Tag: NFC award

  • بلوچستان حکومت کا این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ

    بلوچستان حکومت کا این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ

    کوئٹہ(25 اگست 2025): وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کیلئے مشاورتی اجلاس
    ہوا، اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں سے بھی مشاورت کرینگے، مشاورت کا مقصد صوبے کا متفقہ اور مضبوط مؤقف سامنے لانا ہے، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی ضرورتوں، ترجیحات کو اجاگر کرینگے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور شمولیت کو اہمیت دینا ہوگی، این ایف سی ایوارڈ مضبوط وفاق اور ہم آہنگی کا موقع ہے، بلوچستان کے عوام کی امیدیں اور توقعات ایوارڈ میں شامل ہونی چاہئیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے درمیان توازن، ہم آہنگی ضروری ہے، مشاورت میں ماہرین معاشیات، دانشوروں کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم سب کی کامیابی ایک مضبوط اور مستحکم وفاق میں ہے، این ایف سی ایوارڈ کو قومی یکجہتی، اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے۔

  • پیپلز پارٹی سندھ کا معاشی قتل نہیں ہونے دے گی شازیہ مری

    پیپلز پارٹی سندھ کا معاشی قتل نہیں ہونے دے گی شازیہ مری

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بدتر سے بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں، سندھ کے ساتھ وفاق کی جانب سے مسلسل زیادتی ہورہی ہے ،پیپلز پارٹی سندھ کا معاشی قتل نہیں ہونے دے گی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سندھ کا 70فیصد ریونیو قومی خزانے میں جاتا ہے، ریونیو قومی خزانے میں جمع کرانے کے بعداپنے حصے کی توقع ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ صوبے کو اس کا حصہ ضرور ملے، ہم ہرگز نہیں چاہتے کہ صوبوں کے ساتھ زیادتی ہو کیوں کہ اس سے وفاق کمزور ہوتا ہے، سندھ کو کسی کا ایک دھیلا بھی قبول نہیں ہے،ہمیں این ایف سی سے ہمار ا حصہ ملنا چاہئے، این ایف سی کے ذریعے رقوم منتقل ہوتی ہیں اور ان کا طریقہ کار بنا ہواہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی کی منظوری نیشنل اکنامک کونسل دیتی ہے، پی ایس ڈی پی کو ٹھپہ لگانے کے لئے یہ صرف ایک میٹنگ کرتے ہیں،اس سے قبل یہ پوری ایکسرسائز کو مسترد کرتے ہیں، خیبر پختونخوا میں غربت میں اضافہ ہوا ہے مگر اقتصادی سروے رپورٹ میں اس کا ذکر نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ حکومت کے فنڈز دینے کے متعلق جو باتیں کی وہ غیر مناسب اور غیر ضروری تھیں، انہیں یہ باتیں نہیں کرنی چاہئے تھیں کیوں کہ وہ اس ملک کے وزیر خزانہ بھی رہے چکے ہیں اور سب چیزوں سے واقف ہیں۔

    شازیہ مری نے مزید کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں جو ہواوہ انتہائی افسوس ناک تھا، وزیر موصوف خود کمیٹی میں نہیں آئے، ایسے بل بھی لائے گئے جو ابھی کمیٹی میں پڑے ہیں، پارلیمنٹ کی شکل بگاڑنے پر آج سب کو تکلیف ہو رہی ہے۔

  • قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

    قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

    لاہور: قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، وزیر خزانہ اسد عمر صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے اجلاس میں چاروں وزراء اعلیٰ اور سیکریٹری خزانہ شریک ہوں گے، مرکز سے صوبوں کو وسائل کی تقسیم کے بارے میں غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ اجلاس میں چھے سب گروپس بنائے گئے تھے، پنجاب کو میکرو اکنامک فریم ورک اینڈ ڈیزائن بنچ مارک کے لیے سب ورکنگ گروپ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

    این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کی جانب سے پریزنٹیشن دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نےمطالبہ کیا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ بڑھایا جائے۔

    یاد رہے کہ صوبوں کو آخری این ایف سی ایوارڈ کا اجراء دسمبر 2014 میں ہوا تھا ، ذرائع کےمطابق وفاق ڈیویزایبل پول میں سےصوبوں کے حصے میں کمی کا مطالبہ کرسکتاہے، سیکیورٹی اور فاٹا اخراجات کے لیے وفاق اپنا حصہ سات فیصد بڑھانا چاہتا ہے۔

    این ایف سی ایوارڈ: بلوچستان کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو سندھ اور بلوچستان کی جانب مخالفت کا سامنا ہے کیونکہ دونوں صوبے این ایف سی کی مد میں ملنے والی رقم سے کٹوتی نہیں چاہتے۔

  • این ایف سی ایوارڈ: بلوچستان کا حصہ  بڑھانے کا مطالبہ

    این ایف سی ایوارڈ: بلوچستان کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ

    کراچی: اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نےمطالبہ کیا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ بڑھایا جائے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت جاری ہے۔

    کراچی پریس کلب میں خطاب کے  دوران عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان کے حالات پہلے سے بہتر ہیں، صوبے میں اسلحہ اٹھا کر لوگوں کو مارنے والے دہشت گرد ہیں، چند عناصر غیر ملکی اشاروں پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملے کررہے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے بلوچستان کے ساتھ بہت غلط کیا، ہمیں امید ہے کہ صوبے کے تمام مسائل عمران خان حل کردیں گے، بلوچستان بہت بڑا صوبہ ہے مگر اس کی ترقی کے لیے صرف تین ارب روپے دیے جاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: این ایف سی کیلئے اجلاس اب ہر چھ ہفتے بعد ہوگا، 6 سب کمیٹیاں تشکیل

    اسپیکر اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ ’این ایف سی ایوراڈ میں بلوچستان کا حصہ بڑھایا جائے‘۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں بھارتی مداخلت تاحال جاری ہے۔

    خیال رہے کہ صوبوں کو آخری این ایف سی ایوارڈ کا اجراء دسمبر 2014 میں ہوا تھا ،  ذرائع کےمطابق وفاق ڈیویزایبل پول میں سےصوبوں کے حصے میں کمی کا مطالبہ کرسکتاہے، سیکیورٹی اور فاٹا اخراجات کے لیے وفاق اپنا حصہ سات فیصد بڑھانا چاہتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو سندھ اور بلوچستان کی جانب مخالفت کا سامنا ہے کیونکہ دونوں صوبے این ایف سی کی مد میں ملنے والی رقم سے کٹوتی نہیں چاہتے۔

  • مردم شماری کے دوران کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، کامران مائیکل

    مردم شماری کے دوران کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، کامران مائیکل

    اسلام آباد : وفاقی وزیر شماریات کامران مائیکل نے کہا ہے مردم شماری کے دوران کہیں سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، سندھ سمیت کسی بھی صوبے کو اعتراض ہے تو وہ مشترکہ مفادات کونسل میں لائے، آئندہ الیکشن اور این ایف سی ایوارڈ کا تعین ان ہی نتائج کی بنیاد پرہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکریٹری شماریات آصف باجوہ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کامران مائیکل نے کہا کہ سی سی آئی آئینی فورم ہےجو صوبوں کے معاملات طےکرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ مردم شماری میں سندھ کی سیاسی جماعتوں کو کس چیز پر اعتراض ہے، وہ اپنی شکایات مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کریں، سی سی آئی میں معاملات خوش اسلوبی سےحل کیے جاتے ہیں، سی سی آئی جو ہدایت دے گی اس پر عمل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن اور این ایف سی ایوارڈ کا تعین ان ہی نتائج کی بنیاد پرہوگا۔ کامران مائیکل کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سے مل کر مردم شماری کی گئی، نتائج بھی سامنے لائے، ایک گھر میں اگر تین چولہے جلتےہیں تو مردم شماری میں انہیں تین خاندان ظاہرکیا گیا ہے۔

    وزیرشماریات کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ موجود ہے،احتجاج یاریلیاں نکال کراداروں کو بدنام نہ کیا جائے۔ اس موقع پر سیکریٹری شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ نئے رولز کے معاملات کو بھی دیکھ رہے ہیں اس کو تکنیکی کمیٹی کے پاس لے کرجائیں گے۔


    مزید پڑھیں: سندھ کی جماعتوں نے مردم شماری کے نتائج مسترد کردیئے


    واضح رہے کہ اراکین پارلیمنٹیرین کی اکثریت نے مردم شماری کے نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جلد بازی کے بجائے تفصیلی رپورٹ کا انتظار کیا جانا چاہیئے۔

    علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری کے خلاف احتجاج کیا، ایم کیوایم پاکستان کے ارکین پارلیمنٹ نےنعرے لگائے۔


