Tag: nha

  • موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    لاہور : سڑک پر سفر کرنا پھر مہنگا کر دیا گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے متعدد قومی شاہراہوں اور موٹر ویز کے لیے ٹول ٹیکس کی شرح میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    نئی قیمتیں یکم جولائی 2024 سے لاگو ہوں گی اور ان کا اطلاق مختلف روٹس پر ہوگا جن میں ایم1 اسلام آباد پشاور، ایم3 لاہور عبدالحکیم، ایم 4 پنڈی بھٹیاں فیصل آباد، ملتان، موٹروے ایم5 ملتان سکھر، ایم14 ڈی آئی خان، حویلیاں، مانسہرہ ایکسپریس وےاور ای 35 حسین آباد، حسن ابدال شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز پر کار کا ٹول ٹیکس 30سے بڑھا کر 40روپے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ویگن کا ٹول ٹیکس50سے70، بس کا100سے130روپے جبکہ ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر کارکا ٹول ٹیکس240سے350روپے کردیا گیا۔

    ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس790سے1000روپے مقرر اور ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس390سے بڑھا کر 500روپے کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس1200سے بڑھا کر1600روپے مقرر جبکہ ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس510سے بڑھا کر 650روپے کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1560 سے بڑھا کر 2ہزار روپے اور ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس440سے بڑھا کر550روپے مقرر کیا گیا ہے۔

    ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1440 سے بڑھا کر 1900روپے مقرر کیا گیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکسز میں اضافہ ہر 3سال کے بعد کیا جاتا ہے، ان ٹیکسز کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

  • طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    اسلام آباد: این ایچ اے کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

    ترجمان این ایچ اے کے مطابق انتظامیہ اور فیلڈ اسٹاف کی ان تھک محنت سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں اکثر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہو گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے، جلد ہی یہ دو شاہراہیں بھی ٹریفک کے لیے کھل جائیں گی۔

    خیبر پختونخوا میں زیادہ تر روڈ نیٹ ورک ٹریفک کے لیے رواں ہے اور موسم صاف ہے، تالاش- خوڑ شمشی خان کے قریب N-45 ٹریفک کے لیے جزوی طور پر کھلی ہے، اور اس پر کام ہو رہا ہے۔ شاہراہِ قراقرم پر پتن اور بشام، داسو کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پر دو طرفہ ٹریفک بحال رکھنے کے لیے مسلسل ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، این ایچ اے اچانک خراب موسمی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مستعد و فعال ہے، تمام حساس مقامات پر مشینری اور عملہ پہنچ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور برفباری کی غیر یقینی صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔

    این ایچ اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورت حال سے آگاہی ضرور حاصل کریں۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 ارب سے بڑھ گیا: مراد سعید

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 ارب سے بڑھ گیا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے موٹر وے پولیس افسران کے اعزاز میں منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مشورہ ایپ کا اجرا کر دیا گیا جس سے مسافر موٹر وے پولیس کو مشورہ دے سکیں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید نے کہا کہ ہمسفر ایپ شہروں کے لیے بنائی گئی تھی، ایپ سے پتا چلایا جا سکتا تھا کہ کہیں ٹریفک جام یا کوئی مسئلہ تو نہیں۔ ہماری وزارت نے اپنے تمام اہداف کو مکمل کیا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، قوم کے خزانے کا تحفظ ہوگا، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ کے خلاف بہت بڑا جہاد شروع کر رکھا ہے، لاہور کا بڑا قبضہ گروپ پچھلی حکومت کے ساتھ ملا ہوا تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہم سے کہا تھا کہ ادارے میں شفافیت اور احتساب کا عمل لانا ہے، پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کو مفت علاج مل رہا ہے۔ سال کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم 3 ہزار 336 کلو میٹر پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں، اس سال 6 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکوں پر کام شروع ہوگا۔ 25 مئی کو سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ چترال شندور موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ کوئٹہ بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی کا بھی اسی ماہ افتتاح کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سکھر حیدر آباد موٹر وے کا اگست میں افتتاح کریں گے، بلکسر میانوالی موٹر وے کا بھی افتتاح اسی سال کریں گے۔ اس وقت 26 نئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔

  • این ایچ اے نے حب برج سفر کے لیے محفوظ قرار دے دیا

    این ایچ اے نے حب برج سفر کے لیے محفوظ قرار دے دیا

    کراچی: شہر قائد کو بلوچستان سے ملانے والے حب برج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے این ایچ اے نے وضاحتی رپورٹ جاری کر دی ہے، این ایچ اے کا کہنا ہے کہ حب ندی پر بنا یہ پل سفر کرنے کے لیے محفوظ ہے۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق حب ندی پر قائم موجودہ پُل 50 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا، یہ 530 میٹر طویل ہے، اس کا اسٹرکچر (ڈھانچا) مضبوط ہے، اور اس میں تکنیکی طور پر کوئی خامی نہیں ہے۔

    ڈائریکٹر این ایچ اے کاشف علی شیخ نے بتایا کہ چند برس قبل ندی سے بجری اور ریت کے لیے غیر قانونی کھدائی ہونے کے سبب اس کے زمین کے اندر کے ستون نمایاں ہو کر خراب ہو گئے تھے جنھیں آر سی سی اور اسٹیل جیکٹنگ کر کے پھر سے مضبوط بنا دیا گیا تھا، اس لیے پُل کی بنیاد اب بالکل محفوظ ہے۔

    این ایچ اے کے مطابق ستونوں کو اسٹیل کے غلاف (Jacketing of Piles) سال 2017-18 میں چڑھائے گئے تھے۔

    ڈائریکٹر این ایچ اے نے بتایا کہ پل کے اندرونی ستونوں (Piles) کی حفاظت کے علاوہ این ایچ اے نے ان کے چاروں طرف کنکریٹ کی دیواریں بنائی ہیں جو پل کے ڈھانچے کا سب سے بڑا جزو ہے، یہ دیواریں حفاظتی دیواروں کے نام سے مشہور ہیں جو پل کے ڈھانچے کا حصہ نہیں ہیں۔ اگر ایک بار پل پر نظر ڈالیں تو اس کے Piles نظر نہیں آتے لیکن ان کے آس پاس صرف عارضی طور پر تعمیر شدہ کنکریٹ کی حفاظت کی دیواریں ہی دکھائی دیتی ہیں۔

    حب ندی کا پُل خطرناک ہوگیا، کسی بھی بڑے حادثے کا خدشہ

    این ایچ اے کے مطابق بیرونی عارضی دیواروں کو اگرچہ نقصان پہنچا ہے لیکن اس کے نتیجے میں ان دیواروں نے اصل بوجھ برداشت کرنے والے Piles کو بچایا ہے، لہٰذا پل کا ڈھانچا خود ٹھوس دیواروں کے اندر محفوظ ہے، پل کی سروس لائف بڑھانے کے لیے اسفالٹ کا کام کرایا گیا ہے، پل کے توسیعی جوائنٹ بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔ دریائے حب میں حالیہ بڑے سیلاب کے سبب اس وقت حفاظتی دیواریں قدرے خراب ہیں، مستقبل کے بڑے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ان خراب عارضی ٹھوس دیواروں کی مرمت کی جائے گی۔

    این ایچ اے کے مطابق جو ویڈیو وائرل ہوئی ہے اس میں نظر آنے والے شگاف موجودہ بارش کے دوران حب ڈیم سے زیادہ پانی کے بہاؤ کی وجہ سے ہوئے ہیں، جس کی مرمت جلد کر دی جائے گی، تاہم یہ شگاف بیرونی حفاظتی دیوار پر ہیں جو پل کے ستونوں کی حفاظت کے لیے بنائے گئے تھے۔

    ڈائریکٹر این ایچ اے کا کہنا ہے کہ اہم مسئلہ یہ ہے کہ ٹریکٹر مافیا یہاں سے غیر قانونی طور پر مٹی، ریتی اور بجری نکالتا ہے، جس کی وجہ سے ستون قدرتی زمینی سطح (Natural surface level) تک نمایاں ہو گیا ہے، مقامی انتظامیہ کو سختی سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ اس پل کے نیچے ریت وغیرہ اکٹھا کرنے پر پابندی عائد کرے۔ دراصل پورے کراچی شہر کی تعمیر کے لیے حب ندی سے کھدائی کے ذریعے ریت نکالی جاتی ہے، ٹھیکے داروں کی ایک بڑی تعداد یہاں کھدائی کر رہی ہے اور اس سے بجری اور ریت نکال رہی ہے۔

    این ایچ اے کے مطابق کھدائی سے ندی کی تہ ہر سال تقریباً ایک فٹ لمبی اور گہری ہوتی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں این ایچ اے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مہم بھی چلانے جا رہی ہے۔

    علاوہ ازیں نیشنل ہائی اتھارٹی نے گزشتہ ماہ ایک نئے حب بائی پاس کی تعمیر کا خاکہ بھی تیار کر لیا ہے جس کی منظوری وزارت منصوبہ دے گی، اس خاکے میں تجویز دی گئی ہے کہ موجودہ پل کو صرف مقامی اور ہلکے ٹریفک کے لیے استعمال کیا جائے جب کہ ہیوی ٹریفک کو نئے مجوزہ حب بائی پاس کی طرف موڑا جائے۔

