Tag: Newborn

  • غزہ: عمارت کے ملبے سے 9 روز بعد نومولود کو زندہ نکال لیا گیا

    غزہ: عمارت کے ملبے سے 9 روز بعد نومولود کو زندہ نکال لیا گیا

    غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایسی خطرناک صورتحال میں بعض ایسے واقعات بھی پیش آرہے ہیں جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک نوزائیدہ بچے کو 9 دن بعد ملبے سے معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمارت کے ملبے تلے سے 9 روز بعد نکالے جانے والے بچے کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق نوزائیدہ بچہ 9 روز تک ملبے تلے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جس کے بعد بچے کو حفاظت کے ساتھ ملبے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    کویت: پاکستان سمیت 7 قومیتوں کے باشندوں کیلئے خوشخبری

    واضح رہے کہ نومولود بچے کو گدھا گاڑی پر اسپتال پہنچایا گیا کیونکہ وہاں طبی امداد کے لیے ایمبولینس موجود نہیں تھی۔ اسرائیلی حملے میں نومولود بچے کا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ اس حملے میں 30 فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

  • ایک آنکھ والے بچے کی پیدائش نے ڈاکٹرز کو پریشان کردیا

    ایک آنکھ والے بچے کی پیدائش نے ڈاکٹرز کو پریشان کردیا

    بغداد: عراق میں ایک آنکھ والے بچے کی پیدائش نے ڈاکٹرز کو حیران کردیا، بچہ پیدائش کے کچھ دیر بعد ہی چل بسا۔

    اردو نیوز کے مطابق عراق کے ایک اسپتال میں ایک آنکھ والے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

    محکمہ صحت کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ عراق کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک عرب خاندان میں ایک ایسے بچے نے جنم لیا ہے جس کی ایک آنکھ ہے، بچے کی ولادت جمعے کو ذی قار کمشنری کے الرفاعی اسپتال میں ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت کے عہدیدار کے مطابق ایسا بہت کم ہوتا ہے، ایک آنکھ والا بچہ پیدائش کے فوری بعد ہی چل بسا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نومولود کی واحد آنکھ چہرے کے درمیان میں ہے۔

    اسپتال کے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بچے والدین کے خون میں ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں، کبھی حمل کے دوران رحم مادر میں جرثومے کی موجودگی بھی اس کا باعث بنتی ہے۔

    ایک اور ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ بچے کے دماغ کی ٹشو میں کمی سے اس قسم کی صورتحال ہوتی ہے۔

  • ماں نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا

    ماں نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا

    بھارت میں ایک ماں نے بچے کو جنم دیتے ہی اسے ساڑھے 4 لاکھ روپے میں فروخت کردیا، پولیس نے فوری کارروائی کر کے مذموم کوشش ناکام بنا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست جھاڑ کھنڈ میں پیش آیا جہاں آشا دیوی نامی خاتون نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا۔

    پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی اور 24 گھنٹے کے اندر بچے کو دوسرے ضلعے سے بازیاب کرنے کے ساتھ ساتھ 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    نومولود کو ایک نواحی گاؤں کے رہائشی جوڑے نے خریدا تھا جس نے 1 لاکھ روپے آشا دیوی اور بقیہ ساڑھے 3 لاکھ روپے پروکرز کو ادا کیے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • بیرون ملک پیدا ہونے والے بچے ماؤں کے ساتھ کویت واپس آنے سے قاصر

    بیرون ملک پیدا ہونے والے بچے ماؤں کے ساتھ کویت واپس آنے سے قاصر

    کویت سٹی: کویت میں رہائشی افراد کے حال ہی میں بیرون ملک پیدا ہونے والے بچے کویت آنے سے قاصر ہوگئے جس سے 400 خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    کویت نیوز کے مطابق درجنوں تارکین وطن کو ایک شدید انسانی مسئلے کا سامنا ہے جس کی بڑی وجہ ان کی اپنے نوزائیدہ بچوں کو کویت لانے میں ناکامی ہے کیونکہ وہ حال ہی میں پیدا ہوئے تھے جب مائیں گرمیوں کی چھٹیوں پر تھیں۔

    ایسا اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ وزارت داخلہ نے اگلے نوٹس تک فیملی ڈیپنڈنٹ اور وزٹ ویزوں سمیت ہر قسم کے ویزوں کے اجرا پر پابندی لگانے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    ان والدین نے ایک مقامی عربی روزنامے کے ساتھ اپنے انٹرویو کے دوران وزارت داخلہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نوزائیدہ بچوں کو انسانی ہمدردی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دے۔

    تقریباً 400 کے قریب کیسز جن میں زیادہ تر تعداد اسکول ٹیچرز کی ہے اس درخواست کے ساتھ مجاز محکمے کو جمع کروائے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ نومولود بچوں کو اس فیصلے سے خارج کیا جائے۔

