Tag: news conference

  • عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان

    عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سندھ حکومت بلا وجہ نشانہ بنا رہی ہے۔ سندھ حکومت 207 بلین کا وعدہ کریں میں کے سی آر سنبھال لوں گا، سندھ حکومت سے درخواست ہے کے سی آر کو سیاست میں نہ ڈالیں۔

    شیخ رشید نے عید کے دن سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان بھی کیا۔

    ڈی ریلمنٹ کے واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ ایک واقعے سے متعلق رپورٹ آگئی ہے، 30 مئی تک سامنے لائیں گے۔ ہم نے 20 لوکو موٹو کو نوٹس دیا 30 مئی تک معیار کے مطابق کریں۔ کمپنی نے لوکو موٹو ٹھیک نہیں کیے تو زر ضمانت 10 فیصد کیش کروالیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 8 ہزار نوکریاں اور ہمارے پاس 12 لاکھ درخواستیں آئی ہیں۔ کوئی ایک نوکری بھی بغیر میرٹ کے نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن چاہتی ہے نیب میں ان کے خلاف کوئی ریفرنس نہ آئے، آڈیو ویڈیو کو چھوڑیں ان کرپٹ عناصر کی چیزیں دیکھیں۔ ان کا ماضی دیکھ لیں جب بھی پھنستے ہیں اداروں کو ٹارگٹ کرتے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حیران ہوں دنیا میں ایڈز ختم اور سندھ میں پھیل رہا ہے۔ ڈوب مریں چلو بھر پانی میں لاڑکانہ میں ایک بچوں کا اسپتال نہیں۔ ایڈز کا پھیلاؤ سندھ حکومت کی نا اہلی ہے، وزیر صحت سندھ استعفیٰ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو خود این آر او کے لیے بھیک مانگتے دیکھا ہے۔ مہنگائی کے سب سے بڑے ذمہ دار ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہے۔ آصف زرداری اور شہباز شریف یہ سب ایک ہیں۔ زرداری چاہتے ہیں شہباز شریف کی طرح وہ بھی ملک سے بھاگ جائیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں اچھے لوگ بھی ہیں لیکن جرات نہیں الگ پارٹی بنالیں، قمر الزماں کائرہ، لطیف کھوسہ اور کئی اچھے لوگ بھی ان لوگوں کے ساتھ ہیں۔

    بھارتی الیکش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مودی نے بہت پہلے کہا تھا سیکولر ازم کا دور گیا اب پرو ہندو بھارت بنے گا، سنہ 2020 دنیا میں مشکلات کا سال ہے، بی جے پی نے مسلمانوں کو سیٹ دی نہ ہی ووٹ مانگے۔ عالمی سطح پر بہت تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں۔ الیکشن الیکشن کہنا آسان ہے، الیکشن میں ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں۔

  • کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن میں پنجاب کی کارکردگی بہتر

    کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن میں پنجاب کی کارکردگی بہتر

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ سے شروع ہوا تھا، پنجاب نے تمام صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا ہے، کابینہ اجلاس میں ایک دو سنجیدہ ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ سے شروع ہوا تھا، پنجاب نے تمام صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ کالعدم تنظیموں کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور چلتا رہے گا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے رمضان بازار عید بازار میں تبدیل ہوجائیں گے، عدالتی حکم تھا فی لیٹر پانی پر ایک روپے ٹیرف لگایا جائے۔ پانی کی فیس کے لیے الگ اکاؤنٹ بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اسکول ایجوکیشن میں اساتذہ کی ٹرانسفر پر بریفنگ دی گئی، ایل ڈی اے کے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹی 19-2018 کی بھی تصدیق کی گئی۔

    اس سے قبل صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ نیب کیسز میں شریف برادران پلی بارگین کرنے کے لیے تیار تھے، شریف برادران کہتے تھے ہمارے پاس رسیدیں نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روکا گیا تھا، تین ماہ میں مہنگائی کی شرح کم اور ڈالر نیچے آجائے گا، ہمیں لوگوں کو مچھلی کھانے کا نہیں پکڑنے کا طریقہ سکھانا چاہتے ہیں۔

  • لاپتہ اپوزیشن لیڈر لندن میں سیر و تفریح کر رہے ہیں: مشیر اطلاعات

    لاپتہ اپوزیشن لیڈر لندن میں سیر و تفریح کر رہے ہیں: مشیر اطلاعات

    اسلام آباد: مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دلیلیں ہار گئیں، عمران خان کا بیانیہ جیت گیا۔ لندن میں سیر و تفریح، پیشی کے معاملے پر غائب ہوجاتے ہیں، نواز شریف ضمانت کے بعد ایک دن بھی اسپتال داخل نہیں ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ شہباز شریف سے متعلق عمران خان کا بیانیہ درست ثابت ہوا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی دلیلیں ہار گئیں، عمران خان کا بیانیہ جیت گیا۔ لندن میں سیر و تفریح، پیشی کے معاملے پر غائب ہوجاتے ہیں۔ ضمانت لینا بہانہ ہے اصل نشانہ لندن جانا ہے۔ مسلم لیگ ن نے اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کو تبدیل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں، عدالتیں حقائق پر فیصلے کرتی ہیں۔ لاپتہ اپوزیشن لیڈر لندن میں سیر و تفریح کر رہے ہیں۔ نواز شریف ضمانت کے بعد ایک دن بھی اسپتال داخل نہیں ہوئے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب نیب اپوزیشن لیڈر کو بلاتا ہے تو وہ بیمار ہوجاتے ہیں، ان کا عوام کو ورغلانے کا سلسلہ دم توڑ چکا ہے۔ جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی عوام کو اکسانے کا بیانیہ دم توڑ دیتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران عدالتوں کو قائل نہیں کر سکے تو عوام کو کیسے کریں گے۔ وزیر اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا تھا۔ وزیر اعظم نے ادویات کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کی۔

  • بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا: شیخ رشید

    بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 12 نومبر کو گرو نانک کے نام پر اسٹیشن بنا رہے ہیں۔ بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا۔ کرتار پور بارڈر پر پاکستان نے تاریخی اسٹینڈ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 فروری کو ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں، 18 سو کلو میٹر سمیت ڈبل ٹریک پشاور سے کراچی تک بچھائیں گے۔ اللہ کا شکر ہے 6 فروری کو معاہدہ کیا، اب دستخط کرنے جا رہا ہوں۔ ایم ایل ٹو میں بھی یہی ہوگا ریل ٹریک کی اپ گریڈنگ ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 12 نومبر کو گرو نانک کے نام پر اسٹیشن بنا رہے ہیں۔ بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا۔ کرتار پور بارڈر پر جو اسٹینڈ پاکستان نے لیا تاریخی ہے، ماضی میں ریلوے میں لمبا مال بنانے اور کمیشن کے لیے خریداریاں کی گئیں۔ ریلوے کے پاس ویگنز نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے میں بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ایم ایل ون اور کوہالہ پاور پروجیکٹ حکومت کے منصوبے ہوں گے۔ پاکستان ریلوے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ایم ایل ون منصوبہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

    سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر بہت ٹیلنٹڈ آدمی ہے، وہ محنتی اور قابل انسان ہیں، ان کی کابینہ میں واپسی کے لیے بات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ خود کو وزارت اطلاعات کے قابل نہیں سمجھتا، وزارت چلانا فردوس عاشق اعوان کا کام ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سرسید ایکسپریس میں مفت کھانا اور ناشتہ بھی ملے گا، ایم ایل ون اور نالہ لئی پر جب کام شروع ہوگا، کامیاب ہوجاؤں گا۔ ہم ایک سال میں 40 ٹرینوں کا پلان پورا کرنے جارہے ہیں۔

  • سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس پر عالمی عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں: شیخ رشید

    سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس پر عالمی عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں اس وقت وزیر تھا جب سمجھوتہ ایکسپریس کو آگ لگائی گئی، سوچ رہا ہوں کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر عالمی عدالت جاؤں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 تاریخ تک گرین لائن کی بکنگ 90 فیصد تک ہوگئی ہے، 28 تاریخ تک گرین لائن کے ٹینڈر کھولے گئے۔ جناح ایکسپریس اور گرین لائن کا کرایہ ایک ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ریلوے کا انقلابی پراجیکٹ ہے، تافتان ٹو کوئٹہ اسٹینڈرڈ گیج کیے جارہے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جدید آبدوز پاکستان کے نشانے پر آگئی تھی لیکن ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ مودی سرکار نے اس جگہ بم گرائے جہاں کوئی نہیں تھا۔ اسی جگہ کا انتخاب کیا گیا جہاں شاید ایک کوا زخمی ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے میزائل ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہیں، بھارتی فضائیہ کے رنگ پسٹن گھسے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے قوم کے جذبات کو بلند رکھا اور جنگ بھی نہیں ہونے دی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں اس وقت وزیر تھا جب سمجھوتہ ایکسپریس کو آگ لگائی گئی، خود سوچ رہا ہوں کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر عالمی عدالت جاؤں۔ میں نے ہی قوم کو بتایا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کو آگ لگائی گئی۔

    سیاسی مخالفین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی بیماری ایسی نہیں جو ان کو جیل جانے کے بعد نہ ہوئی ہو، لوگ جیل جاتے ہیں جرات سے تمام چیزوں کا سامنا کرتے ہیں، تمام بارگین کا ماسٹر مائنڈ شہباز شریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف 5 روپیہ بھی واپس نہیں کریں گے، ن لیگ چاہتی ہے کہ اس کے سارے کیس لاہور میں لگیں۔ پیپلز پارٹی والے چاہتے ہیں کہ ان کے کیس کراچی میں لگیں، میں مرضی کے شہر میں کیس لگوانے کی خواہش پر عدالت جاؤں گا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں شریف اور بھٹو خاندان کا سیاست میں مزید کوئی کردار نہیں دیکھتا، نیب کے آرڈیننس کی تبدیلی کے لیے ووٹ نہیں دوں گا۔

  • مزید 20 ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

    مزید 20 ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رواں سال ریلوے خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا، 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تفتان کوئٹہ ریلوے لائن کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، درگئی سے کراچی ریلوے لنک جوڑنے جا رہے ہیں۔ درگئی سے نوشہرہ کوہاٹ ریلوے لنک بھی قائم کر رہے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ چین کے 5 ریلوے انجن کی اپ گریڈیشن اور مرمت جاری ہے، رواں سال ریلوے خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا۔ ’70 سال سے ہم مکھیاں مار رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کے لیے بھی ایک نئی ٹرین شروع کر رہے ہیں، نئی ٹرین چھوٹے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی رکے گی۔ راولپنڈی کراچی نان اسٹاپ سر سید ایکسپریس چلائیں گے۔ 14 نئی مال بردار گاڑیاں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی، اوور سیز پاکستانی ریلوے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو حوصلہ افزائی کریں گے۔ ریلوے میں ریسرچ اینڈ پلاننگ سینٹر بنایا گیا ہے۔ چین، ایران اور کوریا کے تعاون سے بڑا ریلوے نیٹ ورک قائم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے وزیر اعظم کے آئندہ دورہ چین میں ایم ایل ون سائن ہوجائے، ملک بھر میں ریلوے ٹریک تبدیلی کے لیے ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں۔ ٹریک تبدیلی منصوبے میں ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2 بار بلاول بھٹو کی بات نظر انداز کی، تیسری بار معافی نہیں۔ ان کا ایک ہی رونا ہے کہ باہر جانا ہے۔ ان کی سوئی دو مہینے سے باہر جانے کی ضد پر اٹکی ہوئی ہے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان کی دولت باہر ہے گھر باہر ہے، اولاد باہر ہے ان کے معاملات باہر ہیں۔ ان کے رنگ پسٹن بیٹھ چکے ہیں، پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ نٹ بولٹ لندن میں پڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی بہتر ہے وزیر خزانہ صورتحال دیکھ رہے ہیں، ہم نے ایک مرلہ زمین بیچی اور نہ ہی کرائے پر دی۔ کروڑوں روپے کے تیل کی بچت کی۔ میری خواہش ہے ریلوے اپنا بجٹ خود پیش کرے۔

