Tag: new york

  • مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے! نیویارک میں یوٹیوبر کے اعلان پر افراتفری مچ گئی

    مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے! نیویارک میں یوٹیوبر کے اعلان پر افراتفری مچ گئی

    نیویارک: ایک یوٹیوبر کی جانب سے مفت پلے اسٹیشن فائیو کے اعلان کے بعد نیو یارک کا یونین اسکوائر پارک افراتفری کی لپیٹ میں آ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں امریکیوں نے ’مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے‘ کے مصداق نیویارک میں ایک یوٹیوبر کے پلے اسٹیشن فائیو مفت دینے کے اعلان پر یونین اسکوائر پارک پر یلغار کر دی۔

    یوٹیوب اور ٹوئچ پر معروف لائیو اسٹریمر کائی سینات نے اعلان کیا تھا کہ وہ جمعہ کو تاریخی چوراہے پر مفت پلے اسٹیشن کنسولز تحفے میں دے گا، جس پر پارک میں لوگوں کا ہجوم امڈ آیا، اور لوگ تحفے کے حصول کے لیے گاڑیوں کے اوپر پر چڑھے، کرسیاں پھینکیں اور خوب زور آزمائی کی۔

    صورت حال دیکھ کر پولیس کو رکاوٹیں لگانی پڑیں لیکن ہجوم قابو میں نہ آیا، بگڑتی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس نے یوٹیوبر سمیت 65 افراد کو حراست میں لے لیا۔

  • نیویارک میں بلند و بالا کرین گرنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نیویارک میں بلند و بالا کرین گرنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں بلند و بالا کرین گرنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں کرین گرنے سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں، مین ہٹن کے علاقے میں 54 منزلہ زیر تعمیر عمارت پر نصب کرین کے انجن میں آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    زخمیوں میں دو فائر فائٹر بھی شامل ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق تعمیراتی کرین میں آگ لگنے سے وہ جزوی طور پر ٹوٹ گیا، جس سے 16 ٹن کنکریٹ اور ملبہ گلیوں میں جا گرا۔

  • نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم، 80 سے زائد زخمی

    نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم، 80 سے زائد زخمی

    مین ہٹن: نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر نیویارک میں دو سٹی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس میں اسی سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں ٹور بس کا ڈرائیور بھی شامل تھا۔

    میٹرو بس کے ساتھ تصادم میں ڈبل ڈیکر بس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہو گیا، شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، یہ حادثہ جمعرات کی شام کو مین ہٹن میں ایک مسافر بس سے ڈبل ڈیکر ٹور بس کے ٹکرانے کے سبب پیش آیا۔

    ڈبل ڈیکر بس ٹور بس کے عقب سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کے وقت دونوں بسیں بھری ہوئی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ کا فی الوقت تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

    بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے رسیوں اور سیڑھیوں کا استعمال کیا گیا، فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق کوئی بھی زخم جان لیوا نہیں لگتا، کسی کو خراشیں آئیں، کس کو فریکچر اور کئی مسافروں کو گردن پر چوٹیں آئیں۔

  • مردہ قرار دی گئی خاتون تدفین سے پہلے اچانک زندہ ہوگئی

    مردہ قرار دی گئی خاتون تدفین سے پہلے اچانک زندہ ہوگئی

    نیو یارک : امریکہ میں ایک مردہ قرار دی گئی معمر خاتون اپنی تدفین کے عمل سے پہلے زندہ ہوگئی، مرحومہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران اس کی سانسیں بحال ہوگئیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیویارک کے ایک سرد خانے کے عملے کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب ایک "مردہ” خاتون اچانک زندہ ہوگئی۔

    ایک مقامی نرسنگ ہوم میں زیر علاج 82سالہ خاتون کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے کر اس کی لاش اہل خانہ کے حوالے کردی جو اسے آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے پہلے گھر لے گئے اور تدفین سے قبل لاش سرد خانے میں رکھوا دی۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 82سالہ خاتون کو صبح 11 بجکر 15 منٹ پر مردہ قرار دیا گیا تھا اور دوپہر ڈیڑھ بجے سرد خانے میں پہنچایا گیا، اس جگہ پہنچنے کے 40 منٹ بعد یا مردہ قرار دینے کے لگ بھگ 3 گھنٹے بعد سرد خانے کے عملے نے دیکھا کہ خاتون سانس لے رہی ہے۔

