Tag: NICOP

  • نائیکوپ (NICOP) بنوانے کا آسان طریقہ- اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اہم خبر

    نائیکوپ (NICOP) بنوانے کا آسان طریقہ- اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اہم خبر

    اگر آپ پاکستانی ہیں اور بغرض تعلیم روزگار یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو روانگی سے قبل اپنا نائیکوپ ضرور بنوا لیں۔

    نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تعلیم روزگار یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان سے روانگی سے قبل اوور سیز پاکستانیوں کا قومی شناختی کارڈ (نائیکوپ) بنوانا ہرگز نہ بھولیں۔

    وہ پاکستانی جو اسمارٹ شناختی کارڈ یا بغیر چپ والے شناختی کارڈ رکھتے ہیں وہ انہیں نائیکوپ میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔

    نائیکوپ بنوانے کا آسان طریقہ:

    نائیکوپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر بنوایا جا سکتا ہے تاہم اس کے لیے کچھ دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔

    درخواست دہندہ کے پاس اسمارٹ شناختی کارڈ یا بغیر چپ والا شناختی کارڈ، پاکستانی یا غیر ملکی پاسپورٹ یا رہائشی اجازت نامہ یا کام کا اجازت نامہ (ورک پرمٹ)، سفری دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔

    مذکورہ دستاویزات کے ساتھ آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر تشریف لے جائیں جہاں آپ کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں ڈیٹا انٹری میں اپنے کوائف درج کرائیں، انگلیوں کے نشانات دیں اور تصویر بنوائیں۔

    چوتھے مرحلے میں فارم کی تصدیق کوئی خونی رشتہ دار یا گزیٹڈ افسر اور عوامی نمائندہ کر سکتا ہے۔ پانچویں مرحلے میں نادرا آفس انچارج آپ کی درخواست کی منظوری دے گا۔

    اگر آپ کی درخواست منظور ہو گئی تو آپ کے دیے ہوئے موبائل نمبر پر منظوری کا میسج آئے گا جس کے بعد آپ مطلوبہ کٹیگری کے مطابق کسی بھی نادرا دفتر میں یا آن لائن فیس جمع کرا سکتے ہیں۔

    نائیکوپ کتنی مدت میں بنے گا؟

    نادرا نے اس کے لیے تین کٹیگری مقرر کی ہیں اور ہر کٹیگری کی فیس الگ الگ ہے۔

    ایگزیکٹو کٹیگری میں نائیکوپ 7 دن میں، ارجنٹ کٹیگری میں 15 دن جب کہ نارمل کٹیگری میں 30 دن کے اندر بنوایا جا سکتا ہے۔

    اپنی کٹیگری کے مطابق مدت پوری ہونے پر کسی بھی نادرا دفتر سے اپنا اوور سیز پاکستانی کا شناختی کارڈ (نائیکوپ) حاصل کر سکتے ہیں۔

    نائیکوپ کی فیس ہر ملک کے لیے شرح تبادلہ کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہے جس کی تفصیل نادرا ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔

    نائیکوپ سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے نادرا کی جانب سے جاری کردہ یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • کیا آپ کے نائیکوپ کارڈ کی معیاد ختم ہوچکی ہے؟

    کیا آپ کے نائیکوپ کارڈ کی معیاد ختم ہوچکی ہے؟

     وزارتِ داخلہ اورایف آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ دوہری شہریت کے حامل اوورسیز پاکستانی اپنے نائیکوپ ( بیرون ملک مقیم شہریوں کو جاری کیا جانے والا کارڈ)کارڈکے بغیر بھی پاکستان میں بغیر ویزے کے انٹری حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کےمطابق وزارتِ داخلہ اور ایف آئی اے امیگریشن ونگ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی پاسپورٹ پر وطن عزیز آنے والے پاکستانی ‘ ملک میں بغیر ویزے کے انٹری حاصل کرسکیں گے‘ اور اپنا نائیکوپ یہی سے حاصل کرسکیں گے۔

    انٹری کے لیے جو شرائط وضع کی گئی ہیں ان کے تحت مسافر کے پاس بیرونِ ملک سے نائیکوپ کارڈ کی تجدید کے لیے دی گئی درخواست کی رسید ہونا بھی کافی ہے۔NICOP

    ایک اور صورت یہ ہے کہ مسافر ایئر پورٹ پر ایف آئی حکام سے رابطہ کرے اور اپنی پاکستانی شہریت ثابت کرکے لینڈنگ پرمٹ حاصل کرے۔ یہ پرمٹ آئندہ 72 گھنٹے کے لیے کارآمد ہوگا۔ اس اثنا ء میں مسافر کو نادرا سنٹر جاکر اپنے نائیکوپ کی تجدید کرانا ہوگی‘ اس سلسلے میں مسافر ایئرپورٹ پر موجود نادرا سنٹر سے بھی رابطہ کرسکتا ہےاور اپنے قریبی مرکز بھی جاسکتا ہے۔

    پاکستانی شہریت ثابت کرنے کے لیے زائد المعیاد نائیکوپ کارڈ‘ شناختی کارڈ ‘ والدین کے شناختی کارڈ ‘ پاکستانی شریکِ حیات کا شناختی کارڈ اور میرج سرٹیفکٹ یا اسی نوعیت کی کوئی دوسری دستاویز پیش کرنا ہوگی جو کہ مسافر کا پاکستان کا شہری ثابت کرتی ہوں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اور انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہا جائے گا اور بھرپور کوشش کی جائے گی کہ ملک میں داخلے اور اخراج کے وقت انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں