Tag: NIAZ STADIUM

  • معطلی کے باوجود شرجیل خان کی نیازاسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس

    معطلی کے باوجود شرجیل خان کی نیازاسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس

    حیدر آباد : اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان نے حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں پریکٹس کی قانونی طور پر معطل کھلاڑی پی سی بی کی کسی بھی قسم کی سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، بیٹنگ کے دوران شرجیل نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل ہونے والے حیدرآباد کے کرکٹر شرجیل خان نے کرکٹ کے میدان میں دبنگ انٹری دے دی، کئی دنوں سے غائب شرجیل خان حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم پہنچے اور وہاں نیٹ پر پریکٹس کرتے رہے۔

    بائیں ہاتھ کے ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین شرجیل نیٹ پریکٹس میں بولرز کو زور دار شاٹس لگاتے رہے، ان کی بیٹنگ سے لگ رہا تھا کہ وہ اپنا غصہ نکال رہے ہوں۔ پریکٹس کے دوران اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے شرجیل خان سے بات کرنے کی بھی کوشش کی، لیکن شرجیل نے صاف انکار کردیا۔

    یاد رہے کہ پی سی بی قواعد وضوابط کے مطابق کوئی بھی معطل کرکٹر پی سی بی کی کوئی بھی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، لیکن شرجیل نے نیٹ پر پریکٹس کی اور وہ بھی قومی ٹیم کا ہیلمٹ پہن کر۔

    واضح رہے کہ پی سی بی اس غیرقانونی اقدام پر شرجیل خان اور حیدرآباد ریجن کے خلاف کاروائی کر سکتا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی آمد، کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا

    وزیراعلیٰ سندھ کی آمد، کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا

    حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حیدرآباد آمد کے موقع پرمقامی اسٹیڈیم میں جاری کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی حیدرآباد آمد کے موقع پرنیازاسٹیڈیم کو دو گھنٹہ قبل ہی ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ آج کوئٹہ اورحیدرآباد ریجن کے درمیان انڈرنائنٹین میچ جاری تھا کہ سیکیورٹی اہلکارگراوٗنڈ میں داخل ہوئے اورانتظامیہ کو فوری طورپرمیچ روکنے کے لئے کہا۔

    انتظامیہ کی ہدایت پرمیچ امپائرعلی موسیٰ نے اسٹمپس اکھاڑ لیں اور کھلاڑیوں نے میدان خالی کردیا۔

    میچ روکے جانے کے دو گھنٹے بعد تک وزیراعلیٰ سندھ تشریف نہیں لائے۔

    دو گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد جب قائم علی شاہ کی آمد ہوئی تو اسکے بعد بھی میچ شروع نہیں کیا جاسکا کیونکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد گراوٗنڈ میں موجود رہی۔