    مزید پڑھیں: خواجہ سراؤں نے بھی مردم شماری کے نتائج مسترد کردیئے 


    مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہریوں کی آبادی کم کرنا منظور نہیں، ایم کیوایم نے مردم شماری کے نتائج کیخلاف قرارداد بھی جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری کےنتائج پرسندھ کی عوام میں تشویش ہے۔


    مزید پڑھیں: ایم کیوایم پاکستان مردم شماری کے خلاف ریلی نکالےگی


    ان کا کہنا تھا کہ نتائج میں دھاندلی کی گئی جسے سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں نےمسترد کیا، نتائج پرشکوک و شبہات ہیں اسےاسمبلی میں بحث کے لیے لیا جانا چاہئیے۔ آبادی کو کم دکھا کر وسائل کی تقسیم کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وفاق سندھ کے ساتھ زیادتی بند کرے، میئرکراچی کوآئینی اختیاردیئے، مرادعلی شاہ

    وفاق سندھ کے ساتھ زیادتی بند کرے، میئرکراچی کوآئینی اختیاردیئے، مرادعلی شاہ

    خیر پور : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بجلی کی بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،وفاق سندھ کے ساتھ زیادتی کرنا بند کرے۔ ہم نے میئر کراچی کو آئین کے مطابق اختیار دیئے ہیں۔ جن کے خلاف جے آئی ٹی ہے وہ پہلے اپنی جان بچائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوفی بزرگ سچل سرمست کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    وزیر اعلی سندھ نے صوفی بزرگ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز قبر پر پھولوں کی چادر چڑھا کر کیا، ان کے ہمراہ صوبائی وزیر منظور وسان بھی موجود تھے۔

    مراد علی شاہ کا نواز لیگ اور وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سندھ کو جان بوجھ کر بجلی نہیں دی جا رہی، لوڈشیڈنگ انتہا کو پہنچ گئی ہے، یہ سندھ کے ساتھ سراسر ذیادتی کے مترادف ہے۔


    مزید پڑھیں : وفاق سندھ میں پانی کا بحران پیدا کررہا ہے، مراد علی شاہ


    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا سندھ کو این ایف سی ایوارڈ نہ دینا ان کی آئینی ناکامی ہے، سندھ پرظلم بند کیا جائے۔

    میئر کراچی وسیم اخترکے اختیارات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو اختیارات آئین کے مطابق ملے ہیں، منظور شدہ قوانین سے ہٹ کر اختیارات نہیں دے سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فنڈز قوانین کے مطابق دیئے جا رہے ہیں، سندھ اسمبلی میں بتاؤں گا کہ کتنے فنڈز دیئے اور وہ کتنے کہاں اور کیسے استعمال ہوئے۔

  • این ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان ناگزیرہے، وزیرخزانہ کے پی کے

    این ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان ناگزیرہے، وزیرخزانہ کے پی کے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفرسید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وفاق کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے کہ نویں این ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان ہو جبکہ وہ عنقریب تمام صوبوں کے وزرائے خزانہ سے الگ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر کے نئے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کے تناظر میں صوبوں کو اختیارات اور وسائل کی منتقلی پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال اور مرکز سے اپنے مطالبات پر اتفاق رائے حاصل کریں گے۔

    اس سلسلے میں انہوں نے اپنی وزارت کے حکام کو پہلے ہی رابطوں کا ٹاسک حوالے کیا ہے اور ہمیں کافی مثبت اشارے ملے ہیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ نیا مالی سال صوبے میں میگا پراجیکٹس کا سال ہوگا جس میں سوات موٹر وے اور پشاور ریپڈ بس سمیت مواصلات، توانائی ماحولیات،سیاحت اور تعلیم و صحت سمیت تمام شعبوں میں قومی مفاد کے برے بڑے منصوبے شروع اور مکمل ہوں گے۔

    پیر کو اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ خزانہ کے اجلا س اور عوام کے مختلف طبقوں کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قیمتی معدنی اور آبی وسائل کیساتھ ساتھ محنتی اور با صلاحیت افرادی قوت سے مالا مال صوبہ ہے جن سے استفادے کیلئے ہم نے جامع پلان بنایا ہے اور اس کے ثمرات سے پورا ملک مستفید ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری بہتر حکمت عملی کی بدولت عنقریب خیبر پختونخوا قرض لینے نہیں بلکہ دینے والا صوبہ بنے گااور یہاں کے نوجوانوں کو روز گار کیلئے خلیجی ممالک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ غیر ملکی بھی یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے۔

    مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ مرکز مردم شماری کرے یا نہ کرے ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں مگر این ایف سی ایوارڈ کاآئینی فرض بلا تاخیر پوراکرے کیونکہ موجودہ نازک قومی صورتحال میں یہ صوبوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دیگر سفارشات کے علاوہ مرکز کو یہ مشورہ بھی دیں گے کہ غیر ملکی قرضے لینے سے پہلے صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے کیونکہ ان بھاری بھر کم قرضوں کا بوجھ لا محالہ صوبو ں اور عوام کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں وفاق سے بقایاجات یا مقامی اداروں سے قرض ملے یا نہ ملے صوبے میں ترقی کی رفتار کم نہیں ہوگی اور نہ ہی سرکاری ملازمین کو تنخواہوں یا پنشن کی ادائیگی میں رکاوٹ آئے گی۔

  • این ایف سی ایوارڈ: کے پی کے، سندھ نے مطالبات کے ڈھیر لگا دیے

    این ایف سی ایوارڈ: کے پی کے، سندھ نے مطالبات کے ڈھیر لگا دیے

    اسلام آباد: نویں قومی مالیاتی کمیشن کیلئے اہم اجلاس آج ہورہا ہے۔ وزیرِ خزانہ کے پی کے کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہیں کئےگئے تو ایوارڈ پر دستخط نہیں کرینگے، سندھ نے بھی صوبوں کا حصہ ساٹھ فیصد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    نو ویں این ایف سی ایوارڈ کے تعین کیلئے خدا خدا کر کے پہلی نشست ہو ہی گئی، وفاقی وزیر خزانہ کی زیرِصدارت اجلاس میں وسائل کی صوبوں کو تقسیم میں اضافے کا معاملہ سرفہرست ہے۔

    آخری ایوارڈ میں یہ طے کیا گیا تھا کہ صوبوں کا حصہ سالانہ ایک فیصد کے حساب سے بڑھایا جائے گا، ن لیگ کی حکومت نے دوسال این ایف سی پر کوئی کام نہیں کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کے دوران وزیرِ خزانہ خیبرپختونخوا مظفر سید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے دیرینہ مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے ہیں تودستخط نہیں کرینگے۔

    این ایف سی ایوارڈ پر کے پی کے نے وفاق کے آگے ڈٹ جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    سندھ حکومت بھی مطالبات سے پیچھے ہٹنے پر تیار نہیں۔ سندھ حکومت کا مطالبہ ہے کہ صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بنیاد پر اضافی رقم دی جائے۔

  • سندھ حکومت کو اپنے بجٹ سے ترقیاتی کام کرانے چاہیئں، اسحاق ڈار

    سندھ حکومت کو اپنے بجٹ سے ترقیاتی کام کرانے چاہیئں، اسحاق ڈار

    کراچی : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ میں مقررہ رقوم سے بھی ذیادہ رقم فراہم کردی ہے۔

    اس لیے سندھ حکومت سرکلر ریلوے سمیت اپنے تمام منصوبوں کو مکمل کرے، جس طرح پنجاب حکومت نے اپنے فنڈز سے میٹرو بس سروس شروع کی ہے ۔

    کراچی میں المصطفی  ویلفیئر سوسائٹی کے بلڈبینک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو ان کے حصے سے ذیادہ رقم دی ہے۔

    سندھ کو تیرہ سو ارب کے بجائے سولہ سو ارب روپے دیئے گئے ہیں، وفاقی حکومت نے صوبوں کو ان کے حصے سے ذیادہ رقم دی ہے۔

    سرکلر ریلوے کامنصوبہ سندھ حکومت خود بھی شروع کرسکتی ہے،لاہور اور پنڈی میٹروبس سروس پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے شروع کیا ہے ۔

    سندھ کو اپنے بجٹ سے اپنا ترقیاتی کام کرانا چاہیے، سندھ حکومت پر تنقید نہیں کرنا چاہتا،انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا دل ہے ، وفاق کیلئے سندھ کی اہمیت بھی پنجاب جتنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس نے بھی پاکستان سے غداری کی ان کا نام و نشان نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام کی دعائیں ہیں اس ملک کو کچھ بھی نہیں ہوگا، ہمارے خلاف سازشیں اگر کوئی کررہا ہے تو خدا کی منظوری کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا۔