    102 مزید پڑھیں : سالہ خاتون آخری رسومات کے دوران زندہ ہوگئیں

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جنوری میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب 66 سالہ خاتون کو مردہ قرار دے کر اس کی لاش کو اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا اور وہ خاتون بھی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لے جاتے ہوئے زندہ ہوگئی۔

  • نیویارک میں برف باری نہ ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک سٹی میں موسم سرما کے سیزن میں زیادہ دنوں تک برف باری نہ ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق رواں موسم سرما میں نیو یارک سٹی پہلی برف باری کے انتظار میں ہے لیکن یہ انتظار طویل تر ہو گیا ہے، جس کے رکنے کے کوئی آثار بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق نیویارک نے پیر کے روز موسم سرما کی اپنی پہلی برف باری کے طویل ترین انتظار کا ریکارڈ توڑا، یہ پیشن گوئی بھی ہے کہ اگلے کئی دنوں تک برف پڑنے کی کوئی امید نہیں۔

    اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل ان دنوں مین ہٹن کے ٹائم اسکوائر اور سینٹرل پارک برف سے ڈھکے دکھائی دیتے تھے، عام طور پر دسمبر کے وسط سے برفباری کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور نیویارک کے باسیوں کو کبھی اتنا انتظار نہیں کرنا پڑا۔

    یاد رہے کہ 1972-73 کے موسم سرما میں، نیویارک میں 29 جنوری تک برف باری نہیں ہوئی تھی، لیکن آخر کار 1.8 انچ کی برفباری نے شہر کو ڈھانپ دیا تھا، لیکن اب 2023 میں 31 جنوری ہے اور یہ گنتی بدستور جاری ہے۔

    اس کے ساتھ ہی طویل عرصے تک برف باری نہ ہونے کا ایک دوسرا ریکارڈ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے، نیشنل ویدر سروسز کے مطابق 29 جنوری گزرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ دورانیہ اب 1869 کے بعد سے لمبا ترین عرصہ ہے۔

    اسی طرح شہر موسم سرما میں برف کے بغیر مسلسل دنوں کے ریکارڈ کے بھی قریب ہے، یہ ریکارڈ 332 دنوں پر مشتمل ہے، جب کہ پیر کو 327 واں دن تھا۔

  • ’نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں‘

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک کے میئر کا کہنا ہے کہ نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں، تارکین وطن کی نیویارک آمد سے شہر کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔

    نیویارک کے میئر نے میکسیکو کے سرحدی شہر ایل پاسو کا دورہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    ڈیمو کریٹ ایریک ایڈمز جو امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید کرتے رہے ہیں، کا کہنا تھا کہ امریکا کی جنوبی سرحد پر تارکین وطن کے بحران کے حوالے سے اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکومت اپنا کام کرے۔

    تارکین وطن کے معاملے پر نیویارک کے میئر کا جنوبی سرحدی شہر کا دورہ ایک مثال ہے۔

    ری پبلکن ریاستوں کی جانب سے تارکین وطن سے بھری بسیں شمال میں نیویارک اور دیگر شہروں میں بھیجی جاتی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں رہائش اور بے گھر افراد کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

    ایریک ایڈمز کا ایل پاسو کا دورہ اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تارکین وطن کی نیویارک آمد سے شہر کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے جبکہ شہر کو پہلے ہی بجٹ کی کمی کا سامنا ہے۔

    حالیہ مہینوں میں فلوریڈا اور ٹیکسس کے ری پبلکن گورنرز نے ہزاروں تارکین وطن کو امریکا میں پناہ گاہوں کے لیے ڈیمو کریٹک سیاستدانوں کے زیر انتظام شہروں نیویارک، شکاگو اور واشنگٹن ڈی سی بھیجا ہے۔

  • نیویارک سٹی میں حملہ آور نے چُھرا مار کر کئی پولیس اہل کاروں کو زخمی کر دیا

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں حملہ آور نے چُھرا مار کر کئی پولیس اہل کاروں کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں ٹائمز اسکوائر کے قریب پولیس پر چُھرے سے حملہ ہوا ہے، جس میں 3 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔

    نیویارک پولیس کے مطابق 19 سالہ نوجوان ٹریور بِکفورڈ نے گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کے سروں پر چُھرے سے وار کیے، جوابی حملے میں نوجوان حملہ آور زخمی ہو گیا۔

    2022 فلسطین کے لیے خوں آشام سال، اسرائیلی فوج نے ’ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی

    ایف بی آئی اور جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے اس حملے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    نیویارک سٹی کے کمشنر کے مطابق حملہ رات 10 بجے کے بعد ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کی رات کو سیکیورٹی زون کے باہر ہوا، اچانک ایک لڑکا آیا اور پولیس اہل کار کے سر میں چھرا مار دیا، اس کے بعد اس نے دو مزید اہل کاروں کو چھرا مارا، اس دوران ایک اہل کار نے اس کے کندھے پر گولی مار دی۔

  • ویڈیوز: برفانی طوفان نے نیو یارک کے کچھ حصوں کو مفلوج کر دیا

    ویڈیوز: برفانی طوفان نے نیو یارک کے کچھ حصوں کو مفلوج کر دیا

    نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے مغربی علاقوں میں برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک خطرناک ’’لَیک ایفکٹ‘ والے برفانی طوفان نے جمعہ کو مغربی اور شمالی نیو یارک کے کچھ حصوں کو مفلوج کر دیا۔

    کچھ مقامات پر 4 فٹ سے زیادہ برف باری ہوئی، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات تک مزید برف گرنے کا امکان ہے، طوفان کے دوران برف صاف کرتے ہوئے 2 افراد برف میں دب کر ہلاک ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق شہر بفیلو میں چار فٹ برف باری نے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل کر دیا، لوگ گھروں میں محصور ہو چکے ہیں، شاہراہیں اور پارک برف سے ڈھک گئے۔

    شہر کے گورنر نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو روز میں مزید برف باری کی پیش گوئی ہے، انتظامیہ نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لیک ایفکٹ والے طوفانوں کے اثرات بہت ہی متنوع ہوتے ہیں، جب گرم جھیلوں کے اوپر سے ٹھنڈی ہوائیں گزرتی ہیں تو، ہواؤں کی نچلی لہر جھیل سے بخارات اٹھا لیتی ہے جو اوپری لہر میں جا کر برف بن جاتے ہیں، برف والی یہ ہوائیں پھر آگے جا کر مختلف مقامات پر برف گرا دیتی ہیں۔

    یہی وجہ ہے کہ جمعہ کو بفیلو کے کچھ حصوں میں تو چار فٹ برف گری، جب کہ کچھ حصوں میں صرف چند انچ کی برف باری ہوئی۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ

    وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ

    لندن: وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ ہو گئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں وزیر اعظم پاکستان نے شرکت کی، انھوں نے برطانیہ دورے کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

    رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ملاقات کی اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، یہ ملاقات برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

    وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے دیگر رہنماؤں میں برطانیہ کی ڈپٹی وزیر اعظم، میئر لندن صادق خان، ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر، لیبر پارٹی برطانیہ کے رہنما سر کیئرسٹارمر، روانڈا کے صدر، عمان کے وزیر خارجہ، ملائیشیا کے شاہ سلطان عبداللہ اور ترکی کے وزیر خارجہ شامل تھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے کلیدی خطاب کریں گے، اور گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، اس دوران وہ مختلف ممالک کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    وزیر اعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔

  • نیویارک میں سفید فام نوجوان کی اندھا دھند فائرنگ، 10 ہلاک، واقعے کی لائیو اسٹریمنگ

    نیویارک میں سفید فام نوجوان کی اندھا دھند فائرنگ، 10 ہلاک، واقعے کی لائیو اسٹریمنگ

    امریکا: نیویارک میں ایک سفید فام نوجوان کی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک، جب کہ 3 زخمی ہو گئے، حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دس افراد ہلاک ہو گئے، ریاست نیویارک کے شہر بفیلو کی سپر مارکیٹ میں 18 سالہ سفید فام نسل پرست نوجوان نے سیاہ فام شہریوں پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں، فائرنگ سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

    حملہ آور نے فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گیم اسٹریمنگ ویب سائٹ پر براہ راست نشر کر دی، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فوجی یونیفارم پہنے حملہ آور خود کو یہودی مخالف اور انتہا پسند کہہ رہا تھا، ملزم سے نفرت کی بنیاد پر جرم کے تحت تفتیش کی جائے گی۔

    ادھر ریاست وسکونسن کے شہر مِلواکی میں بھی فائرنگ کے 3 واقعات میں 21 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد مِلواکی میں جزوی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، اور فائرنگ کے الزام میں 11 افراد اسلحے سمیت گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے، ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ ری پبلکنز ملک میں گن کنٹرول کے لیے قانون سازی نہیں چاہتے۔