Tag: new york

  • بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، وزیر خارجہ

    بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، وزیر خارجہ

    نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت سے جنگ نہیں چاہتے معاملات میں بگاڑ کا ازالہ بھی بھارت کو ہی کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، بھارت سےجنگ نہیں چاہتے مگر پانچ اگست2019کےاقدامات سےمعاملات بھارت نےبگاڑے اور معاملات میں بگاڑکا ازالہ بھی بھارت کوہی کرناہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور میں نے سلامتی کونسل کو 13 خط لکھے ہیں۔ کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کر چکا ہوں، مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کے نام پر لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔

    اسرائیلی جارحیت ، شاہ محمود قریشی نے سی این این اینکر کو آئینہ دکھا دیا

    دورہ نیویارک کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سی این سی اینکر کو آئینہ دکھایا اور دوٹوک جواب دیا کہ کس طرح اسرائیل عالمی میڈیا کو کنٹرول کررہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا نے فلسطینوں کو منصفانہ کوریج نہیں دی ، مقامی افراد کی رپورٹ نے دنیا کو جھنجھوڑا، مقبوضہ کشمیر میں بھی یہی سب ہورہا ہے۔

    امریکی ٹی وی اینکر نے شاہ محمود قریشی کی گفتگو کو یہود مخالف بیانیہ قراردیکرمستردکرنے کی ناکام کوشش کی ، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں یہ تاثرقائم ہےجسےمتوازن کوریج کے ذریعےردکیا جانا چاہیئے، غزہ کی تباہی پرمقامی افرادکی ویڈیواورتصاویرنےعالمی ضمیر کو ہلا کررکھ دیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ غزہ کی ویڈیوز اورتصاویر دیکھ کرسڈنی سےبرسلز تک عوام سڑکوں پر نکل آئے ، لندن،نیویارک اورشکاگومیں لوگ فلسطینیوں پرمظالم کیخلاف باہر نکلے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھایا جارہا ہے کیا اس پر عالمی میڈیا نےتوجہ دی، کشمیر میں ہونےوالےمظالم کو بھی دنیا کے سامنےلایا جائے۔

  • لائبریری کو کتاب 72 سال بعد واپس ملی، کتاب کون سی تھی؟

    لائبریری کو کتاب 72 سال بعد واپس ملی، کتاب کون سی تھی؟

    نیویارک: امریکا کی ایک لائبریری نے کہا ہے کہ تھیوڈور روزویلٹ کی سوانح حیات حال ہی میں واپس ہوئی ہے، تقریباً 72 سال کی تاخیر سے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک کے ایک چھوٹے سے گاؤں میٹیٹک سے تعلق رکھنے والے جان موس نے کتاب لائبریری کو لوٹاتے ہوئے کہا کہ انھیں اس بات کا یقین نہیں ہے کہ ڈینیل ہینڈرسن کی کتاب ’گریٹ ہارٹ: دی لائف اسٹوری آف تھیوڈور روزویلٹ‘ ان کے قبضے میں کیسے آ گئی، لیکن حال ہی میں انھیں یہ کتاب اسٹور میں پڑی پلاسٹک کی ایک بڑی کریٹ میں ملی۔

    خیال رہے کہ تھیوڈور روزویلٹ 26 ویں امریکی صدر تھے، جان موس نے کتاب کے حوالے سے کہا کہ ہو سکتا ہے یہ میرے والدین کے گھر سے ملی ہو جب 2013 میں میں نے ان کا گھر صاف کروایا تھا، یا یہ ان درجنوں کتابوں میں سے ایک ہوگی جو میں نے برسوں میں مختلف جگہوں میں لگی سیلز سے خریدی تھیں۔

    موس نے یہ کتاب حال ہی میں سامنے آنے پر جب یہ دیکھا کہ یہ اماگنسیٹ فری لائبریری کی ہے تو واپس پہنچا دی، لائبریری والوں کا کہنا تھا کہ اس کتاب نے تو 5 اپریل 1949 کو واپس ہونا تھا۔

    لائبریری کے ڈائریکٹر لارن نکولس نے میڈیا کو بتایا کہ کتاب کا یہ ایڈیشن 1919 کا ہے، اور اس پر لائبریری کی اصلی بک پلیٹ لگی ہوئی ہے، اور اس کی پشت پر سرکولیشن پالیسی بھی چپکائی گئی ہے، یہ دونوں چیزیں میں نے لائبریری میں ایک یا دو کتابوں ہی پر الگ الگ دیکھی ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کتاب کی لیٹ فیس 1949 کی لائبریری فیس فی دن ایک پیسہ (پینی) کے حساب سے اب تک 262 ڈالر ہو چکی ہے، تاہم لائبریری نے بعد میں تمام لیٹ فیسیں ختم کر دی تھیں۔

