Tag: NICH

  • کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی :کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال این آئی سی ایچ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، امدادی ٹیموں نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بچوں کے اسپتال این آئی سی ایچ میں آگ لگ گئی، عمارت کی چوتھی منزل پر لگی ہے، آگ کا دھواں پانچویں منزل تک پہنچ گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زیرعلاج بچوں کو مذکورہ وارڈز سے نکال کر دیگر وارڈوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، آگ لگنے سے کچھ سامان جلا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے کی کوششوں کے بعد این آئی سی ایچ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

  • جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری، ماہر سرجنز نے بہنوں کو علیحدہ کر لیا

    جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری، ماہر سرجنز نے بہنوں کو علیحدہ کر لیا

    کراچی: شہر قائد میں ماہر سرجنز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جسم جڑی دو بہنوں کی مہارت سے سرجری کی، اور انھیں کامیابی سے علیحدہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں ماہر سرجنز نے جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری کی ہے، بہنوں کا تعلق نوشہروفیروز سے ہے۔

    این آئی سی ایچ اسپتال میں کی گئی سرجری میں 4 بڑے اسپتالوں کے ماہر سرجنوں نے حصہ لیا، آپریشن میں آغا خان، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی ایچ این کے سرجن شریک ہوئے۔

    یہ سرجری 4 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں 10 افراد پر مشتمل اسٹاف نے حصہ لیا۔

    این آئی سی ایچ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ناصر سڈل نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ دونوں بہنوں کی سرجری کامیاب ہو گئی، ان کا کہنا تھا کہ سرجری مفت کی گئی اور تمام اخراجات اسپتال انتظامیہ نے برداشت کیے۔

  • بچوں کے سب سے بڑے اسپتال کی لفٹ اچانک خراب، مریض بچے پھنس گئے

    بچوں کے سب سے بڑے اسپتال کی لفٹ اچانک خراب، مریض بچے پھنس گئے

    کراچی: شہر قائد میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال این آئی سی ایچ کی لفٹ اچانک خراب ہونے سے اس کے اندر مریض بچے پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں بچوں کے امراض کے لیے قائم سب سے بڑے اسپتال نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی لفٹ اچانک خراب ہو گئی، اور مریض بچے اور تیماردار اندر پھنس گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این آئی سی ایچ اسپتال کی لفٹ کا در وازہ آدھے گھنٹے سے زیادہ وقت تک بند رہا، اور اسے کھولا نہیں جا سکا، جس پر اس کے اندر پھنسے بچے اور والدین شدید طور پر خوف زدہ ہو گئے تھے۔

    وہاں موجود اسپتال کا عملہ بھی لفٹ کے دروازے نہ کھلنے پر خوف کا شکار ہو گیا تھا، واضح رہے کہ اسیتال انتظامیہ کو ہر سال لاکھوں روپے مرمت کی مد میں جاری کیے جاتے ہیں تاہم لفٹ کی حالت ناگفتہ بہ دکھائی دی۔

    این آئی سی ایچ انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ اطلاع ملتے ہی آدھے گھنٹے بعد لفٹ کی فنی خرابی دور کر دی گئی۔

  • کراچی کے تین بڑے اسپتال 25 سال کیلئے سندھ حکومت کے سپرد

    کراچی کے تین بڑے اسپتال 25 سال کیلئے سندھ حکومت کے سپرد

    کراچی: شہر قائد کے 3 بڑے اسپتالوں کا مسئلہ حل ہوگیا، وفاقی حکومت نے اسپتالوں کو سندھ حکومت کے سپرد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ کی کوششوں سے جناح اسپتال، قومی ادارہ امراض قلب (NICVD)، اور قومی ادارہ امراض اطفال کراچی (NICH) کا کنٹرول سندھ حکومت کے سپرد کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ حکومت کے زیر انتظام چلیں گے، پی ٹی آئی دور کا تشکیل بورڈ بھی ختم کردیا گیا اسپتال عملہ اور فنانشل معاملات اب سندھ حکومت دیکھے گی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں کراچی کے تینوں اسپتال وفاق نے اپنے کنٹرول میں لیے تھے، لیز معاہدے کے تحت کراچی کے تینوں اسپتالوں کی زمین وفاقی حکومت کے نام رہے گی، سندھ حکومت جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، اور این آئی سی ایچ میں تقرری اور بھرتیاں کر سکے گی۔

  • کراچی : جناح اسپتال کی چوتھی منزل سے ایک شخص نیچے جاگرا

    کراچی : جناح اسپتال کی چوتھی منزل سے ایک شخص نیچے جاگرا

    کراچی : جناح اسپتال کے بچہ وارڈ (این آئی سی ایچ) کی چوتھی منزل سے ایک شخص گراؤنڈ فلور پرگرگیا، جسے فوری طور  پر  جناح ایمرجنسی وارڈ روانہ کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹراین آئی سی ایچ پروفیسر ناصر سڈل نے بتایا ہے کہ رفاقت نامی شخص چوتھی منزل سے گراؤنڈ فلورجاتے ہوئے گرا۔

    انہوں نے بتایا کہ متاثرہ زخمی شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پروفیسر ناصر سڈل کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص خود گرل پر جھول رہا تھا جس سے نیچے گرا تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کررہےہیں۔

    ڈائریکٹراین آئی سی ایچ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں متاثرہ شخص کو دیکھا جاسکتا ہے، گر کر زخمی ہونے والے شخص کی مختلف ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔

  • کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے: وزیر اعلیٰ

    کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے اطفال صحت (این آئی سی ایچ) میں بچوں کے کینسر سینٹر کے دورے کے دوران کہا کہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے اطفال صحت (این آئی سی ایچ) میں بچوں کے کینسر سینٹر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سینٹر میں زیر علاج بچوں سے ملاقات کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کینسر کا سینٹر چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن چلا رہا ہے، سینٹر 1999 سے کام کر رہا ہے۔ این آئی سی ایچ کے کینسر سینٹر میں 7 ہزار کینسر کے بچے رجسٹرڈ ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ یہ 3 سال کا علاج ہے، اس میں نہ صرف پورے ملک بلکہ افغانستان کے بھی بچے رجسٹرڈ ہیں۔ علاج مکمل طور پر مفت کیا جاتا ہے اور ایک بچے کے علاج پر 4 سے 5 لاکھ کی لاگت آتی ہے۔

    بریفنگ کے مطابق تمام اخراجات پیشینٹ ایڈ فاؤنڈیشن برداشت کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بچوں میں کینسر کے علاج کے لیے ہر قسم کی سہولت مہیا کریں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتالوں سے متعلق کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کر چکے، اسپتالوں میں سہولیات کو مزید بہتر کریں گے۔ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی ایچ میں قائم وارڈ کا جائزہ لینے آیا تھا، دواؤں کی قیمتیں بڑھنے سے مسائل بڑھے ہیں لہٰذا بجٹ بھی بڑھائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا تھا کہ کچھ اسپتال ہمارے پاس ہی رہنے دیں، ہم عدالت میں بھی نظر ثانی پٹیشن فائل کر چکے ہیں۔ امید ہے فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔

  • کراچی : سرد ہوائیں چلنے کے باعث بچوں میں سانس کی بیماریوں میں اضافہ

    کراچی : سرد ہوائیں چلنے کے باعث بچوں میں سانس کی بیماریوں میں اضافہ

    کراچی : سرد ہوائیں چلنے کے باعث بچوں میں سانس کی بیماریاں بڑھ گئیں قومی ادارہ صحت اطفال میں روزانہ 3ہزار بچے لائےجارہے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ والدین نومولود اور کم عمربچوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے اثرات بچوں کی صحت پر بھی پڑرہے ہیں، قومی ادارہ برائے صحت برائے اطفال میں تین ہزار سے زائد بچوں کو یومیہ معائنے کے لیے لایا جارہا ہے۔

    سردی کی شدت میں اضافے کے دوران اگرنومولود اور کم عمر بچوں کیلئے والدین کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا جائے تو بچوں کے موسمی اثرات سے متاثر ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان کی رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت اطفال کم عمر بچوں میں سانس تیزی سے چلنے کے ڈیڑھ ہزار سے زائد واقعات چوبیس گھنٹوں کے دوران سامنے آتے ہیں۔

    اس حوالے سے ماہرین اطفال کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا والدین کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے تاہم بیشتر والدین ان امور کو نظرانداز کردیتے ہیں۔

    حالیہ موسم میں این آئی سی ایچ کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں آنے والے کم عمر بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

  • اٹلی کی قونصل جنرل کا قومی ادارہ برائےامراضِ اطفال کا دورہ

    اٹلی کی قونصل جنرل کا قومی ادارہ برائےامراضِ اطفال کا دورہ

    کراچی: اٹلی کی قونصل جنرل اینا روفینو نے اپنے ملک کے ماہرین اطفال کے ہمراہ قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال کراچی کا دورہ کیا ، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی روابط بڑھانا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق اٹلی کے طبی ماہرین کی ٹیم جب قونصل جنرل اینا روفینو کی قیادت میں قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال پہنچی تو ادارے کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اسپتال کا دورہ کروایا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا تھا کہ خیرسگالی کے اس دورے کا بنیادی مقصد اٹلی کے ماہرین صحت برائے اطفال کو پاکستان میں بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے دنیا کے بہترین ہیلتھ سینٹرز کا مسلسل رابطے میں رہنا ضروری ہے، اس سے کسی ہنگامی نوعیت کے کیس کو فوراً حل کرنے میں مدد ملتی ہے اور مریضوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔

    اس موقع پر اٹلی کی قونصل جنرل اینا روفینو کا کہنا تھا کہ یہاں آکر بے حد خوشی ہوئی، این آئی سی ایچ کے ڈاکٹرز اور عملہ انتہائی دل جوئی اور جانفشانی سے مریضوں کی خدمت کررہا ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی این آئی سی ایچ اور اٹلی کے اسپتال کے درمیان معاہدہ یقینی بنائیں گے جس کے تحت یہاں کے ڈاکٹرز اور عملے کو اٹلی بھیجا جائے گا، اور اٹلی کے ڈاکٹر اور طبی عملہ یہاں آکر تربیت حاصل کریں گے ۔ اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مہارتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

  • جناح اسپتال کا نظام این جی اوز کے حوالے،ملازمین مشتعل

    جناح اسپتال کا نظام این جی اوز کے حوالے،ملازمین مشتعل

    کراچی: این آئی سی ایچ جناح اسپتال کے ملازمین نے اسپتال کا نظام این جی اوز کے حوالے کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے او پی ڈی،آپریشن تھیٹرسمیت دیگرشعبہ جات بندکردیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں این آئی سی ایچ (جناح اسپتال ) کو این جی اوز کےحوالےکرنےکےخلاف ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ملازمین نےاو پی ڈی،آپریشن تھیٹر سمیت دیگرشعبہ جات بندکردیے۔جس کی وجہ سےمریضوں کو مشکلات کاسامناکرنا پڑا۔

    اسپیشل سیکرٹری صحت خالد شیخ کی جانب سےملازمین سے مذاکرات کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔خالدشیخ کاکہناتھاکہ جو اسپتال غیرفعال ہیں ان کو این جی اوزکودینےپرغورکررہے ہیں۔

    پیرکو مذاکرات کاایک اوردور شروع ہوگا، امید ہےمذاکرات کامیاب ہونگے۔ جس کے بعد این آئی سی ایچ کےملازمین نے بھی احتجاج دوروزکیلئے ملتوی کردیا۔ملازمین کاکہناتھاکہ پیرکو مذاکرات میں ناکامی پرگورنر ہاؤس اوروزیراعلیٰ ہاوس کےسامنےاحتجاج کریں گے۔

  • جناح اسپتال: چارنومولود بچوں کی ہلاکت معمہ بن گئی

    جناح اسپتال: چارنومولود بچوں کی ہلاکت معمہ بن گئی

    کراچی: قومی ادارہ برائےاطفلال میں انتطامیہ کی مبینہ غفلت کےباعث چار نومولود بچوں کی ہلاکت کا واقعہ معمہ بن گیا۔۔وزیر اور سیکریٹری صحت سمیت اسپتال انتظامیہ نےبچوں کی ہلاکت کی تردیدکی ہے۔

    بچوں کی صحت کےقومی ادارے این آئی سی ایچ میں بجلی بند ہونےکے باعث انکوبیٹرمیں موجود چار بچوں کی مبینہ ہلاکت کا واقعہ معمہ بن گیا ہے۔بجلی کی بندش سےآکسیجن نہ ملنےکےباعث دم گھٹنےسے انکوبیٹر میں بچوں کے انتقال کی خبر نشر ہوتےہی این آئی سی ایچ انتظامیہ جاگ گئی اور سب سے پہلےمیڈیا کا اسپتال میں داخلہ بندکیاگیا۔

    ذرائع کےمطابق بجلی بند ہونےکےبعد اسٹینڈ بائی جنریٹرز موجود ہونےکے باوجود اسےبروقت نہیں چلایاگیا۔جس سے انکوبیٹر میں آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوئی۔

    تیمار دار این آئی سی ایچ کے اندورونی ذرائع انکوبیٹر میں آکسیجن کی فراہمی متاثر ہونے سےدو بچوں کی ہلاکت بتارہےہیں تاہم چار بچوں کے انتقال کرجانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

    وزیر صحت کا کہنا ہےکہ بجلی بند ہوئی تھی لیکن بریک ڈاؤن سےکوئی بچہ نہیں مرا۔ ادھر این آئی سی ایچ کی انتظامیہ اور سیکریٹری صحت ایسے کسی واقعے کو تسلیم ہی نہیں کررہے۔

    سیکریٹری صحت اقبال درانی کا اس بارے میں کہنا تھا کہ صرف ایک بچے کا انتقال ہوا ہے وہ بھی طبعی موت مرا ہے۔این آئی سی ایچ میں پیش آنے والا یہ افسوسناک ہے ۔واقعہ کی شفاف تحقیقات اور ذمےداروں کا تعین بہرحال وزارت صحت کی ذمے داری بنتی ہے۔