشریات کے دوران دو صحافی قتل

    نیویارک : امریکی ٹیلی وژن ادارے سی بی ایس سے وابستہ دو مقامی صحافیوں کو اس چینل کی لائیو نشریات کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے، یہ صحافی کیمرہ مین ایڈم وارڈ اور رپورٹر ایلیسن پارکر تھے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 24 سالہ ایلیسن پارکر اور 27 سالہ ایڈم وارڈ کو بہت قریب سے فائر کر کے اس وقت قتل کیا گیا، جب اس ٹی وی پر ایک انٹرویو براہ راست نشر کیا جا رہا تھا۔

     ذرائع کے مطابق فائرنگ کے موقع پر پارکر جس خاتون کا انٹرویو لے رہی تھی، وہ بھی اس فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئی۔

     اس دوران اس ٹیلی وژن چینل کی صبح کی نشریات میں سیاحت کے فروغ کے موضوع پر بات چیت کی جا رہی تھی۔

    ایک کیمرے میں ریکارڈ کی جانے والی فوٹیج کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس پہنے ہوئے تھا اور اس دوران کئی مرتبہ فائر ہوئے اور چیخیں بھی بلند ہوئیں۔

     تاہم اس واقعے کے رونما ہونے کے ساتھ ہی اس ٹیلی وژن نے فوری طور پر اسٹوڈیو میں بیٹھے ہوئے مہمانوں کو دکھانا شروع کر دیا۔

  • ایم کیو ایم کا اقوام متحدہ کے سامنے بھوک ہڑتال ومظاہرہ

    ایم کیو ایم کا اقوام متحدہ کے سامنے بھوک ہڑتال ومظاہرہ

    نیویارک : کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن، کارکنوں کے اغواء اور ان کے بہیمانہ قتل کے خلاف ایم کیو ایم نیویارک کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے سامنے بھوک ہڑتال و مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔

    جس میں ایم کیو ایم سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین ، ممبر سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی گل محمد،اراکین کمیٹی و ہمدردوں سمیت  کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

    مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان اور ایم کیو ایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلسل ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان پرریاستی جبر و تشدد ، ماورائے عدالت قتل اور امن و امان کے نام پر ایم کیوایم کو کچلنے کیلئے شروع کئے گئے ریاستی آپریشن کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

    مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہلاک ہونے والے کارکنان کے اہل خانہ کو انصاف دلانے اور غیر اعلانیہ آپریشن کے حوالے سے مطالبات درج تھے۔

    اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم مریکہ کے جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین نے کہا کہ ماضی میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنان کا ماورائے عدالت قتل، اغوا برائے تاوان کیا گیا اور ایم کیوایم کوکچلنے کیلئے گھناؤنے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے لیکن پھر بھی ایم کیو ایم کے کارکنان کے دلوں سے قائد تحریک  الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کیا جاسکا۔

    انہوں نے مزید کہاکہ آج کے مظاہرے کا مقصد امریکہ سمیت بین القوامی برادی کی توجہ مہاجروں کی حالت زار کی طرف مبذول کرانا ہے۔

    انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون، امریکی سینیٹ اور کانگریس کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ مہاجروں کی نسل کشی رکوانے کے لئے پاکستانی حکومت اور ریاست پر اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