Tag: New Zealand

  • نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    آکلینڈ: دنیا بھر میں جان لیوا کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، نیوزی لینڈ میں بھی پہلے کرونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوگئی، انڈونیشیا میں بھی کرونا کے 2 کیسز سامنے آگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص ایران سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچا جہاں کچھ دن بعد اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    سفر میں مذکورہ شخص کے قریب بیٹھے 15 افراد نے حکام کی جانب سے رابطے اور ہدایات کے بعد خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے، ان میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق آکلینڈ سے ہے جبکہ 2 افراد ساؤتھ آئی لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا اور اٹلی سے آنے والے افراد کے لیے سفری ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ ایران اور چین سے آنے والے افراد پر نیوزی لینڈ میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب انڈونیشیا میں بھی 2 خواتین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، یہ انڈونیشیا میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے اولین کیسز ہیں۔

    خیال رہے کہ چین میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 202 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

    چین میں گزشتہ روز مزید 42 افراد جان لیوا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

  • ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    میلبورن: آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ اور کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا لیا، کینگروز نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 247 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، ٹریوس ہیڈ شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    جیمز پیٹنسن نے میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    نامور آسٹریلوی بولر پیٹر سڈل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3جنوری 2020 سے شروع ہوگا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز 13 جنوری سے شروع ہوگی۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 296 رنز سے شکست دی تھی۔

  • پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    نیپئر: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر سے 25نومبر تک مونٹ مونگنوئی میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک چار روزہ ٹور میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک مونٹ مونگنوئی کھیلا جائے گا۔

    جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

    دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لیے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے جس کے مطابق ٹیسٹ سریز19مارچ سے شروع ہوگی، انگلش ٹیم آئندہ سال مارچ میں سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 مارچ تک گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 مارچ تک آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم دو ٹور میچز بھی کھیلے گی۔

    خیال رہے کہ 10 نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ٹائی ہوگیا تھا، جس کے بعد سپر اوور میں انگلش ٹیم نے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی تین دو سے اپنے نام کرلی۔

  • دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے شکست کا بدلہ لے لیا

    دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے شکست کا بدلہ لے لیا

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 21 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مچل عمدہ کار کردگی مین آف دی میچ قرار پائے۔

    نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی جس کے باعث سیریز 1-1سے برابر ہوگئی، نیوزی لینڈ ٹیم شکست کا بدلہ لینے کے لیے بھرپور تیاری سے میدان میں اتری۔

    اتوار کو ویسٹپیک سٹیڈیم، ولنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔

    جمی نیشم نے 42 اور مارٹن گپٹل نے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کرس جورڈن نے تین اور سام کرن نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

    انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 155 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ ڈیوڈ میلان 39، کرس جورڈن 36 اور ایون مورگن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پہلاٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست

    مچل سینٹنر نے تین جبکہ لوکی فرگوسن، ایش سودی اور ٹم ساﺅدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ مچل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دےکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

    خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کرپہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پراسر حکمت علمی اور کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کے باعث پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اپنے نام کرلیا۔

  • دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آج مدمقابل ہوں گے

    دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آج مدمقابل ہوں گے

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوننٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) اتوار کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان باضابطہ پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 نومبر کو ویلنگٹن، تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 5 نومبر کو نیلسن، چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ 8 نومبر کو نیپئر جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 10 نومبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

    اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک چار روزہ ٹور میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک مونٹ مونگنوئی جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دےکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

    خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کرپہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پراسر حکمت علمی اور کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کے باعث پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اپنے نام کرلیا۔

    پہلاٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست

    نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس آووزو میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے۔ جواب میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے 18.3 اوورز میں ٹارگٹ پورا کرلیا۔

  • دنیا کو نسلی امتیاز کا سامنا ہے، قوم پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے: وزیراعظم نیوزی لینڈ

    دنیا کو نسلی امتیاز کا سامنا ہے، قوم پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے: وزیراعظم نیوزی لینڈ

    نیویارک: وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے کہا ہے کہ دنیا کو کرائسٹ چرچ واقعے جیسے حالات کا سامنا ہے، خطے میں نسلی امتیاز کا سامنا ہے، قوم پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد اسلحہ قانون میں تبدیلی کی، دنیا کو کرائسٹ چرچ واقعے جیسے حالات کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں، دنیا میں لوگوں کو امن کی ضرورت ہے، نیوزی لینڈ میں مختلف نسلوں کے لوگ امن سے رہتے ہیں، دنیا بھر میں پھیلے ہتھیاروں پر کنٹرول کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت ہے، توانائی کے حصول کیلئے شمسی توانائی سے کام لیا جانا چاہیے، زرات میں گیسوں کے اخراج کو روکنے کی ضرورت ہے۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    وزیراعظم نیوزی لینڈ نے واضح کیا کہ توانائی، ٹرانسپورٹ اور صنعتوں کو ماحول دوست بنانا ضروری ہے، تاکہ ہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کو مسلح شخص نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 51 ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