    این ایچ اے کا کہنا ہے کہ حب ندی پر بنا یہ پل سفر کرنے کے لیے محفوظ ہے، تاہم اتھارٹی اسٹرکچرل ماہرین سے اس کا دوبارہ معائنہ کروا رہی ہے۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں جیوگرافک سسٹم کا اجرا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں جیوگرافک سسٹم کا اجرا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) جیوگرافک سسٹم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کے تمام منصوبوں میں جی آئی ایس کا اطلاق کریں گے۔ این ایچ اے کو استحکام کی طرف لے کر جانا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز ہے، ادارے کی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی، ٹھوس پالیسیوں سے مختلف محاذوں پر کامیابی مل رہی ہے، چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے کی منظوری ایکنک نے دے دی ہے، آئی پی پیز سے معاہدے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خریدی جاتی تھی۔ وزیر اعظم نے مہنگی بجلی کی انکوائری کروائی، اب ثمرات ملیں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کو پاکستان نے جس طرح کنٹرول کیا وہ ایک مثال ہے۔ کرونا وائرس کے باعث امریکا اور بھارت میں کروڑوں لوگ بے روزگار ہوئے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا لوگوں کو بیروزگاری اور بھوک سے بچانا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غذائی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے پروگرام کا آغاز ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر، اسٹاک مارکیٹ اور دیگر اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

  • وزیر مواصلات مراد سعید نے قوم کو ایک اور بڑی خوش خبری سنا دی

    وزیر مواصلات مراد سعید نے قوم کو ایک اور بڑی خوش خبری سنا دی

    اسلام آباد: وزیر مواصلات مراد سعید نے قوم کو ایک اور بڑی خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم سروے کا فیز وَن مکمل کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ادارہ این ایچ اے منصوبوں کی وقت پر تکمیل اور نئے منصوبوں کے آغاز کے ساتھ تیزی سے جدت کی راہ پر گامزن ہے، جیوگرافک انفارمیشن سسٹم سروے کا پہلا فیز مکمل کر لیا گیا ہے جس سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔

    مراد سعید کا کہنا ہے کہ حکومت کے آنے کے بعد این ایچ اے کی آمدن میں 73 فی صد اضافہ ہو چکا ہے، جیوگرافک انفارمیشن سسٹم سروے منصوبہ رائٹ آف وے سے استفادے کے لحاظ سے سنگ میل ثابت ہوگا۔

    انھوں نے بتایا کہ این ایچ اے نے گزشتہ برس جون میں جیوگرافک انفارمیشن سسٹم سروے اور جیو ڈیٹا کا کام شروع کیا تھا، اس سلسلے میں راولپنڈی سے کھاریاں منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کا کام مکمل ہو چکا، باقی سڑکوں اور فیز 3 کا کام 2020 میں ہی مکمل کیا جائے گا۔

    وزیر مواصلات کے مطابق منصوبے کا 1819 کلومیٹر فیز 1 کراچی، ملتان، لاہور اور پشاور پر مشتمل ہے، کمرشل پوائنٹس کا اندراج مکمل کرتے ہوئے 12500 نوٹس جاری کیے گئے، این ایچ اے کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ جے آئی ایس سروے کا آغاز کیا گیا ہے۔

    مراد سعید نے بتایا کہ این ایچ اے نے ہکلہ، ڈی آئی خان پراجیکٹ میں ای بلنگ کا بھی آغاز کیا تھا، ادارے نے خود احتسابی سے 11 ارب سے زیادہ کی ریکوری کی تھی، اب تک این ایچ نے ریونیو میں 73 فی صد اضافہ کیا اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کی تکمیل کی۔

  • وفاقی وزیر مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    وفاقی وزیر مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موصلات مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے موصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہا ہے، نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ہمارے ملک کے نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم کے وژن کو لے کر اپنے اداروں میں نوکریاں پیدا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جب ملک سنبھالا تو تمام ادارے خسارے میں تھے۔ پوسٹ آفس کا ایک پروجیکٹ مارچ کے پہلے ہفتے سے شروع کر رہے ہیں، ملک میں 1 لاکھ 25 ہزار مزید پوسٹ آفسز کھل جائیں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ای کامرس کی ضرورت ہے، این ایچ اے میں 16 ماہ کے اندر 27 بلین روپے کا اضافہ ہوا۔ این ایچ اے میں 10 ارب 90 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔ محکمہ این ایچ اے خود اپنا پیسہ سڑکوں پر لگائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے پر کام رواں سال شروع ہوگا، ہم نے اپنی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

  • وزیر اعظم کی حکمت عملی کا نتیجہ، صرف ایک ادارے کی آمدن میں 25 ارب سے زائد کا اضافہ

    وزیر اعظم کی حکمت عملی کا نتیجہ، صرف ایک ادارے کی آمدن میں 25 ارب سے زائد کا اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اداروں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، این ایچ اے کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی کا نتیجہ سامنے آ گیا، وزراتِ مواصلات نے کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    وزارتِ مواصلات کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے کے ریونیو میں پچھلی حکومت کی نسبت 66 فی صد اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت میں کل ریونیو 63 ارب 61 کروڑ ہو گیا۔

    وزارتِ مواصلات کی جانب سے جاری تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ احتساب کے عمل سے 11 ارب 90 لاکھ روپے بھی وصول ہو گئے ہیں، سی پیک کی اہم شاہراہوں پر کام اور مکمل مغربی روٹ کا بھی آغاز ہو چکا، اب ادارے کو خود کفیل بنانے کا بزنس پلان شروع کر دیا گیا ہے۔

    این ایچ اے کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف

    جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی سادگی مہم سے اخراجات میں 29 کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے، زیر قبضہ ڈھائی ارب کی غیر قانونی زمین بھی واگزار کرائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل آڈیٹر جنرل آف پاکستان کےخصوصی آڈٹ میں سابق دور حکومت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں میں اربوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا تھا، صرف لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3 ارب 55 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔

  • این ایچ اے کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف

    این ایچ اے کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف

    اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے، صرف لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3 ارب 55 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کےخصوصی آڈٹ میں سابق دور حکومت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں میں اربوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ میں لواری ٹنل اور گوادر رتو ڈیرو منصوبوں میں کرپشن کے ثبوت مل گئے۔

    آڈٹ رپورٹ میں نشاندہی کیے جانے کیسز وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر انکوائری کمیشن کو بھیج دیے گئے، رپورٹ کے مطابق لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3 ارب 55 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا۔ گوادر رتو ڈیرو منصوبے میں 42 کروڑ 59 لاکھ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

    رپورٹ کے مطابق منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر اور ٹھیکیداروں کو زائد ادائیگیاں کی گئیں، تاخیری حربوں کے باعث حکومتی خرانے کو 45 کروڑ 95 لاکھ کا نقصان ہوا۔ پی سی ون میں ہیر پھیر سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اوپن ٹینڈرنگ کے بجائے من پسند افراد کو غیر قانونی ٹھیکے دیے گئے، منصوبے میں ایندھن کے نرخ بڑھا کر کروڑوں کی رقم وصول کی گئی۔ ایندھن کی مد میں زائد ادائیگیوں کا حجم ایک ارب 15 کروڑ روپے رہا۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق منصوبے کے لیے 19 کروڑ 15 لاکھ کی بلا جواز ادائیگیاں کی گئیں، انکوائری کمیشن کرپشن میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر سکے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر وزیر مراد سعید نے مواصلات کے ادارے میں بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا تھا اور احتساب کے عمل سے 400 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی تھی۔

    انہوں نے بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے نیب اور ایف آئی اے سے بھی مدد مانگی تھی۔

  • خیرپور: دونوں ٹریفک حادثات کا مقدمہ این ایچ اے کیخلاف درج

    خیرپور: دونوں ٹریفک حادثات کا مقدمہ این ایچ اے کیخلاف درج

    خیر پور: خیرپور میں ہونے والے دو ٹریفک حادثات کامقدمہ این ایچ اے کیخلاف درج کرلیاگیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نےٹوٹ پھوٹ کا شکار بائی پاس کی مرمت کی ہدایت کردی ہے۔

    ایک ماہ میں چار ٹریفک حادثات میں ساٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد وزیراعلیٰ سندھ متحرک ہوگئےہے۔ سید قائم علی شاہ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کوٹوٹ پھوٹ کے شکارٹیڑھی بائی پاس کی مرمت کے احکامات جاری کردیئے ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کوہدایت کی ہے کہ وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے رابطہ کرکے ہائی وے کی فوری مرمت کرائیں۔

    دوسری جانب پولیس کے مطابق ٹیڑھی بائی پاس پرہونے والے دو ٹریفک حادثات کامقدمہ این ایچ اے کیخلاف درج کرلیاگیاہے، لاپروائی اور غفلت کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں روڈ کنٹریکٹر اور ڈرائیورکوبھی ملزم نامزد کیاگیاہے۔