  • گلہری کا نیویارک کے رہائشیوں پر حملہ، شہری لہو لہان، ویڈیو دیکھیں

    گلہری کا نیویارک کے رہائشیوں پر حملہ، شہری لہو لہان، ویڈیو دیکھیں

    نیو یارک : نرم ملائم دم والی گلہری دیکھنے میں تو بے ضرر معلوم ہوتی ہے لیکن جب اسے غصہ آجائے تو یہ اپنے سے بڑے جسامت کے کسی بھی جاندار پر حملہ کرنے میں دیر نہیں لگاتی۔

    اسی طرح کا واقعہ امریکہ کے شہر نیویارک میں پیش آیا جہاں ایک خونخوار گلہری نے محلے کے رہائشیوں پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔

    گلہری کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے نیو یارک سٹی بورو کے ریگو پارک محلے کے متعدد افراد نے میڈیا کو بتایا کہ گلہری اچانک چھلانگ لگا کر حملہ کرتی ہے اور اپنے نوکیلے دانتوں سے کاٹ لیتی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گلہری کے حملے سے زخمی ہونے  والی علاقے کی رہائشی مائیکلین فریڈرک نے بتایا کہ مجھ پر اس نے 12دسمبر کو حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں کافی دیر تک میری انگلی سے خون بہتا رہا۔

    ایک اور خاتون وینتی سنگھ نے کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر پر کچھ ہفتے قبل حملہ ہوا تھا، واضح طور پر یہ ہمارے لئے غیر محفوظ صورتحال ہے۔اس کے علاوہ گلہری کے کاٹنے سے متاثرہ مزید تین افراد نے بھی یہ ہی بتایا کہ ان کے ساتھ بھی اس خونخوار گلہری نے یہی کیا۔

    نیو یارک کے محکمہ صحت کو جب ریگو پارک میں گلہری کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تو محکمہ صحت نے مکینوں کو مشورہ دیا کہ اس قسم کے جانور پکڑنے والے لائسنس یافتہ پنجرے کو استعمال کریں۔

  • باپ نے بچوں کو فائرنگ سے بچانے کیلئے گود میں چھپالیا، خود زخمی ہوگیا، ویڈیو وائرل

    باپ نے بچوں کو فائرنگ سے بچانے کیلئے گود میں چھپالیا، خود زخمی ہوگیا، ویڈیو وائرل

    نیو یارک : امریکہ میں ایک دفتر میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک باپ نے اپنے تین بچوں کو گولیوں سے بچالیا لیکن وہ خود زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر نیو یارک میں ایک باپ کی اپنے بچوں پر شفقت دیکھ کر ویڈیو دیکھنے والوں کی آنکھیں نم ہوگئیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو یارک کے علاقے میں قائم ایک کار ڈیلر کے دفتر میں ایک 39سالہ شخص اپنے تین بچوں کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران تین نقاب پوش مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔

    پولیس کی جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب فائرنگ شروع ہوتی ہے تو والد اپنے بچوں کو زمین پر دھکیل دیتا ہے اور انہیں اپنی آغوش میں لے کر زمین پر لیٹ جاتا ہے،اس دوران فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک گولی باپ کی ٹانگ پر بھی لگ جاتی ہے پر وہ ہمت نہیں ہارتا اور بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے انہیں خود میں سموئے رکھتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ باپ کو دائیں ران میں گولی لگی اسے طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور واقعہ میں اس کا کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔

    ڈبلیو سی بی ایس کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تعلق جرائم پیشہ گینگ سے تھا، ملزمان مبینہ طور پر ایک کار کو چوری کرکے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، پولیس حکام ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کررہی ہے۔

  • امریکہ میں ہولناک واردات، دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوگئے

    امریکہ میں ہولناک واردات، دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوگئے

    نیو یارک : سوشل میڈیا پر ایک ایسی خطرناک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص جس کے سر میں چھری گھونپی گئی ہے اور وہ طبی امداد کیلئے جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 36سالہ شخص کے سر میں چھری پھنسی ہوئی تھی اوروہ خون میں لت پت ہوکر گھوم رہا تھا، یہ ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے دکھ اور کرب کا اظہار کیا۔

    نیو یارک سٹی میں دو روز قبل ایک واقعہ پیش آیا جس میں چند رہزن ایک 34سالہ خاتون سے لوٹ مار کررہے تھے اور انہوں نے اس سے اس کا پرس موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔

    اس دوران اس شخص نے ان رہزنوں سے جھگڑا کیا اور تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے اس پر چھری سے حملہ کیا جو اس کے سر میں پیوست ہوگئی اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نیو یارک سٹی میں ہارلیم کی 120 ویسٹ 125ویں اسٹریٹ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ہے،
    بعد ازاں اسے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں اے طبی امداد فراہم کی گئی اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد اب اضافہ کا رجحان

    خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد اب اضافہ کا رجحان

    نیویارک : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بدترین کمی کے بعد اب اضافہ دیکھا جارہا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت19 ڈالر70سینٹس فی بیرل تک ہوگئی ہے، اوپیک اور روس کی جانب سے خام تیل پیداوار میں کمی کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 26ڈالرسے تجاوز کرگئی برینٹ خام تیل کی قیمت26ڈالر62سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں چاراعشاریہ56 فیصد کااضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کیقیمت19 ڈالر70سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اوپیک اور روس کی جانب سے خام تیل پیداوار میں کمی کا آغاز ہوگیا ہے
    اوپیک، روس اور دیگر پیداواری ممالک نے یکم مئی سے پیداوار میں کمی شروع کی۔

    ان ممالک نے یومیہ پیداوار میں97لاکھ بیرل کمی شروع کردی، یاد رہے کہ اپریل میں اوپیک کی پیداوار13ماہ کی بلندترین سطح پر تھی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • کورونا وائرس : ٹرکوں میں پڑی لاشوں سے اٹھنے والی بدبو نے تہلکہ مچا دیا

    کورونا وائرس : ٹرکوں میں پڑی لاشوں سے اٹھنے والی بدبو نے تہلکہ مچا دیا

    نیو یارک : سڑک پر کھڑے ٹرکوں کے اندر سے درجنوں افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تعفن پھیلنے پر شہری سے ریسکیو ادارے کو اطلاع دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نیویارک میں قائم ایک مردہ خانے کے باہر ریفریجریٹر کے بغیر ٹرکوں سے درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں، متعلقعہ حکام کا کہنا ہے کہ مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے کی وجہ سے لاشیں ٹرکوں میں رکھی گئی تھیں، ٹرکوں سے تعفن پھیلنے کی وجہ سے شہریوں کی شکایت پر حکام متحرک ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نیویارک کے مردہ خانوں میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو دفنانے سے قبل رکھنے کیلیے جگہ کم پڑ گئی ہے، مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ جانے کے بعد لاشوں کو سڑک پر کھڑے ٹرکوں میں رکھا جانے لگا۔

    نیویارک کے ٹاؤن بروکلین میں واقع مردہ خانے کے باہر کھڑے ٹرکوں میں درجنیں لاشیں موجود تھیں، جن سے کئی ہفتوں سے شہریوں کو تعفن اٹھنے کی شکایت تھی تاہم جب تعفن زیادہ پھیلنے لگی تو مردہ خانے کے آس پاس رہائش پذیر شہریوں کی شکایت پر حکام نے تحقیقات کیں جس کے بعد 4 بغیر ریفریجریٹر ٹرکوں میں 50 کے قریب لاشیں برآمد ہوئیں۔

    تفتیشی حکام کے مطابق مردہ خانے نے تقریباً 50 لاشیں رکھنے کے لیے 4 ٹرک کرائے پر لیے تھے۔ فیونرل ہوم کی انتظامیہ کے خلاف ابھی کوئی مجرمانہ نوعیت کے الزامات عائد نہیں کیے گئے ہیں۔

    فیونرل ہوم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ لاشوں کودفنانے یا جلانے کے لیے کئی کئی دن انتظار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کے پاس لاشیں رکھنے کے لیے جگہ کم ہے۔

  • پولیس نے حاملہ خاتون کو ڈلیوری کے وقت ہتھکڑیوں سے بیڈ کے ساتھ باندھ دیا

    پولیس نے حاملہ خاتون کو ڈلیوری کے وقت ہتھکڑیوں سے بیڈ کے ساتھ باندھ دیا

    امریکا میں ایک حاملہ خاتون کو ڈلیوری کے وقت پولیس نے ہتھکڑیوں سے بیڈ کے ساتھ باندھ دیا، متاثرہ خاتون نے پولیس کے خلاف انسانی حقوق کی پامالی کا مقدمہ دائر کردیا۔

    امریکی شہر نیویارک میں یہ واقعہ دسمبر 2018 میں پیش آیا جب پولیس نے 22 سالہ افریقی نژاد خاتون کو گرفتار کیا۔ خاتون کے دائر کردہ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے انہیں ان کی والدہ کے گھر سے گرفتار کیا، وہ اس وقت 40 ہفتوں کی حاملہ تھیں۔

    خاتون کے مطابق ان پر عائد کردہ جرم نہایت معمولی تھا جو بعد ازاں خارج کردیا گیا، تاہم اس وقت پولیس نے انہیں پورا دن حراست میں رکھا اور تفتیش کرتے رہے۔

    ایک دن بعد خاتون کی حالت بگڑنے پر انہیں ایمبولینس پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور اس دوران بھی انہیں ہتھکڑیاں لگائے رکھی گئیں، بعد ازاں اسپتال میں بھی ان کی ایک ٹانگ اور ایک پاؤں کو ہتھکڑی سے جکڑ دیا گیا اور انہوں نے اسی حالت میں بچے کوجنم دیا۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ بچے کو جنم دینے کے بعد اسے نرسری منتقل کیا گیا، اس دوران وہ ایک بار اپنے نومولود کو دیکھنے گئیں تب بھی ان کے دونوں پاؤں ہتھکڑیوں سے باندھ دیے گئے تھے۔

    اب اس واقعے کے 14 ماہ بعد خاتون نے پولیس کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے کئی ماہ بعد تک وہ ڈپریشن کا شکار رہیں۔ نیویارک پولیس نے انہیں انسانیت کے درجے سے نیچے گرا دیا تھا۔ وہ اس مذموم فعل میں ملوث پولیس افسران کا احتساب ہونا دیکھنا چاہتی ہیں۔

    خاتون کی وکیل کا کہنا ہے کہ نیویارک پولیس کی یہ حرکت نہایت احمقانہ اور سمجھ سے بالاتر ہے، ایک حاملہ اور درد زہ میں مبتلا خاتون نہ ہی اپنے لیے، نہ پولیس کے لیے اور نہ ہی کسی اور کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک غیر رسمی قانون اور اخلاقیات یہ کہتی ہیں کہ غیر معمولی حالات کے علاوہ کسی حاملہ خاتون کو ہتھکڑی نہیں لگائی جاسکتی۔

    وکیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقدمے میں پولیس کے اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے، ’رنگ اور نسل کی بنیاد پر تعصب کا نشانہ بننے والی میری مؤکل پہلی انسان نہیں، اور امید ہے کہ ہمیں جلد انصاف فراہم کیا جائے گا‘۔

  • دنیا کا سب سے بڑا ادارہ اقوام متحدہ مالی بحران کا شکار، 230ملین ڈالر کا خسارہ

    دنیا کا سب سے بڑا ادارہ اقوام متحدہ مالی بحران کا شکار، 230ملین ڈالر کا خسارہ

    نیو یارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیوٹریس نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے مالی حالات بہت خراب ہوچکے ہیں حتیٰ کہ رواں ماہ عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کرنا بھی مشکل ہوگئی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ادارے کے مالی معاملات دیکھنے والی ففتھ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا ادارہ اور اقوام عالم کا نمائندہ یو این بھی کنگال ہوگیا۔

    ادارے کے پاس ملازمین کو نومبر کی تنخواہیں دینے کے لیے رقم بھی موجود نہیں۔ ففتھ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ادارے کے مالی حالات اس قدر خراب ہیں کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس اس سال کی ابتداء میں ہنگامی بنیادوں پر کی گئی بجٹ کٹوتی کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔

    اس کے علاوہ رکن ممالک کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پروگراموں کی منصوبہ بندی اور امن فوج کیلئے بھی رقم نہیں ہے، انہوں نے تمام ایسے ممالک سے واجبات کی فوری ادائیگی کی درخواست بھی کی جنہوں نے 2019ء میں اپنے حصے کی رقم ادا نہیں کی۔

    سیکرٹری جنرل انتونیوگیوٹریس کے مطابق یو این ملازمین کی تعداد 30ہزار ہے اور اس وقت ادارے کو230ملین ڈالرخسارے کا سامنا ہے۔

    رقم بچانے کیلئے غیرضروری ملاقاتوں اور سفرپ رپابندی عائد کردی گئی ہے،3اکتوبر تک193رکن ممالک میں سے128نے اپنے سال 2019کے واجبات ادا کردیے ہیں جبکہ بقیہ ممالک نے تاحال رقم فراہم نہیں کی۔

  • پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کریں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کریں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کو60روز گزر گئے ہیں، پاکستان اوربھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں عوام کے ساتھ کیے گئے بھارتی مظالم کا خیال آگیا، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹرس نے کشمیرکی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں80لاکھ لوگ دو ماہ سے قید میں ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کو60روزگزر گئے ہیں، کشمیرمیں 80لاکھ لوگ بنیادی ضرورتوں سےمحروم ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کےحل کیلئے پاکستان اور بھارت بامقصد مذاکرات کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پراقوام متحدہ کاموقف تبدیل نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد دنیا کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول ہوگئی ہے اور مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے جس کے باعث دینا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیر کے حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کررہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 60ویں روز بھی کرفیو، نظام زندگی مفلوج 

    واضح رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 60ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔ قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