  • انسانی قد کے برابر پینگوئن کی باقیات دریافت

    انسانی قد کے برابر پینگوئن کی باقیات دریافت

    نیوزی لینڈ میں کچھ روز قبل انسانی قد کے نصف ایک طویل القامت طوطے کی باقیات دریافت کی گئی تھیں، اب وہیں سے ایک ایسے پینگوئن کی باقیات دریافت ہوئی ہیں جو انسان جتنا قد رکھتا تھا۔

    شمالی کنٹربری میں واقع ایک مقام سے دریافت ہونے والی ان باقیات سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس قدیم پینگوئن کی قامت 1.6 میٹر یعنی 5 فٹ 3 انچ تھی جبکہ اس کا وزن 80 کلو گرام تک ہوتا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ پینگوئن ساڑھے 6 کروڑ سے ساڑھے 5 کروڑ سال قبل کے درمیانی عرصے میں زمین پر موجود تھے۔

    اس پرندے کو مونسٹر پینگوئن کا نام دیا گیا ہے اور اسے نیوزی لینڈ کے معدوم ہوجانے والے قوی الجثہ جانداروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے جس میں پہلے سے ہی طوطے، عقاب، چمگادڑ اور کچھ اقسام کے پودے
    شامل ہیں۔

    کنٹربری میوزیم کے نیچرل ہسٹری شعبے کے سربراہ پال اسکو فیلڈ کا کہنا ہے کہ یہ پینگوئن اب تک معلوم تمام پینگوئن کی اقسام میں سب سے بڑے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق قدیم زمانوں میں پینگوئن کی جسامت عموماً بڑی ہوا کرتی تھی، موجودہ پینگوئن میں سب سے طویل القامت کنگ پینگوئن ہوتا ہے جس کی قامت 1.2 میٹر ہوتی ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ بڑے پینگوئن کیوں معدوم ہوئے، شاید آبی جانوروں کی تعداد میں اضافے سے ان کے لیے مسابقت بڑھ گئی تھی۔

    اس وقت جائنٹ کچھوے اور شارکس وغیرہ کا بھی ارتقا ہونا شروع ہوگیا تھا۔

    مونسٹر پینگوئن کی یہ باقیات گزشتہ سال دریافت کی گئی تھیں اور اس کی جانچ کی جارہی تھی۔

    یاد رہے کہ بڑھتے ہوئے موسمی تغیرات کے باعث پینگوئن کی نسل کو معدومی کے خطرات لاحق ہیں، ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2060 تک پینگوئنز کی آبادی میں 20 فیصد کمی واقع ہوسکتی ہے جبکہ اس صدی کے آخر تک یہ معصوم پرندہ اپنے گھر کے چھن جانے کے باعث مکمل طور پر معدوم ہوسکتا ہے۔

  • انسانی قد کے نصف طوطے کی باقیات دریافت

    انسانی قد کے نصف طوطے کی باقیات دریافت

    نیوزی لینڈ میں ایک طویل القامت طوطے کی باقیات دریافت کی گئی ہیں جس کا قد انسانی قد کے نصف ہے، طوطوں میں یہ سب سے طویل القامت طوطا خیال کیا جارہا ہے۔

    بائیولوجی لیٹرز نامی رسالے میں حال ہی میں شائع کیے جانے والے تحقیقی مقالے کے مطابق نو دریافت شدہ طوطے کی قامت کا اندازہ اس کے پنجوں کی ہڈیوں سے لگایا گیا۔ طوطے کا قد تقریباً ایک میٹر یعنی 37 انچ ہے۔

    اس کا وزن 7 کلو گرام یعنی 15.5 پاؤنڈز ہے اور دیگر پرندوں کے برعکس یہ ممکنہ طور پر گوشت خور تھا۔

    کنٹربری میوزیم کے نیچرل ہسٹری شعبے کے سربراہ پال اسکو فیلڈ کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ اڑتا بھی ہو مگر ہم فی الحال اس نظریے پر مزید تحقیق کر رہے ہیں کہ یہ اڑتا نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    اس طوطے کی باقیات کو سنہ 2008 میں پہلی بار دریافت کیا گیا تھا تاہم اس وقت اس کے بارے میں زیادہ تحقیقات نہیں کی گئیں۔ پروفیسر اسکو فیلڈ کے مطابق ہمارے خیال میں یہ کسی عقاب کی باقیات ہوسکتی ہیں لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ طوطا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین نے اس طوطے کی قامت کو دیکھتے ہوئے اس کا نام ہرکولیس ان ایکسپیکٹیٹس رکھا ہے۔