    درجنوں تارکین وطن نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ایسے انسانی مسئلے کو دیکھیں جو ان کے لیے تشویش کا باعث ہے اور ان کے بیرون ملک پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں سے متعلق ان کو پریشان کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کے مذکورہ بچے ان کے آبائی ممالک میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پیدا ہوئے ہیں اور یہ کویت میں مجاز حکام کے لیے نئے طریقہ کار کے ساتھ موافق ہے جو اس وقت نافذ العمل ہیں جس کی وجہ سے ایسے ماں یا باپ ملازمت چھوڑنے اور کویت سے باہر نومولود کے ساتھ رہنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

    تارکین وطن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی آواز مجاز اتھارٹی تک پہنچانے، اپنے نوزائیدہ بچوں کی ملک میں داخلے کے حوالے سے استثنیٰ حاصل کرنے اور ان کی خاندانی زندگی کو لاحق خطرے کی روشنی میں ان کے حالات کو ہمدردی اور انسانیت کے ساتھ دیکھنے کی خواہش کرتے ہیں۔

  • نومولود بچے کی لاش 13 ماہ سے اسپتال کے مردہ خانے میں

    نومولود بچے کی لاش 13 ماہ سے اسپتال کے مردہ خانے میں

    کویت سٹی: کویت میں ایک خاندان نے ایک نجی اسپتال کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کردیا، اسپتال کے مردہ خانے میں 13 ماہ سے نومولود بچے کی لاش موجود تھی جو دفن نہیں کی گئی۔

    مقامی ویب سائٹ کے مطابق خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا بچہ گزشتہ 13 ماہ سے اسپتال کے مردہ خانے میں ہے جس کی ابھی تک تدفین نہیں ہوئی۔

    بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ہمیں اتفاقیہ طور پر معلوم ہوا کہ ہمارا بچہ ابھی تک مردہ خانے میں ہے، انتظامیہ سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے یہ عذر پیش کیا کہ بچے کی تدفین کرنا بھول گئے۔

    والد کا کہنا تھا کہ 13 ماہ پہلے میری اہلیہ کے ہاں مردہ بچے کی پیدائش ہوئی، اس وقت کرونا وبا کی وجہ سے کرفیو نافذ تھا تو اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم مردہ بچہ آپ کو نہیں دے سکتے، تاہم ہم متعلقہ ادارے کے تعاون سے خود ہی تدفین کردیں گے۔

    والد کے مطابق اب 13 ماہ گزرنے کے بعد علم ہوا کہ بچے کی ابھی تک تدفین نہیں ہوئی اور اس کی لاش اسپتال کے مردہ خانے میں ہے۔

    جب اسپتال انتظامیہ سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے ٹال مٹول کے بعد جواب دیا کہ ہم معذرت چاہتے ہیں کہ بچے کی تدفین کرنا بھول گئے۔

  • امریکی ماں نے نومولود بچہ کچرے میں پھینک دیا

    امریکی ماں نے نومولود بچہ کچرے میں پھینک دیا

    امریکا میں 21 سالہ ماں نے اپنا نومولود بچہ کچرے کے ڈبے میں پھینک دیا، پولیس نے ماں کو حراست میں لے لیا جبکہ بچے کو محفوظ مقام پر متقل کردیا گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں پیش آیا جہاں 21 سالہ ماں نے مبینہ طور پر اپنے نومولود کو کچرے کی نذر کردیا۔

    نومولود کو سب سے پہلے ایک خاتون نے دریافت کیا جو اپنے کتے کو ٹہلانے کے لیے وہاں سے گزر رہی تھیں، انہوں نے کچرے کے ڈرم میں بچے کے رونے کی آواز سنی تو911 کو کال کی۔

    پولیس کے آنے سے قبل ہی وہ نومولود کو کچرے سے نکال چکی تھیں۔ خوش قسمتی سے بچہ محفوظ رہا اور اسے کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔ نومولود کو بچوں کے حفاظتی ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا۔

    پولیس نے ماں پر اقدام قتل کی دفعات عائد کی ہیں، بذریعہ ویڈیو عدالت کے سامنے پیش کیے جانے پر ماں نے وکیل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

  • کرونا سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی بھی وائرس کا شکار

    کرونا سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی بھی وائرس کا شکار

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی، نومولود بچی میں کرونا کی تشخیص نے وائرس کی منتقلی کے حوالے سے نئے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق مذکورہ بچی کی پیدائش کرونا سے شدید متاثر ووہان کے ایک اسپتال میں ہوئی تھی جو پہلے ہی کرونا وائرس کے مریضوں سے بھرا پڑا ہے۔

    بچے کی حاملہ ماں کو حمل کے آخری ہفتے میں بخار کی شکایت ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔

    حاملہ ماں کا بھرپور علاج کیا جارہا تھا اور وہ روبصحت تھی، اس دوران اس نے بچی کو بھی جنم دیا اور ڈاکٹرز کے مطابق نومولود بچی بالکل صحت مند اور کرونا وائرس سے محفوظ تھی۔

    اس عرصے میں مستقل نومولود کو زیر مشاہدہ رکھا گیا تاہم اب اس میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ بچی اس وائرس کا شکار کس ذریعے سے ہوئی۔

    کرونا وائرس کی تشخیص کے وقت بچی کی عمر صرف 30 گھنٹے تھی اور یہ اس وائرس کی شکار کم عمر ترین مریض ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ کیس اشارہ ہے کہ ہمیں اس وائرس کی منتقلی کے ممکنہ نئے روٹ کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب ووہان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اب تک جان لیوا وائرس سے 563 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں، پورے چین میں 28 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    چین سے باہر کرونا سے متاثرہ 191 کیس سامنے آئے ہیں تاہم ان میں ہلاکتوں کی تعداد صرف 2 ہے۔

  • انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) میں لگنے والی آگ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ جلنے والے انکیوبیٹر کے اندر موجود بچی، کرنٹ لگنے اور دھوئیں کی وجہ سے جاں بحق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ)میں آگ لگنے اور بچی کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے بارے میں صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ واقعہ غفلت کا نتیجہ ہے، آگ لگ گئی تھی تو بچے کو بچانے کی کوشش کرنی چاہیئے تھی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 4 رکنی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، کمیٹی نے متاثرہ خاندان، متعلقہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بیان ریکارڈ کیا۔ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی کے وینڈر کو طلب کرلیا ہے، انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی اپنے وینڈر کے ذریعے بیان ریکارڈ کروائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے انکیوبیٹر کا صرف پنکھا اور تاریں جلیں۔ آگ نے انکیوبیٹر کی الیکٹرک سپلائی اور ہیٹر کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انکیوبیٹر میں موجود آکسیجن شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کا سبب بنی۔

    ذرائع کا کہنا ہے نومولود بچی کی موت کرنٹ لگنے اور دھواں بھرنے سے ہوئی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) کے آئی سی یو میں ایک انکیوبیٹرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے سے انکیوبیٹر کے اندر موجود نومولود بچی اندر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔

  • نومولود بچے سے ملنے کے لیے جاتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    نومولود بچے سے ملنے کے لیے جاتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    ایک نئی زندگی کا اس دنیا میں آنا ایک طرف تو والدین اور قریبی افراد کے لیے خوشی کا باعث بنتا ہے، تو دوسری طرف کچھ مسائل پیدا کرنے کا باعث بھی بنتا ہے خصوصاً نومولود بچے اور ماں کو درکار ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے کچھ مشکل بھی پیش آسکتی ہے۔

    خصوصاً جب کسی گھر میں پہلی بار نومولود بچے کی آمد ہو تو ایسے میں والدین اور دیگر اہل خانہ کی مشکل اور بھی بڑھ جاتی ہے جس سے نمٹنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔

    ایسے میں نومولود بچے سے ملتے ہوئے کچھ باتوں اور احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا چاہیئے تاکہ گھر والے مزید مشکل میں مبتلا نہ ہوں، یہ تدابیر کچھ یوں ہیں۔

    نومولود کی آمد کی خبر سنتے ہی اسپتال کی طرف دوڑ لگانا مناسب نہیں چاہے آپ کتنے ہی قریبی عزیز کیوں نہ ہوں۔ نومولود بچے اور ماں سے ملنے کے لیے کم از کم 24 گھنٹے بعد جائیں۔ البتہ اگر آپ سے مدد طلب کی جائے تو اسپتال جانے میں کوئی حرج نہیں۔

    ملنے کے لیے جاتے ہوئے پرفیوم اور سگریٹ کے استعمال سے پرہیز کریں۔

    اگر آپ ننھے بچے کی تصویر لینا چاہتے ہیں تو پہلے والدین سے اجازت لیں اور اجازت ملنے پر بغیر فلیش کے تصویر کھینچیں۔

    نومولود بچہ اپنا زیادہ تر وقت سوتے ہوئے گزارتا ہے لہٰذا کمرے میں شور مت کریں۔

    جب ماں بچے کو دودھ پلانے لگے تو کمرے سے باہر چلے جائیں۔

    بچہ اپنے بستر میں آرام سے سو رہا ہوتا ہے لہٰذا پیار جتانے کے لیے اسے گود میں اٹھانے، ٹہلانے اور چومنے سے گریز کریں۔ اس سے بچہ ڈسٹرب ہوسکتا ہے۔

    آدھے گھنٹے سے زیادہ ملاقات غیر ضروری ہے، بچے اور ماں کو آرام کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا طویل ملاقات سے اہلخانہ کو بے آرام نہ کریں۔

    سب سے اہم بات یہ کہ اگر آپ کسی بھی بیماری میں مبتلا ہیں تو نومولود سے ملنے کا ارادہ ملتوی کردیں اور اپنی صحت یابی کا انتظار کریں۔ چھوٹے بچے نہایت حساس اور نازک ہوتے ہیں لہٰذا معمولی سے جراثیم بھی ان کے لیے مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