  • میاں برادران جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے: شیخ رشید

    میاں برادران جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میاں برادران جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے، شہباز شریف میں اخلاقی جرات ہے تو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ چھوڑ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں ریل کا جال بچھا دیں گے، وزیر اعظم 12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ 2 مال بردار ٹرینیں چلا دی ہیں، مزید مال بردار ٹرینیں چلانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ایم ایل ون سے متعلق اسی ہفتے اجلاس ہوگا۔ ریلوے شکایت سیل کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں لڑائی کرنے جا رہے ہیں، تحریک انصاف میں بہت کام کے لوگ ہیں لیکن پی اے سی میں میرا جانا ضروری ہے۔ یہ بزدل سیاستدان ہیں، کرپشن کیسز میں ہیرو بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پٹواری کی سیاست اور بیورو کریسی کی سیاست کے سوا شہباز شریف کا تجربہ نہیں، میرا کمیٹی میں جانا اس لیے ضروری ہے کہ ووٹ چور کو جکڑ لوں۔ بلاول آپ کرپشن کے خلاف لانگ مارچ کے لیے نکلیں آپ کا ساتھ دوں گا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جو 23 کیسز میں مطلوب ہے وہ پی اے سی کا چیئرمین بن بیٹھا، شہباز شریف کے پروٹوکول میں شامل رینجرز کی گاڑی ہٹائی جائے۔ شہباز میں اخلاقی جرات ہے تو عہدے کو چھوڑ دیں، عمران خان نے میاں برادران کو جیل میں ڈالنے کی بڑی غلطی کی۔ یہ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عمران خان ون مین آرمی کہتا ہے، اللہ مجھ سے ایم ایل ون اور نالہ لئی ایکسپریس وے کا کام لے تاکہ ریٹائر ہوں، جس کو چاہے لے لیں مگر تجربہ کوئی نہیں ہرا سکتا۔

  • 23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی: شیخ رشید

    23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے، مزید 6 ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں۔ 23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ٹرین خالی نہیں ہے، ہم مزید 6 ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں۔ 23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے بچا لیا، شرائط کم کرنے میں بھی عمران خان نے کردار ادا کیا۔ چین، قطر اور سعودی عرب نے ہمارا ساتھ دیا، سعودی عرب سے اتنی بڑی سرمایہ کاری ہوگی لوگ حیران ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا ایک بہت بڑی غلطی ہے، اب کرمنل لوگوں کا احتساب کریں گے؟ عجیب تماشہ ہے، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی اور نہیں جس نے میری طرح 8 کمیٹیوں کو چیئر کیا ہو، شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے والے عمر بھر پچھتائیں گے، میں عمران خان کو جانتاہوں، ان کے ہاں این آر او کی گنجائش نہیں، ’میں شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں نواز شریف سے زیادہ ملوث دیکھتا ہوں‘۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سے درخواست ہے انجنوں کے معاملے کو دیکھیں، ایک مثال بتائیں جن پر 8، 8 کیس ہوں اور وہ اسمبلی میں پالیسی بیان دے۔ اخلاقی جواز نہیں بنتا تھا شہباز شریف کو پی اے سی کا ممبر بنانے کا، کل چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ صاحب کو خط لکھوں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کے لیے جتنی زمین خالی کروا سکتے ہیں کروائی ہے، سندھ حکومت ہمارا ساتھ دے باقی زمین بھی خالی کروائیں گے۔ ہمارے کیے ہوئے سروے پر ان لوگوں نے اپنی مہریں لگالیں، میں سرکلر ریلوے کے لیے چوروں کے پاس بھی جانے کو تیار ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ ساہیوال میں کوئی پیچھے نہیں رہا، جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ مجرموں کو نہیں چھوڑے گا۔ آصف زرداری کو اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچا سکتی۔

  • یکساں تعلیمی نصاب کی تیاری کے لیے کام جاری ہے: وزیر تعلیم

    یکساں تعلیمی نصاب کی تیاری کے لیے کام جاری ہے: وزیر تعلیم

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کی تیاری کے لیے کام جاری ہے۔ اسکولز میں بچوں کو کوئی بھی دلچسپی کا ہنر سکھانے کے لیے کام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان میں نظام تعلیم یکساں نہیں۔ یکساں تعلیمی نصاب کی تیاری کے لیے کام جاری ہے۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہر طرف شدید احساس ہے کہ ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہے، تعلیم کے لیے بجٹ کو مزید بڑھانا ہے۔ ملک کے تمام بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں ٹیچر ٹریننگ کی کمی ہے وہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے کمی کو پورا کیا جائے گا۔ ہمیں اپنے مستقبل کے معماروں کو بہتر ماحول بنا کر دینا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کو استعمال کریں گے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اسکولز میں بچوں کو کوئی بھی دلچسپی کا ہنر سکھانے کے لیے کام کریں گے۔ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یکساں نظام تعلیم کے لیے وزیر اعظم کو جلد سفارشات پیش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 دنوں میں اسلام آباد میں تمام بچوں کو اسکول لانے کا پروگرام آئے گا۔ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 28 سے 30 ہزار بچے اسکول نہیں جاتے۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ ابتدائی طور پر ان بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے پروگرام لانچ کیا جائے گا۔ پروگرام کامیاب رہا تو اسے ملک بھر میں وسعت دی جائے گی۔ ’حکومت کا تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کا پختہ عزم ہے‘۔

  • بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان بلدیاتی نظام سے خوش نہیں، تبدیلی چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق بلدیاتی نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔ بلدیاتی نظام سے متعلق سفارشات پر وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔

    علیم خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت میں 90 فیصد مسلم لیگ ن کے لوگ ہیں، مسلم لیگ ن کے لوگ ہی اختیارات سے متعلق پریشان ہیں۔ تمام لوگوں کو اختیارات دیں گے۔ میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ بلدیاتی انتخاب میں تمام جماعتیں حصہ لیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی نظام کو با اختیار اور مالی خود مختاری دینا ہے، نئے نظام میں یو سی، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کونسل کو بااختیار بنائیں۔ حمزہ شہباز نظام کو ٹھیک کر دیتے تو آج ایسا نہیں ہوتا۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ بطور پارٹی چیئرمین عمران خان میئرز کا چناؤ کریں گے، نو منتخب ایم این ایز، ایم پی ایز اپنے حلقوں میں میئر کی مہم چلائیں گے۔ عوام سیاسی لوگوں کو اپنی ترجمانی کے لیے منتخب کرتے ہیں۔ منشور میں بلدیاتی نظام سے متعلق تمام معلومات درج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو بلائیں گے مشاورت کریں گے۔ پوچھیں گے 2001 بلدیاتی نظام میں کیا کمی بیشیاں تھیں۔ تمام نظام کو ایک چھتری کے نیچے لانا پڑے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم میں 50ہزار پودے ذاتی حیثیت میں لگاؤں گا، پچاس ہزار پودوں کی قیمت خود برداشت کروں گا۔