    طوطے کی باقیات نیوزی لینڈ کے جنوبی حصے میں سینٹ باتھنز کے علاقے سے دریافت ہوئی ہیں۔ یہ علاقہ رکازیات کے حوالے سے خاصا زرخیز ہے اور یہاں سے ملنے والی باقیات لگ بھگ ڈھائی کروڑ سال سے لے کر 50 لاکھ سال تک قدیم ہیں۔

    پروفیسر اسکو فیلڈ کا کہنا ہے کہ ہم اس علاقے میں گزشتہ 20 سال سے کھدائیاں کر رہے ہیں اور اب تک کافی غیر متوقع دریافتیں کی جاچکی ہیں جبکہ امکان ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی ہی انوکھی دریافتیں سامنے آئیں گی۔

    گزشتہ برس اس علاقے سے ایک طویل القامت چمگاڈر کی باقیات بھی دریافت کی گئی تھیں، یہ چمگاڈر جسامت میں جدید چمگاڈر سے 3 گنا بڑی تھی اور اس کا وزن 40 گرام تھا۔

  • نیوزی لینڈ کی مسلمان پولیس افسر حج پر خادم الحرمین الشریفین کی مہمان

    نیوزی لینڈ کی مسلمان پولیس افسر حج پر خادم الحرمین الشریفین کی مہمان

    ریاض :نیوزی لینڈ کی خاتون پولیس ڈائریکٹر نائلہ حسن بھی خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے خصوصی حج پروگرام میں فرئضہ حج ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آکلینڈ شہر میں نیوزی لینڈ کی سب سے زیادہ آبادی رہائش پذیر ہے۔ اس شہر کی آبادی پچاس لاکھ سے زاید ہے۔ رواں سال جب نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کا وحشت ناک واقعہ پیش آیا تو اس کے بعد شہداءکی تعزیتی تقریب میں لوگ اس وقت حیران رہ گئے تھے جب نائلہ نے اپنے مسلمان ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

    ایک فوٹیج میں اس نے بتایا کہ میرے والد پاکستان کے شہر لاھور سے تعلق رکھتے تھے جب کہ ماں انگریز تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کی تعزیت میں خطاب میرے دل کی آواز تھی،اس مجرمانہ واقعے سے میرا دل بھی پسیج گیا تھا،نیوزی لینڈ میں مسلمان کمیونٹی کے لیے یہ ایک انتہائی المناک واقعہ تھا۔

    نائلہ حسن کا کہنا تھا کہ مسلمان خانہ کعبہ کی زیارت کو اپنا خواب سمجھتا ہے، مکہ مدینہ کے سفر کو اپنے ایمان کا حصہ قرار دیتا ہے۔ آج مجھے بھی اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔

    انہوں نے سعودی فرمانروا کی طرف سے خصوصی حج پروگرام کے کوٹے میں نیوزی لینڈ کے دہشت گردی کے متاثرین کو شامل کرنے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • دنیا کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    دنیا کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    رواں برس نیوزی لینڈ کے نایاب ترین پرندے پراکیٹ کی افزائش نسل میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ماہرین کی ان کو لاحق خطرات کے حوالے سے پریشانی کم ہوگئی۔

    نیوزی لینڈ میں پایا جانے والا یہ پرندہ جسے مقامی زبان میں کاکاریکی کاراکا کہا جاتا ہے، ہمارے یہاں موجود آسٹریلن چڑیاؤں سے ملتا جلتا ہے۔

    یہ پرندہ صرف نیوزی لینڈ میں پایا جاتا ہے اور کچھ عرصے قبل اسے پورے ملک میں دیکھا جاتا رہا، تاہم گزشتہ صدی کے دوران اس پرندے کی آبادی میں خطرناک کمی واقع ہوئی۔

    سنہ 1993 میں انہیں معدوم سمجھ لیا گیا تاہم اس کے بعد اکا دکا پرندے نظر آئے جس کے بعد اس پرندے کو بچانے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔

    رواں برس اس پرندے کی افزائش نسل میں بے حد اضافہ دیکھنے میں آیا، ماہرین کے مطابق اس سیزن میں 150 نئے پرندوں نے جنم لیا اور اب کچھ عرصے بعد افزائش نسل کے قابل پرندوں کی تعداد دگنی ہوجائے گی۔

    ماہرین نے جنگلات میں اس پرندے کے 31 نئے گھونسلے دیکھے اور یہ پچھلے ایک دو سال میں بنائے جانے والے گھونسلوں سے 3 گنا زیادہ ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پرندوں کو درختوں میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر شکاری جانوروں سے بھی خطرہ ہے۔ جنگلوں میں پھرتے چوہے اور جنگلی بلیاں ان پرندوں کو اپنی خوراک بنالیتی ہیں۔

    اب انہیں امید ہے کہ اگر ان پرندوں کی افزائش نسل کی شرح یہی رہی تو یہ خوبصورت پرندہ پھر سے پورے نیوزی لینڈ میں دیکھا جاسکے گا۔