Tag: New Zealand pm

  • نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم نے عامر خان اور ودیا بالن کو کیوں بلایا ؟

    نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم نے عامر خان اور ودیا بالن کو کیوں بلایا ؟

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار عامر خان اور اداکارہ ودیا بالن نے نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن بھارت کے دورے پر آئے ہوئے تھے، ملاقات میں فلم پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپور، رونی اسکریو والا اور اداکار و ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر بھی شامل تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات میں بھارتی فلم انڈسٹری اور نیوزی لینڈ کی انڈسٹری کے درمیان تعلقات کو بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم نے ذاتی طور پر ان مشہور شخصیات کو مدعو کیا تھا۔

    اس ملاقات کی تصویر کو نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا، ساتھ ہی اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ فلمیں ہماری معیشت میں پیسے اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں اور میں اس حوالے سے مزید کچھ دیکھنا چاہتا ہوں۔

    نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے کہا کہ مزید کیا کر سکتے ہیں اس حوالے سے بالی ووڈ کے چند ستاروں سے ان کے خیالات جان کر بہت اچھا لگا۔

    اس سے قبل مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان نے حال ہی میں اپنی 60 ویں سالگرہ منائی تھی، اس موقع پر انہوں نے اپنی دیرینہ دوست گوری سپراٹ کے ساتھ اپنے رشتے کی تصدیق کی۔

    انٹرنیٹ پر اس خبر کے بعد گوری کے حوالے سے صارفین اور مداحوں میں بے حد تجسس اور چہ میگوئیوں میں اضافہ ہوگیا ہے کہ آخر گوری ہیں کون؟

    گوری کی عامر خان کے ساتھ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ممبئی میں پہلی پبلک اپیرئنس کی وائرل ویڈیو نے مداحوں کی بے چینی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

    انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ سادہ لباس میں ملبوس ہیں، انہوں نے سفید ٹاپ اور خاکی پینٹس کے ساتھ سن گلاسز پہنے ہوئے ہیں۔

    سابقہ اہلیہ نے عامر خان کیلیے پیغام جاری کر دیا

    ممبئی میں ایکسپل آفس کے باہر گوری اور عامر کو پاپارازی نے اپنے کیمرے میں قید کرلیا، جہاں وہ عامر کی موجودگی میں گاڑی میں سوار ہورہی ہیں۔

  • وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی پریس کانفرنس کے دوران زلزلہ ،ویڈیو وائرل

    وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی پریس کانفرنس کے دوران زلزلہ ،ویڈیو وائرل

    ویلنگٹن : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن کی زلزلے کے شدید جھٹکوں کے دوران پریس کانفرنس کی ویڈیو وائرل ہوگئی‌۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں 5.9 شدت کا زلزلے آیا ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن کی پریس کانفرنس کے دوران زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے لیکن انھوں نے مسکراتے ہوئے پریس کانفرنس جاری رکھی۔

    زلزلے کے جھٹکوں کے دوران جسینڈا نے رپورٹر سے کہا خلل کے لیے معذرت، کیا آپ سوال دہرا سکتے ہیں؟ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی پراعتمادی کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    نیوزی لینڈ میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں گزشتہ ایک سال میں 4 کی شدت سے 1350 سے زائد زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    یاد رہے رواں مارچ میں نیوزی لینڈ کے بحرالکاہل میں 8.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا ، جس کے بعد نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے سونامی کی وارننگ جاری کی تھی۔

  • پاک نیوزی لینڈ سیریز : عمران خان  کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم  سے رابطہ

    پاک نیوزی لینڈ سیریز : عمران خان کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے رابطے میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے احتیاطی طورپر نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ دیر قبل عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن سے رابطہ کیا ، یقین دلایا پاکستان میں نیوزی لینڈ ٹیم کوفول پروف سیکیورٹی میسر ہے ، نیوزی لینڈکی سیکیورٹی نےانتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیزبہترین انٹیلی جنس سسٹم میں شامل ہیں، ان کی رائےمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ، جیسنڈا آرڈرن نے احتیاطی طورپردورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

    دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت اچھی اورتسلی بخش ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کوغیرمعمولی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، نیوزی لینڈکی طرف سےسیریز ملتوی کرنا سمجھ سے باہر ہے۔

  • سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کا مسئلہ ہے: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا تاریخی بیان

    سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کا مسئلہ ہے: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا تاریخی بیان

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کو درپیش بڑا مسئلہ ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا. ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فوجی ساختہ نیم خودکار اسلحے کی دستیابی نیوزی لینڈ کے لیے ایک چیلنج ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ایک سفید فام دہشت گرد نے حملہ کیا تھا، جس میں‌ نو پاکستانیوں سمیت 50 افراد شہید ہوگئے۔

    اس واقعے پر جہاں‌ نیوزی لینڈ بھر سے شدید ردعمل آیا، وہیں‌ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن اپنے واضح اور دو ٹوک موقف اور مثبت رویے کے طفیل انسانی دوستی اور مساوات کی علامت بن گئیں.

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعطم نے اپنے اس خصوصی انٹرویو میں کہا کہ بے شک حملہ ایک آسٹریلوی شہری نے کیا، لیکن اس سے یہ مراد نہیں کہ یہ مسئلہ ہمارے یہاں نہیں پایا جاتا۔ عالمی سطح پر سفید فام قوم پرستوں کی موجودگی بڑھی ہے۔

    یاد رہے کہ مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے نیوزی لینڈ کی حکومت نے جمعے کے نشریاتی اداروں اور ریڈیو پر اذان نشر کرنے کا اعلان کیا تھا.

  • جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    نیویارک : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے اپنی تین ماہ کی بیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں  شرکت کرکے تاریخ رقم کردی، جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ننھے مہمان کے ساتھ انٹری دی، تین ماہ کی نیو کو اجلاس میں شرکت کے لئے خصوصی پاس جاری کیا گیا، جس پر پیدائش کے بعد لی گئی پہلی تصویر لگی تھی۔

    ننھی نیوی تے آروہ اجلاس میں سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    تین ماہ کی نیو والد کی گود میں اپنی ماں کو خطاب کرتے دیکھتی رہی تو کبھی دنیا بھر کے نمائندگان کو اپنی معصوم حرکتوں سے متوجہ کرتی رہی۔

    خیال رہے اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا جب کسی 3 ماہ کے بچے نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی ہو۔

    یاد رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے بے نظیر کی سالگرہ والے دن بیٹی کو جنم دیا تھا، یہ خبر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے شوہر اور نومولود بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے دی تھی۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں ننھی پری کی آمد

    جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بچی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز دی تھی۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بینظیربھٹو کے بعد دوران وزارت عظمیٰ ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت ہیں۔

  • نیوزی لینڈ وزیراعظم کو بیٹی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز

    نیوزی لینڈ وزیراعظم کو بیٹی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز

    ویلنگٹن : بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے دن نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ننھی پری کو جنم دیا ، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بچی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت بن گئیں،
    گذشتہ روز جیسنڈا آرڈرن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے شوہر اور نومولود بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے بیٹی کی پیدائش کی خبر دی۔

    سوشل میڈیا پر ننھی پری کی آمد پر مبارکباد والے صارفین نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن کو  بیٹی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز دی ہے۔

     

    بے نظیر کی بیٹی بختاور بھٹو نے بھی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو اس خوشی کی خبر پر مبارک باد دی۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ 21 جون کو بینظیر بھٹو کی سالگرہ بھی ہے اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ننھی پری کی آمد بھی اسی دن ہوئی۔

    یاد رہے کہ اٹھائیس سال قبل بینظیر بھٹو پہلی وزیراعظم تھیں، جواس عہدے پر رہتے ہوئے ماں بنی تھیں اور بختاور بھٹو کو جنم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں